زندگی جن کے تصور سے جِلا پاتی تھی
ہائے کیا لوگ تھے جو دامِ اجل میں آئے (ناصر کاظمی)
کل شام اُستاد موسیٰ کے نہ ہونے کی ہونی دیکھ کر کلیجہ منھ کوآ گیا۔ وہ دردمند مصلح چلا گیا جس کی زندگی شمع فروزاں کے مانند گزری ۔اس مردِ مومن کی نگاہیںافراد کی قسمت کی لکیریں ،مجبوروں کی تقدیریں اور حالات کی تصویریں بدلنے پر قادر تھیں۔ اپنے عقیدت مندوں کو وہ اِس بات پر ہرگز مجبور نہ کرتا کہ و ہ ہمہ وقت اُس کے قصر علم و دانشکا طواف کرتے رہیں ۔ اپنے مداحوں اور اکتساب ِفیض کرنے والوں کو وہ اکثر یہی مشورہ دیتاکہ وہ اپنے فکر و خیا ل کی دہلیز سے آگے نکلیں اور افکار ِتازہ کا پرچم تھام کر جہانِ تازہ کی جانب پیش قدمی جاری رکھیں ۔اپنی دنیا آ پ پیداکرنے کی خاطر اپنی خوابیدہ صلاحیتوںکو بروئے کار لانے میں کوئی کسر اُٹھا نہ ر کھیں ۔ سفاک ظلمتوں کو کافور کر نے کی تمنا میں وہ خود جلتا رہامگر کبھی حرفِ شکایت لب پر نہ لایا۔ اُستاد موسیٰ کے مداحوں کا خیا ل ہے کہ اس ضعیف استادنے وہ طرزِ فغاں ایجاد کی جس نے اخلاقیات ،عادات اور زندگی کے معمولات پر اس قدر گہرے اور مثبت اثرات مرتب کیے کہ ان کا صحیح اندازہ لگانا مشکل ہے ۔اصلاح ِمعاشرہ کا ایک جری رضاکار جب ہماری بزم سے اُٹھ گیاتوشخص کا دِل بیٹھ گیا۔الم نصیبوں اور جگر فگاروں کے پاس مرہم بہ دست پہنچنے والا مسیحارخصت ہو گیا۔ پریشاں حالی اور درماندگی کے عالم میںدُکھی انسانیت کی دست گیری کے لیے وہ خلوص و مروّت کے جو معمولی کام بھی کرتا وہ معاشرے کے پس ماندہ طبقے کے لیے غیر معمولی بن جاتے ۔ اُستاد موسیٰ کی زندگی سعی ٔ پیہم کی عمدہ مثال تھی ۔کاہلی،نااہلی اور بے حسی کی مظہربے عملی کو وہ ایسی مہلک غلطی سے تعبیر کرتاتھاجو انسان کی شخصیت کو ناقابلِ تلافی نقصان اور ناقابل اندما ل صدمات سے دو چار کر دیتی ہے ۔عملی زندگی میں اُس کی تابِ سخن در اصل جرأت آموزمہم جوئی اور صبر آزما جدو جہد کی درخشاں مثال تھی ۔زندگی کے تلخ حقائق سے شپرانہ چشم پوشی کو شعار بنانے والے مرغانِ بادنما کی بزدلی اور دُوں ہمتی کو وہ موت کا نام دیتا۔ اُستاد موسیٰ ایک پارس صفت خادم خلق تھاجو سدا خضر کا فریضہ انجام دیتارہا۔ہر ملاقات میںو ہ تشریح و توضیح کا ایساانداز اپناتاجس میں اس کی عملی زندگی کی مثالیں سامعین کے فکر و خیال کو مہمیزکرنے کا وسیلہ بن جاتیں۔
اُستاد موسیٰ کاتعلق جھنگ کے ایک شریف، وضع دار ،قناعت پسند اور متوسط طبقے سے تھا۔ علاقے کے وضیع لوگوں سے دُور رہنا ہمیشہ اس کا شیوہ رہا۔غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے یتیم بچوں ، بیوہ عورتوں ،بیماروں اور بے سہارا لوگوں سے اُسے قلبی لگاؤ تھا۔کم سِن بچوں کی صحیح تعلیم و تربیت کو اُس نے بہت اہمیت دی ۔سہ پہر کے وقت وہ اپنے گھر میں بچوں کو شفقت ،محنت اور خلوص سے بلامعاوضہ پڑھاتا تھا۔اس نیک کام میںاُس کا بیٹا محمداقبال ،پوتے اور کئی شاگرد بھی اُس کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے تھے۔ اِس کائنات میں حرکت زندگی کی مظہر ہے جب کہ جمود موت کی مشابہ ہے ۔ اُستاد موسیٰ کی زندگی جہد مسلسل کی عمدہ مثال تھی ۔ اپنے روز و شب کے معمولات کا حساب لکھتے وقت اس نے واضح کیاکہ کارِ جہاں ایک سراب کے سو ا کچھ نہیں ۔ اپنی دنیا آپ پیداکرنے والے اس معلم نے دنیاکو یہی درس دیاکہ روشن مستقبل کے لیے سخت محنت کو شعاربنانا لازم ہے ۔اگر بے عملی اور کاہلی کو وتیرہ بناکر ماضی کی طرف دیکھو گے تو پتھر بن جاؤ گے ۔ آج زندگی کے اس موڑ پہ حیرت وحسرت کی تصویر بنادیکھتاہوں کہ پس نوآبادیاتی دورمیں کوئی سایہ تو اُستاد موسیٰ کے قد کے برابر سامنے آ ئے ۔ اُستاد موسیٰ نے وطن عزیز میں خواتین کے مسائل پر کھل کر لکھا۔ اُستاد موسیٰ نے واضح کیاکہ اپنے شوہر کی خاطر مشرقی عورت آج بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتی ۔زندگی کے واقعات اور انسانوں کے کردار کے بجائے اُستاد موسیٰ کو تصورات سے زیادہ دلچسپی تھی ۔
