بحث و نظر
مکالمہ بحوالہ کتاب
’’سامی عربی تاریخ سیچند حقائق‘‘
اور اس کتاب کا جائزہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ادب،تاریخ ،جدیدعلوم اور الہٰیات کے تناظرمیں
۲مارچ ۲۰۱۶ء سے ۱۴مارچ ۲۰۱۶ء تک ہونے والا
مکالمہ
عمر فاروق(کینیڈا)۔۔۔حیدرقریشی(جرمنی)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عمر فاروق بنام حیدرقریشی
Mar 2 at 11:49 AM
Hello,
I want to send a book on "Historical Facts About Semitic Arab Nations" for review.
It's Urdu rendering of Dr. Ismail Ahmad Adham’s Arabic articles which were written with critical approach, keeping in view the historical research methodology, and are not just description of different historical narratives of transmitters.
The brief introduction of author is given below:
"Dr. Ismail Ahmad Adham (1911–1940) was an Egyptian scholar of Turkish origin who was essentially a mathematician and physicist for having doctorate in both the subjects. In addition, he was fully adept in literary criticism, history and theology, having direct access to the basic sources in as many as eight languages of the East and the West, had they been published or yet in form of manuscripts; the reason that raised him prominent among his contemporaries. But soon after his sad demise in 1940, he and his work suddenly became unknown to his own fellow countrymen. Some thirty years later Dr. Ahmad Ibrahim al-Hawari, an Egyptian researcher, undertook the task of collecting Dr. Adham's articles scattered in different journals (other than his published and unpublished treatises in Arabic as well as in other languages) and Cairo's famous publishing house Dar-ul-M'arif published them in three volumes. The articles translated here in this book are taken from the third volume titled: Qadaaya Wa Munaaqshaat published in 1986."
If Dr. Gopi Chand’s book on Structuralism was reviewed critically and the reality about author and narratives was discusssed scholarly by one of “Jadeed Adad” contributors, Dr. Ismail critically discussed Arab Semitic History just like that as you will see in his critique on “The Life of Muhammad” by Muhammad Hussain Haikel.
Hope to find someone adept in historical methodology to review Dr. Adham’s articles and the way they conveyed in their rendition to Urdu historians/ readers.
Please give positive response to send you the book and whether in its PDF file only or by ordinary mail as well. It’s printed in Toronto by Shawn Graphics.
Thank you,
Umar Farooq
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حیدرقریشی بنام عمرفاروق
Mar 2 at 4:23 PM
آپ کتاب بھیج دیں،پڑھنے کے بعد ہی کچھ کہہ سکوں گا۔کتاب پی ڈی ایف کے ساتھ ان پیج فائل میں بھی مل جائے تولکھنے میں آسانی ہوجائے گی۔
باقی دیکھتے ہیں۔
حیدرقریشی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عمر فاروق بنام حیدرقریشی
Mar 2 at 7:13 PM
Hello Haider Qureshi Sb.
Unfortunately, I've only PDF file of the book available right now. Inpage file is not accessible for me at the moment. I'll send it to you soon as well. Please find in attachment the PDF file of the book "Saami Arabi Taareekh Sey Chand Haqaaiq".
Please acknowledge the receipt of this email with attachment.
Umar Farooq
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حیدرقریشی بنام عمرفاروق
Mar 2 at 8:50 PM
پی ڈی ایف فائل مل گئی ہے،شکریہ
کل اسے پڑھنا شروع کروں گا،انشاء اللہ۔
ان پیج فائل میں یہ سہولت ہوتی ہے کہ پڑھتے ہوئے مطلوبہ حصوں کو ساتھ ساتھ رنگین کرتے جاتے ہیں۔
آپ کس ملک؍شہر میں ہیں؟
ہو سکتا ہے مطالعہ کے دوران آپ سے بات کرنا پڑے۔
حیدرقریشی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عمر فاروق بنام حیدرقریشی
Mar 2 at 10:49 PM
مکرمی حیدر قریشی صاحب،
عرض ہے کہ میں کینیڈا کے شہر اوک ول، جو گریٹر ٹورنٹو کا حصہ شمار ہوتا ہے، میں مقیم ہوں۔ میرا فون نمبر ہے:289-834-3295اس کے شروع میں کنٹری کوڈ ایک شامل ہو جائے گا۔
کتاب کا ان پیج مسودہ دستیاب ہو گیا ہے، جو اس ای میل کے ساتھ اٹیچ ہے۔آپ کتاب دیکھ لیں۔ پھر آپ سے بات ہو گی۔
میرا ایک ترجمہ پہلے بھی شائع ہو چکا ہے۔ پورب اکادمی اسلام آباد سے۔ "جانبداری: جدید تناظر میں ایک مطالعہ"۔وہ کتاب اگر اپنے مصنف کے انفرادی ذوق کی حامل تھی، تو موجودہ ترجمہ علمی تحقیقی نقطہ نظر پر مبنی ہے۔ایک اور مصری مصنف کی کتاب کے ترجمے کا منصوبہ بھی ہے بعنوان: "ہمارا فکری ورثہ: عقلی اور غیر عقلی رویے"۔
اسی طرح فی الحال منصوبہ ہے کہ شام کے مشہور دانشور شاعر اڈونیس کے پی ایچ ڈی کے تھیسس کی کتابی شکل کا ترجمہ بھی کیا جائے بعنوان: "ثبات اور تغیر: عربوں کے ہاں تقلیدی اور تخلیقی رویے"۔
میں بنیادی طور پر عربی زبان کا ٹیچر رہا ہوں، انٹڑنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں۔ وہاں چودہ سال ٹیچنگ اور ریسرچ میں عزیز و غیر عزیز ہونے کے بعد بغیر کسی ملامت کے کوئے جاناں کا شوق چرایا، اور امیگریشن کے بعد عرصہ ایک سال سے کینیڈا میں پرماننٹ ریزیڈنٹ کے طور پر رہ رہا ہوں۔ مذکورہ سارے منصوبے وہاں کے تھے۔ یہاں:
دن جھمیلوں میں گزر جاتا ہے
رات تکرار میں کٹ جاتی ہے
مے کدہ مل گیا تو خوب رہی
ورنہ آزار میں کٹ جاتی ہے
آخرش کوئی ہو معنی پیدا
عمر بیکار میں کٹ جاتی ہے
اک تماشا یہ حیات دنیا
سیر و دیدار میں کٹ جاتی ہے
عمر فاروق
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حیدرقریشی بنام عمرفاروق
Mar 3 at 3:27 PM
آپ کا فون نمبرریذیڈینس کا ہے یا موبائل کا؟
گھر کا ہے تو میں آج شام تک بات کر سکوں گا۔
حیدرقریشی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عمر فاروق بنام حیدرقریشی
Mar 3 at 4:38 PM
Unfortunately, I've mobile number only.
You can email me about what you need to discuss.
I've also an unpublished article titled "Urdu Balaaghat: Akhz o Istimdaad Aur Tareekh"
It's a research article. Please do read it carefully as well along with given footnotes if you have enough time, and let me know if you can publish it in Jadeed Adab.
You have a literary magazine, but I'm asking you that because it is not published since 2014. Neither in Meyar of Urdu Department at IIU Islamabad, nor in Bazyaft at University of the Punjab despite Dr Nasir Nayyer's consent to that, may be because of the first detailed footnote about university politics of articles, and I insisted it to be published it as was.
It's last part consists of a brief critique on Abid Ali Abid's devised new definition of "Ilm-ul-Bayaan".
It's PDF copy is attached herewith.
