فراز حامدی(جے پور)
بہتر ہے یہی جانم
آ دور نکل جائیں
اپنے شہروں کی
گنجان فضاؤں میں
ہر شہر کے رستوں میں
ظلم و تعصب کی
اب آندھیاں چلتی ہیں
ہر شہر کی جگہوں میں
خوف و دہشت کے
اب سائے لرزتے ہیں
ہر شہر کی رونق کو
چاٹتے رہتے ہیں
اب خطرے فسادوں کے
لیکن یہ حقیقت ہے
ملک کی سر حد کو
ہم چھوڑ نہیں سکتے
آ! یوں کریں اے جانم
چھوڑ کے شہروں کو
صحراؤں کی جانب ہم
چپ چاپ نکل جائیں
اپنے پرکھوں کی
تاریخ کو دہرائیں