ممتازماہر نفسیات حاجی حافظ محمدحیات کے ساتھ اُستاد موسیٰ کے دیرینہ مراسم تھے ۔ادب کے نفسیاتی پہلوؤں پر دونوں اکثر مدلل انداز میں باتیں کرتے رہتے ۔ حاجی حافظ محمدحیات کا خیا ل تھا کہ جس طرح خورشید ِ جہا ںتاب کی کرنیں آبِ رواں کے عکس کو تابانی عطا کرتی ہیں اُسی طرح جذبہ ٔ محبت کی تماز ت روح اور قلب کو شادمانی سے متمتع کرتی ہے ۔محبت ایک جذبۂ بے اختیار ہے جسے جنوں سے بھی تعبیر کیا جاتاہے ۔جس سے محبت ہو جائے اس کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجاتا۔حاجی حافظ محمدحیات نے اجتماعی لا شعور کی اساس پر فکر و خیال کی انجمن آراستہ کرنے کے سلسلے میں ا ردو ادب میں ممتاز شیریں کے اسلوب کو قدر کی نگاہ سے دیکھا اور اسے سراہا ۔ ممتاز شیریں نے اپنے افسانے’’ میگھ ملھار ‘‘ میں اجتماعی لا شعور کو رو بہ عمل لانے کی سعی کی ہے ۔یہ باتیں سن کر اُستاد موسیٰ نے کہا:
’’ جہاں تک میں سمجھ سکا ہوں ممتاز شیریں نے ایتھنز سے تعلق رکھنے والے کلاسیک ڈرامہ نگار یوری پائیڈزکے اسلوب کو پیشِ نظر رکھا ہے ۔محبت کے دستوربھی نرالے ہوتے ہیں یہاں ایثار و قربانی کی ایسی مثالیں سامنے آتی ہیںکہ عقل محو تماشائے لبِ بام رہ جاتی ہے۔معاشرتی زندگی میں مشرقی خواتین کی اپنے شوہر کے ساتھ قلبی وابستگی کو انھوں نے اساطیر اور یونانی دیو مالا کے بر محل استعمال سے موثر انداز میں پیش کیا ہے ۔مناسب ہو گاکہ اس دیومالائی کہانی کی تفصیل سے ہمیں آ گاہ کریں ۔‘‘
حاجی حافظ محمدحیات نے جواب دیا’’ اپنے شوہر ایڈ میٹس(Admetus)سے والہانہ محبت کرنے والی حسینہ آل سسٹس ( Alcestis) سلطنت لولکس ( Lolcus ) کے شہنشاہ پیلیاس ( Pelias) کی سب سے حسین دختر تھی ۔ المیہ نگاریوری پائیڈز ( Euripides)کا تعلق یونانی دیومالا سے ہے ۔ایڈمیٹس اپنی زندگی کی حفاظت کے لیے باری باری اپنے سب عزیزوں،دوستوں اور رفقا سے ان کی زندگی کی قربانی کی التجا کرتا ہے مگر اس کی فغاں پر کوئی کان نہیں دھرتا۔ ہر طرف سے مایوس ہو کر ایڈمیٹس اپنے دل حزیں پہ جبر کر کے اپنی محبوب اہلیہ آلسسٹسسے یہ تقاضا کرتاہے کہ وہ اپنی زندگی اپنے شوہر کی خاطر قربان کر دے ۔آلسسٹس خوشی سے اپنے شوہر کی زندگی بچانے کے لیے اپنی زندگی کی قربانی دینے پر رضا مند ہو جاتی ہے اور اپنی زندگی اجل کے دیوتا کے سپرد کر دیتی ہے ۔ آلسسٹسکے جذبۂ ایثار کو دیکھ کر دیوتاؤں ہیڈز (Hades) اورہیرا کلز( Heracles) کو ترس آ گیااور انھوں نے نہ صرف اس حسین و جمیل عورت کی جان بخشی کر دی بل کہ ہجوم ِ یاس و ہراس میںگھرے اس کے شوہر کی زندگی کو درپیش خطرات بھی ٹل گئے ۔‘‘
اُستاد موسیٰ نے مسکراتے ہوئے کہا ’’ یونانی حسینہ آل سسٹس نے واقعی ایثار کی عمدہ مثال پیش کی ۔ایثار کے بغیر زندگی میں راحت ،شادمانی اور کامرانی کا تصور ہی عبث ہے ۔جذبۂ ایثار کے بغیر خلوص و مروّت اور محبت بھی اپنا اعتماد کھو دیتی ہے اوریہ جذباتی استحصال ،فکری اضطرار ،انتشار اور خود غرضی کی مظہر ڈکیتی کی ایک لرزہ خیز واردات کی صورت میں سامنے آ تی ہے ۔ ‘‘
ایک وسیع المطالعہ استادکی حیثیت سے فلسفہ اور منطق میں اُستاد موسیٰ کو کمال حاصل تھا۔اصلاح ِ معاشرہ کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا اس ضعیف معلم کا معمول تھا۔ شہر میں پتوار نامی ایک مشکو ک نسب کا بگڑ ا ہواعیاش نوجوان رہتا تھا۔اس گھٹیا عیاش کا زیادہ وقت شہر کے بوڑھے مو سیقار ’ یارا سازندہ ‘ کی صحبت میں گزرتاجہاں وہ اس کے شاگر د کلاونتوں سے کلاسیکی موسیقی سنتا اورسر دُھنتاتھا۔ پتوار سر شام بلا ناغہ یارا سازندہ کے چنڈو خانے اور قحبہ خانے میں پہنچتااور یہاں خواجہ سرا شباہت ،مشتبہ بانوری ، سمن،پونم اور گلشن کے رقص سے لطف اندوزہوتا۔پتوارکے پریشان حال والدین نے اُستاد موسیٰ کے سامنے اپنے راہ گم کردہ بیٹے کے مسائل بیان کیے اور اسے ہدایت کرنے کی التجا کی ۔ضعیف مسخرا گمان اپنے بیٹے پتوار کو ساتھ لے کر اُستاد موسیٰ کے پاس پہنچااور کہنے لگا:
’’ میں نے اپنے اس نکمے اور نالائق بیٹے کوکئی بار سمجھایا ہے کہ کان کھو ل کرسُن لو زمین کا بوجھ یارا سازندہ تو نمک کی کان ہے جو بھی اِس کان میں گیا وہ نمک ہو گیا۔ اس سے بہتر ہے کہ یہ ابلہ پتوار آ پ جیسے عالم کے پاس آئے اور زندگی کے کچھ آداب سیکھ کر جائے۔یہ کور مغزرات گئے تک یارا سازندہ کے چنڈوخانے میں رقص اور موسیقی کی محفل میں بیٹھ کر اپنا وقت ضائع کرتاہے ۔ اس کو سیدھی راہ پر لانے کی خاطر میں نے اِسے میاں محمد بخش کی صوفیانہ شاعری سنائی مگر یہ ٹس سے مس نہ ہوا۔میاں محمدبخش نے حرص و ہوس پر مبنی بُری صحبت کے بارے میں کہاتھا:
