شمسہ اختر ضیا(خانپور)
یہ آرزو ہے
کہ اپنے جذبوں کی روشنی سے تمہارے گھر میں کروں چراغاں
یہ ہے تمنّا
کہ چاند بن کر تمہارا آنگن اُجال دوں میں
میں اپنے حصّہ کی ساری صبحیں
تمہارے چہرے پہ آج لکھدوں
اگر ہو بس میں
تو اپنی خوشیوں سے دامنِ دل تمہارا بھر دوں
میں اپنے گلشن کی سب بہاریں
چٹکتی کلیاں ، حسین غنچے
محبتوں کے امین غنچے
تمہارے آنگن میں ڈال دو نگی
کہ چاہتوں کے گلاب سے پھر
مشامِ جاں عطربیزہوگی
میں بن کے جگنو
تمہاری راہوں کو جگمگادوں
تمہارے رستے کے سارے کانٹے
میں اپنی پلکوں سے آج چن لوں
تمہاری راہوں کی دھول سے میں
نہا کے افشاں سے مانگ بھر لوں
دعا ہے حق سے ‘سدا ہی خوشیوں کاراج پاؤ!
تمہارے آنگن میں ہو چراغاں
یہ یاد رکھنا !-
----میری دعائیں سدا تمہارے لیے رہیں گی!