نسیان AMNESIA ایم نیسیا
تعریف: اس مرض میں مریض کو باتیں یاد نہیں رہتییں۔ جو باتیں پہلے یاد ہوتی ہیں ان کو بھی بھول جاتا ہے۔
وجوہات: جب رطوبات کی زیادتی سے دماغ نرم پڑ جائے، یا ان کی کمی سے سخت ہو جائے تو مرض پیدا ہو جاتا ہے۔ عموماً جلق، کثرت جماع، شراب کا کثرت استعمال، غم و غصہ، رنج و فکر، سر پر چوٹ لگنا، دائمی نزلہ زکام، ضعف دماغ، ورم دماغ، دھوپ میں عرصہ تک رہنا یا آگ کے پاس دیر تک بیٹھے رہنے سے یہ مرض ہو جاتا ہے۔ زیادہ سونے اور خاص کر دن کے وقت سونے سے خون میں بلغمی رطوبتیں زیادہ شامل ہو جاتی ہیں جن کے باعث دماغ کے نرم ہونے سے یہ شکایت پیدا ہو جاتی ہے۔ اور کبھی بدبودار مقامات میں رہنے سے خون میں زہریلی کیفیت پیدا ہو کر نسیان ہو جاتا ہے۔
تشخیص: مریض کے نتھنے خشک، نیند کا نہ آنا، قبض رہنا، تھوڑی محنت کرنے سے سر میں درد ہونا اور آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا جاتا ہے۔ بعض مریضوں میں نیند کا زیادہ آنا، ناک اور منہ سے رطوبت کا زیادہ نکلنا، منہ کا مزا پھیکا اور چہرہ پر بھربھراہٹ کا ہونا پایا جاتا ہے۔
علاج: مرض کا اصل سبب معلوم کر کے اس کا علاج کریں، قوت ہضم کی اصلاح کرنا، خون پیدا کرنے والی اور دماغ کو طاقت دینے والی ادویات اور پنیر کو استعمال میں لانا چاہیے۔
جوہر برہمی کا استعمال اس مرض کا شافی علاج ہے۔
جوہر برہمی: برہمی کے تازہ پتّے مع جڑ حسب ضرورت لے کر ان کا پانی نکال لیں۔ آگ پر اس قدر پکائیں کہ گاڑھا قوام بن کر خشک ہو جائے۔ سفوف بنا کر محفوظ رکھیں۔
مقدار خوراک ۱ رتی ۲ چھٹانک مکھن کے ساتھ دیں۔ ہر قسم کی دماغی کمزوری، جریان، احتلام اور نظر کی کمزوری کے لیے مفید ہے۔
مندرجہ ذیل دوا بھی نسیان کے واسطے مجرب ہے۔
صفتہ: کندر ۳ تولہ، فلفل سیاہ ۱ تولہ، باتیک کوٹ چھان کر ۴ ماشہ روزانہ صبح نہار منہ استعمال کریں۔
علامہ طبری صاحب فردوس الحکمت: مندرجہ ذیل دوا حفظ کو بڑھانے اور صحت و شباب کو باقی اور قائم رکھنے کے لیے نافع ہے۔
صفتہ: بلاور ، بھلانواں ۱۰ تولہ لے کر توڑیں اور ٹکڑے کر لیں۔ اس کے بعد پگھلے ہوئے گھی سے خوب اچھی طرح دھوئیں اور سایہ میں خشک کر لیں۔ پھر حبتہ الخضرا ۱۰ تولہ، ساذج ہندی، ہلیلہ سیان ہر ایک ۰۱ تولہ ، قرنفل بسباسہ ہر ایک ۰۴ ماشہ لے کر کوٹ چھان لیں۔ اور شہد کف گرفتہ اور روغن گاؤ ہموزن میں دوائیں اور بلاور مذکور ملا کر اور اخروٹ کے برابر لڈر بنا لیں۔ اور چالیس دن تک روزانہ منہ نہار گائے کی دہی کے ساتھ کھائیں۔
نسخہ: وٹامن بی ۱۲ دبی کملیکس اور مرکبات فولاد اور کچلہ بھی اس مرض کے لیے مفید ہیں۔
غذا و پرہیز: خون کی کمی کی صورت میں شوربا، چپاتی، چوزہ مرغ اور پرندوں کا گوشت، نیم برشت انڈا، دودھ، مکھن، ملائی، سیب، آم، خربوزہ وغیرہ کا استعمال کرنا نہایت مفید ہے۔
دماغی اور جسمانی محنت کثرت جماع، گرم خشک، غلیظ اور بادی چیزوں سے پرہیز کرنا چاہیے۔ رطوبتوں کے غلبہ کی صورت میں برف اور سرد چیزوں کے کھانے سے پرہیز کرنا چاہیے۔