سوچتے ہیں ڈھلیں گے یہ اندھیرے کیسے
لوگ رُخصت ہوئے اور لوگ بھی کیسے کیسے
چودہ جون 2020ء کی صبح کو جھنگ شہر کے نوجوان رکشاڈرائیور غلام عباس نے کوہِ نداکی صدا سُنتے ہی عدم کے کوچ کے لیے رخت سفر باندھ لیا اور ساتواں در کھول کر کوفے کے قریب ہونے والے عجیب شہرکو چھوڑکریہاں سے بہت دُور اپنی الگ بستی بسا لی۔ دیکھتے ہی دیکھتے طرب زاروں اور صنم خانوں کے دیوانوں کو ارمانوں کی لاش پر بین کرتے دیکھ کر انھیں سمجھانے والا درد آ شنا اچانک چل بسا اور اس سے فیض اُٹھانے والی دنیا دیکھتی کی دیکھتی رہ گئی ۔ وہ خادمِ خلق ہمیں چھوڑ کر وہاں جا پہنچا جہاں پس ماندگان کی آہیں اور کراہیں بھی نہیں پہنچ سکتیں۔ اِس عالمِ آب و گِل میں کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیںجو ماوارائے زماں زندہ رہنے کی خداداد صلاحیت سے متمتع ہوتے ہیں ،غلام عباس رکشا والا ایسا ہی شخص تھا ۔زندگی کی منزل موت کے سو اکوئی اور نہیں لیکن یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ بعض لوگ محض اپنے احباب اور گھرانے کے لیے ہوتے ہیں مگرغلام عباس رکشا والا جیسے یگانۂ روزگار لوگ نہ صرف اپنے معاشرے بل کہ پورے زمانے کے لیے ہوتے ہیں۔ دُکھی انسانیت کی فلاح کے لیے بے لوث خدمات انجام دینے والے ایسے عدیم النظیر خدام کے اخلاق و اخلاص ،بے لوث محبت ،بے باک صداقت ،انسانی ہمدردی اور جذبہ ٔ انسانیت نوازی کو کسی قسم کے وجودیاتی یا علمیاتی بیان کی حاجت نہیں ۔اِن کی دردمندی ،خلوص ،ایثار اور عجز و انکسار ہر حال میں ان کے وقار کا اثبات کرتا ہے ۔قحط الرجال کے موجودہ دور میں قہر درویش ہی زہر در ویش بن گیاہے ان لرزہ خیز کیفیات اور اعصاب شکن حالات میں حرص و ہوس ،محسن کشی ،پیمان شکنی،سفلگی اور خود غرضی کی مہملیت نے جہاں معاشرتی زندگی کو ہلاکت خیزیوں کی بھینٹ چڑھا دیا ہے وہاں درد کے رشتوں کو سمجھنے والے اورایثار کے مظہر سکون ِ قلب کو بھی بارہ پتھر کر دیاہے ۔غلام عباس رکشا والا ایسا خود دار محنت کش تھاجس نے کبھی در ِ کسریٰ پر صدا نہ کی اور نہ ہی کشکول ِ طلب تھام کر سوئے خسرواں جانے کے بارے میں کبھی سوچا ۔وہ یہ بات اچھی طرح جانتا تھاکہ قیصر و کسریٰ کے ایوانوں کے کھنڈرات میں جامد و ساکت پتھروں ،بے حِس مجسموں ،حنوط شدہ لاشوں ،سنگلاخ چٹانوں ،کرگس ،چُغد ،زاغ و زغن اور شِپر کے ضماد کے سوا کچھ بھی نہیں ۔وہ ہمیشہ اِس بات پر زوردیتا کہ اِ س عہد ِ ناپرساں میں شہرِ کوراں کے سب جم و کے اپنی بے بسی اور بے چارگی پر نوحہ کناں ہیں اورگردشِ حالات نے اُنھیں ایام کا مرکب بنا دیا ہے تو ان کی طرف داد طلب نگاہوں سے دیکھنا خود فریبی کے سوا کچھ بھی نہیں ۔ اِس عالمِ آب و گِل کے سرابوں کے عذابوں میں پھنسے شہر ِ کوراں کے بے بصر لوگ اس غلط فہمی میں مبتلا ہیں کہ دولت و ثروت ،سطوت و ہیبت ،جاہ و حشمت ،فہم و فراست ،تدبر و حکمت اور سیات سے دُنیامیں عظمت و رفعت کا حصول ممکن ہے ۔یہ ایک خام خیالی ہے ایسا ہر گز نہیں یہ صر اور صرف کردار ہی ہے جو کسی انسان کو وقار کے ہمالہ کی سر بہ فلک چوٹی تک پہنچاتاہے جسے دیکھ کر وقت کے قیصر و کسریٰ ،دارا و جم اور بہمن و کے بھی اپنا کلاہ کج کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں ۔ سچ تو یہ ہے کہ اپنی دنیا آپ پیدا کر کے اپنی دُھن میں مگن رہنے والا اور عظمت ِ کردار کے منصب پر فائز غلام عباس رکشا والا ایک ایسا شخص تھاکہ جس کے مانندبننے کی تمنا کی جا سکتی ہے ۔
تحریک پاکستان کے دوران حکیم محمد نواز اور اس کے تربیت یافتہ اطبا نے جذبۂ حب الوطنی سر شار ہو کر گھر گھر مسلم قائدین کا پیغام پہنچایا ۔ اپنے ہم خیال ساتھیوں کو لے کر یہ لوگ بڑی بڑی ریلیوں میں شرکت کرتے جس سے لوگوں کے دلوں کو حریتِ فکر اور وطن کی آزادی کے بارے میں ایک تازہ ولولہ ٔ نصیب ہوتا تھا ۔تئیس مارچ 1940کو قدیم جھنگ شہر سے پُر جوش نو جوانوں اور بزرگوںکا ایک قافلہ آزادی کے حق میں نعرے لگاتا ہوا لاہور کے لیے روانہ ہوا۔ نوجوان طلبا ،اساتذہ اور معززین شہرکے اس قافلے میں رانا عبدالحمید خان ، چودھری کرم حسین ،شوکت حیات ،حکیم محمد نواز ،امیر اختر بھٹی، غلا م حیدر ، محمد بخش، احمد یار ملک ، خادم مگھیانوی، کبیر انور ،محمد شیر افضل ،رفعت سلطان،اللہ دتہ ، اللہ داد،رانا سلطان محمود ،غلام علی خان چین ، چودھری دل میر، حبیب سکندر ،مظہر علی ، مظفر علی ، شیر محمد،فضل حسین ، چودھری بشیر احمد ،اللہ دتہ لوہار ،مپال خان ،بہاول ،یارا سازندہ ، بہادرا،چودھری خان محمد ،عبدالغفور ، شہامند ،خادم مگھیانوی ،رجب الدین مسافر،محمد موسیٰ ، مستری سلطان،شیر خان ، غلام فرید، مظفر علی ، محمدیوسف ، امیر خان ،صالح محمد،اسماعیل،منیر خان اور متعد د باہمت ،پر عزم اور حریت ِ فکر و عمل کے مجاہد شامل تھے۔ آزادی کے متوالوں سے بھری ہوئی یہ بس لاہور کے قریب شاہدرہ کے مقام پر مقبرہ جہاں گیر کے سامنے کھجور کے درختوں کے جُھنڈ کے پاس رُکی اور وہاں سے نوجوان ایک جلوس کی صورت میں منٹو پارک (موجودہ اقبال پارک ) کی جانب ہنستے گاتے اور دھمال ڈالتے ہوئے روانہ ہوئے ۔بہاول سازندہ اور یارا سازندہ ڈھول بجا رہے تھے اور ڈھول کی تھاپ پر جلوس کے شرکا اورسب را ہ گیر جھوم کر رقص کر رہے تھے ۔ جلوس کے سب شرکا یہ فلک شگاف نعرہ لگا رہے تھے :
اب تو ایک ہی نعرہ ہے
آزادی حق ہمارا ہے
اس موقع پرجذبۂ آزادی سے سر شار لوگ جب طیب لو ہار ،دیوان احمد الیا س نصیب اور عبدالغنی ظروف ساز کی بر جستہ پنجابی شاعری پر والہانہ انداز میںدھمال ڈالتے ہوئے جب یہ بول الاپتے تو ایسا محسوس ہوتا کہ جبر کے ایوانوں پر لرزہ طار ی ہو گیاہے ۔نو آبادیاتی دور کی نحوست کا خاتمہ یقینی ہے اور غاصب بر طانوی استعمار کے دِن گِنے جا چُکے ہیں ۔
دور غلامی کٹ جاوے گا
ہر مظلوم ہُن ڈٹ جاوے گا
ظالما ! جبر دا مزا تُوں چکھ
شالا تیرا رہوے نہ ککھ
فرمانِ آزادی ایتھے رکھ
