’’اسکندر کا نام تم نے ضرور سن رکھا ہو گا، اس کی فتوحات کا سلسلہ دنیا تک پھیلا ہوا تھا۔ اس کی ہیبت سے انسان لرزاں رہتے تھے ، ملکوں کے سربراہ اس کا نام سن کر چکر ا جاتے تھے۔ جو دم خم ظاہر کرتا وہ کچلا جاتا تھا اور جو زندہ رہنا چاہتا وہ اس کا تابع فرماں ہو جاتا۔ ہلاکو اور چنگیز کی کہانیاں بھی تو تم نے سن رکھی ہوں گی۔ ۔ ۔ اور ہٹلر کو تو تم جانتے ہی ہو گے ؟ وہی نازی آمر ایڈولف ہٹلر جس نے دوسری جنگ عظیم میں اپنی سربراہی میں قائم کیے گئے کیمپوں میں مقیم لاکھوں یہودیوں کا صفایا کر دیا تھا۔ جس نے روس نواز ہندوستانی راہ نما سبھاش چندر بوس کو ہندوستان کی آزادی کے لیے ان قیدیوں پر مشتمل فوج بنانے میں مدد دی تھی جنھیں جنرل رومیل نے اتحادی افواج کے لیے لڑنے پر گرفتار کیا تھا۔ اور اسی ہٹلر کی ہیبت ناکی سے دنیا کا سکون غارت ہو کر رہ گیا تھا۔ ۔ ۔ مگر وہ لمحہ بھی آیا جب اس نے اپنے ہاتھوں اپنی زندگی کا چراغ گل کر دیا۔ اور اب بش کی وحشت ناکیوں سے انسان کا سکون برباد ہو کر رہ گیا ہے۔ پُر امن رہنے والے بے گناہ لوگوں کو ان کے گھروں کے اندر موت کی وادی میں دھکیلا گیا۔ بغداد کے گلیوں سے شروع ہونے والے ظلم کا سفر کابل اور اس کے نواحی علاقوں کو محیط ہو گیا۔ خون کے ذائقہ سے زبان عادی ہو گئی تھی، اس لیے صبر نہ ہو سکا اور اب پاکستان کے قبائلی علاقوں میں دندناتا پھر رہا ہے۔ ہزاروں کا خون پی چکا ہے ، مگر ہنوز پیاسا ہے۔ پہلے طالبان کی یہاں موجودگی کا بہانہ بنا کر یہاں نکل آتا تھا اور اب براہِ راست اسامہ کی یہاں موجودگی کا الزام لگا کر آیا کھڑا ہے۔ بے گناہ انسانوں کو ان کی اپنی زمین پر روند دینا چاہتا ہے۔
ہاں۔ ۔ ۔ ! میں جانتا ہوں بش بھی اسکندر کی طرح دنیا کو فتح کر نے کے خواب دیکھ رہا ہے۔ اسی پر کیا موقوف عراق میں شب خون تو اس کے باپ نے مارا تھا اور اس کے پیش رو، ویت نام میں بھی تو اُترے اور لڑے تھے ، مگر۔ ۔ ۔ مگر کیا ہوا، کیا ہوتا ہے ؟ کسی کو بھی اپنی سانس پر قدرت نہیں ، کوئی بھی اپنی مرضی سے اپنی زندگی کو طول نہیں دے سکتا۔ اسکندر نہیں رہا ، چنگیز ، ہلاکو اور ہٹلر بھی۔ ۔ ۔ تو بش کیوں کر رہ سکتا ہے۔ البتہ تاریخ کے اوراق پران کے مظالم کی تصویریں اب بھی ملتی ہیں اور انسان اب بھی ان کے نام سن کر ناگواری ظاہر کر تے ہیں۔ ‘‘
احسان الٰہی صاحب کاسلسلۂکلام دفتر میں آنے والے ایک شخص نے کچھ دیر کے لیے معطل کر دیا تھا، سلسلہ بہ حال ہوا تو کہنے لگے :
