معروف شاعر، ادیب، کالم نگار، تبصرہ نگار۔ ڈاکٹر انیس الرحمن (سکھر)
امین جالندھری صاحب حیدر آباد کے معروف بزرگ تخلیق کاروں کی صف میں نمایاںحیثیت رکھتے ہیں۔ افسانہ نگار ہیں اور ان کا قلم فکر و ادراک کے موتی بکھیرتا مسلسل چلتا ہے۔ حرف حرف کہانی سے قبل بھی ان کے افسانوں کا ایک مجموعہ شائع ہو کر پذیرائی حاصل کر چکا ہے۔
امین جالندھری صاحب نے اگست2022ء میں شائع ہونے والے افسانوںکا مجموعہ"حرف حرف کہانی" مطالعے اور تبصرے کے لئے ہمیںارسال کیا جو ہمارے لیے نہایت مسرت کا باعث ہے اور اس کرم فرمائی پر ہم ان کے شکر گزار بھی ہیں۔ حرف حرف کہانی میں ہمارے معاشرے کی ہی عکاسی کی گئی ہے اور یہ عکاسی انتہائی سادہ مگر پر کشش ہے جسے زمان و مکان اور افکار و خیالات کی پیچیدگیوں سے ہر ممکن محفوظ رکھا گیا ہے۔ نہ ہی قارئین کو متاثر کرنے کیلئے پر شکوہ الفاظ اور دلفریب مکالموں کا سہارا لیا گیا ہے اور نہ ہی کرداروں کے حسن و دلکشی سے تحریر کی آرائش و زیبائش کی کوشش کی گئی ہے اور یہی امین جالندھری صاحب کی انفرادیت ہے۔ اگر وہ چاہتے تو حرف حرف کہانی کو ایسا افسانوی ماحول دے سکتے تھے جو اپنا فسوں دیر تک طاری رکھتا لیکن امین جالندھری صاحب نے ہمارے خیال میں قصداً ایسا نہیں کیا اور حرف حرف کہانی میں شامل سب ہی افسانوں کو سادہ اور حقیقت آمیز رنگ میں قارئین کے لئے پیش کر دیا۔
انکے کئی افسانے روحانی دنیا کے اسرار و رموز سے آگا ہ کرتے ہیں جو افسانہ نگار کے دینی و روحانی میلانِ طبع کی جانب اشارہ ہیں تاہم انھوں نے سماج کے دیگر شعبوں کو بھی اپنے افسانوں کا موضوع بنایا ہے ۔ یوں ہم کہہ سکتے ہیں کہ امین جالندھری صاحب کی حرف حرف کہانی مختلف طبقہ ہائے زندگی کے افراد کے رویوں، طرزِ زندگی، مشکلات و مسائل، معاملات و معمولات و واقعات اور اضطراب و افتراق کی سبق آموز کہانیاں ہیں جو بہر حال پڑھنے والوں کی رہنمائی کا سبب ہیں۔
حرف حرف کہانی کے افسانے بس! زندگی کے مطالعے اور مشاہدے کے ترجمان ہیں اور یہی حقیقت ہے۔ ہم امین جالندھری صاحب کو افسانوں کے دوسرے مجموعے کی اشاعت پر دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