جس یاری وِچ لالچ ہووے کدے اوہ توڑ نہ چڑھدی
چادر لِیرو لِیرمحمد ؔکنڈیاں نال جو اَڑدی
دنیا تے جو کم نہ آیا اوکھے سوکھے ویلے
اُس بے فیضے سنگی کولوں بہتر یار اکیلے
’’ یہ تمھاری ناقص تربیت ہے کہ بیس سال پہلے اپنے جس نومولود بیٹے کو تم نے بولنا سکھا یاتھا اب وہی تمھارے سر بولتاہے ۔ اس ضعیفی میں تم اپنے نوجوان بیٹے سے اُلجھ رہے ہو یہی بات تمھاری کج فہمی کی دلیل ہے ۔‘‘ اُستاد موسیٰ نے پاس بیٹھے مسخرے گمان کو تسلی دیتے ہوئے کہا : ’’ وقت کامعاملہ بے حد عجیب ہے اس کے آنے اور جانے کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہوتا ۔کوئی بھی شخص خواہ و ہ کتنے جتن کرلے پُلوں کے نیچے سے بہنے والے پانی اور بیتے لمحات سے دوسری مرتبہ کسی صورت میں بھی فیض یاب نہیں ہو سکتا۔ عیاشی میںوقت کاضیاع ایک جال ہے جواس میںپھنس گیا اس کابرا حا ل ہے ۔ بُری صحبت اور منحو س سنگت کی سنگلاخ چٹان کی طرف چڑھائی تو آسان ہے مگر وہاںسے پسپائی بہت کٹھن مرحلہ ہے ۔تمھارے بیٹے نے بُری صحبت میں جو نقصان اُٹھایا ہے ہر وقت اُسے یاد کرنا اور اپنے دِل کو لہو لہو کرکے اپنے جی کا زیاںکرناکہاں کی دانش مندی ہے ؟ اس شہرِ نا پرساں میں جس کے سامنے بھی اپنے دکھوں کی رودادبیان کرو گے وہ تم سے بھی زیادہ اپنے زخموں کا دھنی نکلے گا۔میاں محمد بخش نے سچ کہا تھا:
عاماں بے اخلاصاں اندر خاصا ں دی گل کرنی
مِٹھی کِھیر پکا کے محمد ؔ کُتیاں اَگے دھرنی
نیچاں دی اَشنائی کولوں فیض کسے نہیں پایا
ککر تے انگور چڑھایا ہر گُچھا زخمایا
اس سرائے فانی میں انسانی زندگی کی کہانی کادورانیہ بھی وقت کے ساتھ منسلک ہے ۔وقت کی قدرنہ کرنے والے دراصل اپنی ہی شخصیت کی بے توقیری کر کے حیات ِ مستعار کو ضائع کرنے کی مہلک غلطی کے مرتکب ہوتے ہیں۔ تانیثیت کی علم بردار اور اپنے عہد کی ممتاز شاعرہ فہمیدہ ریاض نے شاید اسی لیے کہا تھا:
یہ تو برزخ ہے ،یہاں وقت کی ایجاد کہاں
اِک برس تھا کہ مہینہ، ہمیںاب یاد کہاں
وہی تپتا ہوا گردوں ، وہی انگارہ زمیں
جا بہ جا تشنہ و آشفتہ وہی خاک نشیں
شب گرا ں،زیست گراں تر ہی تو کر جاتی تھی
سُود خوروں کی طرح در پہ سحر آتی تھی
تمھارے بیٹے پتوار جیسے ذہنی قلاش بزِاخفش کے سامنے فلسفہ و منطق کی باتیں اندھے کے آگے رونے کی مشابہ ہے ۔یہاں پہنچ کر یہ کو ر مغزنہ صر ف اپنا بل کہ میرا وقت بھی ضائع ہی کرے گا۔‘‘
اپنے دھیان میں مگن مسخرا گمان یہ بات سن کر پیچ و تاب کھاتاہوا وہاں سے ایسے غائب ہوا جیسے گدھے کے سر سے سینگ۔
اپنی نوعیت کے اعتبار سے حیات ِمستعار دشتِ پر خار تو نہیں مگر اس میں سائیں سائیں کرتے جنگل جیسے گونجتے ہوئے سناٹے انسان کو یاس و ہراس میں مبتلا کر دیتے ہیں ۔ اُستاد موسیٰ نے جب اپنے عہدکے نشیب و فراز کا نصاب لکھنے کی سعی کی تو ورق ورق اضطراب اس کی پہچان بن گیا۔فراعنہ کو اکڑتے دیکھ کر اُستاد موسیٰ ایک جملہ دہراتا تم بہت مغرور ہوتے جارہے ہو اب تمھیں کوئی ٹھوکر ضرورلگنے والی ہے ۔جو ہوا کے ساتھ سفر کا مقابلہ ٹھہراتاہے وہ کافور ہو جاتاہے ۔
بشیرنامی ایک ضعیف محنت کش اکثر اُستاد موسیٰ کے پاس دیکھا گیا۔ آلامِ روزگار کے مہیب بگولوںنے اس محنت کش کی کتابِ زیست کو ور ق ورق کر دیا۔ عادی دروغ گو ،پیمان شکن اور محسن کش عیاروں کے مکر کی چالوں سے اس کی تمنائیں راکھ کے ایک ڈھیر میں بدل گئیں ۔راکھ کے ا س ڈھیرکی تہہ میں ایک شعلہ پنہاں تھاجو اس ضعیف محنت کش کو کسی کروٹ چین نہ لینے دیتاتھا۔صر صر ِ اجل نے اس محنت کش کے نوجوان بیٹے کی زندگی کی مشعل بجھادی ۔اس کے بعد یہ گوشہ نشین ہو گیااور گھر سے باہر بھی کم کم نکلتا۔طویل عرصے کے بعدجب وہ اُستاد موسیٰ کے پاس آیاتو اس نے کہا:
’’ مجھ پر توزندگی کی تہمت سی لگی ہے ایک مدت کے بعدیہاںپہنچا ہوں تو میری حیرت کی انتہا نہ رہی کہ میرے غم گسار آج بھی یہاں موجود ہیں ۔‘‘
’’نوجوان بیٹے کی رحلت نے تمھاری زیست کا نقشہ ہی بدل کر کھ دیاہے ۔‘‘ اُستاد موسیٰ نے آ ہ بھر کر گلوگیر لہجے میں کہا’’تمھارے شہرِ آرزو پر غم و اندوہ اور حسرت و یاس کے بادل چھاگئے ہیں ۔آرزوؤ ں اور اُمنگوں کامحور بدل جانے سے تمھاری فکر و خیال کاپورامنظر ہی بدل گیاہے ۔‘‘