Umar Farooq
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حیدرقریشی بنام عمرفاروق
Mar 3 at 5:31 PM
ابھی اسماعیل صاحب کو پڑھ رہا ہوں۔نیا مضمون کتاب کے بعد دیکھوں گا۔
اسماعیل صاحب کی کتاب کا ٹائٹل جے پی جی فائل میں مل جائے تواس کتاب کو کسی ویب سائٹ پر پبلش کرا دوں گا۔
آپ کا نیا مضمون بھی انٹرنیٹ پر شائع کرایا جا سکتاہے۔آپ خود اپنا بلاگ کیوں نہیں بنا لیتے؟
ہاں۔۔میں نے واٹس ایپ پر آپ کو ایڈکرنے کی کوشش کی ہے۔شاید آپ اس سسٹم کو استعمال نہیں کر رہے۔
حیدرقریشی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حیدرقریشی بنام عمرفاروق
Mar 3 at 10:16 PM
محترمی عمر فاروق صاحب
سلام مسنون
اسماعیل احمد ادھم صاحب کے چاروں مضامین پڑھ لیے ہیں۔ایک بار پھر انہیں پڑھنا چاہتا ہوں۔اس کے بعد تبصرہ لکھنے کی کوشش کروں گا۔
آپ کاعلم البلاغت والا مضمون سرسری دیکھا ہے۔اگر اسے انٹرنیٹ پر دینا ہے تو پھر ایک زحمت کریں،جملہ حواشی کو ہر صفحہ کے آخر میں دینے کی بجائے،مضمون کے آخر میں کر دیں۔ویسے بھی مجھے یہ مضمون نہیں بلکہ پوری کتاب لگ رہا ہے۔سو جملہ حواشی آخر میں دینا بہتر رہے گا۔
آپ نے بے حد حساس دیاروں کی سیاحت کی ہے۔یہ چوتھے کھونٹ کا نہیں،اس سے نکلتی ہوئی کسی اور سمت کا سفر ہے۔دیکھتا ہوں کس حد تک آپ کے ساتھ چل پاتا ہوں۔کتاب پر میرے تبصرے سے کچھ اندازہ ہو جائے گا۔آپ کی سیاحت آپ کا فکری مسئلہ ہے تو آپ سے اختلاف کرنے کے باوجود میں نہ صرف آپ کے اختلاف کے حق کو تسلیم کرتا ہوں بلکہ اس کی قدر بھی کرتا ہوں۔میرا خیال ہے کہ جب اچھے پیرائے میں لکھا جا سکتا ہے تو حساس موضوعات پر بھی مکالمہ ہونا چاہئے،ہوتا رہنا چاہئے لیکن ان لوگوں کے ساتھ جو اختلاف رائے کو برداشت کرنے کا ظرف رکھتے ہوں۔
اسماعیل صاحب کی کتاب کو انٹرنیٹ پر شائع کرا دیتا ہوں۔آپ اس کے سرورق کی جے پی جی فائل بھیج دیں۔اپنی تصویر بھی بھیج دیں تو اچھا ہے۔آپ کے مضمون کے ساتھ دی جا سکتی ہے۔میرا خیال ہے کہ آپ اپنا ایک بلاگ بنا کر اپنی کتب اور جملہ مضامین کو آن لائن مہیا کر سکتے ہیں۔اس میں زیادہ مشکل پیش نہیں آئے گی۔
میری اس میل کے آخر میں میرے چند بلاگس کے لنک دئیے ہوئے ہیں۔پہلے دو لنکس زیادہ مربوط ہیں۔ان سے آپ اپنا بلاگ بنانے کا کچھ آئیڈیا کر سکیں گے۔
میں نے واٹس ایپ پر آپ کو شامل کرنے کی کوشش کی ہے،لیکن کامیابی نہیں ملی۔میرا خیال ہے کہ واٹس ایپ یا سکائپ پر ہم آسانی سے گفتگو کر سکیں گے۔
میں عام طور پرآئی ٹیبلٹ پر ہی میلز دیکھ کر رومن اردو میں جواب لکھ دیا کرتا ہوں۔اردو رسم الخط میں لکھنے کے لیے مجھے کمپیوٹر کھولنا پڑتا ہے۔معذرت چاہتا ہوں کہ آپ کو رومن اردو میں ای میلز لکھتا رہا ہوں،اب کوشش کروں گا کہ اردو رسم الخط میں ہی جواب بھیجا کروں۔
امید ہے آپ خیریت سے ہوں گے۔
والسلام
آپ کا مخلص
حیدرقریشی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عمر فاروق بنام حیدرقریشی
Mar 4 at 1:49 AM
شکریہ قریشی صاحب، آپ نے کتاب پڑھ لی اور تبصرے کی ہامی بھری۔
میں ایک نا تمام ترجمے سے عرضِ مترجم آپ کو ارسال کر رہا ہوں۔ یہ ایک پیرا گراف دیکھیے، شاید اختلافی مسئلے کے فہم و افہام میں آسانی سے کچھ پتے کی بات کی جا سکے۔ انفرادی ذوق اپنی جگہ، علمی تحقیقی روش اپنی جگہ، لیکن ایک مسئلہ جو مجھے باقاعدہ شعوری سطح پر پندرہ سال سے اپنی گرفت میں لیے ہوئے ہے، اس کا کچھ بیان عرضِ مترجم میں کیا ہے۔ یہ ڈاکٹر محمد حمید اللہ کے ایک عربی مضمون کے شروع کردہ ترجمے پر میری مترجم کی تمہید ہے۔ مضمون کا عنوان ہے: "نظریہ ارتقا از چارلس ڈارون کے اسلامی مصادر"۔ یہ ایک صفحہ یہاں ای میل کے ساتھ اٹیچ ہے۔ اگر اس پر کچھ کہہ سکیں تو ٹھیک، ورنہ صرفِ نظر کر دیجیے۔
بلاغت پر جو مضمون آپ بطور کتاب، حواشی آخر میں رکھ کر، انٹرنیٹ پر بلاگ بنا کر رکھنے کی تجویز دے رہے ہیں، وہ اگر کسی مجلے میں ورق پر شائع ہو تو میرے خیال میں زیادہ بہتر ہے۔ مجھے بات کو سرِ عام کرنے سے زیادہ اصل چیز کو اس کی جگہ رکھنے سے دل چسپی ہے۔ صرف تحقیقی روش کے حامل لوگ تحقیقی مجلات اور انھی کے انٹرنیٹ اپ لوڈ نسخے دیکھنے سے دل چسپی لیتے ہیں۔ باقی برینڈ نام ہو تو شاید کوئی بلاگ میں دل چسپی لے۔ آپ کا نام ایک برینڈ نیم ہے۔ جب کہ عام طور پر تحقیقی مجلے پڑھنے والے تقریبا سب تحریریں دیکھتے اور جانچتے ہیں۔ اور اگر کوئی نئی بات کی گئی ہو تو اس کا ذکر اذکار کرتے ہیں۔ معلوم نہیں، بلاغت والے مضمون/ کتابچے میں پہلا حاشیہ ہٹا کر اور کیا بات کی گئی ہے جو پاکستان کے تین چار معروف تحقیقی مجلے شائع کرنے سے گریزاں رہے ہیں۔ اسی لیے میں گزارش کر رہا تھا کہ کسی اثر رسوخ سے ہٹ کر، کوئی بھی تحقیقی ہو یا جدید ادب ایسا ادبی مجلہ، اسے اسی طرح شائع کر دے تو بات اصل ٹھکانے تک پہنچ جائے گی۔ بہرحال، آپ مضمون پڑھ کر ورق پر اشاعت کے بارے کچھ کہیں تو ممنون ہوں گا۔
ایک ادبی مجلے میں میں نے ایک جلاوطن عراقی شاعر احمد مطر کی کوئی بائیس نظمیں اردو ترجمہ کر کے یک مشت بطور گوشہ یا قسط وار اشاعت کے لیے بھیجیں، صرف تین نظمیں شائع کی گئیں، باقی رد۔ حالاں کہ سب کی سب اس کی نمائندہ نظمیں ہیں۔ انھیں نیٹ پر رکھنے سے کم ہی کوئی تعارف حاصل کر سکے گا۔ یہ میرا ذاتی خیال اور تجربہ بھی ہے۔ شاعر کا تعارف ہے:
احمد مطر (پیدائش 1954ء ) عراق کا ایک جلا وطن انقلابی شاعر ہے۔ عراق کی آمرانہ حکومت کے خلاف نظمیں لکھنے پر اسے انٹیلی جنس کے اضطہادی ہتھکنڈوں کا شکار ہونا پڑا، اور کویت میں جا کر پناہ لینا پڑی۔ وہاں پہلے سے موجود اپنے ہم وطن دوست ناجی علی کے ساتھ اس نے روزنامہ القبس میں کام کیا، جس کا سرآغاز احمد مطر کی نظم ہوتی اور اختتام ناجی علی کا کارٹون۔ لیکن اپنے تیکھے لہجے اور جرا?ت مندانہ موقف کے باعث اسے ناجی علی کے ساتھ کویت سے بھی نکلنا پڑا۔ دونوں نے مختلف جگہ قیام کے بعد 1986ء میں مستقل طور پر لندن میں جلاوطنی اختیار کی۔ ناجی علی پر وہاں قاتلانہ حملہ ہوا، اور وہ ایک ماہ بے ہوش رہنے کے بعد مر گیا۔ اس کی موت کا احمد مطر پر گہرا اثر ہوا، اور اس کی نظمیں زیادہ کاٹ دار لہجہ اختیار کر گئیں۔ احمد مطر کسی خاص آئیڈیالوجی کا پابند شاعر نہیں۔ اس کا شمار مزاحمتی شعرا میں ہوتا ہے، اور اس لحاظ سے کئی جگہ اس نے راست اندازِ تخاطب سے بھی کام لیا ہے، جو اصل زبان میں خاصا لطف کا حامل ہے۔ آج کل اس کی نظمیں زیادہ تر قطر کے ایک روزنامے الرا?ۃ میں شائع ہوتی ہیں۔ یہاں احمد مطر کی بائیس نمائندہ نظموں کا منثور ترجمہ پیش کیا جا رہا ہے۔ ترجمے کے ساتھ اصل عربی متن بھی دیا گیا ہے، تاکہ آزاد نظم میں لائے گئے ضمنی قوافی اور زبان کی شعریت محسوس کرنے کے علاوہ ترجمے میں اپنایا گیا ذرا سا آزاد اسلوب بھی دل چسپی رکھنے والے قاری کے سامنے رہے۔ واضح رہے کہ تین مترجمہ نظمیں سہ ماہی اجرا کے شمارہ نمبر 17، جنوری تا مارچ 2014ء ، میں شائع ہو چکی ہیں۔ مگر یہاں چونکہ عالمی ادب کے ضمن میں احمد مطر کی نظمیں بطور ایک گوشہ شائع ہو رہی ہیں، اس لیے وہ تین نظمیں بھی ساتھ شاملِ اشاعت ہیں۔ جدید عرب شعرا میں محمود درویش کے علاوہ کم ہی کسی شاعر کا تعارف مع انتخاب اردو کے ادبی مجلات میں پیش کیا گیا ہے۔ جبران خلیل جبران، اگرچہ ایک استثنا ہے، مگر اس کے صرف ناول مقبول ہیں، اور انھیں پر بات ہوتی ہے، نیز خود عربوں کے ہاں اسے باقاعدہ شعرا کے زمرے میں شامل نہیں کیا جاتا۔ معلوم رہے کہ احمد مطر حیات شعرا میں سے ہے۔
میں نے آپ کے ادبی مجلے کے لیے تعارف میں بطور تمہید کچھ سطریں تبدیل کی ہیں۔
آپ کے بھیجے لنکس سے میں تحریریں اور کتابیں پڑھنے کی کوشش کروں گا۔ آپ کا برینڈ نام اتنی زیادہ تحریروں، کتابوں اور تحقیقات کے باعث ہے۔
