شمارہ:۱،جنوری۔جون۲۰۱۵(سال نامہ )
عالمی شہرت کے حامل مایہ نازپاکستانی ادیب و دانش ور سید منصورعاقل کی ادارت میں رجحان سا ز ادبی مجلے’’ الاقربا‘‘کا نیاشمارہ حسبِ معمول پُوری آب و تاب سے شائع ہو گیا ہے۔ الاقربا اکیسویں صدی کا مقبول اردو مجلہ ہے جس کا قارئین شدت سے انتظار کرتے ہیں۔چار سو بائیس صفحات پر مشتمل الاقربا کا یہ شمارہ نظم و نثر کا ایک ایسا خرمن ہے جو قارئینِ ادب کے ذوقِ سلیم کی تسکین اور اردوزبان کی ثروت میں اضافے کا وسیلہ ثابت ہو گا۔اس بار سبدِ گُل چیں میں ادارتی کلمات ،حمد و نعت،سلا م ومنقبت،تراجم،غزلیات،نظمیں ،مقالات،اقبالیات،تاریخ،عالمی ادب، نقد ونظر ،رباعیات وقطعات یادِ رفتگاں ،گوشہ ڈاکٹر آصف الرحمٰن طارق،انشائیہ،افسانہ،لسانیات اور مراسلات کے عنوان سے نئی تخلیقات پیش کی گئی ہیں۔الاقربا جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہے اور اس کے تمام شمارے ویب سائٹ پر موجود ہیں ۔اس کی برقی ڈاک کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ دنیا بھر کے قارئین اس سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
www.alaqreba.com Email:[email protected]
دنیا کے ممتاز ادیب الاقربا کے قلمی معاونین میں شامل ہیں۔ان کی ابد آشنا تحریریںفکر و نظر کو اس طرح مہمیز کرتی ہیںکہ قاری ایک نئے جہان سے آشناہوتا ہے اور اس کے فہم وادراک پر اس کے دُور رس اثرات مرتب ہوتے ہیں۔فکر و خیال اور جہد و عمل پر مائل کرنے والی تخلیقات سے لبریز یہ مجلہ اپنے مثبت ،اصلاحی اورتعمیری اندازکی وجہ سے منفرد اورممتاز مقام رکھتا ہے۔الاقربا کی مجلسِ ادارت اور مجلسِ مشاورت میںبیرون ملک سے بھی ممتاز ادیبوں کو شامل کیا گیا ہے۔اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے الاقربا کی خدمات کا ایک عالم معترف ہے۔