رہبرِ عالم محسن انساں صلی اللہ علیک وسلم
ہادی برحق، حاصلِ قرآن صلی اللہ علیک وسلم
آپ کے در کا جو بھی گدا ہے رُتبے میں شاہوں سے بڑا ہے
آپؐ ہیں سلطانوں کے سلطاں صلی اللہ علیک وسلم
آپؐ کی شان ہے محسن اعظم، دونوں جہاں میں رحمت عالم
آپؐ کی ذات سراپا احساں صلی اللہ علیک وسلم
آپ کا ذکر ہے بستی بستی، آپؐ مدارِ عالم ہستی
آپؐ بہارِ گلشن دوراں صلی اللہ علیک وسلم
لطف و عطا تھی آپ کی عادت شفقت رحمت اور موّدت
دشمن تھے انگشت بدنداں صلی اللہ علیک وسلم
چاند ستاروں میں جو ضیاء ہے آپؐ کے نقش پا کی عطا ہے
آپؐ کے دم سے ہیں یہ فروزاں صلی اللہ علیک وسلم
آپ سرابا رحم و کرم ہیں ایک نگاہِ مہر ادھر بھی
ہے یہ سرورؔ بھی لطف کا خواہاں صلی اللہ علیک وسلم