فیصل عظیم(امریکہ)
اتنے برسوں بعد
مسافر نے خوش ہو کر
زادِسفر اک منزل پر رکھ کر یہ سوچا
شاید اب ان رستوں پر اس کے
نقشِ قدم آویزاں ہوں گے
اور مقامِ عظمت کوئی
اب اس سے وابستہ ہو گا
لیکن غور کیا تو جانا
جتنے لوگ چلے تھے پہلے
وہ خود سنگِ میل ہوئے ہیں
اور اسے آگے بڑھنا ہے
ایک اک سنگِ میل سے آگے
لفظوں اور لوگوں سے وابستہ
وہ پتھر
میلوں دور تلک پھیلے ہیں
اور وہ اب تک گویا
میل کا پہلا پتھر ڈھونڈ رہا ہے