اس تاریخی جلسے میںشامل ہونے والے ہر شخص کا یہی کہنا تھا کہ اب ظالم و سفاک غاصب برطانوی استعمار کا جانا ٹھہر گیا ہے ،اب یہ ظالمانہ سامراجی نظام صبح گیا کہ شام گیا ۔خاص طور پر اس جلوس میں شامل حریت ضمیر سے جینے والے آزادی کے پُر جوش متوالوں کی ٹولیوں میں شامل افراد جب بر طانوی استعمار کو مخاطب کر کے للکارتے اور لُڈی ،دھریس ،جھومر اور بھنگڑا ڈالتے ہوئے قدموں کی تھاپ پر زمین کی طرف اشارہ کر کے غیظ وغضب کے عالم میںیہ کہتے کہ استعماری نظام کے آلۂ کار استحصالی عناصر اپنا بوریابستر گول کر کے اپنی راہ لیں اور بر صغیر کے مقامی باشندوں کے گلے سے نوے سالہ غلامی کا طوق نکال کر انھیں اَبھی اور اِسی وقت مکمل آزادی اور خود مختاری کافرما ن دیں تو سب کو اِس بات کا یقین ہو جاتا کہ عوامی اُمنگوں کے اِس بڑھتے ہوئے سیلِ رواں میں بہت جلد بر طانوی استعمار کا تمام کر وفر،قوت و ہیبت اور جاہ و جلال خس و خاشاک کے مانند بہہ جائے گا۔اُس زمانے میںآزادی کے متوالوں کی یہ دِلی تمناآج بھی دلوں کو مہر و وفا کا مر کز بنا دیتی ہے ۔غلام عباس رکشا والا اس بات پر سدا فخر کرتاکہ اُس کے آبا و اجداد نے تحریک ِ پاکستان میں حصہ لیا ۔
قدیم جھنگ شہر اور جدید جھنگ صدر کے وسط میں تاریخی گورنمنٹ کالج ،جھنگ ( قائم شدہ 1926ء )کے شمال میں سرگودھا روڈپر واقع بستی کو صدیوں سے آدھیوال کہا جاتاتھا۔ پس نو آبادیاتی دور میں جب آزادی کی صبح درخشاں طلوع ہوئی تو بھارت سے ترک ِ وطن کر کے ارضِ پاکستان میں قدم رکھنے والے مہاجرین کی آبادکاری بہت کٹھن مر حلہ تھا۔کچھ لوگوں نے تو سرکاری اراضی پر اپنی مرضی سے قبضہ کر لیا اور مکان تعمیر کر کے وہاں بسیرا کر لیا یوںاس بستی کا نام مرضی پورہ پڑ گیا۔کالج چوک سے شمال کی جانب آگے بڑھیں تو جھنگ شہر جانے والی سڑک اور سرگودھا جانے والی سڑک کے درمیان واقع تنگ علاقے میں ایک چھوٹی سی کچی آبادی اور بستی بس گئی ۔اس بستی کا نام مصطفی آباد ہے جہاں زیریں متوسط طبقے کے لوگوں نے قیام پاکستان کے بعد سر چھپانے کے لیے نقد قیمت ادا کر کے سر چُھپانے کے لیے جھونپڑیاں تعمیر کیں ۔رہائشی قطعہ ٔ اراضی کی نقد قیمت اد اکرنے کی وجہ سے یہ بستی اس وقت ’’ نقد پورہ ‘‘ کے نام سے مشہور ہو گئی۔گزشتہ صدی کے ساتویں عشرے میں جدید دور میں بھی پتھر کے زمانے کا ماحول پیش کرنے والی اِس بستی کے ایک چھوٹے سے مکان میں ایک بہت بڑا انسان رہتا تھا۔اس کا نام حکیم محمد نواز تھاجس نے جامعہ ملیہ دہلی کے طبیہ کالج میں ممتاز مسلم لیگی قائد حکیم اجمل خان(1868-1927) سے طبِ یونانی کی تعلیم حاصل کی ۔دریائے چناب میں اگست 1973ء کے وسط میں آنے والے قیامت خیز سیلاب کی طوفانی لہریں جھنگ کی نشیبی آبادیوں اور کچی بستیوں کو خس و خاشاک کے مانند بہا لے گئیں ۔حکیم محمد نواز کا کتب خانہ ،مطب اور مجرب ادویات کے سب سلسلے بھی اس طوفانِ حوادث کی بھینٹ چڑھ گئے ۔کچھ عرصہ بعددردمندوں اور ضعیفوں کا مفت علاج کرنے والا یہ ضعیف مسیحا بھی سیلِ زماں کے تھپیڑوں کی تاب نہ لا کر اپنی دکان بڑھا گیااور چپکے سے کر بلا حیدری کے ایک گوشے میں ڈیرے ڈال لیے ۔
دو سال بعدحکیم محمد نواز کا بیٹا محمد رمضان جو وفاقی حکومت کے محکمہ مواصلات میں ملازم تھاایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گیا۔ تقدیر نے محمد رمضان کے بیٹوں مقصود،یونس ،محبوب اور غلام عباس کی تعلیم و تربیت کی ذمہ داری خانہ داربیوہ کے ناتواں شانوں پر ڈال دی ۔آج سے تیس برس قبل بیوہ کی جو فیملی پنشن بنی اُس میں تو بچوں کے لیے دو وقت کی روٹی فراہم کرنابھی جان جوکھوں کا کام تھا۔ان حالات میں یونس نے تو حجام کا اپنا آبائی پیشہ اختیار کر لیا۔یونس نے جھنگ شہر جانے والی سڑک کے مغربی کنارے بورڈنگ کے سامنے ایک کھنڈر کی بوسیدہ دیوار جو طوفانِ نوح کی باقیات تھی کے سائے میں فٹ پاتھ پرشکستہ کرسی رکھ کر غریب لوگوں کی حجامت کے کام سے رزقِ حلال کمانے کا سلسلہ شروع کیا۔ غبی متشاعر گنوار انتھک نے آلام ِ روزگار کے پاٹوں میں پِسنے والے اِس قانع اور صابر حجام کے بارے میں کہا تھا:
ہو گا کسی دیوار کے سائے کے تلے یونس
کیا کام مشقت سے اُس آرام طلب کو
مقصود نے پولی ٹیکنک کا ڈپلومہ حاصل کیا اُسے ٹیکسلا کی ایک مِل میں فنی تعلیم کے مطابق ملازمت مِل گئی جب کہ محبوب اور غلام عباس نے کرائے پر موٹر سائیکل رکشا چلانا شروع کر دیا۔ بیوگی کی چادر اوڑھ کر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ محمد رمضان کی بیوہ نے اپنے بیٹوں کے گھر بسائے اور گزشتہ برس اپنے مرحوم شوہر کی آخری آرام گاہ کے نزدیک اپنی الگ بستی بسا لی ۔ غلام عباس رکشا والا نے اپنا پیٹ کاٹ کر ذاتی رکشا خریدلیا اور وہ رزقِ حلال کمانے میں انہماک کا مظاہرہ کرتا تھا۔غلام عباس رکشا والا مختلف سکولوں میں زیر تعلیم کم سن طلبا و طالبات کو علی الصبح ان کے سکولوں میں پہنچاتا اور چُھٹی کے وقت اِن طلبا و طالبات کو واپس ان کے گھروں میں لے آتا۔ سہ پہر کے وقت دینی مدارس میں زیر تعلیم بچوں کو ان کی مادر علمی میں پہنچانا اور واپس اُن کے گھروں میں لانا بھی اس رکشا ڈرائیور کے معمولات میں شامل تھا۔ بچوں کے والدین اس کی خدمات کا جو معاوضہ ادا کرتے تھے اُسی سے وہ گزر اوقات کر لیتا اور صبر و شکر سے زندگی بسر کرتا تھا ۔مفلس و قلاش خاندان سے تعلق رکھنے والے اور غریب یتیم بچوں سے وہ کرایہ کی کوئی رقم وصول نہیں کرتاتھا۔ قدرت نے غلام عباس رکشا والاکے دو بیٹے اور ایک بیٹی عطا کی ۔گزشتہ برس اُس کا سب سے بڑا بیٹا جس کی عمر چھے سال تھی عارضہ قلب میں مبتلا ہو گیا۔غلام عباس رکشا والا نے اپنا گھر اور اہلیہ کا زیور فروخت کر کے بچے کا علاج کرایا مگر کوئی اُمید بر نہ آئی اور بچے کی صحت یابی کی کوئی صورت نظر نہ آئی ۔سب تدبیریں اُلٹی ہو گئیں ،کسی دوا نے کوئی کام نہ کیا اور دِل کے اس جان لیوا روگ نے بچے کا کام تمام کیا۔ اس سانحہ نے غلام عباس رکشا والا کو جذباتی طور پر منہدم کر دیا۔وہ اَندرونی طور پر کھوکھلا سا ہو گیا مگر اپنے غم کا بھید نہ کھولتااور صبر و ضبط سے کام لیتے ہوئے بغیر آنسوؤں کے روتا رہتا۔اپنے دادا ،دادی ،والد اور والدہ کو اپنے ہاتھوں سے سپردِ خاک کرنے کے بعدوہ اکثر یہ بات دہراتا کہ کارِ جہاں ہیچ ہے اور زندگی کے تمام راستے جس منزل کی جانب جاتے ہیں وہ موت ہی ہے ۔آب و گِل کے کھیل کو اپناجہاں سمجھنے والوں کو وہ زندگی کے پُر اسرار سفر کے مسافروں کے بارے میں کئی باتیں بتاتا اور زندگی کی حقیقی معنویت کی تفہیم کی سعی کرتا تھا۔اپنے موٹر سائیکل رکشا میں اُس نے طویل سفر کیے وہ علامہ اقبال کا یہ شعر اکثر گنگناتا رہتا:
ہر شے مسافر ہر چیز راہی
کیا چاندتارے کیا مرغ و ماہی
رمزی نامی اُس کا ایک پڑوسی رکشا والاسیاہی وال سے تعلق رکھنے والی عورت قفسہ اور اُس کے گھر میں پروان چڑھنے والی مس بہا بنو کو اپنے رکشا میں بٹھا کر کالا دھن کمانے والے عیاش امرا کے عشرت کدوں میں ہونے والی دعوتوں میں شرکت کے لیے پہنچاتا۔ قفسہ اور مِس بہا بنو کی زندگی اس قدر پر اسرار تھی کہ کوئی بھی ان کو سمجھ نہ سکا۔غلام عباس رکشا والا نے اس معاملے میں کبھی دلچسپی نہ لی مگر رمزی سے جو باتیں سُنیں اُن کے حوالے سے بتایا:
’’ اکتیس سال کی عمر میںہزاروں رومان پرور داستانوں کی رہین مس بہا بنو کو شہر کے عیاش لوگ محافظہ ٔ رومان کہہ کر پکارتے تھے ۔واقفِ حال لوگوں کا کہنا ہے کہ انسانیت کی توہین ،تذلیل اور تحقیر کرنے والی اِس حسینہ کی رعونت نے اس کی اعلا تعلیم پر دبیز پردہ ڈال دیاتھا۔ محافظہ ٔ رومان مس بہا بنو کی ہم جولیاں جو زہرہ کنجڑن کے خاندان سے تعلق رکھتی تھیں اُن کے بارے میں شہر کا رسوائے زمانہ منشیات فروش اور رذیل بھڑو اگنوار انتھک جو نعمت خان کلانونت کا پوتاتھا نہایت ڈھٹائی سے یہ کہاکرتاتھا:
سونا بٹورنے یہ سب نکلیں سُونا کر گئیں دیس
پِیتل بن کے گھر کو پلٹیں تو رُو پا بنے تھے کیس ‘‘
جہاںتک تعلیم کا تعلق ہے اگرچہ غلام عباس رکشا والا میٹرک سے آگے نہ جاسکا مگر اس کا مطالعہ بہت وسیع تھا۔ اس نے قران حکیم کا ترجمہ کے ساتھ مطالعہ کیااور حدیث کی کتب سے بھی استفادہ کرتا رہتا تھا۔ وطن عزیز کے طول و عرض سے میرے پاس جو اعزازی ادبی رسالے ڈاک کے ذریعے آتے جب میں ان کا مطالعہ کر لیتا تو وہ مجھ سے یہ رسائل مستعار لے جاتا۔ایک ہفتہ مطالعہ کرنے کے بعد وہ مجھے رسائل واپس پہنچا دیتا۔اس کے ساتھ ہی رسالے میں شائع ہونے والی تحریروں پر اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے محاسن بھی بتاتا تھا۔اُس کی باتیں سُن کر میں حیرت زدہ رہ جاتا کہ کم تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود وہ ادب کا حقیقی پارکھ تھا۔ پوٹھوواری ہندکو زبان کے صوفی شاعر میاں محمد بخش( 1830-1907) کی تصنیف سیف الملوک کے بہت سے اشعار غلام عباس رکشا والا کو زبانی یاد تھے ۔اُس کے ساتھ سفر کرنے والے احباب سفر کے دوران میں علمی و ادبی گفتگو جاری رکھتے اور وہ اُن باتوں کو گرہ میں باندھ لیتا۔ایک مرتبہ محافظہ ٔ رومان مس بہا بنونے سفر کے بارے میں رمزی اور غلام عباس رکشا والا کو بتایا:
’’ میری زندگی توحرص و ہوس اور حُسن و رومان کے ہیجان کے کبھی نہ ختم ہونے والے طوفانی سفر کی نذر ہو گئی ہے ،صبح ہوتی ہے شام ہوتی ہے زندگی حرص و ہوس کے اِسی پیہم سفر میں تمام ہوتی ہے ۔خارزارِ حیات میں سفر شرط ہے،اس شہر میںہر جگہ ہزاروںمسافرنواز شدت سے حسن و جمال کے جلووں کے منتظر رہتے ہیں ۔ میرا دِل اُٹھتی جوانی کے سنگ سنگ چلنے کے ڈھنگ، عجائبات ِ اُمنگ اور من کی ترنگ کا خزینہ ہے۔لال کنور،زہرہ کنجڑن اور ادھم بائی کو کیا معلوم تھا کہ ان کے بعد محافظہ ٔ رومان مس بہا بنو کا دور آئے گا جس میں نہ کمبل ہوں گے نہ کمبل پوش اس کے ساتھ ہی عجائبات فرنگ کی قدامت کا طلسم بھی میرے طویل سفر کے سامنے ماند پڑ جائے گا ۔آنے والا دور محافظہ ٔ رومان مس بہا بنو کے حیرت کدہ ٔ ہیجان کے طوفانی سفر کے بیان کے احوال کا باب ہو گا۔ ایک سیاح کی حیثیت سے زرومال اور نئی دنیا کی تلاش میں نگری نگری پھرنے کے بعد ہر قلو پطرہ کا سانس پھول جاتاہے اور ہرپر ی چہرہ کو اپنے ہی ٹھکانے کا رستہ بھی بھول جاتاہے ۔ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی سخن فروش سے ’’ حنظل میری منزل ‘‘کے نام سے میں بھی اپنی سیر و سیاحت پر مبنی ایک سفر نامہ لکھواؤں گی جس میں میری زندگی کے صبر آزماسفر کااحوال شامل ہو گا ۔‘‘
یہ ایک مسلمہ صداقت ہے کہ مسافر اور سیاح میں بہت فرق ہے۔مسافر جب سفر پر نکلتاہے تو اس امر سے بے خبر ہوتاہے کہ سیکڑوں دورِ فلک جو آنے والے ہیں وہ اُسے سفرکے مراحل میں کیا کیا مناظر دکھانے والے ہیں ۔وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ زندگی کا سفر تو اُفتاں و خیزاں کٹ ہی جاتاہے مگر مسافر کا پورا وجود کِرچیوں میںبٹ جاتاہے ۔سیاح پہلے سے طے شدہ منصوبے کے مطابق اپنے پسندیدہ مقامات تک پہنچتاہے اور اپنی توجہ انھیں مقامات پر مرکوز رکھتاہے ۔مسافر کو مقامات کے ترک و انتخاب کا کوئی اختیار ہی نہیں ۔ اب ’’ لکھوانا ‘‘ اور ’’ لکھنا ‘‘ ایسے الفاظ ہیں جو توجہ طلب ہیں۔خود لکھنے کے لیے اپنے ذاتی تجربات ،مشاہدات اور مطالعہ ٔ کائنات کو زیب ِ قرطاس کرتے وقت جگر کا خون دینا پڑتاہے جب کہ لکھوانے کے لیے شہرِ کوراں کے کسی مکین کو محض جھانسہ دینا ہی کافی ہے ۔ لفظ کی حرمت کو پامال کرنے والے سخن فروش یہ بات بھول جاتے ہیں کہ دنیا بھر میں تخلیقی الفاظ کو ادیب کی معنوی اولاد کی حیثیت سے دیکھا جاتاہے ۔اپنی تخلیقات کا سودا کرنا دراصل اپنی اولاد کی نیلامی کرنے کے مترادف ہے ۔ کنویں کے مینڈک کو کھیتوں اور کھلیانوں کی ہریالی کا حال کیسے معلوم ہو سکتاہے ۔ محافظہ ٔ رومان مس بہا بنو کی بے سروپا گفتگو سُن کر غلام عباس رکشا والے نے کہا :
’’ واہ !یہ سیاحت اور سفرنامہ نگاری کی بات بھی خوب رہی ’’ حنظل میری منزل ‘‘ تصنیف و تالیف کا خیال دِل میں لانے سے پہلے دامن اور بندِ قبا پر نظر ڈلنا ضروری ہے۔ حریصانہ عزائم سے اپنا دامن بچاتے ہوئے میں دِل کا کشکول تھام کر جہاں بھی جاتاہوں وہاں سے یادوں کی سوغات لے کر واپس آتا ہوں ۔ میں خارزارِ حیات کا ایسا آبلہ پامسافر ہوں جسے منزلوں کی جستجو میں خجل ہونے کی فرصت ہی نہیں۔میری آنکھیں جو مناظر دیکھتی ہیں میں اُنھیں اپنے ذہن میں محفوظ کر لیتاہوں اور اس کے بعد مناسب وقت پر اُن کی یادوں کے سحر میںکھو جاتاہوں ۔ پانچ سال پہلے پروفیسر حاجی محمد ریاض نے میرے ساتھ سفر کیا ۔ان کے ساتھ شیخ ظہیر الدین، شفیع ہمدم ، گدا حسین افضل ،احمد بخش ناصر ،حاجی حافظ محمد حیات اور بشارت خان بھی تھے ۔ اُنھوں نے اپنی گفتگومیں یہ واضح کر دیاکہ اُردومیں سفرنامہ کی قدامت اب محمد یوسف کمبل پوش حیدرآبادی کے عجائبات فرنگ ( 1848ء )سے بہت پیچھے تک جا پہنچی ہے ۔ محمد یوسف کمبل پوش حیدرآبادی سے بہت پہلے مہاراشٹر کے شہر اَچل پور ( Achalpur)کے مکین اور کہنہ مشق شاعر شاہ غلام حسین چشتی کا اٹھاسی اشعار پر مشتمل منظوم سفرنامہ ’’ منزل ‘‘ موجود ہے ۔ ہر وہ بروٹس جس کی منزل ہی حنظل ہو اُس کی تلخ نوائی کا شکوہ فضول ہے ۔شاہ غلام حسین چشتی نے اَچل پور سے اورنگ آباد تک کا تین سو پچھتر (375) کلو میٹر کا یہ سفر اپنی بیل گاڑی پر بیٹھ کر کیا۔ شاہ غلام حسین چشتی نے عقیدتوں کا یہ سفر اپنے پیر و مرشد شاہ اسماعیل کے روحانی پیشوانظام الدین اورنگ آبادی کی خدمت میں حاضر ہو کر اُن سے فیض حاصل کرنے کی خاطر کیا۔ اس یادگار سفر کا احوال ان کی زندگی کے سفر ( 1705-1785)کی یادوں ،عقیدتوں کی کیفیات اور گردش ِایام کے حوالوں کو سامنے لاتاہے ۔
