یہاں دربار لگتے ہیں
مگر شاہی محل ہے یہ نہ ہی دربارِ شاہی ہے
یہاں اقوامِ عالم کے نمائندے
بہم مل بیٹھتے
اور اپنے ملکوں کے اور عالم کے
مسائل پر
فروغِ مشورت کا اک ڈراما سا
رچاتے ہیں—!
بظاہر زندہ لفظوں، گرم لفظوں کے
غبارے:
نمائندوں کے ہونٹوں سے باہر
سقف تک پرواز کرتے ہیں
مگر ہر لفظ اوپر جاتے جاتے سرد
اور بے جان ہو کر نیچے گرتا ہے
قوی ملکوںکے چیدہ منتخب لوگوں کے
بوٹوں کے تلے—
غبارے پھوٹ جاتے ہیں!