تعریف: اس مرض میں ہونٹ متورم ہو کر ان سے خون نکلتا رہتا ہے۔
وجوہات: سردی لگنا، گردوغبار، اولے پڑنا، ٹھنڈی جگہ سے یک لخت گرمی میں آنا۔
تشخیص و علامات: یہ مرض عموماً موسم سرما میں ہوا کرتا ہے جبکہ سردی کی راتوں میں ککریا اولے پڑیں تو یہ مرض عام دکھائی دیتا ہے، ہونٹوں سے خون نکلتا ہے۔ درد اور خراش کی شدت، کھانا پینا دشوار ہو جاتا ہے۔
علاج: مقام ماؤف پر چربی یا ویزلین لگائیں۔ مینڈک کی چربی متورم لب کو فوراً آرام بخشتی ہے۔
سلورنائٹریٹ کے ہلکے لوشن سے دھونا بھی نہایت مفید ہے۔ روغن گل میں سفید موم ملا کر لگانا نافع ہے۔ اگر قبض ہو تو قبض رفع کریں اور مقام مرض پر پنسلین آئنٹمنٹ لگائیں۔ دن میں دو تین بار لگانے سے آرام ہو جاتا ہے۔ سبازول آئنٹمنٹ لگانا بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔
اگر بخار کے بعد ہونٹوں پر پھنسیاں اور چھالے نکل آئیں، ہونٹ پھٹ گئے ہوں تو روغن گاؤ گرم کر کے مقام مرض پر لگانا فائدہ کرتا ہے۔ سفیدی بیضہ مرغ کو گل روغن میں ملا کر لگانا بھی نافع ہے۔ مکھن میں قدرے کافور ملا کر لگانے سے جلن، سوزش اور زخم کو آرام آ جاتا ہے۔