بشیر نے اپنے آنسو ضبط کرتے ہوئے کہا:’’بادِحوادث کے تند و تیز بگولوں نے میرے دل کا دیابجھادیا۔ہونی تو چپکے چپکے اپناکام کر گئی مگر اِس کے ساتھ ہی ہم الم نصیبوںکابھی کام تمام کر گئی ۔‘‘
اُستاد موسیٰ نے بشیرکی باتیں نہایت توجہ سے سنیں اور اسے دلاسادیتے ہوئے کہا:’’اپنے نوجوان بیٹے کے نہ ہونے کی ہونی دیکھ کر تم غم سے نڈھال ہو۔یہ سانحہ وقت کے رخسار پر ایسے آنسوچھوڑ گیاہے جو تمھارے دِل کی ویرانی کوظاہر کر رہے ہیں۔آ ئندہ جب بھی تم یہاں آ ؤ گے ہم تمھارے دلِ حزیں کی تسکین کے لیے اِک محفل صدمات کااہتمام کریں گے ۔یہ توبتاؤ تم پر یہ سب اُفتادکیسے پڑی ؟‘‘
بشیر نے دِل پر ہاتھ رکھ کر کہا’’ میرے نوجوا ن بیٹے سجادکی دائمی مفارقت کے بعدمیں نے اس کی لحدپر کہا ،اے جان ِ پدر میری زندگی تو تیرے ساتھ ہی پیوندِ خاک ہو گئی ہے ۔اب میں مایوسی کے عالم میں اپنی باقی ماندہ زندگی کے دُھندلے نقوش میںپھیکے رنگ بھرنے کی سعی ٔ ناکام میں مصروف ہوں۔‘‘
بشیر کی باتین سن کر اُستاد موسیٰ کی آ نکھیں بھیگ بھیگ گئیں۔اس نے اپنے مہمان کوتسلی دیتے ہوئے کہا’’دائمی مفارقت دینے والے پس ماندگان کو دردِ لادوادے جاتے ہیں ۔الم نصیب پس ماندگان اپنے رفتگان کی یاد سے عہدِ وفا استوار رکھتے ہیں۔ یہ بات وہ اچھی طر ح جانتے ہیںجنھیں ہم دیکھ کر جیتے تھے جب وہ آ نکھوں سے اوجھل ہوئے تو زندگی اور طرح کا اندازاپنا لیتی ہے ۔وفا کے اِس صبر آزما مرحلے میں دردِمحبت اور غبارِ سفر کے سوا اُنھیں کچھ نہیں ملتا۔صر صرِاجل سوچ کے چراغ گُل کر کے زندگی پر اپنی گرفت اور بالادستی ہمیشہ تسلیم کر الیتی ہے ۔ رفتگاں کی یاد میںآہ وفغاں کے ازدحام میںصبرو رضاکا دامن تھام کر عاز م ِسفر ر ہناایک کٹھن مرحلہ ہے ۔‘‘
نوجوان بیٹے کی الم ناک وفات کے صدمے کی وجہ سے بشیر دل کی تکلیف میں مبتلا ہو گیا۔ شہر کے نواح میں پیشہ ور ٹھگوں نے ’’ جھٹ منگنی پٹ بیا ہ ‘‘ کے نام سے ایک شادی دفتر قائم کر رکھا تھا۔ نائکہ قفسو اور اُس کا بھڑوا شوہر رموںاس شادی دفتر کے کرتادھرتا تھے ۔ اس شادی دفتر میںقفسوکی لے پالک بیٹیاں ،مشتبہ بانوری،سمن ،شگن ،شباہت ،پونم ،شعاع اور گائتری بھی کام کرتی تھیں۔یہ سب کی سب شہر کی رذیل جسم فروش طوائفیں تھیں ۔ اپنے نوجوان بیٹے کی وفات کے چار ماہ بعد ماہرین ِامراض ِ قلب کے مشورے سے بشیر نے اپنے چھوٹے بیٹے کی منگنی کرنے کافیصلہ کیا ۔ بشیر کا چھوٹابیٹا ابھی ایک جامعہ میںزیرِ تعلیم تھا۔ ان پیشہ ور ٹھگوںاور رذیل طوائفوںنیبشیر کی پریشانی کو بھانپ لیا تھا۔ان ٹھگوں نے بشیر کو اپنے دام میں پھانسنے کے لیے قحبہ خانے کی ایک رذیل طوائف مشتبہ بانوری کی بشیر کے بیٹے کے ساتھ منگنی پر آمادگی ظاہر کر دی ۔مشتبہ بانوری ہر روز علی الصبح مشاطہ کے پاس پہنچتی اور بن سنور کر اپنا بیگ لے کر ایسے نکلتی جیسے شکاری اپنے شکار کی تلاش میں اسلحہ لے کر جنگل کارخ کرتاہے اپنے شکار کو زیرِ دام لانے کے لیے مشتبہ بانوری ہروز جو سوانگ رچاتی اُن میں جامعہ کی طالبہ،معلمہ ،نرس اور سیاحوں کی گائیڈ شامل ہیں ۔ ایک دن میں آٹھ پہر کے اپنے دھندے میں وہ کم از کم آٹھ ہزار روپے کمالیتی اِس کے قحبہ خانے میں داد ِعیش دے کر باہر نکلنے والے گھٹیا عیاش اپنی جیب کو دیکھ کر آٹھ آٹھ آنسو روتے ۔
اُستاد موسیٰ کو جب اس سارے فسانے کا علم ہوا تو اس نے بشیر کو سمجھانے کی کوشش کی اور کہا:
’’ تم کو ان طوائفو ںسے وفا کی توقع ہے جن کی گھٹی میں جفا پڑی ہے ۔جنسی جنون میں مبتلاقفسو اور اس کی لے پالک طوائف بیٹیوں نے اس شہر ناپرساں کے سیکڑوں گھر بے چراغ کردئیے ہیں۔ اپنے منحوس چنڈو خانے اور قحبہ خانے میں آنے والے گاہکوں کو یہ رذیل طوائفیں رقص ،موسیقی اور چُلّو بھر مے سے اُلّوبنانے کی ماہر ہیں۔اپنے ناز وادا اور حسن و جمال کے وار سے یہ کھاتے پیتے گھرانوں کے نوجوانوں کو اپنے دام میںپھانس لیتی ہیں اس کے بعد ان طوائفوں کے بنکوں کے کھاتے میںتو رقم بڑھنے لگتی ہے مگر عیاش امیر زادوں پر ایسا سخت مقام آتاہے کہ وہ تہی دامنی کے عالم میں در در کی ٹھوکریں کھاتے دکھائی دیتے ہیں اور کوئی ان کا پرسانِ حال نہیں ہوتا ۔‘‘
