حیدر آباد میں ہر دور میں طرح طرح کے پھول کھلتے رہے اور دنیا بھر میں اپنی خوشبو بکھیرتے رہے۔ یہ اور بات ہے کہ حیدر آبادی مزاج میں پی آر شپ، اپنے آپ کو بڑھ چڑھ کر منوانے کی خصوصیت اور دوسروں کو گرانے کا رویہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اپنے افسانوی انکسار کے سبب حیدر آباد کے ادیب، شاعر، فن کار اور عالم پردۂ گمنامی میں میں رہے۔ کسی نے نام لے لیا تو لے لیا، خود سے آگے بڑھ کر حیدر آبادی فن کاروں نے خود کو کبھی نہیں منوایا۔
علی باقر کی پیدائش حیدر آباد میں تو نہیں ہوئی لیکن چونکہ ڈیڑھ دو برس کی عمر میں انہیں گنڈی پیٹ کا پانی پلا دیا گیا تھا اس لیے حیدر آباد ان کے رگ و پئے میں بس گیا۔ جو اصحاب حیدر آباد سے ناواقف ہیں ان کی اطلاع کے کیے عرض کر دوں کہ گنڈی پیٹ ایک وسیع و عریض تالاب کا مقامی نام ہے جس کا پانی سارے شہر کو پینے کے لیے سربراہ کیا جاتا تھا۔ سرکاری طور پر اگرچہ اسے عثمان ساگر کا نام دیا گیا ہے لیکن عوام اسے گنڈی پیٹ ہی کہتے ہیں جو دراصل اس دیہات کا نام تھا جہاں یہ تالاب بنایا گیا۔ اب تو اس تالاب کی ہڈیاں نکل آئی ہیں، اس کا حسن مدھم پڑ چکا ہے لیکن آج بھی لوگ جوق در جوق تفریح کے لیے وہاں جانا نہیں بھولتے۔ اور کہا جاتا ہے کہ جو ایک بار گنڈی پیٹ کا پانی پی لے وہ حیدر آباد کو کبھی بھلا نہیں پاتا۔ علی باقر نے تو زندگی کی دو دہائیاں اسی پانی کے بل پر گزاری تھیں۔
بہر حال علی باقر کی پیدائش تو 1937ء میں ایبٹ آباد میں ہوئی لیکن ان کے والد نے ترک وطن کر کے حیدر آباد کو اپنا وطن ثانی بنا لیا۔ یہ وہ دور ہے جب ترقی پسند تحریک نے اردو کے وسیلے سے ہندوستان میں پہلی بار اپنی آنکھیں کھولی تھیں اور کچھ ہی برس بعد حیدر آباد میں ترقی پسند مصنفین کی کانفرنس بھی منعقد ہوئی۔ ظاہر ہے کہ اس زمانے میں علی باقر بہت کم سن رہے ہوں گے۔ لیکن جب انہوں نے ابتدائی تعلیمی مراحل طئے کرنے کے بعد عثمانیہ یونیورسٹی میں داخلہ لیا تو ان کے تخلیقی جوہر کھلنے لگے۔ شعر و ادب سے دلچسپی تو پہلے ہی سے تھی، عثمانیہ یونیورسٹی کے ماحول نے سونے پر سہاگے کا کام کیا۔ انہوں نے اظہار کے لیے افسانے کا کینوس اپنایا اور بائیس برس کی عمر میں انھوں نے پہلا افسانہ لکھا۔ یہ افسانہ 1959ء میں ماہنامہ شمع میں شائع ہوا اور بھی کسی ترمیم یا تصیح کے بغیر۔ شمع اس زمانے میں سب سے مقبول اور سب سے زیادہ چھپنے والا پرچہ تھا اور اس کی مقبولیت کا سبب صرف یہ نہ تھا کہ وہ ایک فلمی رسالہ تھا بلکہ اس میں مشہور افسانہ نگاروں اور شعرا کی تخلیقات بھی شائع ہوتی تھیں اور ادب کے شائقین کے لیے اس میں کافی مسالہ ہوا کرتا تھا۔ یہ اور بات ہے کہ بعض خود پرست افسانہ نگاروں اور شاعروں نے شمع کو بظاہر کوئی اہمیت نہیں دی۔ کبھی کبھی یوں بھی ہوتا ہے کہ کوئی تخلیق کار اپنی نا پختہ تخلیق کسی رسالے کو بھیج دیتا ہے اور اگر ایڈیٹر نے اپنا ’ایڈیٹرانہ حق‘ استعمال کرتے ہوئے کہانی یا نظم یا غزل نہیں چھاپی تو تخلیق کار کو اس رسالے سے ایک کد سی ہو جاتی ہے۔ تخلیق کار کی نرگسیت اور خود پسندی اس کے اندر ہی اندر ایک آگ سی بھڑکا دیتی ہے جو زندگی بھر اس کے وجود کو جلاتی رہتی ہے اور وہ اس رسالے میں شامل ہونے والے فن کاروں کو تیسرے درجے کے فن کار قرار دے دیتا ہے۔ اگر کچھ افسانہ نگاروں نے علی باقر کو محض اس وجہ سے قابل اعتنا نہ سمجھا کہ وہ شمع میں چھپتے رہے ہیں تو یہ ان کی اپنی کج روی ہے یا پھر خود پسندی کی آگ ان کو جھلسائے دیتی ہے۔ دوسرے ادبی رسالوں میں شائع ہونا اتنا اہم نہیں ہے جتنا کہ ہندوستان کے سب سے دیدہ زیب اور سب سے زیادہ چھپنے والے رسالے میں شائع ہونا۔ خیال رہے کہ شمع کے لاکھوں قارئین میں ہر طرح کے لوگ تھے۔ فلموں سے دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کے علاوہ ادیب، شاعر اور افسانہ نگار شمع کا مطالعہ بڑے شوق سے کرتے تھے۔ اس اعتبار سے اگر میں یہ کہوں تو غلط نہ ہو گا کہ علی باقر نے اپنی پہلی ہی تخلیق کے ذریعے شمع کے لاکھوں قارئین کے علاوہ افسانے کے قاری کو بھی اپنی گرفت میں لے لیا۔
1959 سے 1978کا عرصہ کافی طویل ہوتا ہے۔ ان انیس برسوں میں علی باقر نے متعدد کہانیاں لکھیں اور پھر ان کے افسانوں کا پہلا مجموعہ ’خوشی کے موسم‘ 1978 ء میں شائع ہوا اور اس مجموعے کے مشمولات کے بارے میں یہ قیاس کیا جا سکتا ہے کہ ’خوشی کے موسم‘ میں علی باقر نے اپنے منتخب افسانے شامل کیے ہوں گے۔ ان کا دوسرا مجموعہ ’جھوٹے وعدے سچے وعدے ‘ 1984 میں منظر عام پر آیا۔ پھر 1987 میں ان کے افسانوں کا تیسرا مجموعہ ’بے نام رشتے ‘شائع ہوا۔ 1993 میں ’ مٹھی بھر دل‘ اور بعد ازاں میں پانچواں مجموعہ ’ لندن کے دن رات‘ زیورِطبع سے آراستہ ہوا جو ان کے پچھلے چار مجموعوں کے منتخب افسانوں کا احاطہ کرتا ہے۔
عثمانیہ یونیورسٹی سے گریجویشن کی تکمیل کے بعد علی باقر1960 میں جینیوا گئے پھر وہاں سے لندن چلے گئے اور وہیں سے سوشیالوجی میں ایم اے کیا لیکن صرف پڑھنے پڑھانے کی حد تک نہیں بلکہ وہ پریکٹیکل سوشل سائنٹسٹ تھے۔ ذہنی اور جسمانی معذورین کے لیے انھوں نے جو کام کیا وہ بھلایا نہیں جا سکتا۔ اور چوں کہ وہ ایک تخلیقی فن کار تھے اس لیے اظہار کے لیے افسانے کے ساتھ ساتھ فلم کا میڈیم بھی اختیار کیا اور اس میڈیم کے ذریعے انھوں نے ذہنی اور جسمانی معذوروں کے لیے گراں قدر کارنامے انجام دیئے۔
