پچھلے برس کی برف پر چلتے ہوئے
وہ اچانک لڑکھڑائی
اور پھسل کر، میری بانہوں میں گری
دیر تک لپٹی رہی—
میری کمر کے گرد حلقہ سا کیے
بازوئوں سے اپنے مجھ کو خاص اپنا سا کیے!
گرم سی پوشاک میں دونوں بدن ملفوف تھے
— دونوں جڑے، دونوں جدا—
برف رُت کی جیکٹوں کا درمیانی فاصلہ
لحظہ بھر کے اس جکڑ لینے سے
کیسے اٹھ گیا—؟
سوچتا ہی رہ گیا
من سوچتا ہی رہ گیا، تن سوچتا ہی رہ گیا
وہ الگ ہو کر، ہٹی
’’تھینک یو‘‘ اور ’’بائی‘‘ کہنے کے تکلف کے بِنا
برف پر چلتی ہوئی
نظروں سے غائب ہوگئی—
میں دیکھتا ہی رہ گیا—!
میں اکیلا رہ گیا— اور
برف پچھلے سال کی مجھ کو اکیلا چھوڑ کر
— خود بھی غائب ہوگئی—!
اس برس کی برف میں، پچھلے برس کی برف کو
ڈھونڈتا رہتا ہوں میں
ڈھونڈتا رہتا ہوں میں