اردو کے ایک اہم نقاد ڈاکٹر احمد سجاد نے ادب کی موجودہ صورت حال پر غور و فکر کی دعوت دیتے ہوئے تحریکات اور رجحانات کے پس منظر میں کچھ سوالات اٹھائے ہیں ...... ان کا کہنا ہے کہ ادھر کچھ دنوں سے افق پر جمود سا طاری ہے۔ اشتہارات (پروپگنڈہ)، اجتماعات اور دہریت کے خلاف جدیدیت کے رجحان نے ناوابستگی کو اپنایا.....پھر علامتی اور اساطیری اظہار نے جگہ پائی...... لیکن اب بھی ادبی مسائل جوں کے توں ہیں۔
یہ بات صحیح ہے کہ ہمارے ناقدین اور تخلیق کار بے سمتی اور بے یقینی کا شکار ہو گئے ہیں۔ اس زمرے میں محقق کو شامل رکھا جا سکتا .... اس لئے کہ محقق کا منصب یہ نہیں ہے کہ وہ ادب کی جہتوں کو متعین کرنے میں معاون ہو۔ وہ تو حقائق کھوجتا ہے۔ گمشدہ کڑیوں کو معلوم کنے کی کوشش کرتا ہے اور بس۔
ہمارے ناقدین کا المیہ یہ ہے کہ انہوں نے جب فکری سطح پر ادب کو پرکھنے کی کوشش کی تو مختلف النوع تصورات میں ایسے الجھے کہ نتیجہ بے سمتی کی شکل میں ظاہر ہوا..... جسے جدیدیت سے تعبیر کیا گیا۔ کر کے گارڈ اور سارتر جیسے وجودی فلسفہ کے ناخدا کشتی کو موجوں کے حوالے کر گئے۔ عدم وابستگی نے فروغ پایا تو قدروں کی شکست و ریخت کا ایک عجیب و غریب سلسلہ شروع ہوا۔ لیکن اگر غور کیجئے تو جدیدیت کا وہ رجحان جس پر عدم وابستگی غالب ہو اصل میں خود بھی ایک طرح کی وابستگی ہے ..... عدم وابستگی کے نظریہ سے وابستگی.....! اور پھر یہ بات سامنے آئی کہ بہرحال وابستگی از بس ہے۔ رہیں علامتیں تو ان کا محور بھی ایک کھونٹ تک سفر کرتا رہتا ہے۔ اور یوں علامتیں بھی مختلف زمروں میں تقسیم ہو کر رہ گئیں۔ جہاں تک اساطیریت کا تعلق ہے ، دلچسپ بات یہ ہے کہ اساطیر کا مذہبی روایات سے گہرا تعلق ہے ..... چاہے وہ یونانی دیومالاؤں سے ماخوذ ہوں یا ہندوستانی دیومالاؤں سے ، ان پر عہد نامۂ قدیم کا پرتو ہو یا قصص القرآن کی جھلکیاں دکھلائی دیں ....... ایسے کردار چنے جاتے ہیں جو کسی نہ کسی اعتبار سے اہم کہے جا سکتے ہیں۔ غرض مدعا یہ ہے کہ ادب کی کوئی بھی سمت مقرر ہو، اس میں علامتیں ، استعارے ، اساطیری انداز سب کچھ ممکن ہے۔ لیکن یہ ممکن نہیں کہ تخلیق کار چپ رہے۔ وہ اپنے کرب کو چھپا نہیں سکتا کبھی کبھی جھلاہٹ کا شکار ہو جاتا ہے جو ایک فطری بات ہے .....لیکن اگر فکر کی تہذیب کی جائے تو پھر یہ جھلاہٹ بھی فلاحی رخ اختیار کر سکتی ہے۔
