قاضی اعجاز محور
دل میں صحرا ہیں تو آنگھوں کے چمن کیا معنی
زندگی اپنے لیے تیری پھبن کیا معنی
جب بچھڑنا ہی مقدر کا فسانہ ٹھہرا
یہ گلے ملنے کی اک رسم کہن کیا معنی
لوٹ آنے کی دعائیں بھی رکھو ساتھ اپنے
ورنہ پردیس میں اک یاد وطن کیا معنی
کھیل ہے دورسے بس دیکھنے والوں کے لیے
چاند کیا اور یہ سورج کا گہن کیا معنی
کوئی دیتا ہے صداؤں کو مری‘ لفظ کا روپ
ورنہ احساس مرا کیا مرا فن کیا معنی
میرے مولا کی رضا ہے جو دھڑکتا ہے یہ دل
ورنہ یہ سانس کی ڈوری یہ بدن کیا معنی