زندگی کا پہیہ جوں توں کر کے گھسٹ ہی رہا تھا، روکھی سوکھی بھی مل جاتی تو وہ صبر ، شکر کر کے پیٹ بھر لیتا۔ خدا نے اُسے بچے بھی بہت شکیب آشنا دیے تھے۔ ایک وقت بھی کھا لیتے تو قناعت سے ، تشکر سے جیتے ، مگر اب نہ جانے کون سا آسیب تھا؛ جو اس کے خاندان پر سایہ فگن رہنے لگا تھا؟ چھوٹے بچے کی طویل بیماری کے بعد موت نے اسے نڈھال تو کر ہی دیا تھا، مگر اس کی بیماری کے دوران پیش آنے والے حادثات نے اُسے معاشرے سے بغاوت پربھی پوری طرح تیار کر دیا تھا۔ پہلے وہ لوگوں کی بے حسی کے قصے سنا کر تا، مگر اب تو اُس کے ساتھ لوگوں نے جو رویہ رکھا تھا وہ اس کے لیے ناقابلِ برداشت ہو چکا تھا۔ سرطان کے مرض نے یوں جڑیں پکڑیں کہ تن اور درخت ہو گیا اور وقت کی آندھیوں کے سامنے اس کا گھرانہ ٹھہر نہ سکا۔ پہلے پہل جب لطیف بیمار ہوا تو وہ اُسے محلے کے نان کوا لیفائیڈڈسپنسر کے پاس لے گیا، جس نے بچے کی نبضوں کو ٹٹولنے کے بعد اُس کی دھڑکنیں کان رکھ کر سنیں اور دوسو روپے کے ’’نسخہ‘‘ اپنے پاس سے دے دیا۔ کچھ افاقہ نہ ہوا تو دوبارہ اُسی سے رجوع کیا۔ ڈسپنسر نے دو سو روپے مزید لے کر نسخہ تبدیل کر دیا، مگر بے چینی ایسی کہاں تھی جو تھمتی۔ وقت کے ساتھ ساتھ لطیف کی حالت بگڑتی رہی۔ مآلِ کار شہر کی بڑے سرکاری اسپتال کا رُخ کر تے ہی بنی۔ ۔ ۔ مگر یہاں آ کر اُس نے جس دنیا کو دیکھا وہ اُس کے گمان میں بھی نہ تھی۔
لمبی قطار میں کھڑے کھڑے جب دو گھنٹے گزر گئے تو اُسے ڈاکٹر کے پاس پہنچنے کے لیے پرچی ملی۔ لاکھوں کی آبادی کے لیے قائم واحد سرکاری اسپتال میں صرف تین ہی تو ڈاکٹر تھے ، جو اپنی اپنی ڈیوٹیاں نبھا رہے تھے۔ اُن کا نمبر آیا تو اسپتال آئے ہوئے اُنہیں چار گھنٹے گزر چکے تھے۔ گرمی اور پیاس نے باپ بیٹے کو بے حال تو کیا تھاہی۔ ۔ ۔ مگر ڈاکٹر کے رویے سے اُن پر سکتہ طاری ہو گیا۔ ڈاکٹر نے توجہ دیے بنا اور بچے کو دیکھے بغیر پرچی پر قلم گھسیٹا اور پرچی دلاور کے ہاتھ میں تھما دی۔ ۔ ۔ پھر ’’نیکسٹ‘‘ کا نعرہ بلند کیا۔
وہ جو اپنے بچے کو اتنی دُور سے علاج کی غرض سے لے کر شہر کی بڑی اسپتال آیا تھا رہ نہ پایا اور ڈاکٹر سے کہہ بیٹھا
’’ڈاکٹر صاحب! آپ نے تو اس کی نبض تک نہیں دیکھی اور دوا لکھ دی‘‘
ڈاکٹر جو پہلے ہی اُکتایا ہوا بیٹھا تھا اُسے بے نقط سنا گیا
’’آ جاتے ہیں سرکاری اسپتال میں علاج کے لیے ، پرائیویٹ اسپتالوں میں جاؤ نا جو معائنے کا اتنا شوق ہے۔ جب ہزاروں میں فیس دو گے تو زبان نہیں چلاؤ گے۔ ‘‘