علی باقر یورپ میں رہے تو وہاں کی رنگینیوں کو دیکھنے، برتنے اور محظوظ ہونے کے ساتھ ساتھ انھوں نے وہاں کا ماحول، مسائل، پیچیدگیاں ، نفسیاتی گتھیاں بہت قریب سے دیکھیں ، ان پر غور کیا، اور پھر انھیں اپنے افسانوں میں سمیٹ کر قاری کو نئے جہانوں سے آشکار کیا۔ تارکینِ وطن کے مسائل بالکل مختلف ہوتے ہیں ، خصوصاً وہ تارکین جن کا تعلق خود اپنے وطن میں اقلیت سے ہو۔ سب سے پہلے تو وطن سے دور رہنے کا غم، عزیز اقربا دوست احباب سے جدائی کا ملال، تنہائی کا احساس، جہاں وہ مقیم ہیں وہاں کے رہنے والوں کا متعصبانہ رویہ، غیر یقینی حالات ...... یہ کچھ ایسے بچھو ہیں جو ذہن کے اندر بیٹھ کر ہر وقت ڈنک مارتے رہتے ہیں ، اپنا زہر منتقل کرتے رہتے ہیں اور سوزش میں مبتلا کرتے رہتے ہیں۔ اور پھر ان سب پر مستزاد، مصروف ترین زندگی، طول طویل فاصلے جن میں تارک وطن پستا رہتا ہے۔ علی باقر نے ان سارے احساسات کو کامیابی سے اپنے افسانوں میں منتقل کیا۔ تارکینِ وطن کے علاوہ علی باقر نے یورپ کے سلگتے مسائل کو بھی اپنا موضوع بنایا، ان پر بھی کہانی لکھی جو کبھی ہندوستان میں حکمران تھے اور جنھوں نے اپنی عزت بچانے کے لیے مقامی لوگوں کی عزت سے کھلواڑ کیا، حالاں کہ قصور ان کا اپنا تھا۔ علی باقر کی کہانیوں کے کردار دودھ کے دھلے ہوئے نہیں ، وہ انسان اور صرف انسان ہیں ، ان میں کمزوریاں بھی ہیں اور اچھائیاں بھی، ان میں کمینگی بھی ہے اور شرافت بھی، وہ سنجیدہ مزاج کے حامل بھی ہیں اور کھلنڈرے بھی .... کیوں کہ یہی دنیا کی روش ہے ، دنیا میں ہر جگہ ہر طرح کے لوگ موجود ہوتے ہیں۔ جس روئیے کو علی باقر نے شدت سے محسوس کیا اسے کردار کا روپ دے کر اپنی کہانی کا حصہ بنا دیا۔ علی باقر کے کردار سماج کی مختلف سطحوں سے جنم لیتے ہیں جن سے فن کار کے گہرے مشاہدے کا اندازہ کیا جا سکتا ہے۔
علی باقر نے چودہ برس کا بن باس جھیلا۔ لیکن یہ چودہ برس وہ صرف روپیہ کمانے کی مشین بنے نہ رہے۔ لندن کی مصروف ترین زندگی کے باوجود علی باقر کے اندر بیٹھا ہوا فن کار خاموش نہ رہ سکا۔ آتش فشاں کے اندر کلبلاتا لاوا وقتاً فوقتاً افسانے کی شکل میں بکھرتا رہا یہاں تک کہ ہندوستان واپس آتے آتے علی باقر کے دو مجموعے منظرِ عام پر آ گئے۔ اظہار کے دوسرے وسائل بھی علی باقر نے کامیابی سے ا استعمال کیے۔ ان کے اندر کا فن کار کبھی آرٹسٹ کی شکل میں سامنے آیا تو کبھی اداکاری کے واسطے سے پردۂ سیمیں پر پیش ہوا۔ اچھے فن کار کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اسے ہمیشہ عدم تکمیل کا احساس رہتا ہے۔ علی باقر بھی اس کیفیت سے دوچار رہے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ خود شناس تھے اور اپنی رنگارنگی سے خوش تھے۔ اپنی بھانجی ڈاکٹر قرۃالعین حسن کے نام خط میں وہ لکھتے ہیں
’’ بعض لوگ یہ ضرور سوچیں گے کہ علی باقر نے اپنی پست قامتی کو زندگی بھر ڈھانکنا چاہا اور ناکام رہا، تصویریں بنائیں مگر ایم ایف حسین نہ بن سکا، کہانیاں لکھیں مگر کرشن چندر نہ بن سکا، سیاحت کی مگر کولمبس نہ بن سکا، سوشل سائنس پڑھی مگر این سرینواسن نہ بن سکا اداکاری کی مگر دلیپ کمار تو کیا جتیندر بھی نہ بن سکا، بین الاقوامی اداروں میں کام کیا مگر عابد حسین نہ بن سکا مگر عینی بیٹی میں تم سے اتنا ضرور کہوں گا کہ میں اس رنگارنگی میں بہت خوش رہا.....‘‘