انسان کسی دور میں مشینی نہ تھا......؟ پتھر کے زمانے سے لیکر کمپیوٹر کے دور تک انسانوں کا ایک بڑا طبقہ مشینی رہا ہے۔ اور مشینی زندگی کو ادب سے کیا سروکار ....؟ زندگی کی ڈور یہاں نہ الجھتی ہے نہ سلجھا نے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ بس جس حال میں ہیں جئے جا رہے ہیں۔ کسی دیہات میں نکل جایئے ، کسی بھی شہر پر نظر ڈالئے ......ہزارہا انسان ایسے نکل آئیں گے جن کا مقصد صرف زندہ رہنا ہے ..... ان کے پاس کوئی خواہش اور نہ کوئی عزم .... ... اصل میں انہیں کسی نے روشنی بتلائی ہی نہیں .... وہ جانتے ہی نہیں کہ فلاح کیا ہے .... انہیں یہ بھی علم نہیں کہ دوسرے کا درد کس طرح محسوس کیا جا سکتا ہے اور اس میں شامل کیسے ہوا جا سکتا ہے ....روز و شب کے مشینی عمل کے درمیان آپسی یگانگت کو کیونکر فروغ دیا جا سکتا ہے .....ارتکاز فکر کیوں کر ممکن ہے .... ان سوالات پر بیشتر انسانوں نے نہ غور کیا اور نہ ہی مشینی عمل نے انہیں غور کرنے کی فرصت دی۔ وہ کچھ نہیں جانتے۔ اس لئے بھی کہ انہیں کسی نے بتلایا ہی نہیں۔ نقاد ادیب کو پڑھتا ہے اور ادب کو ایک سمت دینے کی کوشش کرتا ہے اور بعض اوقات ادیب اپنے آپ میں اس قدر گم ہوتا ہے کہ اسے عام انسان کے قریب جانے یا اسے سمجھنے کی طرف توجہ دینے کا خیال ہی نہیں رہتا۔ نتیجہ یہ کہ وہ اس شخص کے بارے میں نہیں سوچتا جو اس کے تخلیق کی روح رواں ہے۔ وہ کبھی اشتراکیت سے بغل گیر ہوتا ہے تو کبھی وجودیت کو گلے لگا کر یہ سوچتا ہے کہ شاید اسی میں نروان ہے۔ لیکن حقیقی نروان تواسی وقت ممکن ہے جب ادیب اعلیٰ ترین اقدار کو اپنائے اور نہ صرف اپنائے بلکہ انہیں قلم کے ذریعہ عام انسانوں اپنے قاری اور سامع تک پہنچائے ..... انہیں بتائے کہ صحیح اقدار حیات کے ساتھ جینے کا نام ہی زندگی ہے۔
جہاں تک ہیئتوں کا تعلق ہے یہاں صرف یہ عرض کرنا ہے کہ ہیئت کے پیچھے لٹھ لے کر دوڑنے سے کچھ حاصل نہیں .....اینٹی پوئٹری ہو یا اینٹی افسانہ، آزاد غزل ہو یا نثری نظم.....ان سب میں ایک بات تو مشترک ہے اور وہ یہ ہے کہ فن کار مروجہ فنی جکڑ بندیوں کو توڑ کر نئے افق تلاش کرنا چاہتا ہے۔ اس میں کوئی خرابی نہیں۔ ہیئت اہم نہیں ہوتی .....موضوع اہم ہوتا ہے۔ محض قافیہ پیمائی یا مسجع و مقفیٰ کلام ہی اعلیٰ ادب نہیں .....موضوع کی انفرادیت اور اس میں پیش کردہ قدریں ہی اس کو اعلیٰ ادب کی سطح تک پہنچانے میں معاون ہو سکتی ہیں۔ پابند غزل میں کیا کچھ نہیں ہوا۔ کس کس طرح جسم کی ایک ایک پور، ایک ایک مسام پر چٹخارے بھر بھر کر اظہار خیال ہوا۔ تو یہ نہیں ہے کہ ہیئت ٹوٹنے سے قدریں بھی ٹوٹ جائیں گی۔ یہ دیکھنا ضروری ہو گا کہ کیا کہا گیا ہے۔ یہ نہیں کہ کون سا سانچہ استعمال ہوا ہے۔