پیار چھپا کے بھاگ بھری کا سینے میں
حضرت واث ہیر بناتے رہتے ہیں
کچھ جذبوں کو قیدی کرنے کی خاطر
لفظوں کی زنجیر بناتے رہتے ہیں
اپنا ترکش کیوں کر خالی رہنے دیں
ہم بھی اپنے تیر بناتے رہتے ہیں
عمر فاروق
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حیدرقریشی بنام عمرفاروق
Mar 4 at 8:08 AM
محترمی عمر فاروق صاحب
سلام مسنون
آپ کا برقی مکتوب ملا،شکریہ۔آپ کا عرضِ مترجم پڑھ لیا ہے،مجھے یہ آپ کے بھیجے ہوئے اب تک کے سارے میٹر میں سے سب سے زیادہ دلچسپ لگا ہے۔
کتاب یا رسالے کی کتابی اہمیت بر حق ہے لیکن انٹرنیٹ پر بھی ایک دنیا اپنی پسند کا مواد ڈھونڈتی رہتی ہے۔اپنا بلاگ بنانے کا مقصد مقبولیت کے پھیر میں پڑنا نہیں بلکہ ایک تو اپنے لکھے ہوئے میٹر کو ایک حد تک محفوظ کر لینا ہے اور دوسرے نیٹ پر ایسے میٹر کے متلاشیوں کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے۔بنیادی اہمیت بہر حال کاغذ اور کتاب ہی کی ہے۔ جدیدادب کا معاملہ یوں ہے کہ میں اسے میرا جی نمبر کے بعد بند کر چکا ہوں۔بلکہ بند کرنے کا اعلان شمارہ نمبر ۱۷ میں کر دیا تھا۔پھر ایک ہنگامی اشو کی وجہ سے شمارہ نمبر ۱۸ شائع کرنا پڑا۔اور پھر شمارہ نمبر۱۹ میرا جی نمبر۔جدیدادب جاری ہوتا تو آپ کے تراجم اور تحریروں سے ضرور اور بھرپوراستفادہ کرتا۔
اب ان کی اشاعت کی ایک صورت تو یہ ہو سکتی ہے کہ آپ انڈیا کی یونیورسٹیوں کے اردو کے شعبہ کی جانب سے شائع کیے جانے والے مجلات سے رابطہ کریں اور وہاں اپنے مضامین بھیج کر دیکھیں۔ دوسری صورت یہ ہو سکتی ہے کہ ہم کسی ادبی رسالہ کے مدیر سے بات کریں اور ان کے رسالے کا ایک عربی ادبیات نمبر شائع کرا لیں،جس میں آپ کا لکھا ہوا اور ترجمہ کردہ بیشتر میٹر یک جا ہو جائے۔لیکن ایسی صورت میں متعلقہ رسالے کے ساتھ مناسب مالی تعاون کرنا ہو گا۔آپ اس کے لیے آمادہ ہوں تو کسی سے بات کا آغاز کر سکتا ہوں۔
آپ کے اشعار پڑھ کر اچھا لگا۔بھاگ بھری کے ذکر پر اپنا ایک شعر یاد آگیا۔
میں نہ رانجھا،نہ تعلق میر ا وارثؔ سے کوئی
پر مِرے دل میں بھی اک بھاگ بھری رہتی ہے
عجیب اتفاق ہے،آپ سے ایسے موسم میں رابطہ ہوا ہے جب مجھے معلوم ہوا ہے کہ مصر کی ایک یونیورسٹی سے کوئی نوجوان میری شاعری پر ایم اے کا مقالہ لکھ رہا ہے۔
میں نے ۱۹۹۵ء میں دیوندراسرکے ناولٹ خوشبو بن کے لَوٹیں گے کا مطالعہ کرتے ہوئے اپنے مضمون کے آخر میں لکھا تھا:
’’خوشبو بن کے لوٹیں گے‘‘کے ذریعے مجھے دیویندراسر کے اندر آریائی اور دراوڑی تہذیبوں کا ہزاروں برس پرانا تصادم ویسے کا ویسا ہی دکھائی دے رہا ہے۔بظاہر آریائی فاتح ہے اور دراوڑی مفتوح لیکن اصل حقیقت تو کچھ اور ہے ۔تصادم کایہ منظر نامہ میرے لئے اس لئے بھی اہمیت رکھتا ہے کہ تاریخ کے طویل دَورانیے کے اس کھیل کا اگلا کردار ایک عربی کے روپ میں میرے اندر بھی کہیں چھپا بیٹھا ہے۔(ہمارا ادبی منظر نامہ۔ص ۱۵۵)
کہیں یہ ماضی بعیدکے عرب کوحال کی عربی کی طرف سے محبت کا کوئی پیغام تو نہیں مل رہا؟بس ایسے احساسات کے سامنے پھر ساری تحقیق اور ساری سائنس اپنی جگہ بجا ہونے کے باوجود مدھم ہونے لگتی ہے۔ ماضی کے اَن دیکھے ہیولے اور مابعدالطبیعاتی کیفیات تخلیقی دیاروں میں لے جانے لگتی ہیں۔تخلیقی دیاروں میں نامعلوم کی جستجومیں مگن رہنا مجھے اچھا لگتا ہے،لیکن میں سائنس اور اس سے منسلک علوم کی فضیلت اور برکات کا بھی قائل ہوںکہ ان علوم کے حالیہ فیوض نے تو سچ مچ ہمیں طلسم ہوش ربا دنیا میں داخل کر دیا ہے،ابھی روشنی کی رفتارسے سفر کرنے کی خبر بھی کسی وقت حقیقت بن کر سامنے آسکتی ہے۔سائنس اور فلسفہ اور ان سے منسلک دیگر علوم بھی اپنے طریقِ کار کے مطابق نامعلوم کی جستجو ہی کر رہے ہیں اور اس دوران جو کچھ منکشف ہوتا جا رہاہے،وہ کسی بھی طلسماتی داستان سے کم نہیں ہے۔
خط غیر ضروری طور پر طویل ہوتا جا رہا ہے اس لیے اجازت چاہتا ہوں۔
والسلام
آپ کا مخلص
حیدرقریشی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عمر فاروق بنام حیدرقریشی
Mar 5 at 12:44 AM
مکرمی حیدر قریشی صاحب،
قریشی ہونا اور ماضی بعید کے عربی تعلق کا عز و شرف یا ذل و قرف مجھے بھی حاصل ہے۔ "ذل و قرف" اس لیے کہ کئی دفعہ یہ شرف، عزت و وقار میں کمی کا باعث بن جاتا ہے۔ یا تو پاکستان میں عرب نسل سے تعلق رکھنے والوں کو اچھا مقام حاصل ہوتا ہے یا وہ اضطہاد کا شکار نظر آئے۔ کہا جاتا ہے کہ اسلام نے ذات پات کو ختم کیا، لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ ڈاکٹر اسماعیل ادہم کا علم الانساب والا مضمون بھی اس بات نفی کرتا ہے کہ ذات پات ختم کرنے میں اسلام کامیاب ہوا۔ بلکہ حضرت عمر کو آخری عمر میں جو قلق ہوا کہ ان سے مسلمانوں کی درجہ بندی اور وظائف کی تقسیم میں غلطی سر زد ہوئی، تو ان کا وہ قلق بالکل درست تھا۔ اگر وہ چند ایک کو وظیفہ دے کر آئندہ کے لیے قبائلی تعصب، بھارت میں فیوڈلزم ختم کیے جانے کی طرح ختم کر دیتے تو واقعی ذات پات کا جھگڑا اسلام میں ختم ہو سکتا۔ رہا آریائیوں اور دراوڑوں کا تعلق تو ان کا باہم وہی تعلق ہے جو عرب فاتحین اور مقامی لوگوں کا رہا ہے، جن میں مسلمان ہونے والے بھی فاتحین اور ان کی نسل کے ساتھ محبت اور نفرت کا تعلق رکھتے ہیں۔
تحریروں اور تراجم پر آپ کی تجویز کے بارے میں بعد میں عرض کروں گا، فی الحال "عرضِ مترجم" والی بات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اپنی پہلی ترجمہ کردہ کتاب پر خود اپنا ہی تبصرہ ایک خط کی شکل میں یہاں اٹیچ کر رہا ہوں۔ اس کے ساتھ ڈاکٹر وزیر آغا کو ترسیل نہ ہو سکا ایک خط بھی اٹیچ ہے۔ اس میں بھی کچھ اسی بات کو کمک مہیا کی گَئی ہے۔
ہو نہ ہو جان بچا کر کوئی آ پہنچا ہے
پھر رسد گاہ سے لشکر کو کمک جاتی ہے
عمر فاروق
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حیدرقریشی بنام عمرفاروق
March 5, 2016 2:31 AM
محترمی عمر فاروق صاحب
سلام مسنون
آپ کاآج ۵ مارچ کا برقی مکتوب ملا،شکریہ۔وزیر آغا صاحب کے نام آپ کا مکتوب پڑھ لیا ہے۔میرا خیال ہے کہ اس موضوع پر دونوں اطراف سے اپنا اپنا موقف اس حد تک کھول کر بیان کیا جا چکا ہے کہ پرانے دلائل کو دہرانے کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔بس یہ کہا جا سکتا ہے کہ جیسے جس کے دھیان میں آئی۔اورقارئین میںسے جس نے جسے چاہا اختیار کر لیا۔پرانی باتوں کے علاوہ کوئی نیا نکتہ سامنے آیا تو اس پر مزید غور کیا جا سکتا ہے۔ ویسے کاش آپ نے یہ مکتوب آغا جی کو پوسٹ کر دیا ہوتااوران کی طرف سے کچھ مزید سننے؍پڑھنے کو مل جاتا۔
اسلم سراج الدین کے نام آپ کے خط میں کمپوزنگ کی اغلاط اتنی زیادہ ہیں کہ میں بعض اغلاط کو بھی کوئی فلسفیانہ اصطلاح سمجھنے کے مغالطہ کا شکار ہوتے ہوتے بچاہوں۔
میں نے اپنے قریشی ہونے والی بات اسماعیل صاحب کے مضمون کو پڑھنے کے بعد ہی لکھی تھی۔ان کے علاوہ دوسرے مستشرقین اور پادریوں کا موقف بھی میرے پیش نظر تھا۔اس موضوع پر میری اپنی محدودنوعیت کی جو بھی رائے ہے اس کا اظہار میری مختلف تحریروں میں پہلے سے موجود ہے۔تین مختلف اصناف میں سے ایسے تین اقتباس آپ کی خدمت میں پیش کردیتا ہوں۔
’’ آج اباجی کی ساری زندگی کی طرف نظر دوڑاتاہوں تو مجھے ان کے اندر بیک وقت ایک دراوڑ، ایک آریا اور ایک عرب بیٹھا نظر آتاہے۔ ان کی زندگی کے ابتدائی ایام میں دراوڑ حاوی رہا۔ عالم شباب میں نواب بھاولپور تک رسائی حاصل کرکے انہیں بھاول نگر محکمہ پولیس میں محرر لگوایاگیاجب سارا سامان باندھ کر روانہ ہونے کا وقت آیا تو داداجی نے دبی زبان سے کہا: بیٹا!۔۔توپھر جارہے ہو؟۔۔ اچھا جاؤ، ویسے دل نہیں کرتا کہ جاؤ۔