مرتا کیا نہ کر تا۔ منوں پر بھاری پاؤں گھسیٹتا ہوا اسپتال سے باہر نکل آیا۔ سڑک عبور کر کے میڈیکل اسٹور کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے اُسے یوں محسوس ہو رہا تھا گویا وہ کے۔ ٹوکی چوٹی سر کر رہا ہو۔ سیلزمین نے پرچی دیکھی اور پھر اس کے سراپے کا جائزہ لیتے ہوئے کہا
’’چاچا۔ بارہ سو روپے کی دوا بنے گی، کیا دے دوں ؟ ‘‘
اس کے حلق میں سانس اٹک چکی تھی، تھوک نگلنا بھی کارِ محال ٹھہر گیا تھا۔ نفی میں سر ہلاتے ہوئے سیڑھیوں سے لڑھکتا ہوا باہر آ گیا۔
مہینہ بھرکی مشقت کے عوض اسے اکیس سو روپے ملتے ، جن سے وہ سات افراد پر مشتمل کنبے کے اخراجات چلاتا۔ انھی روپوں میں سے غمی خوشی نبھاتا اور پوشاک و پا پوش خریدتا۔ نصیبوں جلی بیوی نے جب خاوند اور بیٹے کو نا مراد واپس لوٹتے پایا تو رو رو کر ہلکان ہو گئی۔ جھولی پھیلا پھیلا کر ڈاکٹروں کو بد دعائیں دیتی جاتی۔ ۔ ۔ اور آنسوؤں کو رزقِ خاک بنائے جاتی۔ جیسے تیسے کر کے میاں بیوی نے رات آنکھوں میں بتائی اور صبح کی پہلی کرن کے نکلتے ہی دلاور ترحم آمیز نظریں لیے اپنے دنیاوی مالک کے سامنے بیٹے کی بیماری کے لیے قرض مانگ رہا تھا۔
’’دلاور ! تم پہلے ہی مجھ سے پانچ ہزار روپے قرض لے چکے ہو، ابھی تک تم نے وہ نہیں لوٹائے اور اب مزید مانگ رہے ہو، اس طرح کام نہیں چلے گا۔ میں اب اور قرض نہیں دے سکتا۔ ‘‘
اڑھائی مرلے کے ڈربے نما مکان میں ایسی کوئی چیز بھی نہیں تھی جسے وہ گروی رکھ کر اپنے بیٹے کا علاج کرواتا۔ بیوی کے گہنے تو بنے ہی نہیں تھے ، جنھیں بیچنے کا مرحلہ آتا۔ لے دے کر یہ مکان ہی تھا جو بہت بھاؤ اُٹھاتا تو چا لیس ہزار سے زیادہ کسی طور ممکن ہی نہیں تھا اور پھر اسے بیچنے کے بعد رہنے کا بھی تو مسئلہ تھا۔ اس لیے یہ خیال بھی سانسیں اکھیڑنے کا سبب بن رہا تھا۔
پڑوس کے حاجی صاحب قرض دینے پر آمادہ تو ہوئے ، مگر اس شرط پر کہ مکان کے کاغذات ان کے پاس رکھے جائیں۔ چار و ناچار یہ کڑوی گولی اُس نے نگل ہی لی۔ شہر کے بڑے ڈاکٹر نے اُسے بتایا
’’ لطیف کو خون کا سرطان ہے اور اس پر کثیر رقم خرچ آئے گی، جو رقم وہ لے کر آیا ہے یہ کم ہے ، تاہم وہ بچے کا علاج شروع کر رہا ہے ، مگر مزید رقم کا انتظام کرنا ہو گا۔ ‘‘
علاج ہوتا رہا اور بچے کی حالت سنبھالے نہیں سنبھلتی تھی۔ حاجی صاحب کا قرض بڑھتا گیا اور دلاور کی پریشانی۔ پھر وہ مرحلہ بھی آن پہنچا کہ دلاور کے ہاں فاقے اُترنے لگے۔ دونوں میاں بیوی مستقبل کے تفکر ات میں یوں گھرے کہ اپنا بھی ہوش نہ رہا اور ایسے ہی ایک رات لطیف نے
’’ابا۔ ۔ ۔ ابا‘‘
کہہ کر اپنی جان بیماری کی نذر کر دی۔ حاجی صاحب اس مشکل گھڑی میں بھی کام آئے۔