راہ اِس شہر کی پہاڑی ہے
جنگل اُوپر تمام جھاڑی ہے
مجھ دِل میں بسی ہے پِیر کی یاد
سینے کا نگر ہوا ہے آباد ‘‘
اُجرتی بد معاش، نو دولتیا ،بھڑوا اور پیشہ ور ٹھگ انواری پنڈورا جو محافظہ ٔ رومان مس بہا بنوکے ذاتی محافظ اور کاروباری معاملات کے نگران کے طور پر ہر وقت اِس اعلا تعلیم یافتہ حسینہ کے ساتھ رہتا تھاوہ ہرزہ سرا ہوا:
’’ ایک سیاح کی حیثیت سے محافظہ ٔ رومان مس بہا بنوکے طویل سفر ماضی کے سب سیاحوں کی صحرانوردی پر بھاری ہیں ۔بڑے بڑے سگھڑ اور سیانے لوگوں نے اپنی متاعِ زیست محافظہ ٔ رومان مس بہا بنوکے قدموں میں ڈھیر کر دی ۔ عالم مستی میں بند قبا سے بے نیاز رہتے ہوئے اِس کی ہم جولیوں نے اپنے حسن و جمال،عشوہ و غمزہ و ادا کے جلوے دکھا کر ہزاروں نوجوانوں کو اس حال تک پہنچایا کہ کچھ الم نصیب تو دیوار ِ قہقہہ کے ساتھ لگے پورے معاشرے کی نگاہ میں تماشا بن گئے ۔ باقی ماندہ اَجل گرفتہ نوجوان قلعۂ فراموشی کی اَسیری میں متاعِ ہوش و خرد سے محروم ہو گئے اور در بہ در اور خاک بہ سرپھرتے دیکھے گئے۔ قفس جانم کے اس مہ نخشب کی چکا چوند سے ہزاروں نوجوان بصارت کھو بیٹھے اور اب مقدر کی تاریکیوںمیں ٹامک ٹوئیے مارتے اور جوتیاں چٹخاتے پھرتے ہیں۔‘‘
غلام عباس رکشا والا نے انواری پنڈورا کی باتیں سنیں تو اس نے ترکی بہ ترکی جواب دیا:
’’ تمھارا کشکول ہوش و خرد سے خالی ہونے کے باوجود ہر وقت چھلکتا ہی رہتاہے تم خسیس ہو اس لیے صبح و مسا خرافات بَکنا ہی تمھارا معمول بن گیا ہے ۔ وہ دِن دُور نہیں جب قفس جانم کے مہ نخشب کو گہن لگ جائے گا اور محافظہ ٔ رومان مس بہا بنو کے سب ابن الوقت مداح ایسے غائب ہو جائیں گے جیسے گدھے کے سر سے سینگ ۔قدیم زمانے کے سیاح نئے زمان و مکان کی جستجو کرتے تھے ۔ محافظہ ٔ رومان مس بہا بنو کی ہم جولیوں نے اپنے ضمیر کو نیلام کر کے زرومال کی لُوٹ کھسُوٹ کو وتیرہ بنالیا ۔ایسے ننگ ِ انسانیت درندے تو زمین کا بوجھ بن جاتے ہیں ۔یہ سب کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں کی گرفت میں آنے والے ہیں۔ نحوستوں کے زاغ و زغن،ذلتوں کے کرگس اور حقارتوں کے بُوم و شِپر ہی تم جیسے چو ر محل کے مشکوک نسب کے مکینوں کی پہچان بنیں گے ۔ میں نے دو عشرو ںتک اِس شہر نا پرساں کے شعرا، ادیبوں ،نقادوں افسانہ نگاروں ،فلسفیوں ،صداکاروں ، اداکاروں ،کارندوں ، سازندوں ،مزدوروں اور مجبوروں کی محفلوں میں شرکت کی ہے۔ یہ سب لوگ زندگی بھر مطالعہ کائنات ،تحقیق و تنقید ،تخلیق ادب اور اصلاح معاشرہ کی فعالیتوں میں انہماک کا مظاہرہ کرتے ہیں اور خون بن کر رگِ سنگ میں اُتر جانے کے لیے ہاتھ پاؤں مارنے میں جی کا زیاں کرتے رہتے ہیں ۔ اس شہر سدا رنگ اور اس کے مضافات کے چپے چپے سے میں واقف ہوں ۔ مسافروں کے ہمراہ اپنے رکشا پر طویل مسافت طے کرنے کے بعد میں اِس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ رشید چوک ہو یا مجاہد چوک ،ٹھٹھ جھبھانہ ہو یا ملھوآنہ ،کھوکھا چوک ہو یا آدھیول چوک ،اکڑیاں والا ہو یا مکوڑیاں والاوادیٔ خیال میں مستانہ وار گُھومنے والے سدا ایک ہی راستے پر گامزن رہنے میں سکون محسوس کرتے ہیں ،یہ ایسا راستہ ہے جو منزل سے نا آشنا ہے ۔انسانی فکر نظر کی نارسائی کا المیہ یہ ہے کہ جسے منزل قرار دیا جاتاہے وقت ثابت کر دیتاہے کہ وہ سراب کے سوا کچھ بھی نہیں ۔یہ را زاُس وقت کُھلتاہے جب پُلوں کے نیچے سے پانی گُزر چکاہوتاہے ۔فکر و خیا ل کی یہی تہی دامنی راہ گم کردہ مسافروں کو اس دنیا کے آئینہ خانے میں تماشا بنا دیتی ہے ۔ ‘‘
شہر کے ایک ضعیف معلم بشیرکے ساتھ غلام عباس رکشا والا نے درد کا رشتہ استوار کر ر کھا تھا۔ سسلین مافیا کی پروردہ کالی دیوی کی پجارن کالی زبان والی اور سبزقدم بیوہ قفس جانم کے بارے میں مشہور تھا کہ وہ اپنی پروردہ حسینہ محافظہ ٔ رومان مس بہا بنوکی منگنیاں کر اکے خوب لُوٹ مار کرتی ہے ۔ جب محافظہ ٔ رومان مس بہا بنو کی شادی کی تاریخ قریب آتی ہے تو رشتے کے خالص دودھ میں خود ساختہ بدگمانیوں اور شکوک و شبہات کی مینگنیاں ڈال کر آنکھوں پر ٹھیکری رکھ لیتی ہے ۔ضعیف معلم بشیر کے ساتھ بھی مقدر نے عجب کھیل کھیلا چھے جولائی دو ہزار سترہ کو اُس کا نو جوان بیٹااُسے داغ ِ مفارقت دے گیا۔اس صدمے نے جگرفگار ضعیف معلم بشیرکو زندہ در گور کر دیا۔بیوہ قفس جانم اور محافظہ ٔ رومان مس بہا بنوموقع کی تاک میں تھیں ۔اس بار انھوں نے ضعیف معلم بشیر کو اپنے جال میں پھنسالیااور بتیس سالہ محافظہ ٔ رومان مس بہا بنو کی منگنی ضعیف معلم کے بیس سالہ بیٹے سے کردی ۔ ضعیف معلم بشیر کا یہ نوجوان بیٹا ابھی لاہو رکی ایک جامعہ میں ویٹرنری کی تعلیم حاصل کر ر ہاتھا۔پہلے تو سسلین مافیا نے ضعیف معلم بشیرکی متاعِ علم پر ڈاکہ ڈالا اور ’’ دکنی اور موجودہ اُردو زبان کے افعال کا تقابلی جائزہ‘‘ کے موضوع پر لکھا گیا مقالہ ہاتھ کی صفائی دکھا کر جدید ترین لیپ ٹاپ سمیت اُن کے گھر سے اُچک لیا۔ اس کے بعد یہی مقالہ محافظہ ٔ رومان مس بہا بنو نے اپنی ا یم فل ( اردو ) کی سندی تحقیق کے موضوع سال (2015-2017) کے لیے ایک مقامی جامعہ میں پیش کردیا ۔ محافظہ ٔ رومان مس بہا نے جسارتِ سارقانہ کے باوجود جھوٹا حلف اُٹھا کر یہ مقالہ ایک مقامی جامعہ میں پیش کر کے ایم ۔فل ( اردو ) کی ڈگری بٹور لی اور ملازمت مِلتے ہی آنکھوں پر ٹھیکری رکھ لی ۔فصلی بٹیروں اور مرغان ِ باد نما نے اِس جعلی منگنی کی آڑ میں ضعیف معلم سے سب زرومال اور اندوختہ بھی ہتھیا لیا۔ ضعیف معلم بشیر کے گھر میں جھاڑو پھیرنے کے بعدپچیس اپریل دوہزار بیس کو سسلین مافیا نیا جال لے کر کسی نئے شکار کو پھانسنے کے لیے نکل پڑا۔ اس سسلین مافیا نے اپنی لُوٹ مار سے شہر کے سیکڑوں گھر بے چراغ کر دئیے ۔ سسلین مافیا کی طرف سے کی جانے والی اس شقاوت آمیز نا انصافی، سفاکانہ محسن کشی ، صریح جھوٹ ،دغا بازی ،سرقہ ،پیمان شکنی اور ٹھگی پر ضعیف معلم کا چچا زاد بھائی ناصر علی اوراس کی بہن کلثوم تڑپ اُٹھے اور علی الترتیب یکم جون و دو جون دو ہزار بیس کو اِس دھوپ بھری دنیا سے چل بسے ۔سسلین مافیا کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم پرغلام عباس رکشا والا بہت دِل گرفتہ تھا۔ وہ مظلوم معلم بشیر کی خاطر انصاف کے لیے دستک دینے کی شدیدتمنا رکھتا تھا۔ چودہ جون دو ہزار بیس کو اِن چڑیلوں اور ڈائنوں نے اِس خادم خلق اور حریت فکر کے مجاہد کو بھی نگل لیا ۔ یہ خورشید جمال مزدور سفاک ظلمتوں میں زندگی کی رمق چھوڑ کر ردائے خاک اوڑھ کر ابدی نیند سو گیا۔ حریتِ ضمیر سے جینے والوں کواس کی یادوں کی شفق ہر عہد میں ایک ولولۂ تازہ عطاکرتی رہے گی ۔ حصول ِ رزق حلال کے لیے خون پسینہ ایک کرنے والامحنت کش کارِ جہاں کو ہیچ سمجھتے ہوئے یہ کہہ کر یہاں سے رخصت ہو گیا۔