اباجی نے فوراً کہا:دل تو میرا بھی نہیں کرتاکہ جاؤں، اس لئے نہیں جاتا۔۔ یہ کہہ کر بندھاہواسامان کھول ڈالا۔
۔۔۔۔اباجی نے یہ قصہ بڑے مزے لے کر ہمیں سنایاتھااور پھر کہا تھا: بھئی ہم سرائیکی لوگ تو اپنے شہر کے ریلوے اسٹیشن پر پہنچ کرہی پردیسی ہوجاتے تھے۔ یہ واقعہ تقسیم برصغیر سے پہلے کاہے۔ اگر ان پر ان کے اندرکا دراوڑ حاوی نہ ہوتاتو وہ کم از کم ایس پی کی حیثیت سے ریٹائر ہوتے۔۔ بعد میں جب خراب حالات باربار حملہ آور ہونے لگے تو یوں لگا جیسے دراوڑ مغلوب ہوگیاہے اور اباجی کے اندر کا آریا فاتح ہوگیاہے۔ رحیم یارخاں والا گھر فروخت کیا گیاتو اباجی کے چہرے پر کوئی کرب نہیں تھا۔میں تب صرف دس برس کا تھا مگر وہ گھر آج بھی نہ صرف میرے نہاں خانۂ دل میں آباد ہے بلکہ مجھے جب بھی رحیم یار خاں جانے کا موقعہ ملتاہے، اس گھر کو دیکھنے کے لئے ضرور جاتاہوں اور وہاں دیر تک بچپن کی یادوں میں گھرارہتاہوں۔ خانپور والا گھر فروخت ہواتو اباجی کے چہرے پر کوئی اداسی نہ تھی۔ یوں ان کے اندر کا آریافتح یاب ہوگیا۔ مگر دراوڑ مغلوب کہاں ہوا؟ اس نے بیوی بچوں کو دھرتی کا متبادل بنالیا، ایک معمولی سی مدت کے علاوہ بیوی بچوں کو خود سے کبھی جدانہیں ہونے دیا۔
۔۔۔۔۔اندرکے آریااور دراوڑ کی کشمکش سے بے نیاز ایک عرب درویش ہمیشہ اباجی کے اندر موجود رہا۔یہ درویش خواب بین، دعاگو اور صاحبِ کشف و کرامت تھا۔‘‘
(خاکوں کے مجموعہ میری محبتیں کے خاکہ برگد کا پیڑ سے اقتباس)
’’میں ذات پات کا قائل نہیں ہوں لیکن مجھے نسلی حوالے کے اثرات کا تھوڑا بہت احساس ضرور ہوا ہے۔مثلاََ قریشی ہونے کے ناطے مجھے کسی روحانی سفر میں کسی مقام تک پہنچنے کے لئے دس قدم چلنا پڑتا ہے تو کسی دوسرے کو شاید بیس‘تیس یا چالیس قدم چلنے کے بعد وہاں پہنچنا نصیب ہوتا ہے۔اس کے باوجود اگر کوئی قریشی اس طرف پیش قدمی ہی نہ کرے تو وہ روحانیت سے محروم ہوتا چلا جائے گااور دوسرے اپنی کم رفتاری کے باوجود قربِ خداوندی میں آگے بڑھتے جائیں گے۔ہندؤں کے ذات پات کے تصوّر کو انسانی حوالے سے اب درست نہیںماناجا سکتا لیکن اس میں بھی کہیں کوئی جزوی سچائی ضرور ہے ۔ انسانوں کی طبقاتی تفریق کو الگ رکھیں۔ہر انسان کے خودد اپنے وجود کے بھی کئی طبقے بنے ہوئے ہیں۔دماغ برہمن کی طرح خود کو افضل سمجھتا ہے اور دل کے توسط سے باقی جسم سے رابطہ رکھتا ہے۔دائیں ہاتھ کے مقابلہ میں بایاں ہاتھ کمتر ہے۔جسم کے نیچے کے حصہ کو صاف رکھنے کے باوجود ہم خود ایک اچھوت ہی سمجھتے ہیں۔‘‘
(کھٹی میٹھی یادیں کے باب دعائیں اور قسمت سے اقتباس)
’’میری بے گناہی۔۔۔ میری نیکیاں دنیا نہیں دیکھتی اور میں تہمتوں کی زد میں ہوں۔
میں اذیت میں ہوں کہ میری ماں ابھی تک میری خاطر پانی کی تلاش میں سرگرداں ہے۔وہ جو بادشاہ زادی ہے۔ میرے سوتیلے بھائی اسے لونڈی اور مجھے لونڈی کا بیٹا کہتے ہیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔میرے سوتیلے عزیز تاریخ کو جتنا چاہیں مسخ کر لیں مگر وہ میرے باپ کا نام کیونکر مٹا سکیں گے کہ پھروہ خود بھی بے شناخت ہو جائیں گے۔
میں ابراہیم کا بیٹا ہوں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آگ ابراہیم کے لئے گلزار ہوگئی تھی تو مجھے کیونکر نقصان پہنچاسکے گی۔
’’آگ سے ہمیں مت ڈراؤ یہ ہماری غلام بلکہ غلاموں کی بھی غلام ہے۔‘‘
یہ آسمانی آواز مجھے یقین دلاتی ہے کہ میری ایڑیوں کی رگڑ سے ایک چشمہ پھوٹ بہے گا اور اس کا پانی میری مدد کو آئے گا۔‘‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میری بے گناہی اور سچائی کے سارے نشان اس آگ میں جل کر فناہوجائیں گے۔ مٹ جائیں گے۔ اور میرے سوتیلے عزیزوں کے سوتیلے جذبوں کے ظلم کا کوئی ثبوت باقی نہیں رہے گا۔ تب میرے
سوتیلے عزیزاپنی مرضی کے مطابق میری تاریخ لکھیں گے، تب وہ اطمینان سے لکھیں گے کہ:
میں بدکارتھااور میری بیوی بھی بدکار تھی اور میری ماں لونڈی تھی۔۔۔ مگر میرا باپ؟۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میرے سوتیلے عزیزوں نے نفرت کی آگ لگادی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اور میں دیکھتا ہوں کہ:
تپتے ہوئے صحرا میں میرے ایڑیاں رگڑنے سے ایک چشمہ پھوٹ بہاہے ۔مری ماں کے چہرے پر خوشیوں اور مسرتوں کانور پھیلا ہوا ہے۔ وہ جو کسی قافلے کی امداد کی منتظر تھی اب ہزاروں قافلے اس کی مدد کے محتاج ہیں۔ اور اس بادشاہ زادی کو ایک نئی بادشاہت مل گئی ہے۔
(افسانہ ’’میں انتظارکرتاہوں‘‘سے مقتبس)
میرا خیال ہے کہ ذات پات کے حوالے سے ہم ایک دوسرے سے زیادہ دور نہیں ہیں۔لیکن ہماراسوچنے کا انداز قدرے مختلف ضرورہے۔اسماعیل صاحب نے جو کچھ عربوں کے نسب کے حوالے سے لکھا ہے وہ سارا کچھ دنیا کے کسی بھی دوسرے خطے اور کسی بھی قوم پر اس سے کہیں زیادہ منطبق کیا جا سکتا ہے۔تاہم اس حوالے سے میں اپنے تبصرے میں کچھ عرض کر سکوں گا۔
والسلام
آپ کا مخلص
حیدرقریشی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عمر فاروق بنام حیدرقریشی
March 5, 2016 8:51 PM
مکرمی حیدر قریشی صاحب،
بعض اوقات منصوبہ کچھ سے کچھ بن جاتا ہے۔ میرا خیال تھا۔ ڈاکٹر وزیر آغا سے مذکورہ موضوع پر تازہ رائے حاصل کرنے کے بعد اس بارے میں کچھ مواد عربی سے ترجمہ کر کے اکٹھا پیش کیا جاتا۔ مصری ڈرامہ نگار توفیق الحکیم کے دو مکتوب یہاں منسلک ہیں۔ یہ بھی ساتھ شامل کرنے کے لیے ترجمہ کیے تھے۔
نسب انساب کی حقیقت یقینا سب کے ہاں تقریبا ایک سی ہے۔ بس اپنی حقیقت چھوڑ کر عام روش یہی ہے کہ دوسرے کی حقیقت بتائی جائے اور اپنے لیے تسکین دل کا سامان بہم پہنچایا جائے۔
آگہی کا عذاب کھینچا ہے
رخ سے تیرے نقاب کھینچا ہے
تیری آنکھوں میں ڈال کر آنکھیں
اک انا کا جواب کھینچا ہے
قطرہ جان ، آشنائے بحر
نقش تو نے بر آب کھینچا ہے
عمرفاروق
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حیدرقریشی بنام عمرفاروق
Mar 6 at 7:59 AM
محترمی عمر فاروق صاحب
سلام مسنون
میری ۵ مارچ کی ای میل کے جواب میں آپ کی ای میل ملی،شکریہ۔
میں نے اپنے ۳ مارچ کے خط میں لکھا تھا:
’’آپ نے بے حد حساس دیاروں کی سیاحت کی ہے۔یہ چوتھے کھونٹ کا نہیں،اس سے نکلتی ہوئی کسی اور سمت کا سفر ہے۔دیکھتا ہوں کس حد تک آپ کے ساتھ چل پاتا ہوں۔ کتاب پر میرے تبصرے سے کچھ اندازہ ہو جائے گا۔آپ کی سیاحت آپ کا فکری مسئلہ ہے تو آپ سے اختلاف کرنے کے باوجود میں نہ صرف آپ کے اختلاف کے حق کو تسلیم کرتا ہوں بلکہ اس کی قدر بھی کرتا ہوں۔میرا خیال ہے کہ جب اچھے پیرائے میں لکھا جا سکتا ہے تو حساس موضوعات پر بھی مکالمہ ہونا چاہئے،ہوتا رہنا چاہئے لیکن ان لوگوں کے ساتھ جو اختلاف رائے کو برداشت کرنے کا ظرف رکھتے ہوں۔ ‘‘
اسماعیل احمد ادھم کے حوالے سے عربوں کے نسب کے سلسلہ میں آپ نے میرے موقف کو تسلیم کر لیا،اس کے لیے آپ کا شکریہ۔لیکن لگتا ہے آپ نے یہ اعتراف بشاشت کے ساتھ نہیں کیا۔یہ مان لینے کے بعد کہ:
’’نسب انساب کی حقیقت یقیناََسب کے ہاں تقریباََ ایک سی ہے۔بس اپنی حقیقت چھوڑ کر عام روش یہی ہے کہ دوسرے کی حقیقت بتائی جائے اوراپنے لیے تسکین دل کا سامان بہم پہنچایا جائے‘‘
آپ نے براہِ راست خطاب کرتاہوا شعرجڑدیاہے۔
آگہی کا عذاب کھینچا ہے تیرے رُخ سے نقاب کھینچا ہے
مجھے افسوس ہے کہ اپنی ای میل میں نسب و انساب کے حوالے سے میرے موقف کو تسلیم کرلینے کے باوجودآپ اپنے انقباض کو چھپا نہیں سکے۔معرکہ آرائی کا کوئی مرحلہ ہو تو میں دمادم مست قلندر کرنے سے دریغ نہیں کرتا۔لیکن آپ کے ساتھ تو ایک شریفانہ مکالمہ ہو رہا تھا۔آپ کے تئیں میرا رویہ بھی دوستانہ اورہمدردانہ تھا۔اس کے باوجود آپ کو اس سطح پر کیوں اترنا پڑا؟حیران ہوں!
