شہروں میں تماشے ہوتے رہے ہیں۔ آنکھوں والے دیکھتے اور مستقبل کے امکانات سے آگاہ کرتے رہتے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ کوئی اس روشنی سے فیض یاب ہوتا ہے یا نہیں ، مگر اب کہ جو یہ نیا تماشا دیکھنے کو ملا ہے اپنے اندراس قدر جاذبیت رکھتا ہے کہ ہر کوئی اس جانب کھنچا جا رہا ہے۔ یوں لگتا ہے جیسے پوری قوم اس تماشے کے سحر میں آ گئی ہے اور اسی عمل کو اپنا رہی ہے جو تماشا دکھانے والا چاہتا ہے۔ تماش بینوں میں چند ایک ایسے ضرور ہیں جو ظاہر کیے جانے والے منظر کے پس منظر میں جھانکنے کی قوت رکھتے ہیں اور اس تماشے کے اصل سے آگاہ ہو کر دوسروں کو بیدار کرنا چاہتے ہیں ، تماشے کے طلسم سے نکالنا چاہتے ہیں۔ تاجدار عادل بھی ان تماش بینوں میں شامل ہیں جو کھلی آنکھوں سے تماشے کے منظر اور پس منظر کو دیکھ کر مستقبل کے امکانات کی خبر دیتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں
تم بھی دیکھو جو ہم نے دیکھا ہے
شہر میں اک نیا تماشا ہے
کام یاب تماش گروہ ہے ، جو اپنے تماش بینوں کو شیشے میں اُتار کر من چاہی فضا قائم کر لے۔ شہر کا نیا تماش گر بھی انتہائی زیرک اور مکار ہے ، اپنے فن پراس قدر قادر ہے کہ کئی مستقل تماش بینوں اور نام ور تماش گروں کو بھی اپنے جادو کا اسیر کر لیا ہے۔ بڑے بڑے جغادری چاروں شانے چت دکھائی دے رہے ہیں۔ تاہم کھلی آنکھوں والے اس کی مکاری عیاں کر رہے ہیں ، قوم کو جگانے کے عمل سے گزر رہے ہیں۔
واقعہ یہ ہے جب نیا مداری فصیل شہر کو گرا کر شہر میں داخل ہوا تو شہر والوں نے بجائے اس کاراستہ روکنے کے اسے پھولوں کے ہار پہنائے ، اس کا شان دار استقبال کیا، اس کے قدموں تلے ہتھیلیاں رکھیں ، اس کے اشاروں پر رقصِ نجات پیش کیا، اسے مسیحا سمجھا ، اسے فرشتہ جانا، فاتح مانا، دلوں کی سرزمین کا والی گردانا۔ مگر تھے کچھ۔ ۔ ۔ جنھوں نے شہر کی دیوار توڑنے والے گھس بیٹھیے کو بُرا بھلا کہنے کے ساتھ ساتھ شہر والوں کی کور چشمی کا ماتم کیا۔ انھیں اندھے پن سے چھٹکارا دلانے کی جد و جہد شروع کی اور اس کوشش میں اپنی اور اپنے ساتھیوں کی جانیں تک قربان کر بیٹھے۔ انھیں پا بہ جولاں کر چکے ، انھیں نذرِ زنداں کر گئے۔ ۔ ۔ لیکن ان کی کھلی آنکھیں مزید روشن ہو گئیں وہ قوم کو جگانے کے عمل میں اور زیادہ مستعد اور متحرک ہو گئے۔ تماش بینوں میں سے بعض ان کی آواز پر اب جاگ رہے ہیں ، مگر اکثریت مداری کے سحر میں مبتلا ہو کر اس کے بتائے ہوئے عمل پر کار بند ہے۔ یہ عمل جو انھیں تباہی کی طرف لے جا رہا ہے۔ یہ عمل جو انھیں ذلت و رسوائی کی طرف لے جا رہا ہے۔ یہ عمل جو ان سے ان کی شناخت چھین رہا ہے۔ یہ عمل جو ان کی زبان و تہذیب اور مذہب و اقدار کو ملیامیٹ کر رہا ہے۔ یہ عمل جو ان کے چہروں پر سیاہی مل رہا ہے ، ان کے چہروں کو مسخ کر رہا ہے۔