اَب نہیں فرصت مجھے بھی رِزق کے ہنگام سے
ہو سکاتو پِھر مِلیں گے خواب میں آرام سے ( افراسیاب کامل )
ضعیف معلم بشیر کی کشتیٔ جاں جو پہلے ہی طوفانِ حوادث کے گرداب میں پھنس گئی تھی ،اِس الم ناک سانحہ کے بعد وہ اپنی تیرہ و تاریک دنیا کے تصور سے لرزاُٹھا ۔ ہجوم غم سے گھبرا کر اور مصائب و آلا م کی تیراندازی سے توجہ ہٹانے کے لیے ضعیف معلم بشیر گھر سے باہر چل نکلا ۔ عالم تنہائی میں سوچتے سوچتے وہ اِس نتیجے پر پہنچا کہ کواکب بھی بازی گروں اور شعبدہ بازوں کی طرح ہمیشہ اپنی اصلیت چُھپا لیتے ہیں اور دیکھنے والے سادہ لوح افراد کی آ نکھوں میں دُھول جھونکنا اُن کی فطرت ہے ۔ اس نے آہ بھر کر اپنے بارے میںکہا کہ اب اِس چراغِ سحری کا کیا بھروساہے ۔ سمے کے سم کے ثمر سے بوکھلا کر وہ تزکیہ نفس کی خاطر گھر سے کچھ دُور تریموں ہیڈ ورکس کی طرف نکل گیا۔ بیس برس پہلے جب وہ دریائے چناب کے کنارے پُر فضا مقام پر واقع گاؤں لشاری کے سکول میں تدریسی خدمات پر مامور تھا تو ہر سال سردیوں میں اپنے مرحوم بیٹے سجاد حسین کے ہمراہ اکثر تریموں کے مقام پر دریائے جہلم اور دریائے چناب کے سنگم سے نکلنے والی رنگ پور نہر کے کنارے آ نکلتا تھا۔ یہاں کی تازہ دریائی مچھلی کے کباب سجاد حسین کو بہت پسند تھے ،وہ پرانی یادوں میں کھو گیا۔قزاقِ اجل نے اِس ضعیف معلم کے معمولاتِ زندگی کو اِس بے دردی سے درہم بر ہم کر دیا کہ پھر اِن کا واپس آنا ممکن ہی نہ رہا۔ اُس نے مجید امجد کی نظم ’’ توسیع شہر ‘‘ کے یہ اشعار پڑھے تو اِس مانوس اجنبی کی پریشاں حالی و درماندگی کو دیکھ کر وہاں موجود سب لوگ دھاڑیں مارمارکر رونے لگے :
آج کھڑا میں سوچتاہوں اِ س گاتی نہر کے دوار
اِس مقتل میں صرف اِک میری سوچ لہکتی ڈال
مُجھ پر بھی اَب کاری ضرب اِک اے آدم کی آل
درد مندوں ،بیماروں ،ضعیفوں اور ناداروں کی بر وقت مدد کے لیے غلام عباس رکشا والا نے اپنا موبائل فون کا رابطہ نمبر سب کو دے رکھا تھا۔ اِدھر کسی کا ٹیلی فون آیا اور اُسی وقت غلام عباس رکشا والا اپنی منزل کی جانب روانہ ہوا۔شادی بیاہ کی تقریبات میں بھی لوگ اس کے رکشے پر سوار ہو کر دعوت ِ طعام میں شرکت کرتے ۔ایسے مواقع پر وہ ہمیشہ انا اور خودداری کا بھرم برقراررکھتااور مفت خوری سے اپنا دامن بچاتا۔ رکشا سٹینڈ پر کام کرنے والا عادی دروغ گو ،پیشہ ور ٹھگ اور بدنام منشیات فروش تشفی کنجڑا بھی اکثر اپنے رکشے میں دعوت میں شامل ہونے والے براتیوں کو لے کر پہنچ جاتا اور اپنے ندیدہ پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے مفت خوری میں شامل ہو جاتا۔ اپنی خِست و خجالت کی وجہ سے تشفی کنجڑا اس قدر رسوا تھا کہ اس گھرانے کا مطبخ بھی آ ب دار خانے اورقحبہ خانے کا منظر پیش کرتا تھا۔اس مفت خور لیموں نچوڑ کے گھر کے مطبخ سے اگربرسوں کے بعد کبھی اچانک دُھواں اُٹھتا تو پڑوسی فوراً فائر بریگیڈ کے عملہ کو فون کر کے آتش زدگی کے سانحہ کی اطلاع دیتے ۔تھوڑی دیر کے بعد جب آگ بجھانے والا عملہ پورے انتظامات کے ساتھ آگ بجھانے کے لیے پہنچتاتو یہ متفنی ہنہناتا ہو ا باہر نکلتا اور کفن پھاڑ کر یوں ہرزہ سر اہوتا:
’’ میرے گھر میں نہ تو کوئی دیا ہے اور نہ ہی سلائی اس لیے آج منھ اندھیرے میں اپنے گھر سے نکلا اور گلی کے نانبائی سے مٹی کے گھڑے کی ٹھیکری میں چند دہکتے انگارے مانگ کر لایا ۔میں نے دِل پہ جبر کرکے اپنے گھر کے آ نگن میںایک سال تک جمع ہونے والے کوڑا کرکٹ کوسپردِ آتش کیا ہے ۔‘‘
اِس اَبلہ کی یہ بات سُن کر آگ بجھانے والا عملہ بُڑ بُڑاتا ہوا واپس روانہ ہوگیا۔فائر بریگیڈ کے عملے کے سر براہ نے تشفی کنجڑے سے کہا :
’’تمھارے گھر کے در وبام پر نحوستوں کے زاغ و زغن ،ذلتوں کے کرگس اور حقارتوں کے بُوم و شِپر منڈلاتے دیکھ کر یقین ہو گیا کہ سو پشت سے تمھار ا آبائی پیشہ قحبہ گری ہی ہے ۔تمھاری خالی کھوپڑی ایسے کاسۂ خالی کے مانند ہے جو وقت بے وقت سدا چھلکتا ہی رہتاہے تم رسوائے زمانہ خسیس ہو اس لیے واہی تباہی بکنا تمھارا وتیرہ ہے ۔‘‘
تشفی کنجڑاجب غلام عباس رکشا والا کو شادی بیاہ کی دعوتوںکے طعام میں اپنے ساتھ شامل کرنے کی بات کرتا تو وہ صاف انکار کر دیتا اور کہتا:
’’ ولیمہ کی دعوت میں شریک ہونے والوں کی کئی قسمیں ہیں ۔ان میں سے ایک تو براتی ہیں جنھیں دعوت میں شرکت کے لیے بُلایا جاتاہے جو صبر و سکون کے ساتھ کھانا کھا کر اپنے خالق کا شکر اور میزبان کے حق میں دعا کرتے ہیں۔دوسرے مضافاتی اور چپڑ قناتی ہیں جو طعام کی بِھنک پڑتے ہی بِن بلائے آ دھمکتے ہیں اور یہ جان لیتے ہیں کہ میزبان یہیں طعام کے خیمے طناب کرتے ہیں۔وہ نہایت ڈھٹائی سے مفت میں کھانا ڈکار جاتے ہیں۔ اس قسم کی دعوتوں میں شامل ہونے والے ایک اور گروہ کو خراباتی کہتے ہیں یہ پیٹو اور لالچی جس میزبان کا لذیذ طعام کھاتے ہیں اُسی کے خلاف زہر اُگلتے ہیں ۔یہ نا شکرے جس تھالی میں کھاتے ہیں اُسی میں چھید کرتے ہیں اور کھانوں میں فرضی خرابی کا احوال بیان کرکے اپنی باطنی خباثت کا بر ملا اظہار کرتے ہیں ۔ اس قسم کی دعوتوں کے مزے اُڑانے والے ایک اورگروہ کو خیراتی کہا جاتاہے ۔ شادی کی دعوت کے اختتام پرجو کھانا بچ جاتاہے اُس میں سے کچھ کھانا تو خیراتی لے جاتے ہیں ۔ اس کے بعد بھی جو کھانا بچ جاتاہے شاطر میزبان حاتم طائی کی قبر پر لات مارتے ہوئے اُسے ضائع کرنے کے بجائے التفاتی پڑوسیوں کے گھر بھجوا دیتے ہیں تا کہ وہ خلاف توقع ریگستانی صحرا سے ٹپکنے والی شبنم کی اس بُوند کو دیکھ کر اُن کی موہوم دریادلی کے قائل ہوجائیں ۔ التفاتی پڑوسیوں کے گھر پہنچایا جانے والا پلاسٹک کے لفافوں میں بندھا یہی طعام شام کے بعد اپنی اصلی حالت میں کوڑے کے ڈھیر پر پڑا دکھائی دیتاہے ۔ کُوڑے کے عفونت زدہ ڈھیر کے پاس لیٹے گزر اوقاتی افیونی یہی لفافہ یہاں سے اُٹھا لیتے ہیں اور پیٹ کا دوزخ بھر لیتے ہیں ۔ اِس کے بعد ہیہاتی گروہ ہے جو طعام کا کھانا اپنے مکر کی چالوں سے اُچک لیتاہے ۔یہ گروہ زمین کا بوجھ بن کر جب چلتاہے تو دو طرفہ ندامت ،اہل شہر کی لعنت و ملامت اورپھٹکاراِن کا تعاقب کرتی ہے ۔ اب یہ فیصلہ کرنا تمھارا کام ہے کہ تم دعوتیں اُڑانے والے کس گروہ سے تعلق رکھتے ہو ؟‘‘