(مٹھی بھر دل ص 37)
یاد رہے کہ یہ سطور دل کے پیچیدہ آپریشن سے صرف ایک دن پہلے لکھی گئی ہیں۔ کل نہ جانے کیا ہو .... تو پھر آج کیوں نہ دل کی ہر بات کاغذ پر بکھیر دی جائے۔ مزاج کی یہ رنگارنگی صرف اس لیے ہے کہ علی باقر کو زندگی بھرپور انداز میں جینے کا ہنر معلوم تھا۔ کامیابی نے ہمیشہ علی باقر کے قدم چومے اور اہم بات یہ ہے کہ علی باقر نے کامیابی کے حصول کے لیے کبھی ضمیر کا گلا نہیں گھونٹا۔ وہ سب کو چاہتے رہے اور اپنی چاہت کے بل پر سب کو مجبور کرتے رہے کہ وہ بھی انھیں ٹوٹ کر چاہیں۔ مایوسی کبھی ان کے قریب نہ آ سکی۔ شدید بیمار ہونے کے باوجود وہ مایوس نہیں رہے۔ علی باقر تخلیقی فن کار تھے۔ اظہار پر انھیں قدرت حاصل تھی اس لیے انھوں نے ایسی حالت میں بھی قلم کا ساتھ نہ چھوڑا اور اپنے وقت کو صحیح اور مناسب طریقے سے استعمال کیا۔ جس خط کا اوپر اقتباس پیش کیا گیا اس کا پہلا حصہ 20مارچ 1992ء کو لکھا گیا ہے اور اگلے حصے 21، 22، 23، 24 اور 25 کو لکھے گئے۔ یہ وہ زمانہ ہے جب علی باقر کو تین ہارٹ اٹیک ہو چکے تھے اور وہ آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف مڈیکل سائنس میں کارڈیالوجی ڈپارٹمنٹ کے آئی سی سی یو میں بستر پر دراز تھے۔ وہ لکھتے ہیں
’’ میں نے اس دوران نسیمہ کو ایک خط، ایک کہانی، ایک مضمون اور ایک نظم لکھ ڈالے پھر بھی لگتا ہے کہ تجربے کی شدت، جذبات کی ندرت، زندگی بچانے والے کی قدرت، ڈاکٹروں کی حکمت، ٹیکنالوجی کی جدت کے بارے میں کچھ نہ لکھ سکا۔ موت اور زندگی، امید اور نا امیدی، اندھیرے اور اجالے کی آنکھ مچولی ذہن کو ایک نئے انداز سے جگاتی اور نظر کو ایک نئی گہرائی عطا کرتی ہے۔‘‘
(مٹھی بھر دل)
لیکن علی باقر کے اندر اس بات کا احساس ضرور رہا کہ اردو کے جغادری نقادوں نے علی باقر کو وہ مقام نہیں دیا جس کے وہ مستحق تھے۔ اپنے تیسرے مجموعے ’بے نام رشتے ‘ کے دیباچے میں علی باقر ناقدینِ کرام کے روئیے کے بارے میں لکھتے ہیں
’’ اردو ادب کے موجودہ حالات نہایت تکلیف دہ ہیں۔ لکھنے والوں اور پڑھنے والوں کے درمیان ناقدوں کی ایک بڑی فوج آ کر کھڑی ہو گئی ہے اور ان کی وجہ سے ہر طرف انتشار کا موسم ہے ، لڑائی جھگڑے کا موسم ہے گروپ بندی کا موسم ہے۔ ناقد اصرار کرنے لگے ہیں کہ انھیں اور صرف انھیں ادب کی پہچان ہے ، ادیب اور شاعر کی پہچان ہے اور چونکہ اکثر ناقد حضرات با رسوخ ہیں، وہ جس کو چاہتے ہیں عزت دیتے ہیں اور جس کو چاہتے ہیں ذلیل کرتے ہیں۔ یہ لوگ خود ادب تخلیق نہیں کرتے لیکن ادب کی دنیا میں اپنی آواز بلند رکھتے ہیں تاکہ اس آواز کو وہ خود اور ان کے حواری سن سکیں۔‘‘
علی باقر نے یہ سطور 1987ء میں لکھی تھیں لیکن اگر غور کریں تو یہ صورتِ حال ہر زمانے میں یونہی رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔****۔۔۔۔۔۔۔