میں اپنی تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے آپ کے اشعار کے جواب میںصرف اتنا ہی عرض کرسکتا ہوں۔آگہی کے حوالے سے عدمؔ کا شعر آپ کی نذر ہے۔
آگہی میں اک خلا موجود ہے
اس کا مطلب ہے خدا موجود ہے
جملہ اشعار کے حوالے سے آغا جی کی یہ تین سطریں پیش ہیں۔
’’اُس نے کاغذ پہ لکھا:روگ تمہارا یہ ہے
میں نے کاغذ پہ لکھا
روگ تمہارا بھی تو میرے ہی سجل روگ کا آئنہ ہے‘‘
اور اسی تناظر میں نقاب کھینچنے کی بجائے نقاب کے بھید کے حوالے سے عرض ہے کہ:
حیدرؔ بھید جہاں کے جیسے خواب کے اندر خواب
ایک نقاب اگر اُلٹیں تو آگے اور نقاب
اللہ آپ کو خوش رکھے۔
والسلام
آپ کا مخلص
حیدرقریشی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عمر فاروق بنام حیدرقریشی
Mar 7 at 12:06 AM
محترمی حیدر قریشی صاحب
نقاب کے اندر نقاب ہی اصل مسئلہ ہے۔ معذرت چاہتا ہوں کہ راست اندازِ تخاطب کا حامل شعر لکھ دیا۔ حالانکہ شعر کو نثر پر محمول نہیں کرنا چاہیے۔ کسی نثریے میں شاعرانہ نثر کو بھی شعر کے انداز پر دیکھنا چاہیے۔ آپ نے شعر کو براہِ راست تخاطب سمجھ لیا۔ اگرچہ بحث باہم شخصی حوالے سے بھی ہو رہی تھی، لیکن بخدا میں نے صرف یاد آ جانے والے اشعار لکھ دیے اور یہ نہیں سمجھا کہ میں چوٹ کر رہا ہوں یا ذاتیات پر آ رہا ہوں۔ یہ آپ نے توجہ دلائی، جو میرے خیال میں ٹھیک نہیں۔ عدم کا شعر خدا کے وجود سے بڑھ کر نقاب اندر نقاب کی بات کی طرف توجہ دلاتا ہے کہ خلا کی کھوج جاری رہے گی۔ بالکل "تم اک گورکھ دھندا ہو" والی نصرت فتح علی کی قوالی کی طرح۔ اب میں آپ کو یہ نہیں کہ رہا کہ "تم اک گورکھ دھندا ہو"۔ حالانکہ "تمھیں" ہی کہا جا رہا ہے، اور یہ "تمھیں" غالب کے اردو دیوان کی پہلی غزل کے پہلے شعر میں "فریادی نقش" کے "کاغذی پیرہن" والی بات ہے۔ امید ہے اس وضاحت سے بات صاف ہو گئی ہو گی۔ اور ہاں، مجھے نہیں، غالب کو انقباض تھا، اور غالب کو نہیں، مجھے انقباض تھا۔ بات ایک ہی ہے، جو آغا صاحب نے بھی کہی۔ جب کہ تسلیم کرنے والی بات ایک پیرا پہلے ختم ہو چکی تھی۔ صرف اختتام میں ایک شعر آن اٹکا، اور میں نے انقباض ختم کرنے کے لیے ہی اسے درج کیا۔ ریڈر ریسپونس مختلف رہا۔ میں نے لاشعوری سطح پر شعوری انقباض ختم کرنے کو شعر درج کیا۔
آپ کے تبصرے کا منتظر رہوں گا۔ میں نے کتاب کا انتساب یوں لکھا ہے
انتساب
نسب انساب کی تحقیق
کے نام
عمرفاروق
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حیدرقریشی بنام عمرفاروق
Mar 7 at 3:41 PM
محترمی عمر فاروق صاحب
سلام مسنون
آپ کا برقی مکتوب ملا،آپ نے اپنے ’’طرزِ عمل‘‘کی وضاحت کے لیے جو کچھ لکھا ہے،اس سے علمی سطح پر کوئی وضاحت تو نہیں ہوئی لیکن آپ کی’’ شعر فہمی‘‘ اور بات سنبھالنے کی ’’خوبی ‘‘کا اندازہ ہو گیا۔نقاب کے اندرنقاب کی ترکیب آپ نے خود بنا لی ہے،میں نے ہر نقاب کے اُلٹنے کے بعد ایک اور نقاب سامنے آنے کی بات کی ہے اور یہ کائنات کی وسعتوں کے تناظر میں کی گئی ہے۔کائنات کے بھیدوں کا ذکر ہے جو خواب کے اندر خواب کا تسلسل ہیں۔آپ اسے محض اپنی نظریاتی بنیاد پر دیکھ رہے ہیں۔یہ نظریہ کی اسیری کا منظر ہے۔آپ جس نظریے کے اسیر ہیں،اس سمیت تمام دینی و غیردینی نظریات کے حوالے سے میرا عمومی رویہ آپ سے مختلف ہے۔اپنی ایک پرانی تحریرسے اپناتاثر یہاں پیش کر دیتا ہوں۔
’’ میری کئی دہریے لوگوں سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔پاکستان میں،انڈیا میں اور اب یہاں جرمنی میں بھی۔دہریے لوگوں کی کم از کم دو قسمیں تو میرے ذہن میں واضح ہیں۔ایک قسم کے دہریے وہ ہیں جو کچے پکے مطالعہ کے ساتھ، دانشور کہلانے کے لئے شوقیہ دہریے بن گئے۔ یہ لوگ محض محفلوں میں نمایاں ہونے کے لئے نازیبا زبان میں بات کرتے ہیں ۔خدا کو سمجھنے کی کاوش یا اس کی جستجو(چاہے اس کے نتیجہ میں بندہ کوچۂ الحاد میں بھی چلا جائے)ان کے ہاں بالکل نہیں ہوتی۔نام آوری کے ایسے شوقین دہریوں کو میں شیخ چلی دہریے سمجھتا ہوں۔ان کے بر عکس وہ لوگ جو واقعتاََ خدا کی ہستی کو عقل کے ذریعے سمجھنا اور جاننا چاہتے ہیں،میں ان کے انکار کے باوجود انہیں خدا پرست کہتا ہوں۔لاتسبو الدہر والی حدیث قدسی میں خدا خود کہتا ہے کہ زمانے (دہر) کو برا مت کہو،میں خود زمانہ(دہر) ہوں۔تو صاحب!اگر خدا دہر ہے تو دہریہ کا مطلب ہوا خدا پرست۔
مختلف مذاہب کا پس منظر رکھنے والے دہریوں میں ایک دلچسپ چیز میں نے یہ دیکھی کہ کسی نہ کسی سطح پر وہ اپنے مذہب سے لازماََ وابستہ ہوتے ہیں۔۔۔۔۔یوں دہریوں کے بھی کئی مسلک سمجھ لیجیے۔مسلمان دہریے،مسیحی دہریے،ہندو دہریے۔یہاں کراچی کے ایک معروف ترقی پسند نقاد اور لاہور کے بھی ایک نیم ترقی پسند کالم نگار کی یاد آگئی۔ان میں سے ایک نے انڈیا کے ادیب دوستوں میں بیٹھ کر اظہر جاوید کے مسلک کا مذاق اڑایا اور ایک نے میرے مذہبی رجحانات کی خطرناکی سے وہاں کے ہندو دوستوں کو آگاہ کیا۔سو ثابت ہوا کہ دہریوں کی بھی اقسام ہیں یعنی مسلمان دہریے،مسیحی دہریے،ہندودہریے،یہودی دہریے،وغیرہ وغیرہ۔ جو حسبِ موقع صاحبِ ایمان بھی بن جاتے ہیں۔ ‘‘
(کھٹی میٹھی یادیں کے باب رہے نام اللہ کا! سے اقتباس)
’’ اس وقت دنیا کو مذہبی انتہا پسندی سے شدید خطرات لا حق ہیں۔کسی ایک مذہب یا مسلک کو قصوروار کہے بغیر میرے نزدیک ہر مسلک اور مذہب کے انتہا پسند انسانیت کے لئے شدیدخطرہ ہیں۔میرے ذاتی خیال کے مطابق ہر مسلک اور مذہب کے پاس کچھ ایسی بنیادیں ہوتی ہیں جن پر وہ باقاعدہ قائم اور استوار ہوتا ہے۔اسی لئے اس کے پیروکاروں کے لئے اس پر کاربند رہنے کا کچھ جواز بنتا ہے۔اسی طرح ہر مذہب اور مسلک میں کچھ ایسے کمزور پہلو بھی ہوتے ہیںجن کی بنیاد پر ان پرمدلل اعتراض وارد ہوتے ہیں۔بس جہاں ایسے اعتراضات میں شدت آتی ہے وہیں دوسرے مذاہب کے لوگوں کو بھی اپنے مخالف کے کمزور پہلوؤں پر حملہ کرنے کا موقعہ مل جاتا ہے۔یوں مذہبی نفرتیں بڑھتی ہیں۔عمومی طور پر ہمارے تہذیبی اور ثقافتی میلان کے ساتھ ہمارا نفسیاتی میلان ہمیں کسی مسلک پر کاربند رکھتا ہے۔یا پھر بھیڑ چال کا نسل در نسل رویہ بھی ہمیں ہانکتا ہے۔یوں کوئی انتہائی جذباتی اور مشتعل قسم کا سچا مومن اگر کسی مسیحی،یہودی،ہندو یا سکھ گھرانے میں پیدا ہوتا تو وہاں بھی وہ اتنا ہی مخلص،سچا،کھرا،جذباتی اور مشتعل قسم کا مسیحی،یہودی،ہندو یا سکھ ہوتا۔میںہر مذہب کے اس قسم کے مومنین کا احترام بھی کرتا ہوں اور ان سے ڈرتا بھی ہوں اور ہر سال اکبر حمیدی کے الفاظ میں دعا کرتا ہوں:
یا رب العالمین! ترے لطف سے رہیں
محفوظ ’’مومنین ‘‘ سے ’’کفار‘‘ اس برس‘‘
(کھٹی میٹھی یادیں کے باب رہے نام اللہ کا! سے اقتباس)
پہلے اقتباس کے بعد خلا کے حوالے سے میںنے تفصیل سے موازنہ پیش کیا ہے،پھر بھی آپ نے خلا کے تعلق سے جو کچھ لکھا ہے اس کے لیے آپ کا شکریہ۔
میں نے اپنے ۵ مارچ کے خط میں لکھا تھا:
’’وزیر آغا صاحب کے نام آپ کا مکتوب پڑھ لیا ہے۔میرا خیال ہے کہ اس موضوع پر دونوں اطراف سے اپنا اپنا موقف اس حد تک کھول کر بیان کیا جا چکا ہے کہ پرانے دلائل کو دہرانے کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔بس یہ کہا جا سکتا ہے کہ جیسے جس کے دھیان میں آئی۔اورقارئین میںسے جس نے جسے چاہا اختیار کر لیا۔پرانی باتوں کے علاوہ کوئی نیا نکتہ سامنے آیا تو اس پر مزید غور کیا جا سکتا ہے۔‘‘