تشفی کنجڑا جوبے غیرتی اور بے ضمیری کی بوسیدہ گُدڑی اوڑھ کر بیٹھا یہ باتیں سُن رہا تھاخالی کھوپڑی کو کھجاتے ہوئے بولا :
’’ جہاں تک میرا تعلق ہے میں براتی ، خیراتی ،چپڑ قناتی و مضافاتی،گزر اوقاتی اور التفاتی تو ہر گز نہیں البتہ مجھے خراباتی اور کسی حد تک ہیہاتی کہا جا سکتاہے ۔ ‘‘
انسان شناسی میںغلام عباس رکشا والا اپنی مثال آپ تھا۔ چند برس قبل کی بات ہے سیاہی وال سے تعلق رکھنے والے رمضو ٹھگ ،نائکہ تفسو اور طوائف و رقاصہ مصبو نے اس علاقے میں لُوٹ مار کی انتہاکر دی۔ بہرام ٹھگ کے خاندان سے تعلق رکھنے والے اس مافیا کے اسلاف نے اٹلی کے شہر سسلی سے سال 1890ء میں اپنے قبیح دھندے کا آغاز کیا۔ نائکہ تفسو نے منشیات کے پھندے اور قحبہ خانے کے گور کھ دھندے سے شہر کے کئی نوجوانوں کے گھر ویران کر دئیے ۔ کریہہ بھڑوارمضو اور خون آشام ڈائن نائکہ تفسو اپنی پروردہ طوائف و رقاصہ مصبو کے حسن و جمال اور ناز و اد ا کی جھلک دکھا کر نودولتیوں کو چُلّو میں اُلّو بناتے اوران سے آبائی میراث بٹور لیتے تھے ۔غلام عباس رکشا والا جب ان الم نصیبوں اور جگر فگاروں کو ہانپتا اور تھر تھر کانپتا دیکھتا تو تڑپ اُٹھتا اور انھیں اس آفتِ نا گہانی سے بروقت متنبہ کر دیتا۔رمضو ٹھگ کے چنگل میں پھنسنے والے رفیق نامی ایک نوجوان نے غلام عباس رکشا والا کو بتایا کہ رمضو ٹھگ ، نائکہ تفسو اور طوائف و رقاصہ مصبو سدا اُس کے خلاف زہر اُگل کر اپنے غصے کا اظہار کرتے ہیں ۔ کالی دیوی کی پجارن ، کالے جادو اور سفلی علوم کی ماہر نائکہ تفسو جب کسی کے پیچھے پڑ جائے تو حالات بہت سنگین ہو جاتے ہیں۔ یہ باتیں سُن کر غلام عباس رکشا والا نے آہ بھر کر کہا :
’’ یہ سسلین مافیا سفاک اُجرتی بد معاشوں پر مشتمل ہے ۔انھوں نے کان کاٹنے ،ناک کاٹنے ،سر کے بال کاٹ کر ٹِنڈ کرنے ،بازو توڑنے ،ٹانگ توڑنے ،چہرے پر تیزاب پھینکنے ، نقب زنی ،چوری ،ڈاکہ ڈالنے ،پیٹھ میں چُھرا گھونپنے اور جان سے مارنے کا معاوضہ مقرر کر رکھاہے ۔ رفیق ! تم اِن سے بچ کر ر ہو ورنہ زندگی بھر کا پچھتاوا تمھیں لے ڈُوبے گا۔مجھے اچھی طر ح معلوم ہے کہ اس مافیا سے تعلق رکھنے والے سب کے سب ٹھگ مجھے نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں مگر یہ بات کبھی نہ بھولنا کہ کل نفرتوں اور حقارتوں کی تیرندازی کا نشانہ وہ خود بھی بن سکتے ہیں۔‘‘
اللہ کریم نے غلام عباس رکشا والا کوذوقِ سلیم کی فراواں دولت سے نوازا تھا۔تلاوت ،حمد ،نعت اورقوالی کوغلام عباس رکشا والا بہت پسند کرتاتھا۔اس کے موبائل فون کے میموری کارڈ میں قاری عبدالباسط محمد عبدالصمد ، منیبہ شیخ ،مظفر وارثی ،اُم حبیبہ ، قاری وحید ظفر قاسمی اور فصیح الدین سہروردی کی آواز میں کلام محفوظ تھا۔اس کے پڑوس میں ہر سال پہاڑے شاہ کے مزار پر عرس کی تقریب میں قوالی کی محفل کااہتما م ہوتا تھا۔غلام عباس رکشا والااس محفل میں شرکت کرتا ،لنگر کھاتا اور قوالی کرنے والوں کو جی بھر کر داد دیتا تھا۔ حاجی غلام فرید صابری ،حاجی مقبول صابری اور عزیز میاں قوال کی قوالی کا وہ دلدادہ تھا۔ اُسے کلاسیکی مو سیقی بہت پسند تھی ،پٹھانے خان ، اُستاد برکت علی ، خمیسو خان ،سائیں اختر حسین ،اُستا د جُمن ،فیض محمد بلوچ ،عالم لوہار ،مائی بھاگی ،ریشماں ، اور عنایت حسین بھٹی اس کے پسندیدہ گلوکار تھے ۔شادی بیاہ کی تقریبات میں خواجہ سرا ؤں اور طوائفوں کے رقص کو وہ سخت نا پسند کرتا تھا۔اس قسم کی محفلوں میں عریانی، عیاشی ،فحاشی،بے حیائی اور مے نوشی کو وہ کالا دھن کمانے والوں اور نو دولتیے سفہا اور اجلاف و ارذال کی احمقانہ اور بد بختانہ بے ہودگی پر محمول کرتا تھا۔محفل موسیقی کی آ ڑ میں معاشرے میں عریانی اور فحاشی پھیلانے والے مشکوک نسب کے درندوں سے اُسے شدیدنفرت تھی ۔ لوک داستانوں میں سے وہ ہیر رانجھا ،سسی پنوں ، شیریں فرہاد ، رستم سہراب اور لیلیٰ مجنوں کو پسند کرتا تھا۔دیہاتی میلوں میں تھیٹر اور سرکس کے کھیل دیکھ کر وہ بہت خوش ہوتا تھا۔
اپنے اساتذہ کے بارے میں غلام عباس رکشا والا ہمیشہ اچھے خیالات کا اظہار کرتاتھا۔وہ اکثر یہ بات زور دے کر کہتاکہ اس کی شخصیت اور سیرت و کردار کی تشکیل میں اُس کے عظیم اساتذہ نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔وہ جن اساتذہ کی خدمات کا معترف تھا ان میں رجب الدین مسافر ،محمد موسیٰ ،امیر خان ،عبدالحلیم انصاری ،شفیع ہمدم ،بشارت خان ،گدا حسین افضل ،حاجی محمد ریاض ،احمد بخش ناصراور عاشق حسین فائق کے نام قابل ذکرہیں ۔ان محنتی اساتذہ کے اخلاق اور اخلاص کو وہ اپنی زندگی کا بیش بہا اثاثہ قرار دیتا ۔دُکھی انسانیت کے ساتھ دردمندی اور ایثار کی بنا پر اُس نے عہدِ وفا استوار کیا اُسی کو علاج گردشِ لیل و نہار سمجھتے ہوئے اُس پر عمل کیا۔دُکھی انسانیت کی خدمت کے لیے وہ اپنی جان تک داؤ پر لگا دیتاتھا۔سال 2008ء میںمیرا بھائی منیر حسین ایک ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گیا غلام عباس رکشا والا الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں میرے ساتھ تھااور میرے بھائی کی صحت کی دعا کر رہا تھا۔تقدیر کی تو پہچان ہی یہی ہے کہ یہ ہر لمحہ اور ہر گام انسانی تدبیر کی دھجیاں اُڑا دیتی ہے ۔یہ حادثہ میرے بھائی کی جان لے گیا اور میں بھری دنیا میں تنہا رہ گیا۔ اس پریشاں حالی میں غلام عباس رکشا والامجھے دلاسا دے رہاتھااور ہر قسم کی مدد فراہم کا یقین دلا رہاتھا۔فیصل عرف ککی ماچھی جب ایک حادثے میں شدید زخمی ہو گیا تو غلام عباس رکشا والا خون دینے کے لیے ہسپتال کے شعبۂ حادثات میں پہنچ گیا۔ اپنے دوست اور محنت کش ساتھی ککی ماچھی کی الم ناک موت پر غلام عباس رکشا والا دھاڑیں مار مار کر رو رہا تھا۔ چھے جولائی دو ہزار سترہ کو میرا نوجوان بیٹا سجاد حسین حرکت ِ قلب بند ہو جانے کے باعث دائمی مفارقت دے گیا۔ جس وقت ہم سب پس ماندگان حواس باختہ اور غرقاب ِ غم تھیغلام عباس رکشا والا اپنے ساتھی ثمر عباس مغل کے ساتھ مِل کر میرے مرحوم بیٹے کے غسل ،کفن اور دفن کے سب انتظامات میں مصروف تھا۔ مصیبت کی اِس گھڑی میں تعزیت کے لیے آنے والوں کے قیام و طعام کے سب انتظاماتغلام عباس رکشا والااور اس کے معتمد ساتھیوں نے رضاکارانہ طور پر اپنے ذمے لے رکھے تھے۔اس موقع پر غلام عباس رکشا والا نے کچھ ایسے ننگ ِانسانیت درندوں کو دیکھاجنھوں نے مرہم بہ دست آنے کی اداکاری کرکے میرے مرحوم بیٹے کا وہ جدید لیپ ٹاپ بھی اُڑا لیا جس میں اُس نے میرے متعدد مقالات کمپوز کر کے محفوظ کیے تھے ۔ اس شقاوت آمیز نا انصافی اور علمی لُوٹ مار پر غلام عباس رکشا والا بہت دِل گرفتہ تھا مگر ہم الم نصیب اور جگر فگار والدین تقدیر کا گہرا گھاؤ سہہ کر بے بسی کے عالم میں سب کچھ جان کر بھی کچھ سمجھنے اور کہنے سے قاصر تھے ۔