’’انقلابی راہ نما سبھاش چندر بوس ہندوستان کو آزاد دیکھنا چاہتا تھا۔ اس کی آزادی کی خاطر وہ گیارہ مرتبہ برطانوی حکومت کے ہاتھوں پا بہ زنجیر ہوا اور آخرکار ایڈولف ہٹلر کے کہنے پر ہندوستان سے فرار ہو کر جرمنی چلا گیا۔ جس طرح کہ سبھاش چندر بوس کی فوج بنانے میں ہٹلر نے معاونت کی تھی، اسی طرح اس نے اسے ہندوستان کا جلاوطن راہ نما بھی تسلیم کر نے کا عندیہ دے رکھا تھا۔ ۔ ۔ مگر جب روس نواز اس ہندوستانی انقلابی پر ہٹلر کے سویت یونین سے ٹکرانے کے عزائم ظاہر ہوئے تو وہ وہاں سے فرار ہو کر جاپان چلا گیا۔
تم جانتے ہو ہٹلر نے اسے ہندوستان کا حکمران تسلیم کر نے کا عندیہ کیوں دیا تھا ؟ اس لیے کہ وہ اتحادی افواج پر ظاہر کرنا چاہتا تھا کہ ’’ہٹلر کی طاقت ہندوستان تک پھیلی ہوئی ہے ‘‘ اسے ہندوستان اور اس کے عوام کی غلامی یا آزادی سے کوئی مطلب نہیں تھا، بالکل اسی طرح بش کے پیشواؤں نے کیا اور اب وہ خود کر رہا ہے۔ عراق، افغانستان اور پاکستان کی ترقی اور خوش حالی سے اسے کوئی دل چسپی نہیں اور نہ ہی ان ممالک کے راہ نماؤں سے۔ ۔ ۔ اگر ہے تو اسے اپنے ذاتی مقاصد سے۔ جنھیں حاصل کر نے کے لیے گاہے وہ ’’امداد‘‘ دیتا ہے اور گاہے دھمکیاں۔ جب ان سے کام بن نہیں پڑتا تو بلا روک ٹوک ان ممالک پر چڑھ دوڑتا ہے۔ ‘‘
’’تم ہٹلر کا پوچھتے ہو! ہٹلر بہت منظم شخص تھا۔ نازی افواج کے کاندھے اس کے لیے ایسے استعمال ہوئے جیسے خود اس کے اپنے ہوں۔ اس کے ساتھی ایسے تھے کہ اس کے اَبرو کی جنبش پر جان وارنے کو تیار رہتے۔ چٹانوں سے ٹکرا جاتے ، مگر پیچھے نہ ہٹتے۔ ہٹلر کے نظم و ضبط کا اندازہ اس سے کر و کہ اس کے پروپیگنڈا چیف جوزف گوبلز (جو ہٹلر کے مرنے کے بعد نازی افواج کا خود ساختہ سالار بنا) کی بیوی نے اپنے چھ کم سن بچوں کو زہر دے کر ہلاک کر دیا تھا اور خود بھی زہر کھا لیا تھا، تا کہ مخالف افواج کی قید میں نہ آئے۔ یہی نہیں اس کے اکثر ساتھیوں نے خود اپنے ہاتھوں اپنی جان پر گولیاں چلائیں اور بعض بھاگ نکلے مگر۔ ۔ ۔ مگر انھیں میں اس کا ایک انتہائی قریبی ساتھی ، فوج کا اعلیٰ افسر سٹوفن برگ جو جرمنی کے رئیس خاندان سے تعلق رکھتا تھا۔ ۔ ۔ بھی شامل تھا۔ اس شخص نے 22 جولائی1944ء کو مشرقی پروشیہ (اب پولینڈ) میں واقع ہٹلر کے دفتر میں بریف کیس کے اندر بم نصب کر کے رکھ دیا تھا۔ وہ تو ہٹلر کا جینا باقی تھا، اس لیے بچ گیا اور پھر اس دھماکا کے صرف چند گھنٹوں کے بعد ہٹلر نے سٹوفن برگ اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کروا کے تختہ دار پر لٹکا دیا تھا۔