اُستاد موسیٰ کی باتیں سن کر بشیر نے کہا: ’’ محبت تو ایک ایسے جذبۂ بے اختیار کا نام ہے جسے جنون بھی کہاجاتاہے ۔جس سے محبت ہوجائے اس کی عیب جوئی ممکن ہی نہیں ۔ اس عہدِ نا پرسان میں کون ہے جس نے ٹھگی کو وتیرہ نہ بنایا ہو؟قحط الرجال کے موجودہ دور میں تو وہی شخص بے ضرر ہے جسے لُوٹ مار، ٹھگی اور سادیت پسندی کاموقع نہیں مِلا ۔اس اندھیر نگری کی مثال تو سائیں سائیں کرتے جنگل کی سی ہے جہاں ہرطرف جنگل کا قانون نافذ ہے ۔‘‘
بشیر کی یہ باتیں سن کر اُستاد موسیٰ نے اُسے سمجھانے کی ایک اور کوشش کی اوراسے بتایا :’’ قفسو کوسمجھنے کی کوشش کرو ۔یہ چڑیل تو کالی دیوی کی پجارن ہے اس کے کردار کی طرح اس کی زبان بھی کالی ہے۔منشیات اور قحبہ خانے کے کالے دھندے سے اس نے بے پناہ کالا دھن کمایا ہے۔ سو پشت سے ان عیار طوائفوں کا پیشہ ٹھگی اور لُوٹ مار ہے ۔سال 1290عیسوی میں علاؤالدین خلجی نے جن ایک ہزار ٹھگوں کو دہلی سے نکال باہر کیا ،ان میں قفسو کے آبا و اجداد بھی شامل تھے ۔ان کی ٹھگی جہاں آفت ِ نا گہانی کا اشارہ ہے وہاں یہ لُوٹ مار،استحصال اور قتل و غارت گری کا استعارہ بھی ہے ۔‘‘
بشیر کے پڑوسی کرم دادنے جو قفسو کی چالوں سے واقف تھااس نے بھی بشیر کو رازداری سے بتایا: ’’ یہ ٹھگ طوائفیں اپنی چکنی چپڑی باتوں سے اپنے گاہکوں سے ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی اینٹھ لیتی ہیں ۔اُن کی روح اورقلب کا سکون چھین کر لمبی اُڑان بھر جاتی ہیں ۔جاگتی ہوئی آ نکھوں میں نیندگھولنے کا عادی یہ خاندان تو دنیابھر کے عیار ،لٹیرے ،اُچکوں اور خطرناک ٹھگوں پر مشتمل ہے۔یہ اپنے شکار کی تلاش میں ہر وقت گھات میں رہتے ہیںاور موقع ملتے ہی اس کاکام تمام کر دیتے ہیں ۔ ‘‘
’’ قفسو اور مشتبہ بانوری نے میرے ساتھ پکا عہد و پیمان کر رکھا ہے ‘‘ بشیر نے بڑے اعتماد سے کہا’’ اُنھوں نے حلف اُٹھایاہے کہ وہ اپنا وعدہ ضرور پورا کریں گی اور بہت جلد میرے بیٹے کی شادی مشتبہ بانوری کے ساتھ ہو گی۔تمھاری بد گمانی اچھا شگون نہیں ۔‘‘
’’ میاں کس دنیا میں رہتے ہو؟ میری بات دھیان سے سنو ۔جوعشاق زرومال اور عہد وپیمان پر انحصارکرکے محبت کے حصول کی تمنا رکھتے ہیں ان کی خام خیالی پہ رونا آتاہے۔ بلا شبہ یہ مصیبت تو اختیاری ہے مگر اِس کا درد ناگزیر ہے اور اس کی بہت بھاری قیمت اداکرنی پڑتی ہے ۔ ‘‘اُستاد موسیٰ نے بشیر سے کہا: ’’ ان عادی دروغ گو لٹیروںکے سب عہد و پیمان بھی طیور کے انڈوں کے مانند ہوتے ہیں ۔جب اِن پر اِحسان فراموشی ،محسن کشی اور طوطاچشمی کے ڈنڈوں سے وار کیاجائے تو یہ چوراہے کے بیچ اس طرح ٹُوٹ کر بکھرتے ہیں کہ کچھ ہاتھ نہیں آتا۔ اس دنیامیں تعلقات میں نشیب و فراز اور شادی اور غم ساتھ ساتھ چلتے ہیں ۔ تعلقات ،الفاظ اور صدمات کی حرمت کے بارے میںسوچنا بہت ضروری ہے ۔‘‘
’’ میں ان پیشہ ور ٹھگوں کو اچھی طرح پہچانتا ہوں اوران کے عہد و پیمان کی نوعیت کو بھی خوب جانتاہوں ۔‘‘ کرم دادنے گلو گیر لہجے میں کہا’’ ان کے فریب میں آنے کے بعدتم نے اپنی فکر و نظر کو ناحق وقفِ ِعذاب کررکھاہے ۔ان عیاروںکے عہد و پیمان بھی نان کی طرح ہوتے ہیں جن کا جلد ازجلد ٹوٹنا ہی اِن کامقدر ٹھہرتاہے ۔یاد رکھو! اِس دنیامیںعادی دروغ ،فریب کار ،تلنگے اور لُچے ہر کسی سے بڑھ کرایفائے عہد کے حلف اُٹھاتے ہیں۔‘‘
’’ میں نے زر کثیر خرچ کر کے اپنے بیٹے کی شادی کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں ۔‘‘ بشیرنے اضطراب سے کہا’’ میں نے ان لوگوں کی ہر خواہش پوری کی ہے ۔اس قدر خدمت کرنے کے بعد اب کوئی وجہ نہیں کہ وہ مجھ سے بدگماں ہوں ۔آخر مجھے سے کیاخطاہوئی کہ وہ مجھ سے ترک تعلق کریں گے ؟میں سمجھ نہیں سکاکہ میں ان کے وعدوں پر یقین کیوں نہ کروں ۔ اس خاندان کی دیکھ بھال اور بے لوث خدمت میں دن رات ایک کرنے کے بعدمیرا حق بنتاہے کہ مجھ سے کیے گئے سب وعدے پورے کیے جائیں ۔ اتنے گہرے تعلقات کے بعدیہ مجھ سے کیسے آ نکھیں چُراسکتے ہیں ؟ ‘‘