مصطفی آباد کی ایک تنگ گلی میں مقیم ضعیف بیوہ جسے سب خالہ نور بھری کہتے تھے کس مپرسی کے عالم میں زندگی بسر کر رہی تھی ۔ اُس ضعیفہ کا نو جوان بیٹا سلیمان جب کریہہ بھڑوے رمضو ،خون آشام ڈائن نائکہ تفسو اور رذیل طوائف مصبوکے جال میں پھنسنے کے بعد گھر کا سب اثاثہ لٹوا کر زینۂ ہستی سے اُتر گیاتو غلام عباس رکشا والاخالہ نور بھری کے قدموں میں بیٹھا زار و قطار رو رہا تھا:
’’ خالہ تم نے اپنے لخت ِجگر سلیمان کے کاروبارکے لیے بے پناہ قربانیاں دیں مگر سلیمان ایک ایساتاجر نکلا جس نے سدا خسارے کے کاروبار میں دلچسپی لی ۔میں نے بھی اپنے نوجوان مزدور ساتھی سلیمان کو بہت سمجھایا کہ سیاہی وال سے تعلق رکھنے والے منشیات فروشوں کے چنگل سے بچ کر نکل جائے مگر اُس نے میری ایک نہ سُنی ۔ عشوہ و غمزہ و ادا سے دِل لُوٹنے والے پیشہ ور ٹھگوں کواُس نے مخلص ساتھ گردانا اور یہ سانحہ ہو کے رہا۔ تم نے اپنے گھر کا سارا اثاثہ اپنے اِکلوتے یتیم بچے کے حوالے کر دیا مگر بہرام ٹھگ کی اولاد نے اُسے نہایت سفاکی اور بے رحمی سے لُوٹ لیا اور وہ مظلوم زندگی کی بازی ہار گیا۔اس شہر نا پرساں میں سلیمان جیسے ہزاروں نوجوان ایسے ہیں جنھیں تفسو ،مصبو اور رمضو نے اپنے مکر کی چالوں سے تباہ و برباد کر دیا۔‘‘
سلیمان کی وفات کے صرف چند ماہ بعدخالہ نور بھری بھی اپنے اکلوتے نوجوان بیٹے کے پاس شہر خموشاں پہنچ گئی ۔ غلام عباس رکشا والا نے خالہ نور بھری کو سدا اپنی حقیقی ماں کی طرح عزت دی ۔مرحومہ کی آخری رسومات کے موقع پر وہ زار و قطار رو رہاتھا۔معلم اللہ داد ،مستری اسلم ،مستر ی اکرم اور معلم ناصر کی وفات کے موقع پر غلام عباس رکشا والانے سوگوار خاندان کی غم گساری کی اور مقدور بھر خدمت کی ۔اس کی مقبولیت کاسبب یہ تھا کہ اُس نے ایثار اور قربانی کو سدا شعار بنایا ۔اپنی جنم بھومی،ارض ِ وطن اور اہلِ وطن سے بے لوث محبت غلام عباس رکشا والاکے رگ و پے میںسرایت کر گئی تھی۔وہ رات گئے تک شہر کی سڑکوں پر رکشا چلاتا اور مسافروں کو ان کے ٹھکانے تک پہنچاتا۔اس شہر کو وہ گزشتہ صدیوں کی تاریخ کا ایک ورق اور اس کے نواح میں واقع کھنڈرات کو عبرت کا ایک سبق قرار دیتا تھا۔اُس نے یورپی ممالک کے مشہور شہروں کی چکا چوند کو کبھی للچائی ہوئی نگاسے نہ دیکھا۔وہ صرف اپنی مٹی پر چلنے کا قرینہ جانتا تھا او ر خاکِ وطن کے ہر ذرے سے ٹوٹ کر محبت کرتاتھا۔ ارضِ پاکستان اور جھنگ کے کوچہ و بازار سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے ایک بار اُس نے کہا:
’’ پاکستا ن بہت عظیم ملک ہے جب تک دنیا باقی ہے یہ سوہنی دھرتی آباد رہے گی۔ میں اِس دھرتی کے قدیم اور تاریخی شہر جھنگ میں پل کر جوان ہوا ہوں ،جھنگ کے بارے میں مشہور ہے کہ سکندر اعظم کے زمانے سے اسی مقام پر اپنی اصلی حالت میںموجود ہے اور مستقبل قریب میں بھی اس شہر کی قدیم حالت میں تغیر و تبدل کا کوئی اندیشہ نہیں ۔شیر شاہ سوری کے زمانے کی سڑکیں اور نظام سقے کے دور کا فراہمیِ آب کا نظام آج بھی چشم بینا کو قدیم روایت کی امانت کی افادیت اور آثار قدیمہ کی اہمیت کی جانب متوجہ کرتاہے ۔ پتھر کے زمانے کے ماحول کی عکاسی کرنے والے اس شہر کے مقامات دُھپ سڑی ، رشید چوک ، نقد پورہ ، بُھوکی کُھوئی،شہنی والی بستی ،گھوگھے والا ،تُلے والا ،قلی فقیر ،ملھو موڑ ،گندا نالہ ،گندا ٹوڑا ،لُوہلے شاہ ،کٹڑا بیر والا ،بُڈھی ٹھٹھی،بارہ ٹاہلیاں ،شاہ زندہ ،پنڈی لال مرید،بنڈی ہیدھن ، اور ڈولی شہید بھی پیرس سے زیادہ حسین ہیں ۔ مجھے یہ کہنے میں کوئی تامل نہیں کہ ان علاقوں کی زمین بھی فلک کی ہم سر ہے ۔یہی وہ مقامات ہیں جہاں اس علاقے کے طائران ِ خوش نوا کے مسکن ہیں ۔یہاں کے خارِ مغیلاں بھی دیار ِ غیر کے لالہ و گُل سے بہتر ہیں۔‘‘
محلے کا کوئی شخص شدید علالت کے باعث شہر کے کسی شفاخانے میں داخل کرایا جاتا توغلام عباس رکشا والا فوراً اُس کے احباب کو لے کر وہاں پہنچ جاتا۔ جب بھی مسجد سے کسی شخص کی وفات کا اعلان ہوتا غلام عباس رکشا والانماز جنازہ میں شرکت کے لیے ضعیف اور بیمار سوگواروں کو اپنے رکشا میں بٹھا کر جناز گاہ ضرور پہنچتا۔اُس کی یہ خدمت بلا معاوضہ ہوتی تھی اور وہ صرف دعا کی التجا کر کے اجازت چاہتا۔اس سفر میں اگر کوئی مسافر پیاس محسوس کرتا تو غلام عباس رکشا والا اپنے رکشا میںرکھی ہوئی صاف اور ٹھنڈے پانی کی بوتل سے اُسے پانی بھی پلاتا۔ تدفین کے بعدوہ شہر ِ خموشاں میں اپنے رفتگاں کی آخری آرام گاہ پر حاضری دیتا اور ان کی مغفرت کی دعا کرتا تھا۔ وہ اپنے رفتگاں کو یاد کر کے اپنے قلبِ حزیں کو جان لیوا درد سے آباد رکھنے کی سعی کرتاتھا۔ایک برس قبل مہر مپال خان کی وفات کے موقع پر وہ چند احباب کو اپنے رکشا میں لے کر پکے والا کے کچے کے علاقے سے کچھ دُور شہر خموشاںپہنچا۔دریائے چناب کے کنارے واقع ایک گاؤں میں مہر مپال خان اپنی زندگی کے آخری سفر پر روانہ ہونے والا تھا۔ غلام عباس رکشا والاکی یادداشت بہت تیز تھی اور وہ اس بات پر بجا طور پر ناز کرتاتھاکہ اُس نے اپنے سب احباب کے نام لوحِ دل پر ثبت کر رکھے ہیں ۔وہ اکثر یہ بات دہراتاکہ دنیا دائم آباد رہے گی لیکن ہمارے رفتگاں کے جانے سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ کبھی پُر نہیں ہو سکتا۔ وہ آ ہ بھر کر کہتاکہ ہماری محفل کے یہ آفتاب و ماہتاب جب سے غروب ہوئے ہیں در و دیوار کی شکل و صورت ہی بدل گئی ہے۔ہمارے گھروں کے اُداس بام و در پر محرومی ،مایوسی اور اُداسی ہمہ وقت بال کھولے آہ و فغاں اور گریہ و زاری میں مصروف رہتی ہے ۔اُن کی دائمی مفارقت کے بعد سفاک ظلمتوں نے ہر طرف ڈیرے ڈال رکھے ہیں ،ہنستا بولتا چمن مہیب سناٹوں اور سکوت ِمرگ کی بھینٹ چڑھ گیاہے ۔ اس موقع پر اُس نے گلو گیر لہجے میں اَپنے رفتگاں کو یاد رکرتے ہوئے کہا :
