الحمدللہ! گورنمنٹ بوائز انٹر کالج ،میرپورہ ضلع نیلم کا پہلا کالج ہے جس نے اپنا علمی وادبی رسالہ’’بِساط‘‘ ۲۰۲۰ء میں پہلی مرتبہ منظرِ عام پر لایا۔ ’’بِساط‘‘گورنمنٹ کالج ،میرپورہ کا ترجمان ہے جس کا مقصد طلبہ میں شوقِ تحریر کو بے دار کرنا ہے۔پرنسپل ادارہ ،پروفیسر محمد رفیق اور مدیرِ اعلا ،فرہاد احمد فگارؔ نے جب یہ رسالہ مجھے دیا تو مجھے بے حد مسرت ہوئی۔میں نے اس وقت بھی یہ امید ظاہر کی کہ اس رسالے کا تسلسل قائم رہے گا ۔اب اس کا ۲۰۲۱ء کا شمارہ شائع ہونے جا رہا ہے تو میری امید یقین میں بدل گئی۔’’بِساط‘‘ ایک ایسا رسالہ ہے ضلع نیلم کے کالج رسائل کی فہرست میں سب سے اولیں اور تا حال آخریں ہے۔رسالے کی کام یابی میں اس ادارے کے سربراہ کی مساعی واضح طور پر نظر آتی ہیں ۔میں اس بات پرمطمئن ہوں کہ میرپورہ کالج اپنے نتائج اور کار کردگی کے حوالے سے ضلع بھر میں قابلِ ستائش ہے ۔میں ’’بِساط‘‘ کی دوسری کام یاب اشاعت پر ادارے کے سربراہ اور مدیرِ اعلا سمیت دیگر منتظمین کو ہدیہ تبریک پیش کرتا ہوں اور ’’بِساط‘‘ کی ترقی و تسلسل کے لیے دُعا گو ہوں۔
پروفیسر ڈاکٹر خواجا عبدالرحمان
ناظمِ اعلا تعلیم،کالجز،آزاد کشمیر
۶ دسمبر ۲۰۲۱ء