’’ تاریکیوں کا شکوہ نہ کرو تمھیں تو اُجالوں کے جالوں نے پھانس لیاہے ۔تم جن وعدوں کو چودھویں کا چاند سمجھ رہے ہو وہ سب فریب ِ نظرہی تو ہے یہ چاند بھی بہت جلدماند پڑ جاتاہے ۔تم اپنی قسمت پہ نازاں رہتے تھے مگراسی قسمت نے تجھے ثریا سے زمیں پر دے ماراہے ۔ اُستاد موسیٰ نے بشیرکی غلط فہمی دُور کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا’’ جس وقت یہ محسوس کرو کہ اب تمھاری خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں تو گھبرانا نہیں بل کہ یہ بات اچھی طرح سمجھ لو کہ اب کوئی حادثہ ہونے والاہے ۔اُونچے خیالات میں رہتے ہوئے بلند پروازی کے عادی اور شہرت کے طالب گردشِ ایام کے نتیجے میں پستیوں میں جاگرتے ہیں ۔ ایک وقت ایسا بھی آتا ہے جب شہرت اور ثروت کا مہتاب دُور افق میںڈُوب جاتاہے۔ عہد و پیمان صرف الفاظ تک محدود ہوتے ہیں ۔سیلِ زماں کے تھپیڑے اُنھیں خس و خاشاک کی طرح بہالے جاتے ہیں ۔‘‘
’’میں یہاں اپنی اور اپنے چند ساتھیوں کی مثال دوں گا جنھیں ان لوگوں نے بڑی بے دردی سے لُوٹا۔‘‘ کرم دادنے کہا’’ اپنی بیٹی کے ساتھ منگنی کرنے کے بعد شادی کی تاریخ دے کرمیرجول،روفی ،سارق اور صنوبرکو ٹکاسا جواب دینے کے بعدانھوں نے نہایت ڈھٹائی سے کہاکہ ماضی میں ان کے بزرگوں نے جو وعدے کیے وہ شاید ان کی ناگزیر ضرورت تھے ۔اب ہم نے جو پیمان شکنی کی ہے وہ ہمارے موجودہ حالات کا اہم ترین تقاضاہے ۔‘‘
’’ میںاب تک دس لاکھ روپے اس متوقع منگنی اور شادی کے لیے خرچ کر چکاہوں ۔‘‘ بشیر نے سر جھکاکر کہا ’’ یہ بات میری سمجھ میں نہیں آتی کہ وہ کس بنا پر اپنے کیے ہوئے وعدوں سے منحرف ہو جائیںگے؟ اگر میں پیچھے ہٹتا ہوں تو میرا سب خرچ ڈوب جائے گا۔‘‘
یہ باتین سن کر کرم داد نے غصے سے کہا’’کسی سے جو وعدے کیے جاتے ہیں وہ ایک ایسے واجب الاداقرض کے مانند ہوتے ہیں جنھیں زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے پر ضرور اداکرنا پڑتاہے ۔قفسواوراس کی لے پالک بیٹیاں دیکھتے ہی دیکھتے کوئی وجہ بتائے بغیر بڑی ڈھٹائی سے اپنے کیے ہوئے وعدوں سے منحرف ہوجاتی ہیںاور دنیادیکھتی کی دیکھتی رہ جاتی ہے ۔اب میری بات دھیان سے سنووہ سب تم سے فریب کر رہے ہیں انھوں نے تمھیں ٹھگ لیاہے اور اس وقت وہ سب باتوں سے منحرف ہو چکے ہیں۔ مجھے یہ سب باتیں ان کے گھر کے افراد نے بڑی راز دار ی سے بتائی ہیں۔‘‘
تقدیر کے ستم سہنے کے بعد بشیر قوت فیصلہ سے بڑی حد تک محروم ہو چکاتھا۔ احباب کے پند و نصائح کو نظر انداز کرتے ہوئے اورنتائج سے بے پرواہو کر اس نے اپنے چھوٹے بیٹے کی منگنی مشتبہ بانوری سے کر دی ۔صرف ایک پیمانِ وفا پر یقین کر کے اس نے اپنی زندگی کا بہت بڑافیصلہ کر لیا۔وہ نہیں جانتا تھاکہ اگر کچے دھاگے کے مانند یہ پیمانِ وفا ٹوٹاتودوست بھی دشمن بن جائیں گے ۔ دنیا میںموقع پرست لوگ موسم کی طر ح اپنا رُوپ بدلتے رہتے ہیں ۔
پیراسائیکالوجی اور علم نجوم پر بھی اُستاد موسیٰ کوعبور حاصل تھا۔ استاد موسیٰ کومعلوم ہوا تو اس نے آ ہ بھر کر کہا:
’’ حیف صدحیف ایک بار پھر عادی دروغ گو ،محسن کش اور پیمان شکن سفہا نے ایک شریف شخص کواپنے جال میں پھنسالیا ۔ پیشہ ور ٹھوگوں کا یہ ٹولہ بشیر کو لُوٹ لے گااور اُس کی کوئی اُمید بر نہ آ ئے گی۔ اس سے بڑی فریب کاری اور عیاری کیا ہو سکتی ہے کہ کوئی طالع آزمااور مہم جُو محسن کش اپنے ہی کیے ہوئے وعدے سے منحرف ہوجائے ۔‘‘
ایک سال تک یہ طوائفیں بشیر کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرتی رہیں ۔ اس عرصے میں قفسو اور مشتبہ بانوری نے بشیرکو اس قدرلُوٹاکہ وہ کوڑی کوڑی کا محتاج ہو گیا۔ ان عیاروں کے مکر کی چالوں کے باعث زندگی کی درخشاں اقدار و روایات کو ہزیمت اُٹھانی پڑی ۔ اس کے بعدانھوںنے بشیر کو اس طرح نکال باہر کیا جیسے دودھ سے مکھی نکال کر پھینک دی جاتی ہے ۔ یہ سب موقع پرست مسخرے ہر طرف ہنہناتے پھرتے اور کسی کو خاطر میں نہ لاتے ۔ بشیر نے جب اس صریح جھوت پر احتجاج کیا تو اُسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں ۔اُس کے گھر پر اُجرتی بدمعاشوں کے ذریعے حملہ کرایا گیا اور ڈکیتی کی ایک واردات میں بدمعاشوں نے بشیر کے گھر کا باقی ماندہ سامان بھی لُوٹ لیا۔سب لوگوں کو اُستاد موسیٰ کی پیش گوئی سچ ثابت ہونے پر حیرت ہوئی ۔
ہر طرف سے مایوس ہو کر بشیر ایک بار پھر اُستاد موسیٰ کے پاس پہنچا۔اس موقع پر اُستاد موسیٰ نے مجبوریٔ حالات کی زدمیں آنے والے اس الم نصیب انسان کو تسلی دی اور کہا:
