’’ہیلو فرینڈز، کیا حال ہیں‘‘۔
’’چلو بھئی رَوہیل آگیا اَب خوب محفل جمے گی۔کیونکہ رَوہیل بحث میں ماہر ہے۔ کسی بھی بات کے میرٹس اَور ڈِی میرٹس بڑے اَچھے طریقے سے بیان کرتا ہے۔ دونوں صورتوں میں خود کو منوالیتا ہے‘‘۔ اَمجدنے کہا،’’ ہم لوگوں نے صرف اَیم اَے کا اِمتحان دِیا ہے اَور کورس کے علاوہ کچھ نہیں پڑھا لیکن موصوف نے اَپنے اَدبی ذَوق کو اِتنا جواں رَکھا ہے کہ کسی بھی موضوع پر بات کرو جناب بڑی خوبی سے گہرائی میں چلے جاتے ہیں‘‘۔
رَوہیل اَپنے خاص اَنداز میں بولا ، ’’بکواس بند کرواَور میری بات سُنوتم لوگ تو شاید نوکریاں تلاش کررَہے ہوگے لیکن میرے پیرنٹس میری شادی کررَہے ہیں۔اَمیر ہونا بھی اِیک عذاب ہے۔ وَالد صاحب اَپنا کاروبار بڑھانا چاہتے ہیں اَور مجھے اُن کے بزنس پارٹنر کی بیٹی سے شادی کرنی ہوگی‘‘۔
رَوہیل کے سب دوست یک زبان ہوکر بولے، ’’اَرے تم تو یونیورسٹی کے تمام مباحثوں میں شادی کے خلاف بولا کرتے تھے۔یہ تمہیں کیا ہوگیا ہے۔‘‘۔
اَمجد بولا، ’’اَرے لڑکی دِیکھی بھی ہے کہ نہیں‘‘۔
رَوہیل جیسے اِنتظار میں تھا بول پڑا، ’’لڑکی بڑی خوبصورت ہے اَور ہمارے ساتھ یونیورسٹی میں پڑھتی رَہی ہے۔ وہ محترمہ اِنگلش لٹریچر پڑھتی رَہی ہیں اَور ہم فلاسفی،لیکن اِیک خرابی ہے ۔لڑکی بڑی مذہبی قسم کی ہے اَور نماز رَوزے کی پابند ہے۔ اَور مَیں ٹھہرا کارل مارکس اَور برٹرینڈ رسل کا شاگرد۔رَوسو نے ٹھیک ہی کہا، اِنسان اِس د ُ نیا میں آزاد پیدا ہوا ہے لیکن وہ معاشرتی زَنجیروں میںجکڑاہوا ہے۔اَب مَیں اَپنے وَالد صاحب کے کاروبار کی زَنجیروں میں جکڑا ہوا ہوں‘‘۔
فیض سب کی گفتگو سُن رَہا تھا بیچ میں بول پڑا،’’یار وہ فریحہ کا کیا کرو گے رَوہیل‘‘۔
’’اَرے یار کچھ نہیں بس ہم پڑھے لکھے لوگوں کا یہی تو فائدہ ہے سب باتیں خود ہی سمجھ جاتے ہیں۔وہ بھی سمجھدار لڑکی ہے۔ اُس نے اَبورشن کروَالیا، حالانکہ حفاظتی تدابیر بھی اِستعمال کی تھیں۔اَینی وے یہ کوئی اِتنی بڑی بات نہیں‘‘۔
فیض چونکہ بات سے بات نکالنے کا عادی تھا۔عادتاً رَوہیل سے پوچھ بیٹھا، ’’اَرے اَگر تمہاری ہونے وَالی بیوی بھی اَیسی ہی ہوئی، یعنی اَبورشن کروَاچکی ہوئی تو کیا کرو گے‘‘۔
رَوہیل نے جواب دِیا، ’’اَرے کچھ بھی نہیں،تم تو جانتے ہو میرے گْرو سعادت حسن منٹو کو۔ اُن کی اَفسانہ نگاری نے مجھے اِتنا بولڈ کردِیا ہے۔یعنی عورت کی عزت کو اِس حد تک پہنچا دِیا ہے کہ مَیں پروسٹیٹیوٹ کو بھی عزت کی نگاہ سے دِیکھتا ہوں۔ میرے نزدِیک عزت کا پردے سے کوئی تعلق نہیںاَور تم تو جانتے ہی ہو کہ ہر بُری عورت کے پیچھے کسی مرد کا ہاتھ ہوتا ہے‘‘۔
’’یہ موپاساں نے کہاہے شاید‘‘ فیض بول پڑا۔
