۲ دسمبر ۲۰۲۱ ء کو ہمارے کالج میں آنے والے گیارہویں جماعت کے طلبہ اور طالبات کو خوش آمدید کہنے کے حوالے سے ایک تقریب منعقد کی گئی ۔ قبل ازیں بھی کالج میں اس طرح کی تقریبات ہوتی تھیں لیکن گزشتہ دو سال سے عالمی وبا کرونا کے باعث یہ سلسلہ منقطع رہا۔امسال ہمارے استادِ محترم پروفیسر اشفاق الالسلام صاحب اور فرہاد احمد فگارؔ صاحب نے ہمیں اس تقریب کے لیے کہا۔ انھوں نے ہمیں بتایا کہ یہ ہماری روایت ہے کہ ہم مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ یہ تقریب ہمارے کالج کے مرکزی ہال میں منعقد کی گئی تھی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز دس بجے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ بارہویں جماعت کے طالب علم ریاضت رفیق نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد بارہویں جماعت کی طالبہ کشور بصیر کو حمد باری تعالیٰ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے اسٹیج پر مدعو کیا گیا جنھوں نے خوب صورت آواز میں حمد باری تعالیٰ پیش کی۔
؎ میں ہوں بندہ تیرا تو ہے مالک میرا
یا الٰہی تیرے در پر کھڑا ہوں سوالی
حمد باری تعالیٰ کے بعد نعت رسول مقبول پیش کرنے کے لیے گیارہویں جماعت کی طالبہ عدیلہ راجا کو اسٹیج پر بلایا گیا۔عدیلہ نے نہایت خوش الہانی کے ساتھ یہ نعت پیش کی اور سامعین سے داد سمیٹی۔
؎ والیل تیری زلف ہے،والعصر تیرا عصر
سب آیتوں کے محور و مرجع حضورؑ ہیں
پھر خوش آمدید کے حوالے سے تقاریر شروع ہوئیں۔ بارہویں جماعت کے طلبہ نے آنے والوں کے لیے خوش آمدیدی کلمات ادا کیے جب کہ گیارہویں جماعت نے شکر یہ ادا کیا۔تقریب میں کچھ طلبہ نغمے پیش کیے۔ اس کے بعد پروفیسر اشفاق الاسلام صاحب کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا جنھوں نے طلبہ و طالبات کی بہترین کارکردگی دکھانے پر حوصلہ افزائی کی۔
انھوں نے طلبہ و طالبات کو وقت کی قدر کے حوالے سے بتایا اور بہت اچھی اچھی نصیحتیں کیں۔ اس کے بعد پروفیسربشیر الدین چغتائی صاحب نے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کی۔ سر غلام یوسف کی دعا کے ساتھ یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔
افسوس کے ساتھ اس تقریب میں ہمارے سر فرہاد احمد فگار صاحب موجودنہیں تھے۔ ہمیں فرہاد احمد فگارؔ صاحب کی بہت کمی محسوس ہوئی۔ جب کہ ان کے کہنے پر ہی تقریب منعقد کی گئی تھی اور وہ خودکسی کام کی وجہ سے اس تقریب میں شریک نہیں تھے
٭٭٭