میرا محبوب ایک درپن ہے
اس پہ میرا وجود ارپن ہے
کاش آجائے فن یہ جینے کا
"مر کے جینا بہت بڑا فن ہے"
کیسا جادو ہے اس کی باتوں میں
میری رکتی ہوئی سی دھڑکن ہے
ایک سائل صدا لگاتا ہے
ہاتھ میں کاسہ ہے نہ برتن ہے
ایک رشتہ ہے پیار کا ہم میں
دل کو باندھے ہوئے یہ بندھن ہے
مری دنیا کا ہے نظام الٹا
دل جہنم ہے جسم اندھن ہے
کیسی الجھن میں پڑ گئے ہیں پھر
پھر سلجھتی ہوئی جو الجھن ہے
نامرادی کا سلسلہ کب تک
بین کرتی یہ کب سے جوگن ہے
جسم کا یہ لباسِ جلد ردا
روح کا میری ایک اترن ہے