ڈاکٹر وزیر آغا(لاہور)
تم کیا جانو
تم جو اپنے تن کو اوڑھ کے
سرگرداں ہو
تم کیا جانو
خالی پن میں
کتنے گھور زمانوں کی بے انت مسافت
اک مسکین سی گربہ بن کر
تہ در تہ گٹھڑی کی صورت
بند پڑی ہے
تم کیا جانو
خالی پن میں
کتنا سکھ ہے
اپنے تن کو تہہ کر کے نیچے
تکیے کی صورت
اپنے سر کے نیچے رکھ لینے میں
کتنا سکھ ہے
تم کیا جانو!