حیران ہونے کی ضرورت نہیں اب جرمن قوم ہٹلر کو ولن اور سٹوفن برگ کو ہیرو سمجھتی ہے۔ 20جولائی 2004ء کو جرمن چانسلر نے برلن میں ہزاروں افراد اور ملک کے صدر کے ساتھ مل کر سٹوفن برگ اور اس کے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کر نے کا اہتمام کیا تھا۔ اب 18اگست 2006ء میں ممبئی میں شا کر صدیقی اور اس کے ہندو ساتھی نے مل کر ’’ہٹلر کر اس‘‘ کے نام سے کیفے کا افتتاح کیا تو اسرائیلی قونصلر جنرل ڈینیل زونشائین نے برہمی ظاہر کی۔ اس کا حق بنتا تھا ، مگر ہندوستان میں موجود جرمنی قونصلر جنرل نے بھی کیفے کو ہٹلر کے نام منسوب کر نے پر افسوس کا اظہار کیا۔ گویا ہٹلر خود جرمنوں میں بھی ناپسندیدہ ٹھہر چکا ہے۔
ٹھیک ہے کچھ لوگ ہٹلر کے حامی ہو سکتے ہیں اور ہونے بھی چاہییں کہ شر اور خیر کی طاقتوں کا سفر ساتھ ساتھ رہتا ہے ، مگر ضروری نہیں جو ہٹلر کا نام لے وہ اس کے نظریات اور فلسفے کی حمایت بھی کرتا ہو۔ تم یہ کیسے کہہ سکتے ہو، جن لوگوں نے ہٹلر کے ہاتھوں کی بنی ہوئی پینٹنگز اور اسکیچ 2 لاکھ 24 ہزار ڈالرز میں انگلینڈ کے نواحی قصبہ میں خریدے ہیں۔ ۔ ۔ وہ ہٹلر سے عقیدت رکھتے ہیں ، مگر ممکن ہے یہ لوگ بھی سٹوفن برگ کی طرح ہوں۔ ۔ ۔
وہ جو خود کو طاقت کا سر چشمہ سمجھنے لگا تھا۔ ۔ ۔ مگر آخر آخر اپنے آپ سے خوف کھانے لگا۔ ہٹلر کی ذاتی نرس 93سالہ ایرنا فلیگیل نے 2 مئی2005ء کو اپنے انٹرویو میں بتایا تھا کہ ایڈولف ہٹلر آخری دنوں میں بہت زیادہ خوف زدہ تھا۔ اسے یہ بھی دھڑکا لگا رہتا تھا ، کہیں جاسوس اس کے زہریلے کیپسولوں سے زہر نکال کر نقلی زہر نہ ڈال دیں اور وہ زندہ بچ جانے پر دشمنوں کے ہتھے چڑھ جائے۔ دشمنوں کی طرف سے ممکنہ اذیت کا تصور اس کے لیے ناقابل برداشت تھا۔ ‘‘
’’آپ کے خیال میں ہٹلر ہیرو تھا یا ولن؟ ‘‘
میں نے سوال کیا، جس کے جواب میں انھوں نے کہا
’’راشد منہاس شہید کے حوالے سے نذیر ناجی کا کالم تم نے ضرور پڑھا ہو گا، میرا جواب وہی ہے۔ ‘‘
احسان الٰہی صاحب خاموش ہوئے تو میں نے اپنا سوال دہرایا جس کے جواب میں کہنے لگے
’’میں سمجھتا ہوں کوئی بھی شخص اعتدال کی حدیں تجاوز کرتا ہے وہ خیر کا ساتھی نہیں ہو سکتا، اب ہیرو اور ولن کا لیبل خود لگا لیجیے۔ ‘‘
احسان صاحب چلے گئے ہیں اور میں۔ ۔ ۔ پرانے اور نئے منظر کے درمیان کی گم شدہ کڑیاں تلاش کر رہا ہوں۔
٭٭٭