ابھی بچے کا کفن میلا نہیں ہوا تھا۔ ۔ ۔ بارہ سالہ بچی کو سانپ نے ڈس لیا اور اسپتال میں سانپ کے کاٹے کی ویکسین نہ ہونے کی بنا پر وہ اسپتال کی دہلیز پرہی دم توڑ گئی۔ ماں نے آسمان سے شکایت کر کے اپنا سینا چیر لیا۔ ۔ ۔ مگر کہیں سے بھی تو اس کے درد کا درماں نہیں ہوا۔ رہی سہی کسر حاجی صاحب نے مکان خالی کر نے کا کہہ کر پوری کر دی۔
دلاور کو اس بات کا خدشہ تو پہلے سے تھا ہی، مگر حاجی صاحب سے اس قدر جلد بازی کی توقع نہیں تھی۔ گھر کے ’’بھانڈے ٹینڈر‘‘ ایک عزیز کے ہاں امانتاً رکھے اور بیوی بچوں کو لے کر سسرال چلا آیا۔ یہاں کون سی نعمتوں کے پہاڑ اُٹھے تھے جو سسرال والے زیادہ دیر اُسے برداشت کر تے۔ دنوں میں دل کدورتوں سے اَٹ گئے اور وہ خانہ بہ دوشی کی لمحے بِتانے پر مجبور ہوا۔ کسی جاننے والے نے دلاور کو بتایا تھا کہ حکومت غریبوں کی مالی مدد کر رہی ہے ، اس سلسلہ میں درخواست فارم مقامی سیاست دان کے ہاں سے مل جائیں گے۔ حال تو اس کا میر تقی میرؔ کے اس شعر کے مصداق تھا
آگے کسو کے کیا کرے دستِ طمع دراز
یہ ہاتھ سو گیا ہے سرہانے دھرے دھرے
مگر پھر بھی دل پر پتھر رکھ کر وہ اس کے دولت کدے پر چلا آیا۔ منشی نے کام پوچھا تو اس نے روتی آنکھوں مدعا بیان کیا۔ منشی نے کہا
’’بیٹھو ابھی صاحب آتے ہیں۔ ‘‘
ایک گھنٹہ سرک گیا، پھر دوسرا اور تیسرا بھی۔ ۔ ۔ صاحب نہ آئے۔ منشی نے کہا
’’تم کل آ جانا میں شام کو ان سے بات کر لوں گا۔ ‘‘
نام پتا لکھوانے کے بعد لوٹا۔ بوجھل قدموں سے جب گھرکی دہلیز پار کی تو بیوی کے حسرت زدہ چہرے پر ہوائیاں اُڑ رہی تھیں۔ وہ شوہر سے پوچھے بغیر ہی سمجھ گئی کہ ناکامی ہوئی ہے۔
سلور کی میلی تھالی میں بیتی رات کا بچا ہوا شوربا اور کچے تنور پر پکی ہوئی اَدھ جلی روٹی اس کے سامنے رکھ کر دلاسا کے سے انداز میں کہنے لگی
’’ فکر مت کر واللہ بہتر کر ے گا۔ چونچ جو دی ہے چوگ تو دے گاہی۔ ‘‘
امید و یاس کے عالم میں رات کٹی، منہ اندھیرے جب دوبارہ مقامی سیاست دان کے ڈیرے پر پہنچا تو صاحب اپنے کارندوں کو کام لگا رہا تھا۔ دلاور نے تعارف کرایا تو جواب ملا
’’دلاور ! تم دیر کر چکے ہو اور ویسے بھی یہ کوئی لوٹ کا مال نہیں ہوتا، جو ہر کسی کی جھولی میں ڈال دیا جائے۔ ‘‘
ناکام و نامراد جب واپس آ رہا تھا تو اس نے ایک فیصلہ کیا۔ گھر پہنچتے ہی اس کو عملی جامہ پہنایا۔ اگلے روز کے اخبار میں تین کالمی خبر شائع ہوئی
’’غربت اور قرض سے تنگ آ کر ایک شخص نے 3 بچوں اور بیوی کو قتل کر نے کے بعد خود کشی کر لی۔ ‘‘
میں نے خبر پڑھی تو حکم رانوں کا خیال آیا جو ہر محفل میں کہتے پھرتے ہیں کہ ’’ہمارے پاس 14ارب ڈالر کے ذخائر موجود ہیں ، کشکول توڑ دیا ہے ، اب قرض لیتے نہیں ، دیتے ہیں۔ ‘‘
***