ہائے بدبختی ! یہ تماشے کے خمار سے نہیں نکل رہے۔ اور جب ان کی پلکوں سے پتھروں کی بھاری سلیں سرکیں گے ، ان کے دماغوں پر پڑا اندھیرا چھٹے گا، تو بہت دیر ہو چکی ہو گی۔ مداری بدل چکا ہو گا، تماشا بدل چکا ہو گا، ماحول بدل چکا ہو گا، روایت بدل چکی ہو گی ، اقدار بدل چکی ہوں گی، چہرے بدل چکے ہوں گے ، زبان بدل چکی ہو گی۔ ایسے میں یہ تماش بین کسی نئے تماشے میں کھو جائیں گے اور پھر ان کی زندگیاں تماشوں میں گزرتی جائیں گے۔ دنیا کے سب کام، آخرت کے سب جام، ان سے چھٹ جائیں گے۔ پانی کے رُخ پر بہتے جائیں گے۔ ۔ ۔ بہتے جائیں گے اور راہ میں آنے والے پتھروں سے ٹکرا ٹکرا کر اپنے چہروں کو مسخ کر بیٹھیں گے۔ آئینہ ان اسے ان کی پہچان تک چھین چکا ہو گا۔ میں اس وقت کو سوچتا ہوں تو لرز۔ ۔ ۔ لرز جاتا ہوں۔ میری آوازیں مدھم ہو جاتی ہیں۔ ایک گھٹن سی پورے ماحول پرچھائی ہوئی محسوس ہوتی ہے ، اسی عالم میں شہر کے کسی کونے سے صدا بلند ہوتی
’’تماش بینو! جاگو، طلسم سے نکلو، مداری مکار ہی نہیں دھوکے باز بھی ہے۔ ‘‘
جب یہ گونج میری سماعتوں سے ٹکراتی ہے تو مجھے اپنے ہونے کا احساس ہوتا ہے ، مجھے نئی زندگی کی نوید ملتی ہے ، میں سوچتا ہوں کہ تماش بین اب زیادہ دیر تک مدہوش نہیں رہ پائیں گے۔ مہینوں میں نہیں ، ہفتوں میں نہیں ، دنوں میں نہیں ، گھنٹوں میں نہیں ، منٹوں میں نہیں ، لمحوں میں بیدار ہو جائیں گے اور ایک نعرۂ مستانہ لگا کر مکار، دھوکے باز مداری کو دبوچ لیں گے۔ اس سے پل پل کا حساب لیں گے۔ اس سے جان جان کا حساب لیں گے۔ اس سے بات بات کا حساب لیں گے ، اس سے گل گل کا حساب لیں گے ، اس سے پات پات کا حساب لیں گے ، اس سے خار خار کا حساب لیں گے۔ یہ آب و گل جب اس کی مکاریوں کی داستان سنائیں گے تو جاگنے والے کیا کچھ نہیں کر گزریں گے ؟
مگر یہ کیا یہ سب تو میرے تصورات ثابت ہوئے۔ ظلم جاری و ساری ہے ، تاریکیوں اور تباہیوں کے دن اسی طرح سے ہیں۔ تماش بین تو تماش گزار کے طلسم میں پہلے سے زیادہ کھو چکے ہیں۔ اب تو جاگنے والوں کی آوازیں بھی مدھم۔ ۔ ۔ اور مدھم اور پھر معدوم ہوتی جا رہی ہیں۔ یوں لگتا ہے جیسے وہ بھی مداری کے سحر میں آنے لگے ہیں۔ ان کی زبانیں خاموش ، ان کے قلم ساقط اور ان کی نگاہیں پتھر ہونے کو آئی ہیں۔ ان کے چہرے بھی پیلے پڑنے لگے ہیں۔
نہیں ، نہیں۔ ۔ ۔ اس طرح تو ہم سب اپنی اصل سے ہٹ جائیں گے۔ ہم اپنی شناخت کھو بیٹھیں گے ، ہمارے چہرے مسخ ہو جائیں گے۔ جاگنے والوں کو جاگنا ہو گا۔ ہمارے سامنے اس عظیم انسان کے مثال موجود ہے جس نے مکاروں سے نبٹنے کے لیے میدان لگایا اور بھوک سے نڈھال ہو کر اپنے پیٹ پر پتھر باندھے ، مگر میدان نہیں چھوڑا۔ لڑتا رہا۔ ۔ ۔ اور جیتا رہا ہے۔ اس کے ماننے والے ایک سے دو، دوسے چار اور چار سے تین سو تیرہ ہوئے اور اب ان کی تعداد ایک ارب سے زیادہ ہے۔ کیا یہ سب سو چکے ہیں ؟ کیا انھیں روبوٹ بنا دیا گیا ہے ؟ کیا یہ اب کبھی ہوش میں نہیں آئیں گے ؟
٭٭٭