ڈاکٹر محبوب راہی
اُنؐ کے افکار،عمل اُنؐ کاشریعت اُنؐ کی
رہنما جادۂ ہستی میں ہے سیرت اُنؐ کی
سارے نبیوں سے الگ شانِ نبوت اُنؐ کی
منفرد سارے رسولوں میں رسالت اُنؐ کی
رہبری انؐ کی،ہراک گام ہدایت انؐ کی
کامرانی کی بشارت ہے قیادت اُنؐ کی
خیر امّت ہے ہر اک دور میں اُمّت اُنؐ کی
ساری دنیا کے دلوں پر ہے حکومت انؐ کی
روزِ محشر جو ہو مطلوب شفاعت انؐ کی
ہم پہ لازم ہے بہر گام اطاعت انؐ کی
ایسا اُمّی جسے علموں کا سمندر کہیے
نکتہ سنجی،وہ فصاحت وہ بلاغت اُنؐ کی
انؐ کا ہر نقشِ قدم ہے مِرا رہبر راہیؔ
میری منزل ہے وہی جو بھی ہے سنّت اُنؐ کی