یہ مہذب طریقے سے اس بات کا اظہار تھا کہ اگر آپ کے پاس کوئی نیا نکتہ نہیں ہے تو باتوں کو دہراتے چلے جانے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔پھر آپ تونہ صرف دہرائی ہوئی باتیں دہرائے جا رہے ہیں بلکہ علمی معاملات میں طعن و طنز کے تیر بھی چلا رہے ہیں۔سو اب اپنے ترجمے بھیجنے کی بجائے اگر کسی مکالمہ کی خواہش ہے تو کسی نئے علمی نکتہ سے بات شروع کریں۔ورنہ آپ کا خود دوسروں کا ترجمہ ہو کر رہ جانا میرے لیے کسی دلچسپی کا موجب نہیں ہے۔امید ہے آپ خیریت سے ہوں گے۔
والسلام
آپ کا مخلص
حیدر قریشی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عمر فاروق بنام حیدرقریشی
Mar 13 at 12:00 AM
Haider Qureshi Sb.
I'm sorry for replying in delay. My computer remained out of order for a few days.
If you had said the very first day that the translated book sent to you for review is against your beliefs and what you have as a sort of creedal faith in certain things or/and personalities, so you won't go ahead to re-read and subsequently review the book, there would have been no tension created between us.
Tolerance is to endure something or someone unpleasant or disliked with a tinge of bitterness on both ends. If it's so, and it is, then we have to search some other standard or scale on which things are measured from both ends. Otherwise, we create a sort of phobia towards people and things, which leads to abhorrence of necessity. The while, if we adopt pluralism or pluralistic approach toward things & beliefs and for peoples & cultures, we don't instigate others
or irritate them, nor do we produce hatred to impose our ideals on others to get some kind of reaction or retaliation to become victims of what we don't like or endure on our part. This is why forgiving people who hold other beliefs and ideals can't be made possible except if bitterness is erased by permitting others to exist and lead their lives according to their norms and values, which necessitates elimination of hatred found there to impose our ideals on them and vice versa, so that bare Tolerance is converted to Pluralism.
Thank you,
Umar Farooq
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عمر فاروق بنام حیدرقریشی
Mar 13 at 12:55 AM
مکرمی حیدر قریشی صاحب،
عرض ہے کہ آغا صاحب کوانٹم فزکس کے بہت اچھے شناسا تھے۔ کوانٹم فزکس کی ایک دریافت نیوٹرینو ہے، جس سے مائنڈ اور میٹر یا روح اور مادہ کی بحث پر نئی روشنی پڑتی ہے۔ ای = ایم سی۲ کے بعد نیوٹرینو نے اندازہ لگوایا کہ روح اور مادہ یا مائنڈ اور میٹر کی دوئی علمی سطح پر تقریبا ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ "نو میٹر نیور مائنڈ" کا مذاق سنجیدگی کا روپ دھارنے لگا ہے۔ اس لیے دہر اور دہریہ کی بحث نیا انداز اپنا چکی ہے۔ نیوٹروز سورج کی شعاعوں کے ساتھ اخراج کرتے ہیں اور پلک جھپکتے میں پوری زمین سے گزر کر دوسری طرف نکل جاتے ہیں، ہمارے مادی وجود کو کسی قسم کا نقصان پہنچائے بغیر، مگر جب وہ اس طرح گرفت میں آئے بغیر تین حالتیں بدلتے ہیں، تو اس وجہ سے وہ مادے کے ساتھ بھی منسلک ہیں۔
نقاب اندر نقاب نہ ہو تو ایک نقاب الٹنے کے بعد نیا نقاب کیوں کر سامنے آئے۔ پہلی بات غیر علمی ہے، تو دوسری اسی کے ساتھ منسلک ہے۔ صرف ایک شعر سے ہر بات کو مخالف سمجھ لینا درست نہیں، نہ کسی دوسرے شعر کے ساتھ تقابل سے بات شعر کی سطح پر سمجھنے کی "جوابی" کوشش سے "سخن فہمی" کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ خواب کے اندر خواب کا تسلسل نفسیاتی تحقیقات کی روشنی میں نئے سے نیا انداز اختیار کرتا ہے۔ کائنات کی وسعتیں اور انسان کی حیثیت دونوں زیرِ بحث ہیں۔
پرانی باتوں سے نیا نکتہ نکالنا یا انھیں نئے طور پر پیش کرنا ہی مقصد تھا، جس کے لیے پرانا مواد کھنگالنا ضروری ہے، خواہ عربی لٹریچر کے حوالے سے دہرائی گئی باتوں کو اردو میں نئے سرے سے موضوعِ بحث بنایا جائے۔ارسال کردہ ترجمے اور اختلاف "برداشت" کرنے کے حوالے سے پہلی جوابی ای میل میں کچھ عرض کر چکا ہوں۔شکریہ
عمرفاروق
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حیدرقریشی بنام عمرفاروق
Mar 13 at 7:33 PM
محترمی عمر فاروق صاحب سلام مسنون
سات مارچ کے بعد سے آپ کی طرف سے کوئی ای میل نہیں آئی،اب بارہ مارچ کو رات بارہ بجے آپ کی انگریزی میں لکھی ہوئی ای میل ملی اور پورے پچپن منٹ کے بعد تیرہ مارچ کی تاریخ میں آپ کی اردو میں لکھی ہوئی ای میل ملی۔پچپن منٹ کے بعد آپ کو دوسری ای میل لکھنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟اللہ بہتر جانتا ہے یا آپ خود بہتر جانتے ہیں۔تاہم اس سے مجھے سہولت ہو گئی کہ آپ کی اردو ای میل کے مندرجات کے حوالے سے انگریزی میل کا بھی تھوڑا بہت جواب لکھ دوں۔لیکن اگر آپ محسوس کریں کہ آپ کی انگریزی میں لکھی ہوئی کسی اہم بات کاجواب نہیں لکھ سکا تو اردو میں نشان دہی کر دیجئے گا،پھر میرے نزدیک جو مناسب جواب ہوگا عرض کردوں گا۔
آپ نے کوانٹم فزکس کے حوالے سے جو کچھ لکھا ہے،میں اس پر اس لیے کچھ نہیں کہہ سکتا کہ سائنسی انکشافات سے میری واقفیت بہت محدود اور واجبی سی ہے۔ جن چند نکات کو تھوڑا بہت سمجھنے کی کوشش کی ہے اور سمجھ پایا ہوں،انہیں بھی میں یا توآسان اور اچھے اردو مضامین کے توسط سے سمجھ پایا ہوں۔یا متعلقہ موضوع کے کسی پروفیسر دوست کے ساتھ ڈسکس کرکے اس بات کو آسان بلکہ دیسی مفہوم میں سمجھنے کی کوشش کر لیتا ہوں۔یہ میری ذاتی دلچسپی اور عدم دلچسپی کا معاملہ ہے۔آپ نے کوانٹم فزکس کے حوالے سے وزیر آغا صاحب سے ہی بات کی ہوتی توبہترہوتا۔لیکن آپ تو ان کے جیتے جی ان کے نام لکھا ہوا خط بھی انہیں بھیج نہ سکے،اس موضوع پر کیا بات ہوتی۔زندگی میں ایسے معاملات بھی ہوجایا کرتے ہیں۔ویسے آپ نے یہ بات آغا جی کے حوالے سے شروع کی ہے تو آپ کی بات کے لُبّ لباب کے جواب میں وضاحتاََ عرض ہے کہ آغا جی مذہب کی رسمی صورت میں زیادہ دلچسپی نہ لینے کے باوجود کائنات کی حقیقتِ عظمیٰ کے نہ صرف معترف تھے بلکہ اس کی جستجوکو اپنا ادبی وظیفہ سمجھتے تھے۔
فزکس کے معاملات کو سمجھنے کے لیے فزکس کے قوانین اور اصولوں کے مطابق ہی آگے بڑھنا ہوتا ہے۔اسی طرح میٹا فزکس کی اپنی ایک الگ دنیا ہے،اسے فزکس کے اصولوں پر پرکھنے کی کوشش کی جائے گی تو کہیں کوئی ہلکی پھلکی مطابقت تو مل جائے گی لیکن اس کے لیے میٹا فزکس کی دنیا میں جانا ضروری ہوگا۔جیسے فزکس سے نابلد انسان فزکس کے قوانین کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا ایسے ہی میٹا فزکس کی دنیا سے نابلد انسان بھی اس دیارکے بارے میں کوئی حکم نہیں لگا سکتا۔یہ باتیں میرے ذہن میں اسی حد تک آتی ہیں۔
آپ کی انگریزی ای میل کے یہ الفاظ پڑھ کر حیران رہ گیا ہوں۔
If you had said the very first day that the translated book sent to you for review is against your beliefs and what you have as a sort of creedal faith in certain things or/and personalities, so you won't go ahead to re-read and subsequently review the book, there would have been no tension created between us.
