شہر کے بیچ بیابان کبھی دیکھا ہے؟
بھیڑ میں راستہ سنسان کبھی دیکھا ہے؟
زرد صحرا کے تو اشعار سُنے ہیں تم نے
واہ وا کرنا ہے آسان، کبھی دیکھا ہے؟
دیکھ ! تصویر میں ہے کون مری بانہوں میں
تیرا ہم شکل ہے،پہچان، کبھی دیکھا ہے؟
جان کہہ کہہ کے مری جان تو لے لی تم نے
جان کا حال مری جان ! کبھی دیکھا ہے؟
ذکر بے کار فرشتوں کا کئے جاتے ہو
یہ بتاؤ یہاں انسان کبھی دیکھا ہے؟
پوچھتے کیا ہو حجابات کے پیچھے کیا ہے
عکس آئینے میں انجان کبھی دیکھا ہے؟