شئہ دیں کی جوبستی ہے ، مدینہ اُس کو کہتے ہیں
جہاں رحمت برستی ہے ، مدینہ اُس کو کہتے ہیں
جہاں وہ گنبد خضرا ہے ، جس کی دید کی خاطر
بھری دُنیا ترستی ہے ، مدینہ اُس کو کہتے ہیں
خُدا کے بعد جوبے مثل ہے جس پاک خِطے میں
جہاں آرا وہ ہستی ہے ، مدینہ جس کوکہتے ہیں
جہاں حُبّ نبی کی مے سے ہیں سرشار دیوانے
جہاں یہ جذب و مستی ہے ، مدینہ اُس کو کہتے ہیں
دُکھوں میںمبتلا، دُنیا کی ٹھکرائی ہوئی خَلقَت
جہاں خوش ہوکے ہنستی ہے، مدینہ اُس کو کہتے ہیں
سلاموں کی ، دروُدوں کی ، خُدا کے ذِکر کی بارش
جہاں ہر پل برستی ہے ، مدینہ اُس کو کہتے ہیں
جہاں مخلوق حق روضے کی جالی چومنا چاہے
یہ خواہش دل میں بستی ہے ، مدینہ اُس کو کہتے ہیں
خُدا کے نور سے روشن ، نبی کے نور سے جگمگ
جو اِک پُر نور بستی ہے ، مدینہ اُس کو کہتے ہیں