آپ کی بھیجی ہوئی اسماعیل احمد ادھم کی پوری کتاب پڑھنے کے بعد میں نے اپنی ۳ مارچ کی ای میل میںآپ کو یہ لکھا تھا۔
’’اسماعیل احمد ادھم صاحب کے چاروں مضامین پڑھ لیے ہیں۔ایک بار پھر انہیں پڑھنا چاہتا ہوں۔اس کے بعد تبصرہ لکھنے کی کوشش کروں گا۔
آپ کاعلم البلاغت والا مضمون سرسری دیکھا ہے۔اگر اسے انٹرنیٹ پر دینا ہے تو پھر ایک زحمت کریں،جملہ حواشی کو ہر صفحہ کے آخر میں دینے کی بجائے،مضمون کے آخر میں کر دیں۔ویسے بھی مجھے یہ مضمون نہیں بلکہ پوری کتاب لگ رہا ہے۔سو جملہ حواشی آخر میں دینا بہتر رہے گا۔آپ نے بے حد حساس دیاروں کی سیاحت کی ہے۔یہ چوتھے کھونٹ کا نہیں،اس سے نکلتی ہوئی کسی اور سمت کا سفر ہے۔دیکھتا ہوں کس حد تک آپ کے ساتھ چل پاتا ہوں۔کتاب پر میرے تبصرے سے کچھ اندازہ ہو جائے گا۔آپ کی سیاحت آپ کا فکری مسئلہ ہے تو آپ سے اختلاف کرنے کے باوجود میں نہ صرف آپ کے اختلاف کے حق کو تسلیم کرتا ہوں بلکہ اس کی قدر بھی کرتا ہوں۔میرا خیال ہے کہ جب اچھے پیرائے میں لکھا جا سکتا ہے تو حساس موضوعات پر بھی مکالمہ ہونا چاہئے،ہوتا رہنا چاہئے لیکن ان لوگوں کے ساتھ جو اختلاف رائے کو برداشت کرنے کا ظرف رکھتے ہوں۔
اسماعیل صاحب کی کتاب کو انٹرنیٹ پر شائع کرا دیتا ہوں۔آپ اس کے سرورق کی جے پی جی فائل بھیج دیں۔اپنی تصویر بھی بھیج دیں تو اچھا ہے۔آپ کے مضمون کے ساتھ دی جا سکتی ہے۔میرا خیال ہے کہ آپ اپنا ایک بلاگ بنا کر اپنی کتب اور جملہ مضامین کو آن لائن مہیا کر سکتے ہیں۔اس میں زیادہ مشکل پیش نہیں آئے گی۔میری اس میل کے آخر میں میرے چند بلاگس کے لنک دئیے ہوئے ہیں۔پہلے دو لنکس زیادہ مربوط ہیں۔ان سے آپ اپنا بلاگ بنانے کا کچھ آئیڈیا کر سکیں گے۔ ‘‘
اس جواب میں سلیقے اور تہذیب کے ساتھ نہ صرف واضح اختلاف رائے موجود ہے بلکہ اختلاف رائے کے باوجود میری طرف سے انتہائی فراخ دلی کا مظاہرہ بھی کیا گیا ہے۔میں آپ کی ترجمہ کردہ تحریروں سے اتفاق نہ کرنے کے باوجود ان کو آن لائن کرنے کی ترغیب دے رہا ہوں اور اس کے لیے آپ کو سہولت دینے پر بھی آمادہ ہوں۔ آپ کے معتقدات سے اختلاف کرنے کے باوجودمیں آپ کے اختلاف رائے کے حق کو بھی تسلیم کر رہا ہوںاور اس کی قدر بھی کر رہا ہوں،اور ساتھ ہی آپ کو باور کرا رہا ہوںکہ ایسے موضوعات پر مکالمہ ہونا چاہئے لیکن ان لوگوں کے ساتھ جو اختلاف رائے کو برداشت کرنے کا ظرف رکھتے ہوں۔مجھے افسوس ہے کہ آپ خود اس ظرف کا مظاہرہ نہ کر سکے۔آپ ایک بار نہیں بار بار چھلکے۔میں مہذب انداز میں آپ کو توجہ دلاتا رہا اور آپ استہزائیہ اندازسے اپنے علم کا مظاہرہ کرتے رہے۔میرا خیال ہے کہ اب تک ہمارے درمیان جو مراسلت ہو چکی ہے،اس سارے میٹر کو علمی مکالمہ کے طور پر یک جا کرکے شائع کر دیا جائے۔اس سے میرا آپ کا نہ سہی بہتوں کا بھلا ہو جائے گا۔
اسماعیل احمد ادھم کی کتاب پر تبصرہ کرنا چاہتا ہوں۔۸مارچ کو میری اہلیہ کی انجیوپلاسٹی ہوئی ہے۔میں ان کے طبی معاملات میں مصروف رہا ہوں۔یہ سلسلہ ابھی بھی جاری ہے تاہم تبصرہ میں ضرور کروں گا بلکہ اچھا ہوگا کہ جہاں میرا تبصرہ کتاب پر میری رائے کا اظہار ہوگا ،وہیں پرہمارا یہ مکالمہ اس تبصرے کے لیے پس منظر بھی مہیا کردے گا۔
امید ہے آپ خیریت سے ہوں گے۔
والسلام
آپ کا مخلص
حیدر قریشی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عمر فاروق بنام حیدرقریشی
Mar 14 at 12:39 AM
محترم حیدر قریشی صاحب،
آغا صاحب کو خط میں نے پوسٹ کر دیا تھا، مگر آغا صاحب ان دنوں بیمار تھے لاہور میں، یا شاید خط ان تک ترسیل ہی نہ ہو سکا۔
معلوم نہیں، آپ نے یہ کیوں نشان زد کیا کہ میں نے پہلے اتنے بجے ایک ای میل انگریزی میں بھیجی، پھر اتنے بجے دوسری ای میل اردو میں کی۔ آپ ناراض نہ ہوں۔ میں اسے صرف گدگدی کا نام دیتا ہوں، ظنز استہزا اور جواب الجوابی نہیں کہ اگر میں اسی پیرائے میں جانتے بوجھتے آپ سے کہوں کہ اللہ بہتر جانتا ہے یا آپ خود بہتر جانتے ہیں کہ آپ یہ جزرس انداز میں ٹائم تک کیوں نوٹ کر رہے ہیں۔ یہ کوئی تحقیق نہیں، محض دوستانہ برقی خط ہے، اور وہ بھی اتنا اہم ادبی لسانی خط نہیں کہ اس کی ولادت تک کا وقت بتایا جائے۔
اصل بات نسب انساب سے شروع ہوئی اور اسے ذات پر محمول کیا گیا، جس کی میں نے پہلے سے نفی کی کہ قریشی صاحب ذات کے اعتبار سے میں بھی قریشی ہوں، (لیکن نام کے ساتھ درج نہیں کرتا)۔ میرے انداز سے آپ نے کوئی جملہ تیز خیال کر لیا، اور بس، اس کے علاوہ اور کوئی بات نہیں۔ یہاں پچھلے پیراگراف میں شوخی (گدگدی) کا انداز اپنایا گیا ہے، طعن و تشنیع کا نہیں۔
کوانٹم فزکس دراصل فزکس اور میٹا فزکس کے درمیان ایک رابطے کی صورت ہے، جس سے میں نے کہا کہ علمی طور پر مائنڈ اور میٹر یا روح اور مادے کی کم سے کم فلسفیانہ دوئی ختم ہوتی نظر آتی ہے۔
انگریزی ای میل کا آخری لمبا حصہ اس بات کا متقاضی ہے کہ اس پر بات کی جائے۔ ٹالرنس اور پلولرزم کی دو اصطلاحات یا الفاظ استعمال کیے گئے ہیں کہ ٹالرنس یا برداشت کا مطلب واضح طور پر یہ ہے کہ بخوشی کوئی بات/ شخص/ شخصیت قبول نہیں ہوتی، بلکہ کوئی نہ کوئی تلخی یا انقباض چھپا ہوتا ہے۔ جب کہ پلولرزم یا پلولرسٹک اپروچ میں تلخی کو ختم کرتے ہوئے وصفی یا ڈسکرپٹو انداز میں بات کی جاتی ہے اور انقباض در نہیں آنے دیا جاتا۔ بلکہ آپ کو اپنی بات کہنے اور مجھے اپنی بات کرنے کی آزادی حاصل ہوتی ہے، کسی فرکشن کے بغیر، محض اپنی پسند اور ناپسند کے تحت۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی نا پسند بات بھی واضح ڈسکرپٹو طور پر بیان نہ کی جا سکے۔
بات زندگی اور صحت کے ساتھ ہے۔ خدا آپ کو اور آپ کے اہلِ خانہ کو کامل صحت عطا فرمائے۔
مشکور ہوں کہ آپ تبصرہ لکھیں گے، اور ذاتی پسند یا نا پسند کو ٹالرنس یا برداشت کے تحت نہیں، بلکہ پلولرسٹک اپروچ کے مطابق دیکھیں گے۔ باقی اپنا اپنا انداز۔
شخصیت اپنی اپنی ہوتی ہے
کوئی ہوتا نہیں کسی جیسا
عمرفاروق
