نہیں ہے مرتبہ میں کوئی برتر میرے آقا سے
کہاں ہے کوئی اعلیٰ میرے سرور ، میرے آقا سے
محمد مصطفی ہی سب سے افضل دونوں عالم میں
ملائک اور انساں سب ہیں کمتر میرے آقا سے
محمد مصطفی ہی باعثِ تخلیق آدم ہیں
زمانے میںنہیں کوئی بڑھ کر میرے آقا سے
گھٹائیں چار سو ظلمت کی چھائی تھیں زمانے میں
ہوا سارا جہاں یکسر منّور میرے آقا سے
خُدا کا نور ہیں اور منبع انوار ہیں آقا
ہے تابندہ ہجوم ماہ واختر میرے آقا سے
نہ کرنا مجھ کو رسوا روبرو حضرت والا
نہاں رکھنا مرے عصیاں کادفتر میرے آقا سے
مجھے محشر میں بخشش کا نہیں کچھ خوف جیلانی
شفاعت کون کرسکتا ہے بہتر میرے آقا سے