یہ بات بھی بالکلیہ درست نہیں ہے کہ اس عہد کے قلمکار اور ادیب کا رشتہ معاشرے اور تہذیب سے منقطع ہو رہا ہے۔ سچ بات تو یہ ہے کہ آج کا فنکار اپنے معاشرے اور تہذیب کے بارے میں زیادہ سوچنے لگا ہے۔ یہ اور بات ہے کہ فکری انحطاط پذیری کی وجہ سے بے سمتی اور بے یقینی آ گئی ہے۔ لیکن ایک طبقہ ہے جو یہ سوچتا ہے کہ اعلیٰ قدروں کے بغیر ادب کا سفر جاری نہیں رہ سکتا۔ اسے یہ احساس ہو گیا ہے کہ عظیم ادب وہی ہے جو نصب العین رکھتا ہو۔ محبوبہ کے انگ انگ کی تعریف میں زمین و آسمان کے قلابے ملا دینے والے ادب سے لے کر شور شرابے ، اشتہار بازی اور انقلاب زندہ باد کے نعروں تک کا ادبی سفر اور خون کی بارش، بارود کے کھرنڈ اور جنگوں کی دہشت ناکی سے لے کر بے چینی، بے یقینی اور بے سمتی تک کی ذہنی قلابازیاں کچھ عرصہ تک تو تابناک نظر آتی رہیں۔ لیکن ہر چیز جب انتہا کو پہنچی تو پھر شکست کا شکار ہوئی۔ وجودی طرز فکر نے ازدواجی تعلقات کو یوں طشت از بام کیا کہ بستر کی ہر شکن چیخنے لگی..... اور گاڑی کے گزرنے سے پہلے سگنل کے گر جانے کا ماتم کیا جانے لگا۔ علامتوں نے مرغ کی چونچ میں سورج لٹکا دیا۔ لیکن ہر دور کے ادب میں ایک چیز مسلسل متحرک رہی ہے اور وہ ہے مطہر جذبہ، روحانی اقدار، بلند و اعلیٰ نصب العین، سچائی، ہمدردی، محبت..... یہ جذبات کسی بھی دور میں ادیب و فنکار سے دور نہ ہو سکے۔ یہ اور بات ہے کہ باضابطہ انداز میں اس بارے میں نہیں سوچا گیا۔ اصل میں یہ احساس ادیب اور شاعر کے ذہن میں ہمیشہ جاگزیں رہا ہے کہ بے سمتی میں بھی ایک سمت ہے ..... وہ واضح انداز میں اس بات پر سوچ نہ سکا ..... لیکن درون ذہن اعلیٰ قدروں کا احترام ضرور کرتا رہا۔ ہوا میں چپو چلانے کی کوشش اس لئے تھی کہ پیروں تلے زمین ہی نہ تھی۔ لیکن اب تبدیلیاں آ رہی ہیں ...دھیرے دھیرے معاشرہ کروٹ لے رہا ہے ....زمین انگڑائیاں لے رہی ہے اور ادیب واضح انداز میں یہ سوچنے پر مجبور ہے کہ کشتی کے لئے لنگر ضروری ہے ..... بادبان ناگزیر ہیں ورنہ نہ روک رہے گی اور نہ سمت باقی ہو گی۔ اور پھر یہ طوفان بدتمیزی کشتیِ حیات کے پرخچے اڑا کر رکھ دے گا۔
یہ خیال بالکل لایعنی معلوم ہوتا ہے کہ سائنسی نظریات کی پیوند کاری یا جدید ادبی نظریات کی گرافٹنگGRAFTINGسے بھی اعلیٰ تخلیق ممکن ہے۔ گویا ہم نے تخلیق کو بھی مشینی بنا لیا۔ کمپیوٹر کے بٹن دبا دیئے ....غزل تیار ہو گئی...نظم وجود میں آ گئی....افسانہ بن گیا.....!! اصل میں تخلیقی عمل کا کوئی طریقہ کار متعین نہیں ہوتا۔ یہ سائنس کا فارمولہ یا حسابی فارمولہ نہیں ہے کہ اسے استعمال کر کے ادب تخلیق کیا جا سکے۔ فن فارمولے پر نہیں بلکہ جہت پر انحصار کرتا ہے ...