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حیدرقریشی بنام عمرفاروق
Mar 14 at 7:25 PM
محترمی عمر فاروق صاحب
سلام مسنون
آپ کا ۱۴مارچ کا برقی خط ملا،شکریہ۔
آپ نے میرے ۳ مارچ والے ابتدائی خط سے لے کر۱۳ مارچ والے خط تک اختلاف رائے کے حوالے سے میرے خیالات اور میرے خطوط کے ذریعے میرے طرزِ عمل کے باوجود نہ صرف ان ساری باتوں کو نظر انداز کیا ہے،بلکہ ایک بار پھر مجھے ہی برداشت اورآزادیٔ اظہار کا درس دے رہے ہیں۔حالانکہ اس دوران آپ کی کتنی ہی باتوں کے جواب میں میری طرف سے اپنی پرانی تحریروں کے ذریعے آپ پر اپنا موقف واضح کیا گیا۔ایسے مواقع پر دو صورتیں تو بالکل سامنے کی بات لگتی ہیں۔اگر مدلل طور پر آپ کی کوئی بات رد ہو رہی ہے تو آپ کو اس اعتراف کر لینا چاہئے۔اور پھربات کو وہاں سے آگے لے جانا چاہئے۔ دوسرے اگرآپ کے کسی موقف سے ملتی جلتی بات دوسری طرف بھی ہو رہی ہے تو یا تو مشترکہ نکات پرصاد کر لینا چاہئے یا پھردوسرے موقف پرکھل کر بات کرنی چاہئے۔افسوس یہ ہے کہ آپ نے ایسی ہر صورت سے گریز کیا۔ایک موقع پر مجبوراََ آپ کو اعتراف کرنا پڑا تو وہیں آپ کی اپنی ٹالرنس اور پلورسٹک اپروچ دونوں کا بھرم کھل گیا۔یہ سب کچھ مراسلت میں محفوظ ہے۔
حضرت اسماعیل علیہ السلام کے حوالے سے مغربی دنیاکے ایک طبقے کی متعصبانہ رائے بہت پہلے سے میرے علم میں ہے اور میں اس پر اپنا ردِ عمل ۱۹۸۱ء کے مطبوعہ اپنے ایک افسانے’’میں انتظار کرتا ہوں‘‘ میں احسن طور پر دے چکا ہوں۔(یہ افسانہ میرے افسانوی مجموعہ روشنی کی بشارت میں شامل ہے)لہٰذا قریشی حوالے سے اسماعیل احمد ادھم کا نسب انساب والا مضمون میرے لیے کسی نجی رنجش کا باعث کیسے ہو سکتا ہے۔بلکہ اس کی وضاحت مزید کے طور پرمیں نے آپ کو اپنے پانچ مارچ والے خط میں اپنی تین تحریروں کے اقتباس بھیجے تھے۔ اور ان کے آخر میں یہ لکھا تھا:
’’میرا خیال ہے کہ ذات پات کے حوالے سے ہم ایک دوسرے سے زیادہ دور نہیں ہیں۔لیکن ہمارا سوچنے کا انداز قدرے مختلف ضرورہے۔اسماعیل صاحب نے جو کچھ عربوں کے نسب کے حوالے سے لکھا ہے وہ سارا کچھ دنیا کے کسی بھی دوسرے خطے اور کسی بھی قوم پر اس سے کہیں زیادہ منطبق کیا جا سکتا ہے۔ تاہم اس حوالے سے میں اپنے تبصرے میں کچھ عرض کر سکوں گا۔‘‘
آپ نے میرے اس موقف کو بادل ناخواستہ تسلیم کیا لیکن ساتھ ہی استہزائیہ انداز اختیار کر لیا۔یہاں آپ کی ٹالرنس اور پلورسٹک اپروچ کا عملی مظاہرہ ریکارڈ پر آگیا اور پھر آتا چلا گیا۔مجھے افسوس ہے کہ آپ اپنے (محض ترجمہ شدہ،نہ کہ کسی جستجو سے عبارت)دہریانہ افکارکے لیے جس کشادہ قلبی کا تقاضا کرتے ہیں ویسی کشادہ قلبی ملنے کے باوجود آپ خود اپنے نظریے کو کسی فرقہ پرست کی طرح مسلط کر رہے ہیں۔ میرے پیش کردہ ٹھوس جوابوں کونظرانداز کرکے محض اپنی رٹی رٹائی باتیں دہرائے جا رہے ہیں۔حالانکہ جب میرے ساتھ مکالمہ ہے تو دونوں طرف پیش کیے جانے والی باتوں کے ذریعے ہی بات آگے بڑھ سکتی ہے۔مثلاََ پہلی ساری باتیں ایک طرف، ابھی میں نے آپ کے بارہ مارچ کے انگریزی والے خط کا اقتباس دے کر اس کے جواب میں جو کچھ پیش کیا ہے کیا آپ کو اس حوالے سے اپنے لکھے ہوئے الفاظ پر کوئی ندامت محسوس ہوئی؟آپ کو کسی اظہارِندامت کی ضرورت پیش آئی؟
آغا جی کے نام لکھے گئے آپ کے خط کی جو کاپی مجھے بھیجی گئی تھی اس کا عنوان ہی آپ نے یہ لکھا ہوا ہے۔’’ڈاکٹر وزیر آغا کے نام ترسیل نہ ہو سکاایک خط‘‘۔لیکن اب آپ اس حوالے سے میری طرف سے لکھے گئے چند جملوں کا صاف گوئی سے سامنا کرنے کی بجائے کتنا کنفیوزڈ جواب لکھ رہے ہیں۔
’’آغا صاحب کو خط میں نے پوسٹ کر دیا تھامگر آغا صاحب ان دنوں بیمار تھے لاہور میں۔یاشاید خط ان تک ترسیل ہی نہ ہو سکا‘‘۔
کوانٹم فزکس کی جو وضاحت آپ نے کی ہے تو یہ میرے لیے ذاتی طور پر خوشی کا باعث ہے۔میں نے اپنی یادوں کے باب’’روح اور جسم‘‘میں اس حوالے سے جو کچھ لکھا ہے اس کا ایک حصہ یہاں پیش کر دیتا ہوں۔
’’روح کیا ہے؟اس بارے میں دو تصورات پائے جاتے ہیں۔ایک تصور یا عقیدہ کے مطابق حمل ٹھہر جانے کے کچھ عرصہ کے بعد آسمانِ ارواح سے رُوح بچہ میں داخل ہوتی ہے۔جبکہ دوسرے تصور یا عقیدہ کے مطابق رُوح ایک لطیف نُور ہے ، یہ نور نطفہ کے اندر ہی موجود ہوتا ہے اور نطفہ کی نشوونما کے ساتھ مستحکم ہوتاجاتا ہے۔’’اسلامی اصول کی فلاسفی‘‘میں اس پر سیر حاصل بحث موجود ہے اور میرا یہی عقیدہ ہے کہ جسم اور روح لازم و ملزوم ہیں۔ علامہ اقبال بھی فلسفیانہ سطح پر اسی تصور کے قائل تھے۔تشکیل جدید الٰہیات اسلامیہ میں وہ روح اور مادہ کو ایک دوسرے سے الگ نہیں کرتے اور انسان کو ایک ایسی وحدت قرار دیتے ہیں جس کے اعمال و افعال کا مشاہدہ عالم خارجی کے حوالے سے کیا جائے تو اسے بدن کہیں گے اور جب ان کی حقیقی غرض و غایت اور نصب العین پر نظر رکھی جائے تو اسے روح کہیں گے۔عقیدہ اور فلسفہ سے ہٹ کر سائنس میں کلوننگ کے تجربہ سے اس عقیدہ اور تصوّرکی مزید تصدیق ہوتی ہے۔روح ہمارے ہر سیل میںسرایت کئے ہوئے ہے۔‘‘
تو جناب آپ کوانٹم فزکس کے ذریعے جس دیارکی بات کر رہے ہیں،کوانٹم فزکس سے کسی شناسائی کے بغیر بھی میں تو پہلے ہی اسی طرف گھوم پھر رہاہوں۔اب مزیدکیا کہوں؟
ضروری لگتا ہے کہ ہماری ساری خط و کتابت کسی حاشیہ آرائی کے بغیر مکالمہ کے طور پر شائع کر دی جائے۔چلیں کسی کا بھی بھلا نہ ہوادبی طور پر یہ ریکارڈ تو محفوظ ہو جائے گا۔
ہماری صحت یابی کے لیے آپ کی وش کا شکریہ۔اللہ آپ کو بھی صحت وسلامتی سے رکھے۔
والسلام
آپ کا مخلص
حیدر قریشی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اس ای میل کے بعدعمر فاروق صاحب کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا۔سویہ مکالمہ یہیں پرمکمل ہوتا ہے۔قارئین اپنے طور پر جس نتیجہ پر پہنچنا چاہیں،آزاد ہیں۔(ح۔ق)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
http://punjnud.com/Aarticles_detail.aspx?ArticleID
=189&ArticleTitle=Makalmah