مجھے جو کچھ پیش آیا،میں نے جو روحانی تجربہ کیا،اسے جہاں تک بیان کرنا ممکن تھا،میں نے بیان کر دیا ہے۔میں اسے ایسا نادر کشف سمجھتا ہوں جو عام کشوف سے مختلف ہے اور جس میں مجھے میرا پورا جسم بھی شریک محسوس ہوتا رہا۔میرے داداجی اور ابا جی کے تجربات سے جڑا ہوا میرا تجربہ میرے لئے ایک روحانی تجربہ تھا۔میں نے اپنے تجربے میںخود آپ کو شریک کیا ہے۔
آپ اسے ایسا ہی سمجھیں،یا اسے میری بیماریوں کا اثر سمجھیں،
دواؤں کا ری ایکشن سمجھیں،یا کچھ اور سمجھیں،
آپ کو اس کے بارے میں کوئی بھی رائے قائم کرنے کا حق حاصل ہے۔
میرا لکھا ہوا اپنی جگہ موجود ہے۔اور موجود رہے گا۔دماغ کی بیداری کے ساتھ میں نے اسے سچے دل سے لکھا ہے،سو اسے کتابِ دل سمجھیں۔
کہیں کہیں میں نے اپنی بعض باتوں کو ایک سے زیادہ مرتبہ بیان کیا ہے۔یہ ان باتوں کو زیادہ واضح کرنے کے لئے ضروری تھا۔جب آپ ان باتوں پر غور کریں گے تو آپ کو ان کے دہرائے جانے کی اہمیت کا اندازہ ہو جائے گا۔
اپنی اڑانیں، ساری شانیں،تیرے دَم سے یار
تیرے ہاتھ ہوائیںساری تیرے ہاتھ میں ڈور