’’ تمھارے نقصان کا ہمیں اندازہ ہے مگر اس کا ازالہ ہمارے بس کی بات نہیں ۔گلستاں میں آنے والا بلبل جب عطر بیزی کی وجہ سے گلِ تر سے پیمانِ وفا باندھتاہے تویہ بھول جاتا ہے کہ کل یہ سب حقائق خیال و خواب ہو جائیں گے۔ پھول کملا جانے کے بعدحالات سے دل برداشتہ ہو کر بلبل اپنی منقار میں خار لیے اپنی حالتِ ِ زار پر آہیں بھرتا ہے اور کڑھتاہے ۔ وقت کایہ ستم سہنے کے بعدوہ کچھ بھی نہیں کر سکتا ۔ٹُوٹے ہوئے عہد و پیمان اس شکستہ آئینے کے مانند ہوتے ہیںجوٹھوکر لگنے کے بعدکرچیوں میں بٹ جاتاہے۔تم بلاوجہ ٹُوٹے ہوئے آ ئینے کی کرچیاں چُن کر اپنی انگلیاں فگار کرنے پر تُل گئے ہو۔شکستہ آئینے کی اِن کِرچیوں کوجوڑنے کا خیال اپنے دِل سے نکال دو۔‘‘
’’ میرا جگرچھلنی ہے اور دِل خون کے آ نسو روتاہے ۔‘‘ بشیر نے روتے ہوئے کہا’’میری شکستگی اور خستگی نے مجھے خود اپنی نظروں میں قابِل رحم بنا دیاہے۔ان درندوں کی عہد شکنی نے مجھے جس اذیت میں مبتلا کر دیا ہے وہ بیان نہیں کی جاسکتی ۔‘‘
کرم داد نے کہا ’’ بہتی گنگامیں ہاتھ دھونے کے عادی وہ سفہااوراجلاف و ارذال جو اپنے وعدوں کا خیال نہیں رکھتے وہ تمھاری آرزوؤںاور تمناؤں کا خیال کیسے رکھیں گے ؟تمھاری جان بچ گئی اسی پر سجدۂ
شکر ادا کرو۔ ‘‘
بشیر نے آ ہ بھر کر کہا’ میں اپنا معاملہ کائنات کی سب سے بڑی عدالت میں بھیجنے کافیصلہ کیا ہے ،وہاں دیر تو ہوسکتی ہے مگر اندھیرکا کوئی تصور ہی نہیں کر سکتا۔ پروردگارِعالم اس وقت میرے حالات دیکھ ر ہاہے اور میری فریا دسن رہاہے اس لیے مجھے یقین ہے کہ مجھے اپنے خالق کی طرف سے ضرورانصاف ملے گا۔‘‘
اُستاد موسیٰ نے بشیر کی باتیں سن کر اثبات میں سر ہلایااور اُس کی ڈھارس بندھاتے ہوئے کہا’’ یہ بات ہمیشہ یاد رکھو کہ خستہ حالی سے خوش حالی اور قابل ِ رحم ناکامیوں سے عظیم الشان کامرانیوں کے سوتے پھوٹتے ہیں۔اب ان ٹھگوں کاجانا ٹھہر گیاہے یہ صبح گئے کہ شام گئے ۔‘‘
اگلی رات موسلادھا ر بارش ہوئی قفسو کے قحبہ خانے کی چھت دھڑام سے گری اور سب کچھ نیچے دفن ہو گیا۔ اس حادثے میں نہ تو نائکہ رہی اور نہ ہی اس کی پروردہ طوائفیں۔لوگوں نے اسے فطرت کی سخت تعزیروں پر محمول کیا اوراستغفار پڑھنے لگے ۔
تکلم کے کئی سلسلوں میں اُستاد موسیٰ نیہماری معلومات میں اضافہ کیا ۔ان کی چندمثالیں پیش کی جارہی ہیں :
درست : لکھے مُو سا پڑھے خود آ = غلط : لکھے موسٰی ؑ پڑھے خدا
اُستاد موسیٰ کی حاضر دماغی کا ایک عالم معتر ف تھا۔ اپنی زندگی کے آخری ایام میں وہ اہلیہ کی وفات کے صدمے اور ضعف ِ پیری سے نڈھال تھا اور صرف بستر تک محدود ہو گیاتھاتو کچھ غم گسار احباب اس کے گھر پہنچے ۔حاجی محمدریاض نے جب اُستاد موسیٰ کی نقاہت کا عالم دیکھا تو کہا:
’’ اُستادِ محترم !جب سے آپ کی وفا شعار اہلیہ نے داعی ٔ اجل کو لبیک کہا ہے اس وقت سے آ پ کے دِل میں غم نے ڈیرے ڈال دئیے ہیں ۔ایسے عالم میں آپ کے دکھ کی دوا کرنا کسی مسیحا کے بس کی بات نہیں ۔سب تدبیریں اُلٹی ہو رہی ہیںاور ہر دوابے اثر ہے ۔‘‘
یہ تمھارا مجھ ناتواں پر احسان ہے کہ تم میرے ساتھ درد کا رشتہ نبھانے آئے ہو ۔تقدیر کے چاک کو سوزنِ تدبیر سے کون رفو کر سکتاہے ۔وہ نیک بخت کیا گئی کے میرے مقدر کی سب خوبیاں بھی اس کے ساتھ ہی رخصت ہو گئیں۔مسیحائی کی غرض سے یہاں آنے والو تم دیکھ رہے ہو :
ہجر میں گُھل گُھل کے آدھا ہو گیا
لے مسیحا اب میں مُو سا ہو گیا
اُستاد موسیٰ جھنگ کے ایک دور درازگاؤں ’ اکڑیاں والا ‘ کا رہنے والا تھا ۔وہ جب بھی جھنگ آتا اپنے شاگردوں کو ملاقات کا موقع ضرور دیتا ۔اپنے شاگردوںکا وہ اس قدر احترام کرتا کہ بعض اوقات خود اس کے شاگر اس کے حسن سلوک سے محو حیرت رہ جاتے ۔ اُستاد موسیٰ کی مذہب سے وابستگی ، علم دوستی،ادب پروری،تبحر علمی اور انسانی ہمدردی کی وجہ سے ہر شخص اُس کا گرویدہ تھا۔ اُس کے عزیزشاگردوں میں رانا عزیزاحمد ،ملک محمد اقبال ،غلام قاسم خان ،عبدالعزیز،پرویز اقبال ،محمداسلم اور سلیم خان شامل ہیں ۔ان سب نے وطن ِعزیز کی خدمت کی اور اپنے اپنے شعبوں میں نام پیدا کیا ۔
