مقیت اعظمی(اعظم گڑھ)
غم کے ماروں کی حمایت نہیں کرتا کوئی
مارے دہشت کے یہ جرات نہیں کرتا کوئی
قیمتِ زیست کا احساس ہے جن کو،ان میں
مفت مرنے کی حماقت نہیں کرتا کوئی
خود پرستی کو برا کہتے ہیں سب ہی لیکن
خود پرستی سے بغاوت نہیں کرتا کوئی
دور ظلمت نہیں کرتے ہیں جوروشن ہو کر
ان چراغوں کی حفاظت نہیں کرتا کوئی
جن کی گفتار سے حق گوئی کو صدمہ پہنچے
ایسے جھوٹوں کی حمایت نہیں کرتا کوئی
جو منافق ہیں ،انہیں کیوں نہ منافق سمجھوں
سب دکھاوا ہے بغاوت نہیں کرتا کوئی
کام لیتے ہیں مقیتؔ آپ ندائے حق سے
گوش مصروفِ سماعت نہیں کرتا کوئی