طرح عربی زبان کا لفظ ہے، جس کا مطلب ہے: کسی کے سامنے کوئی چیز پیش کرنا۔
مشاعرے میں زمین (بحر+قافیہ+ردیف) مقرر کرنے کے لئے کسی مشہور مصرع کو سب کے سامنے پیش کیا جاتا ہے تاکہ سب اس کی زمین کے مطابق اشعار کہیں، ایسے مصرع کو مصرعِ طرح "یا" طرحی مصرع کہتے ہیں اور ایسے مشاعرے کو طرحی مشاعرہ کہتے ہیں۔ طرحی مشاعرے میں ضروری نہیں ہے کہ مصرع طرح کو بھی شعر میں شامل کیا جائے، لیکن اگر کوئی ایسا کر لیتا ہے تو اُسے گرہ لگانا کہتے ہیں، پھر اگر شاعر مصرع طرح کو اپنی غزل میں مستقل طور پر شامل کر لے تو یہ غزل تضمین کہلاتی ہے، تضمین کا مطلب ہے شامل کرنا، یعنی اس نے مشہور مصرع کو اپنی کاوش میں شامل کر لیا۔ میں چوں کہ اپنے لئے اسے پسند نہیں کرتا سو اپنے دوستوں کو مشورہ بھی یہی دیتا ہوں کہ مصرع طرح کو اپنی غزل میں شامل نہ کیا کریں، تاہم اگر کوئی کر لے تو یہ کوئی عیب کی بات نہیں، اتنا ضروری ہے کہ مصرع طرح کو واوین میں لکھا جائے۔