تمہیں پانے کی خواہش
صرف خواہش ہی نہیں جاناں
تمہارے اِن لب و رُخسار کی سُرخی پہ
میری شاعری کے سب دَمکتے رنگ بکھرے ہیں
طلسم ِ حرف کے جو اِسم بھی ہیں
سب تمہاری آنکھ کے جادُو میں بستے ہیں
مِرے مفہوم اور معنی تمہاری رُوح میں پنہاں
تمہیں پانے کی خواہش
صرف خواہش ہی نہیں جاناں!
مجھے اپنے ادھورے پن کی بھی تکمیل کرنی ہے
تمہارے بارے میں ہر سوچ پر میں نے
دعاؤں کے نہ جانے کتنے اندھے کرب جھیلے ہیں
بس اِس اُمید پر
یہ کرب اک دن روشنی بھی لے کے آئیں گے
تمہیں لیکن کوئی احساس تک بھی تو نہیں شاید!
چلو آؤ.... مری آنکھوں میں تھوڑا جھانک کر دیکھو
کہ آنکھیں سچ ہی کہتی ہیں
تمہیں یہ خود بتائیں گی کہ میں نے تم کو پانے کی
دعائیں مانگنے کے جتنے اندھے کرب جھیلے ہیں
تمہاری ہی عطائیں ہیں
اور ان کی آنے والی روشنی بھی تو
تمہیں پانے کی حیرت زا بشارت سے عبارت ہے
سنو جاناں !
اب اپنے حُسن کے رنگوں سے میری شاعری بھر دو
اب اپنی آنکھ کے جادُو کے سارے اسم
مجھ پر کھول کر
مجھ کو طلسمِ حرف کے اسرار سکھلاؤ
مِرے معنی، مِرے مفہوم بھی مجھ کو عطا کر دو
مِرے ہاتھوں میں اپنا ہاتھ دو
نزدیک آ جاؤ!