دَورانِ سَر GIDDINESS گیذنس
تعریف: یہ ایک ایسی حالت کا نام ہے جس میں مریض کو کھڑا ہونے یا معمولی حرکت کرنے سے آنکھوں کے سامنے اندھیرا آ جاتا ہے۔ یا چکّر آنے لگتا ہے۔ جیسے اردگرد کی تمام چیزیں گھوم رہی ہیں۔
وجوہات: خون کی کمی اور اس کا زہریلا ہونا، کثرت جماع، کثرت قبض، منشیات کا استعمال، شراب، تمباکو، افیم، اور دماغی چوٹ کی وجہ سے بھی یہ تکلیف ہو سکتی ہے۔ اور فی الحقیقت یہ مرض دورانِ خون کی تبدیلیوں کے باعث ہوتی ہے۔
علامات: آنکھوں کے آگے اندھیرا چھا جانا، سر چکرانا، اور جب یہ کیفیت بڑھ جائے تو سر گھومنے لگتا ہے۔ اور مریض کو سب چیزیں گھومتی ہوئی نظر آتی ہیں۔ فی الحقیقت مرض ایک ہی ہے۔ لیکن علامات کی کمی بیشی کے لحاظ سے سدد اور دوار کہتے ہیں۔
علاج: اصل سبب کو معلوم کر کے رفع کرنے کی کوشش کریں۔ اگر دماغی کمزوری ہو تو دماغ کو طاقت دینے والی ادویات استعمال کریں۔ اگر کمی خون ہو تو خون پیدا کرنے والی ادویات دیں، عام صورتوں میں اطریفل کشنیز اور اطریفل اسطوخودوس کا استعمال مفید ہے۔
اکسیر دوران سر: فینو باربیٹون ۱/۲ گرین، ملک شوگر ۵ گرین۔
ایسی ایک ایک خوراک دن میں تین مرتبہ دیں، دوران سر کے لیے بے حد مفید ہے۔
(نوٹ): جن آدمیوں کو اکثر دماغی چکر آتے ہیں اور ہر چیز گھومتی نظر آئے اور ان کے لیے اُٹھ کر چلنا پھرنا بھی دشوار ہو جائے تو یہ عام طور پر صرع (مرگی) کا پیش خیمہ ہوتا ہے۔
نسخہ: کشنیز خشک ۷ ماشہ، ہلیلہ سیاہ ۳ ماشہ، ہلیلہ زرد ۳ ماشہ، آملہ متشر مسفوف ۴ ماشہ۔
اس کی دو خوراکیں کریں۔ ایک خوراک صبح اور ایک شام۔
نسخہ: پوٹاس بایکارب ۱ ڈرام، ٹنکچر جنشن کمپونڈ ۴ ڈرام، ٹنکچر کارڈیمم ۴ ڈرام، ایکوا منتھاپپ ۸ اونس۔
سب ادویات کو ملا کر رکھ لیں، بس تیار ہے، روزانہ تین بار ایک چمچہ صبح، دوپہر، شام دیں۔
اگر خون کی کمی ہو تو فولاد اور کچلہ کے مرکبات دیں اور لیورایکٹریکٹ کے انجکشن کریں۔
غذا و پرہیز: شوربہ، مونگ کی دال اور چپاتی، ڈبل روٹی، ساگودانہ کی کھیر، شلغم، پالک اور توری وغیرہ دیں۔
شگریٹ نوشی، چائے، شراب، لہسن، شکرقندی، پیاز، مچھلی، ہیضہ مرغ وغیرہ اور کثرت مطالعہ سے پرہیز کریں۔