’’ہاں بالکل درست ہے‘‘۔ وہ تھوڑی دِیر کے لیئے رُکا پھر اَپنی بات جاری رَکھتے ہوئے بولا، ’’مَیں تو عورت کو دَبانے کے حق میں نہیں ہوں۔ عورت کو دَبانا اِیک ذہن کو دَبانا ہے۔ یعنی د ُ نیا کو اِیک برین سے محروم کرنا ہے اَور سیکس تو وَیسے بھی نیچرل ہے ۔اِس بات کو فرائڈ نے اَور بعد میں کامل پالیہ نے تسلیم کیا ہے۔چونکہ پاکستان میں لِٹرِیسی رِیٹ لَو ہے اِس لیئے لوگ اِس بات کو بڑے عرصے بعد سمجھیں گے۔شاید نہ ہی سمجھ سکیں‘‘۔
اَبھی گفتگو جاری تھی کہ اَمجد بول پڑا، ’’اَرے آجکل کشور ناہید اَور فہمیدہ رِیاض ویمن لبرل اِزم پہ کافی کام کر رَہی ہیں‘‘۔
رَوہیل نے جواب میں کہا، ’’اَگر عورتوں کی تحریک میں مردوں نے حصہ لیا تو مَیں اُس کا سرگرم رُکن ہوں گا۔کتنی عورتیں مردوں کی ہوس کا نشانہ بن جاتی ہیں۔حالانکہ یہی کام میوچل انڈرسٹینڈنگ سے کرلیں تو نہ اُنہیںخود کشی کرنی پڑی اَور نہ ہی اَخبارَوںکی ہیڈلائنز بنیں‘‘۔
۔۔۔۔۔’’اَرے یار آج کی محفل برخاست کرتے ہیں‘‘ ،رَوہیل نے کہا ۔
اَور اَپنے دوستوں کو شادی کے اِنویٹیشن کارڈز دِے کر چلا گیا۔
٭
رَوہیل نے بڑی مشکل سے اَپنے دَوستوں سے جان چھڑائی اَور حجلہئِ عروسی میں دَاخل ہوا۔ اِس کی بیوی فرح نے جو کہ عام لڑکیوں کی طرح شرمائی لجائی تو نہیں لیکن بناوٹی سا گھونگھٹ نکالے بیٹھی رَہی۔
رَوہیل نے سکوت توڑا، ’’جیسا کہ فرح مَیں تمہیں جانتا ہوں۔تم اِیک پڑھی لکھی لڑکی ہو اَور ہم یونیورسٹی میں اَکھٹے پڑھتے رَہے ہیں۔گو کہ مضامین اَلگ اَلگ تھے لیکن یونیورسٹی اِیک ہی تھی۔تم مَیں اَور مجھ میں صرف اِتنا فرق ہے کہ تم مونث ہو اَور مَیں مذکر ہوں۔تم ذرا مذہبی خیالات کی مالک ہو اَور مَیں کومیونسٹ قسم کا ہوں۔میرے بارے میں تو تمہیں پتا ہے کہ مَیں شادی کرنا نہیں چاہتا تھا نہ ہی مَیںاِس قید کا قائل ہوں۔خیر عورت اَور مرد کے ملاپ یعنی سیکس کو بالکل نیچرل سمجھتا ہوںاَور چونکہ یہ نیچرل ہے اِس لیئے یہ جر م نہیں ہے۔ جس طرح مرد کو حق ہے اُس طرح عورت کو بھی حق ہے کہ وہ جنسی تسکین کے لیئے دِیگر ذَرائع اِستعمال کرے۔تم نے منٹو کو تو پڑھا ہی ہے‘‘۔
جب رَوہیل بول چکا، شادی کا تحفہ پہنا چکا تو فرح بولی، ’’چونکہ آپ کافی لبرل ہیں اَور ویمن لبرل اِزم پہ آپ کافی کچھ بول چکے ہیں اِس لیئے مَیں کچھ اَپنے بارے میں بتانا پسند کروں گی۔آپ کے نزدِیک تو یہ کوئی بڑی بات نہیں ہوگی لیکن میرے نزدِیک اِیک جرم ہے۔ I am pregnant۔اَگر آپ چاہیںتومیں ابورشن کروَالوں گی‘‘۔
فرح کافی دِیر باتیں کرتی رَہی اَور رَوحیل بولے بغیر خاموشی سے سُنتا رَہا پھر معلوم نہیں دَونوں رَات کے کس پہر سوگئے۔
تھکن کی وَجہ سے فرح کی آنکھ دِیر سے کھلی کیونکہ رات دِیر سے سوئی تھی۔لیکن بستر پر نہ تو سلوٹیںتھیں اَور نہ ہی کوئی اَیسے آثار تھے جس سے یہ ظاہر ہوتا کہ رات رَوحیل اِس کے ساتھ سویا تھا۔گلاس میں دودھ اُسی طرح پڑا ہوا تھا اَور گلاس کے ساتھ تپائی پے اِیک خاکی لفافہ پڑا ہوا تھا جو رَوحیل کے کمیونزم کے مصنوعی نظریات کا مذاق اُڑا رہا تھا۔
٭