صبا اکبر آبادی
کس نے سمجھی جہاں میں تیری شان
تو قوی و کریم اور سبحان
بخش دے دل کو دولتِ عرفان
اے خدائے رحیم یا رحمان
تیرا قانون لائے تیرے رسول
اب کھلادے ہمارے دل کے پھول
سب کی کرتا ہے تُو دعائیں قبول
اے خدائے رحیم یا رحمان
ایک اک حرف جس کا ہے پُر نور
جس میں ہے تیری حکمتوں کا ظہور
تیرا قرآن آخری دستور
اے خدائے رحیم یا رحمان
ہم ہیں تیرے حبیبؐ کی ا مت
دُور کر ہم سے جو بھی ہو آفت
آسرا دے گی اب تری رحمت
اے خدائے رحیم یارحمان
ہم تیرا شکر ادا کریں کیوں کر
تونے بخشا ہے ہم کو ہر جو ہر
بھیج دے اب فرشتوں کا لشکر
اے خدائے رحیم یا رحمان