انٹرنیٹ کا بے روک و ٹوک استعمال اپنے اندر وقت کے ضیاع کا پہلو بھی رکھتا ہے۔ انٹرنیٹ پر مختلف سائٹس پربے مصرف گھومنے کا عمل جسے (Surfing) سرفنگ کہتے ہیں سڑکوں پر آوارہ گردی کرنے کے مترادف ہوتا ہے۔ جس طرح سڑکوں پر بے مقصد مٹر گشت کرنے میں وقت کا پتہ نہیں چلتا اسی طرح سرفنگ کے عمل میں لوگ اپنا قیمتی وقت ضایع کرتے رہتے ہیں اور انہیں اس کا احساس نہیں رہتا۔ سرفنگ سے زیادہ چیٹنگ وقت کے ضیاع کا سبب ثابت ہوتی ہے۔ نوجوان لڑکے لڑکیاں گھنٹوں کمپیوٹر کے سامنے بیٹھے رہتے ہیں اور لایعنی گفتگو اور مشغلوں میں اپنا قیمتی وقت ضایع کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر کا مسلسل استعمال آنکھوں، ہاتھوں، گردن اور کمر کے پٹھوں کے لیے بھی مضر ہوتا ہے۔ باقی اخلاق پر مضر اثرات ہم سیکس سائٹ کے حوالے سے اوپر بیان کرچکے ہیں۔