نصب العین پر انحصار کرتا ہے .....پھر یہ بھی ہے کہ سائنسی نظریات نے نصب العین کی تکذیب کبھی بھی نہیں کی۔ سائنس نے اعلیٰ انسانی اخلاقی اقدار پر کبھی ضرب نہیں لگائی .... سائنس تو اعلیٰ اقدار کی توثیق کرتی ہے ...... صرف سمجھنے کا ڈھنگ بدلنے کی ضرورت ہے۔ اب آیئے مذہبی اقدار کی طرف...... کیا کوئی مذہب ایسا ہے جہاں برائی کو، جھوٹ کو، حرام کاری کو فروغ دیا گیا ہے ......؟ اگر بظاہر کہیں ہے تو اصل میں یہ ان ٹھیکیداروں کی تاویلات ہیں جنہوں نے اپنے ذاتی مفاد کے لئے مذہب کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔ انہی تاویلات نے مذہب کو ایک ہوا بنا ڈالا۔ مفاد پرستانہ افہام و تفہیم کے نتیجے میں مذہب بیزاری کا سلسلہ شروع ہوا۔ اور ملحدانہ تصورات نے جنم لیا۔ پھر مذہب دشمنوں نے بھی اپنے مفادات حاصلہ کے لئے ایسی باتیں اچھالیں کہ بات بگڑ گئی۔ مذہب پابندی لگاتا ہے تو اس کے پیچھے پوری انسانی تاریخ کا تجربہ پوشیدہ ہے۔ اور یہ بھی ممکن نہیں کہ پلک جھپکنے میں سارے مراحل طے ہو جائیں۔ اور ایک خوشگوار صبح ہم جاگیں تو دیکھیں کہ ساری دنیا کے انسان ایک ڈور میں بندھے ہوئے ہیں .... سچائی اور راست بازی شعار بن گئی ہے ..... اس لئے تو صدیوں کی جدوجہد درکار ہے۔ بشرطیکہ یہ جدوجہد بھی منضبط انداز میں کی جائے۔ ڈارون اور مارکس اور فرائڈ اور اڈلر اور یونگ اور کر کے گارڈ اور سارتر کے نظریات پر بحث کر کے ہی بتوں کو نہیں توڑا جا سکتا انہیں توڑنے کے لئے انہیں نظرانداز کرنے کا حربہ بھی کار گر ہو سکتا ہے۔ جسارت کے لئے معاف کیا جائے ’’وژموں ‘‘کا بت بنا کر بات کرنا بھی ٹھیک نہیں ہے۔ یہ احساس ہی غلط ہے کہ ہم مغرب کے بغیر اپنے آپ کو واضح نہیں کر سکتے۔
اب رہا یہ سوال کہ اہم کیا کریں۔ تو فنکار اور ادیب اور شاعر اور نقاد معاشرے کے وہ حساس اور ذہین افراد ہیں جو قوموں کی تقدیر بگاڑتے اور سنوارتے ہیں۔ انہیں ایک واضح سمت کی ضرورت ہے۔ پھر یہ بھی ہے کہ ایسا راستہ اختیار کرنا پڑے گا جو عوام کے ذہن میں ہو کر گزرتا ہے۔ ان نوجوان فنکاروں کی ہمت افزائی کی ضرورت ہے جو اعلیٰ نصب العین کو فروغ دینے میں معاون ہوں اور آگے چل کر پتوار اپنے ہاتھ میں لے سکیں۔ دانشورانہ سطح پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر بھی فنکارانہ صلاحیتوں کو جلا دینے اور صیقل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ آج کا انسان اور آنے والے کل کا انسان احساس جمال کی تسکین کے ساتھ ساتھ ذہنی ترفع بھی حاصل کر سکے......!!!
-------------------------٭٭-------------------------