قحط الرجال کے موجودہ زمانے میںایسامحسوس ہوتاہے کہ سنسا ن جزیروں میں واقع قلعۂ فراموشی کے محصورین اپنی زندگی سے بیزا رہو چکے ہیں۔ہر طرف برادرانِ یوسف کاہجوم ہے اور خون سفید ہو چکاہے ۔سانسوں کی صلیبوں پر لٹکی ہوئی انسانی لاشیں دیکھ کر اس عہدِ ناپرساں کی بے توفیقی کے بارے میں کوئی ابہام نہیں رہتا ۔ زندگی کی گہما گہمی میںبڑھ چڑھ کر حصہ لینا اُستاد موسیٰ کامعمول تھا۔ اس کا کہنا تھاکہ موت ہروقت زندگی کے تعاقب میں رہتی ہے ۔اگر انسان بے عملی کاشکار ہو کر ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہیں گے اور سوچوںمیں گم منتظر فرد ارہیں گے تو کچھ حاصل نہ ہو گا۔ ایسی بے عملی اور بے حسی کے بعد اجل کے بے رحم ہاتھ کسی بھی وقت زندگی کی مشعل کو گل کر سکتے ہیں ۔اس عہدِ ناپرساں میں بڑھتی ہوئی بے حسی اور ناقدری کا اُستاد موسیٰ زندگی بھر شاکی رہا۔ زندگی کے آخری ایام میں اُستاد موسیٰ کی تنہائیوں میں کوئی غم گسار یا چارہ ساز اُس کی خبر گیری کے لیے نہ پہنچا۔ ایک خادم خلق کی یہ بے توقیری معاشرے کی بے حسی کی علامت ہے ۔ شدیدعلالت کے زمانے میں سنا ہے سسلین مافیاسے تعلق رکھنے والے ایک بے ضمیر درندے نے اُس کے آبائی مکان پر قبضہ کر لیا۔اُستاد موسیٰ نے موقع پر جا کر قبضہ گروپ کو نرم لہجے میں سمجھانے کی کوشش کی مگر جب بد معاشوں نے تلخ کلامی اور مغلظات بکنا شروع کیں تو اُستاد موسیٰ نے لب ِ اظہار پر تالے لگالیے۔اس کے بعداُس نے کسی کو مدد کے لیے نہ پکارا۔بزرگوں سے سنا ہے کہ ایک عالِم کی وفات سے ایک عالَم متاثر ہوتاہے مگر یہ کوئی نہیں بتاتاکہ ایک عالِم کی بے توقیری سے زوال پذیر معاشرے پر کیانتائج مرتب ہوتے ہیں ۔اس کی شدید علالت کے زمانے میں جب حاجی حافظ محمدحیات ، احمد تنویر ،شفیع ہمدم ،حاجی محمد ریاض ،گدا حسین افضل ،احمدبخش ناصر اور دیوان احمد الیاس نصیب اس کی عیادت کے لیے اس کے گھر گئے تو اُستاد موسیٰ نے گلو گیر لہجے میں جو ن ایلیاکا یہ شعر پڑھا۔
میرا سانس اُکھڑتے ہی سب بین کریں گے، روئیں گے
یعنی میرے بعد بھی یعنی، سانس لیے جاتے ہوں گے
سہ پہر کا وقت تھا اُستاد موسیٰ کاجنازہ تیار تھا۔شہر کا شہرسوگوارتھالوگوں کی بہت بڑی تعدادجنازے میں شریک ہوئی ۔لحد تیار تھی جنازے کے شرکا اور اُستاد موسیٰ کے قریبی احباب نے تعلیم و تربیت کے اِس آسمان کوکربلا حیدری کی زمین میں دفن کر دیا۔عالم ِنا پائیدار میں حیات اور ممات کا سلسلہ ازل سے جاری ہے اور ابد تک جاری رہے گا۔اس عالم ِآب و گِل میں زندگی کے میلے ہر وقت جاری رہتے ہیں۔معاشرتی زندگی کا سب سے بڑا اور محیر العقول کرشمہ یہ ہے کہ دائمی مفارقت دینے والے جب رخصت ہوتے ہیںتو دل پر ایساگھاؤ لگتاہے کہ محسوس ہوتاہے یہ سانحہ جان لیوا ثابت ہوگالیکن وقت ایک ایسامرہم ہے جو ہر گہرے زخم کو مندمل کر دیتاہے ۔دنیا دائم آباد رہے گی مگر جب میں اپنے گرد و نواح پر نظر ڈالتا ہوں تو ایسا ایک شخص بھی دکھائی نہیں دیتا جسے اُستاد موسیٰ جیسا کہا جا سکے ۔ سب لوگ خاموشی سے اپنے اپنے گھروں کوروانہ ہوگئے ۔آخر میں دو بوڑھے آ ہستہ آہستہ چل رہے تھے ۔ایک بوڑھے نے کھانستے ہوئے رازدارانہ لہجے میں اپنے معتمد دوست اوردیرینہ رفیق سے کہا:
’’ جعفر طاہر ،مجید امجد ،کبیر انور ،شیرافضل، احمد تنویر ،معین تابش،خیر الدین انصاری ،دیوان احمدالیاس نصیب ،گدا حسین افضل ،شفیع ہمدم ،صفدر سلیم سیال ،حکمت ادیب ، اور سجاد حسین کی یادگار یہی ایک شخص
باقی تھا۔اس نے علم وادب کے فروغ اور اصلاحِ معاشرہ کے لیے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی۔آج وہ بھی راہیٔ ملک عدم ہو گیا ۔اب اس شہر بے چراغ کا اللہ ہی حافظ ہے ۔‘‘
ماہ ِ محرم شروع ہوا تومیں اُس قدیم شہر خموشاں کے قریب سے گزرا جہاں یہ یگانۂ روزگار خادمِ خلق آسودۂ خاک ہے ۔شام کا وقت تھا مرحوم کے کئی شاگرد، قریبی عزیز اور پڑوسی بڑی تعداد میں اُستاد موسیٰ کی قبر پر فاتحہ پڑھنے کے لیے پہنچے تھے ۔اُنھوں نے لوحِ مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی ،اگر بیتاں جلائیں اور چراغ روشن کیے ۔اپنے رفتگان کو یاد رکھنے کا یہ اندازدیکھ کر ہمایوں ،مخزن،ادبی دنیا اور شاہ کار جیسے رجحان ساز ادبی مجلات کو متعارف کرانے والے ادیب تاج ورنجیب آبادی(احسان اللہ :1894-1951) کے یہ اشعار میرے ذہن میں گردش کرنے لگے:
کوئی پھول چادر چڑھائے ہمیں کیا
کوئی آکے شمع جلائے ہمیں کیا
ہمیں کیا جو تُربت پہ میلے رہیں گے
تہِ خاک ہم تو اَکیلے رہیں گے