’’ میری آ نکھوں کے سامنے چاند چہرے شبِ فرقت پہ وارے گئے اور خورشید صفت انسان قبروں میںاُتارے گئے ۔ میں جنھیں دیکھ کر جیتا تھا وہ لوگ اب آ نکھوں سے اوجھل ہو گئے ہیں ۔ قزاق ِ اجل نے دیکھتے ہی دیکھتے میرے جن عزیزوں کے گھروں کے چراغ گُل کر کے الم نصیب پس ماندگان کو غرقابِ غم اور نڈھال کر دیااُن میں احمد تنویر ، احمد دین مولوی ، اللہ دتہ لوہار ، اللہ دتہ سٹینو ، احمد یار ملک ، احمد بخش ناصر ،اللہ بخش ، اکرم ،اسلم ، اصغر چودھری ، امیر اختر بھٹی ، بوٹا، اسحاق مستری ،ایوب مستری ،بابا نتھو ،بابا نورا، بشیر احمد چودھری( محکمہ فونز ) ، بشیر دکان دار ، بشیر خوانچے والا،بہاول ، بہادرا، پانجابشیر ،تایا نثار ، جمیل مولوی ، جیلانی ،حافظ ارشاد احمد ،حسین احمد ارشد ، دَل میر چودھری،دین محمد ، رام ریاض ،سجا د حسین رانا، سلطان محمود رانا ، سرور خیاط ، سلطان بڑھئی ، شفیع ہمدم ،شفیع بلوچ ، شمشاد لالہ ،شہامند ، شہاب الدین ،شاہو، شیر محمد حکیم ،صابر کوٹا ں والا ، صادق ، ظہور احمد چودھری ،ظہیر الدین ، عامر حسن،عبدا لستار حاجی ،عبدالمجید خوانچے والا ، عبدالرشید منیاری والا، عبدا لرشید فوجی، فقیریا ، عبدا لغفور ،فیصل ( ککی ) ، کرم حسین چودھری، کرم بڑھئی ، گداحسین ، لال دین ، مقیم الدین حاجی ، محمد منیر معلم ، محمد رمضان حاجی ، محمد بخش کریانہ والا ، محمد نواز حکیم ، محمد رمضان ( محکمہ فونز) ، محمد یوسف حاجی ، معین تابش ،نو ر محمد ،وریام بڑھئی اور یارا سازندہ شامل ہیں ۔میںاپنی فغانِ صبح گاہی میں اِن سب کے لیے دعائے مغفرت کرتا ہوں ۔‘‘
بیماروں ،ضعیفوں اور معمر بیواؤں کی بے لوث خدمت کے کاموں میں غلام عباس رکشا والا بڑ ھ چڑھ کر حصہ لیتاتھا۔اپنی بستی کے معذوروں ،مجبوروں اور ضعیفوں کے گھروں کے بجلی اور گیس کے بِل پر درج واجب الادا رقم وصول کر کے مقامی بنک میں جمع کرا کے رسید ان کے گھر پہنچا نے کی ذمہ داری اُس نے رضاکارانہ طورپر سنبھال رکھی تھی ۔ بعض ضعیف اور بیمار عورتوں کے بچے اعلا تعلیم کے سلسلے میں ملک کے دور دراز شہروں میں رہتے تھے ۔انھیں مطلوبہ رقم کی ترسیل کے لیے غلام عباس رکشا والا اجمل بک ڈپو سے رابطہ کرتااور مختلف موبائل کمپنیوں کے رقوم کے ترسیلی نظام کے ذریعے اُن بچوں کی مالی ضروریات کی بر وقت تکمیل کو یقینی بناتااور والدین کی دعائیں لیتا تھا۔ وسائل سے محروم فاقہ کش خاندانوں کی مالی امداد کی درخواستیں وطن عزیز کے فلاحی اداروں کی دفاتر میں جمع کراتا مگر اُس نے خود ایک شان استغنا اور قناعت کے ساتھ زندگی بسر کی ۔کئی بار ایسا بھی ہوا کہ کوئی بیمار بوڑھا یا بڑھیا اِس کے گھر آ کر یہ کہتے کہ وہ اپنی بیٹی یا بیٹے سے بات کرنا چاہتے ہیں مگر ان کے پاس بات کرنے کے لیے موبائل فون میں رقم موجود نہیں ۔غلام عباس رکشا والا اپنے موبائل فون سے پیکج لے کر اُداس والدین کو جی بھر کر اپنی اولاد سے بات کرنے کا موقع فراہم کرتا۔ایسی ملاقاتیں کبھی ادھوری نہ رہتیں اور نہ ہی ضروری باتیں ناگفتہ رہ جاتیں ۔جب یہ ضعیف والدین اپنی اولاد سے دل کی سب باتیں کہہ کر رخصت ہوتے تو اُن کے چہرے پر مسکراہٹ ،لبوں پر دعائیں اور آ نکھوں میں ممنونیت کے احساس کی نمی ہوتی تھی ۔
صدقہ اور خیرات کثر ت سے دینا غلام عباس رکشا والا کا معمول تھا۔ہر سال عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے موقع پروہ جھنگ بازار کی ایک تنگ گلی کی قدیم اور شکستہ عمارت میں واقع نا بینا مرکز میں صدقہ و خیرات جمع کراتا تھا۔شہر کے مفلس گھرانوں کے یتیم بچوں کی بھی وہ دل کھول کر مدد کرتا تھا۔ آٹھ جولائی 2020ء سہ پہر کا وقت تھا میں غلام عباس رکشا والا کے گھر کے سامنے کھڑا تھا۔گھر کے اُداس بام اورکُھلے در دیکھ کر میرا دِل دہل گیا۔ مجھے یہ گمان گزرا کہ یہ مکان اِس وقت بھی اپنے اُس مکین کی راہ دیکھ رہاہے جس نے جگر کا خون دے کر اِسے تعمیر کیا تھا ۔ میں سوچنے لگا کہ جن عنبر فشاں پھولوں کی مہک نہاں خانۂ دِل کو معطر کرنے کا وسیلہ تھی جب گل چینِ اَزل انھیں توڑ لیتا ہے تو دِلوں کی بستی سُونی سُونی دکھائی دیتی ہے اور گرد ونواح کا پُورا ماحول سائیں سائیں کرتا محسوس ہوتا ہے ۔ حیا ت ِ مستعار کی کم مائیگی ، مر گِ نا گہانی کے جان لیوا صدموں ، فرصت ِ زیست کے اندیشوں،سلسلہ ٔ روزو شب کے وسوسوں ،کارِ جہاں کی بے ثباتی اور سیلِ زماں کے تھپیڑوں کے لرزہ خیز اور اعصاب شکن خوف کے سوتے کارِ جہاں میں زندگی کی کم مائیگی ہی سے پُھوٹتے ہیں۔ کسی عزیز ہستی کا زینۂ ہستی سے اُتر کر شہرِخموشاں میں تہہِ ظلمات پہنچ جانا پس ماندگان کے لیے بلا شبہ ایک بہت بڑ ا سانحہ ہے مگراس سے بھی بڑھ کر روح فرسا صدمہ یہ ہے کہ ہمارے دِل کی انجمن کو تابانی ، ذہن کو سکون و راحت ،روح کو شادمانی ،فکر و خیال کو ندرت ،تنوع ،تازگی اور نیرنگی عطا کرنے والے یہ گل ہائے صد رنگ جب ہماری بزم ِ وفا سے اُٹھ کر ہمیں دائمی مفارقت دے جاتے ہیں تو یہ جانکاہ صدمہ دیکھنے کے بعد ہم زندہ کیسے رہ جاتے ہیں؟عدم کے کُوچ کے لیے رخت ِ سفر باندھنے والوں کی دائمی مفارقت کے بعداَلم نصیب لواحقین پر زندگی کی جو تہمت لگتی ہے وہ اَپنے رفتگاں اورخفتگانِ خاک پر دِل نذر کر نے اور جان وارنے والوں کو بے بسی اور حسرت ویاس کا پیکر بنا دیتی ہے ۔ لو گ کہتے ہیں کہ جب دریاؤ ں میں آنے والے سیلاب کی طغیانیوں سے قیمتی املاک اورمکانات دریا بُرد ہو جاتے ہیں تو اس آفتِ ناگہانی کی زد میں آنے والے مجبور و بے بس انسان غربت و افلاس کے پاٹوں میں پِس جاتے ہیں مگر اس بات کا کوئی ذکر نہیں کرتا کہ خلوص ،دردمندی ،وفا ،ایثار، رگِ جاں اور خونِ دِل سے نمو پانے والے رشتے جب وقت بُرد ہوتے ہیں تو الم نصیب پس ماندگان زندہ در گور ہو جاتے ہیں ۔
میں نے اپنے دِلِ حزیں کو سمجھایا کہ دائمی مفارقت دینے والے کبھی لوٹ کر نہیں آتے اُن کی یادیں ہی باقی رہ جاتی ہیں ۔غلام عباس رکشا والا کے کم سِن بچے اب بھی منتظر ہیں کہ شاید سڑک سے رکشا اُترکر گلی میں آئے اور اُن کاباپ حسب معمول اُن کے لیے پھل ،مٹھائی اور کھلونے لائے ۔ عید الاضحی کی آ مد آمد ہے مگر گردشِ ایام کے نتیجے میں غلام عباس رکشا والا کے بچے اِس بار عید نہیں مناسکیں گے ۔ تقدیر کے اس چاک کو سوزن ِ تدبیر سے رفو کرنا ممکن ہی نہیں ۔ آج جولائی 2020ء کی بارہ تاریخ ہے اور سہ پہر کے و قت غلام عباس رکشا والاکے چالیسویں کا ختم ہے۔ صبح سے سوچ رہا ہوں کہ غلام عباس رکشا والا کے دو کم سِن یتیم بچوں کی سر پرستی اور دست گیری کے لیے قدرتِ کاملہ کی طرف سے کیا معجزہ ر ُو نما ہوتاہے ۔