سب سے پہلے تو مَیں آپ کو اِس اَفسانوی مجموعے کے نام کے بارے میں بتاتا چلوں کہ اِس کا نام کلندستینی(CLANDESTINI) کیوں رَکھا گیا ہے اَور اِس کا کیا مطلب ہے۔ اِس کتاب کا نام کلندستینی اِس لیے ہے کہ یورپ میں آنے وَالے تارکینِ وَطن کی اِیک بڑی تعداد یہاں غیرقانونی طور پر دَاخل ہوتی ہے اَور اَگر قانونی طور پر دَاخل ہو بھی جائیں تو وِیزے کی معیاد ختم ہونے کے بعد غیرقانونی طور پر رَہتے ہیں اَور یہاں کے کاغذات حاصل کرنے کے لیے تَگ و دو کرتے ہیں۔ کلندستینی اطالوی زبان کا لفظ ہے اَوردِیگر بیشمار اَلفاظ کی طرح اِس کا منبع و ماخذ بھی لاطینی زبان ہے۔ اِس کا مطلب ہے، چُھپ کے رَہنے وَالا یا رَہنے والے۔ میرے خیال میں چُھپ کے رَہنے وَالے اَور چُھپ کے حملہ کرنے وَالے قریباً برابر ہی ہوتے ہیں۔ چُھپ کے حملہ کرنے وَالوںکو پریڈیٹرز (PREDATORS)کہتے ہیں اَور چُھپ کے رَہنے وَالوں کو کلندستینی کہتے ہیں۔ پریڈیٹرز اَپنے دُشمن پر حملہ کرنے کے لیے گھات لگائے بیٹھے رَہتے ہیں کہ جیسے ہی موقع ملے تو حملہ کردِیں اَور کلندستینی بھی گھات لگائے بیٹھے رَہتے ہیں کب امیگریشن کھلے اَور کاغذات جمع کروَائیں۔
یورپ میں اِللیگل اِمیگرنٹس(ILLEGAL IMMIGRANTS) کے لیے لیگل ہونے کے کئی طریقے ہیں۔ پہلے نمبر پر تو، جس ملک میں آپ رَہ رَہے ہیں و ُ ہاں کی حکومت عام معافی کا اِعلان کردِے۔ چند شرائط رَکھ دِے جن کو پورا کرکے آپ لیگل اِمیگرنٹس بن سکتے ہیں۔ دَوسرا طریقہ شادی کا ہے۔ اَب یورپ میں غیرملکی یعنی اِللیگل اِمیگرنٹس جو بھی شادی کرتے ہیں اِس میں ذَاتی مفاد شامل ہوتا ہے۔ جس کا بنیادی مقصد کاغذات حاصل کرنا ہوتا ہے۔ کبھی کبھی اِس شادی کے لیے پیسے ادا کئے جاتے ہیں اَور کبھی کبھی کسی معصوم اِنسان کے جذبات کے ساتھ کھیلا جاتا ہے۔ پیار کی بنیاد پر اِیک فیصد سے بھی کم شادِیاں ہوتی ہیں۔ میرے خیال میں رَقم اَدا کرکے شادی کرنا زیادہ بہتر ہے (گو کہ یہ بھی غلط ہے) بجائے اِس کے کہ آپ کسی کے جذبات کے ساتھ کھیلیں۔ اِس کے علاوہ یورپ میں سیاسی پناہ کی بنیاد پر بھی رَہا جاسکتا ہے اَورتمام تارکینِ وَطن، جو سیاسی بنیادوں پر رَہتے ہیں اُن میں سے ننانوے فیصد لوگوں کی کہانیاں مَن گھڑت ہوتی ہیں۔ آخری طریقہ یہ ہے کہ آپ کسی بھی یورپی ملک میں دَس سال تک غیرقانونی طور پر رَہیں اَور دَس سال کے بعد آپ وَکیل کے ذَریعے اِس ملک کے کاغذات حاصل کرسکتے ہیں بشرطیکہ آپ یہ بات ثابت کرسکیں کہ آپ اِس ملک میں دَس سال سے رَہ رَہے ہیں اَور آپ نے اِس دَوران کوئی جرم نہیں کیا۔ یورپ میں اَگر آپ اِللیگل امیگرنٹس کے طور پر رَہیں تو آپ کو اَپنا وَجود اَیسے لگنے لگتا ہے جیسے آپ کسی گھناؤنے مرض میں مبتلا ہیں۔ اَگر کسی کو پتا چل گیا تو آپ کو جان سے مار دِیا جائے گا۔ کبھی کبھی غیر قانونی طور پر رَہنا اَیسا لگتا ہے جیسے آپ کوئی ناجائز اُولاد ہیں۔ اَور اَگر کسی کو پتا چل گیا کہ آپ حرامی ہیں تو آپ کو نہ صرف شہر سے بلکہ ملک سے باہر نکال دِیا جائے گا۔
اِس اَفسانوی مجموعے میں پائے جانے وَالے تمام اَفسانوں کا تعلق تارکینِ وَطن سے ہے۔ اِس میں مختلف ممالک کے تارکینِ وَطن کی کہانیاں ہیں۔جیسے کہ بادَانتے (BADANTE)میں شانتی کا ذِکر آیا ہے۔ بادَانتے کا اطالوی زبان میں مطلب ہے کسی کی رَکھوالی کرنا۔ خواہ وہ کسی بچے کی ہو یا کسی بوڑھے کی ہو۔ خواہ وہ کسی مریض کی ہو یا کتے کی۔ اِس میں عبدل حمید مانگھڑ کا ذِکر ہے جو نقلی ہیرے تو ضرور بیچتا ہے لیکن اُس کی یہ ناجائز کمائی بڑے جائز طریقے اَور محنت سے کمائی گئی ہے۔
آخر میں مَیں اُن تمام لوگوں سے دَرخواست کروںگا کہ اَگر یورپ آنا چاہتے ہیں یا کسی بھی ملک میں جانا چاہتے ہیں جہاں وہ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ زیادہ پیسے کماسکیں گے اَور اِن کا مستقبل بہتر ہوجائے گا، تو اِس کے لیے ہمیشہ لیگل طریقہ اِستعمال کریں۔ پڑھنے کے لیے آئیں یا اِس کے علاوہ کئی ممالک اَیسے ہیں جو تعلیم اَور ہنر کی بنیاد پر لیگل کاغذات جاری کرتے ہیں۔ اِس طرح کے طریقے اَپنائیں۔ آپ لوگ سوچ بھی نہیں سکتے جو لڑکے پاکستان میں خود اُٹھ کے پانی بھی نہیں پیتے، یہاں یورپ میں ڈَنکیوںکے دَوران اُنہیں کیا کیا تکالیف برداشت کرنی پڑتی ہیں۔ کئی تو اَپنی جان سے بھی ہاتھ دَھو بیٹھتے ہیں اَور گمنام موت کا شکار ہوجاتے ہیں۔
تمام تارکینِ وَطن یہ سوچتے ہیں کہ ہم لوگ پاکستا ن میں زَرِ مبادلہ بھیجتے ہیں اَور اِس سے ہمارے ملک میں ترقی ہوتی ہے۔ آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ اَگر اِٹلی میں پچاس ہزار پاکستانی ہیں اَور وہ جتنا بھی پیسہ کماتے ہیں ۔اُس ساری رَقم کو اَگر اَکھٹا کیا جائے تو یہ ساری رَقم مل کر بھی اُس رَقم کا مقابلہ نہیں کرسکتی جو ہم اَپنے دِفاع کے لیے یورپین ملکوں سے ٹیکنالوجی خریدتے ہیں، اَسلحہ خریدتے ہیں۔ اَگر آپ کو یہ تقابلی جائزہ سمجھ نہ آئے تو اَیسا سمجھ لیجئے پچاس ہزار پاکستانیوں کی اِٹلی میں کمائی ہوئی رَقم اِیک طرف اَور پاکستان کا اِٹلی سے جہاز خریدنا اِیک طرف۔
سرفراز بیگ