فرحت حسین خوشدل
لکھوں میں حمد تری روز نت نئی یارب
ملے مجھے بھی ہدایت کی روشنی یارب
صراطِ خیر کا طالب ہوں تجھ سے ربّ کریم
تو اپنے فضل سے دے مجھ کو آگہی یارب
یہ تیرا فضل ہے خیرالامم میں ہوں شامل
بوقتِ مرگ رہے کلمۂ نبیؐ یارب
مجھے عطا ہو ذرا سی ضیاء بفیضِ نبیؐ
تو میری فکر کو دے اپنی روشنی یارب
یہ سب ہے تیرا کرم حمدو نعت لکھتا ہوں
افادیت سے ہو پُر میری شاعری یارب
زباں پہ ذکر ترا اور ترے نبیؐ کا رہے
میری دعا کا ہو مرکز یہ آخری یارب
یہ سچ ہے اپنے گناہوں پہ میں ہوں شرمندہ
گنہ سے پاک ہو خوشدلؔ کی زندگی یارب