ہے جنت ِ قرار دیارِ حضور ﷺ میں
پہنچوں ہزار بار دیارِ حضور ﷺ میں
آباد ہیں نبی ﷺ کے تبسم کی مکتیں
ہے مستقل بہار دیارِ حضور ﷺمیں
سورج کی چاندنی ہے زمیں پر بچھتی ہوئی
ہر ذرہ تاب دار دیارِ حضور ﷺ میں
جذبوں کا صدق سب کے خد و خال سے عیاں
چہروں پہ ہے نکھا ر دیا رِ حضور ﷺ میں
پھرتے ہیں افتخارِ گدائی لیے ہوئے
کتنے ہی تاج دار دیارِ حضور ﷺ میں
میں جب گیا، زباں پہ رہی بس یہی دعا
سب آئیں بار بار دیارِ حضور ﷺ میں
نظریں جھکی ہوئی ہیں ، ادب کا مقام ہے
عالم ہے شرم سار دیارِ حضور ﷺ میں
آصف اُنہی کافیض ، انہی کا ہے سب کرم
مجھ سا گناہ گار دیارِ حضور ﷺ میں