یہ سن ۱۹۸۲ء کی بات کے ، جب میں نے سنٹرل یونیورسٹی آف حیدر آباد کے شعبہ اردو میں ایم اے کے بعد ایم فل میں داخلہ لیا تھا..... کچھ عجیب سا لگا تھا کہ نوجوان لڑکے لڑکیوں کے درمیان ایک ڈھلتی عمر کا شخص درس گاہ میں زانوئے ادب طے کر رہا ہے۔ لیکن جب میں نے اپنے ساتھیوں کا جائزہ لیا تو ایک میں ہی نہیں ، وہاں اور بھی کچھ لوگ ایسے تھے جن کے درمیان مجھے عمر کے تفاوت کا احساس نہ رہتا....... ایسے ہی ساتھیوں میں یوسف ساجد بھی شامل تھے۔ ہمیشہ چہرے پر مسکراہٹ لئے ، موٹے شیشوں کی عینک چڑھائے یہ موصوف مجھے اچھے لگے۔ ان کی سب سے اہم خوبی یہ تھی کہ وہ کسی کی برائی نہیں کرتے تھے۔ بس اپنے کام سے کام.......یونیورسٹی آئے .....کلاس اٹنڈ کی ....پھر استاذی مجاور حسین رضوی کے ’’تکئے ‘‘ پر چلے آئے .....وہیں ہماری پھر جمتی تھی۔ خوب ہاہا ہو ہو مچتی...... یوسف ساجد کسی کونے میں پیٹھے مسکرایا کرتے تھے۔ کبھی کبھی قہقہوں سے چھت اڑنے لگتی تو وہ بھی ان قہقہوں میں حسب مقدور اپنا حصہ لگاتے ...... ایم فل میں یوسف ساجد نے شفیق الرحمن پر مقالہ تحریر کیا تھا۔ اور پھر عثمانیہ یونیورسٹی سے انھوں نے اسی موضوع کو لے کر پی ایچ ڈی بھی کیا۔ مقالہ تحریر کئے جانے کے دوران ان سے اکثر ملاقاتیں ہوا کرتی تھیں۔ جب بھی جگتیال سے حیدر آباد تشریف لاتے اپنے ساتھ کتابوں اور رسالوں کا انبار لئے غریب خانے پر ضرور طلوع ہوتے تھے۔ شفیق الرحمن کو یوں تومیں نے بہت پڑھا تھا اور وہ میرے پسندیدہ مزاح نگار تھے۔ لیکن سچ بات یہ ہے کہ شفیق الرحمن کو تفصیل سے ناقدانہ انداز سے پڑھنے کا موقع مجھے صرف یوسف ساجد کی وجہ سے مل پایا۔
مقالے کی تکمیل کے بعد ان سے صرف عید اور نئے سال کے موقع پر تار یا تہنیت نامہ کے ذریعہ ملاقات ہوتی رہی.....پھر اخبارات سے پتہ چلا کہ ان کے افسانوں کا مجموعہ شائع ہونے جا رہا ہے .....خوشی ہوئی .....ویسے توقع تو یہ تھی کہ یوسف ساجد کے ایم فل یا پی ایچ ڈی کے مقالے کی طباعت عمل میں آئے گی....... پھر اچانک ایک محفل میں ان سے ملاقات ہوئی تو پتہ چلا کہ ’’ساتواں پھیرا‘‘ ہو چکا ہے ...... یعنی چھپ چکا ہے .....اور اس کی رسم اجراء میں مجھے بھی شریک ہونا ہے ....مزید خوشی ہوئی کہ انھوں نے اب تک مجھے یاد رکھا۔ افسانہ چاہے روایتی ہو یا علامتی انداز میں تحریر کیا گیا ہو ..... اس کی سب سے اہم خصوصیت اسکا ایجاز و اختصار ہے۔ افسانہ طوالت کا متحمل نہیں ہو سکتا...... اس کے علاوہ افسانے میں وجد تاثر کا ہونا بے حد ضروری ہے اگر وحدت تاثر نہ ہو تو کہانی پن ختم ہو جائے گا۔ افسانے میں ایک اور چیز ہے .... اور وہ ہے قاری کی توجہ کو اپنی طرف مرکوز کرنے کا فن۔ مرکزی اور ثانوی کردار، منظر نگاری واقعات کے بہاؤ اور گٹھے ہوئے پلاٹ کی مدد سے ایک کامیاب افسانہ نگاری قاری کی توجہ کو بٹنے نہیں دیتا۔ اچھے افسانے کی پہچان یہ بھی ہے کہ اگر اسے شروع کیا جائے تو ختم ہونے تک توجہ ادھر ادھر ہٹنے نہ پائے۔
عالمی ادب میں افسانہ انیسویں صدی میں داخل ہوا۔ اور اسی صدی کی آخری دہائیوں میں اردو میں افسانے کی چاپ محسوس کی جانے لگی۔ لیکن صحیح معنوں میں مختصراردوافسانے کا بانی سجاد حیدر یلدرم کو کہا جا سکتا ہے۔ یلدرم کے یہاں زندگی کے رومانی پہلوؤں کو اہمیت دی گئی تھی۔ نیاز فتحپوری نے تخیل کے شاداب مرغزاروں میں اپنے قلم کی جولانیاں دکھائیں۔ مجنوں گورکھپوری نے انگریزی مختصر افسانے کے زیر اثر قنوطیت اور فلسفہ کی آمیزش سے سماجی بندھنوں اور محبت کے ٹکراؤ کو موضوع بنایا.....سلطان حیدر جوش، راشد الخیری، سدرشن، حامد اللہ افسر وغیرہ نے اردو افسانے میں رومانیت کے ساتھ ساتھ مسائل کی طرف توجہ کی اور مقصد کو اپنی تحریروں میں داخل کر کے افسانے کو ایک نیا رخ دیا۔ پریم چند نے اردو افسانے کو وقار عطا کیا۔ رومانی اور تخیلی فضا پر مبنی افسانے لکھتے ہوئے جب پریم چند نے حقیقت نگاری کی طرف قدم بڑھائے اور سماج کے ناسوروں پر نشتر لگانے کا اہم کام انجام دیا تو اردو افسانہ اپنے عروج کی طرف گامزن ہوا۔ اور پھر ترقی پسند تحریک نے اسے اتنی ترقی دی کہ اردو افسانے کو ترقی پسند تحریک کی دین مان لیا گیا...... کرشن چندر، عصمت، بیدی، منٹو، سجادظہیر اور دوسروں نے افسانے کو چار چاند لگا دیئے۔ سن ساٹھ کے بعد افسانے نے ایک نئی کروٹ لی اور علامت کے توسط سے تجریدی دور میں داخل ہوا۔ یہ تجربات ایک طرف ہاتھوں ہاتھ لئے گئے تو دوسری طرف افسانے کے روایتی اسلوب کو برقرار رکھنے کی شعوری کوشش کی جانے لگی..... یوسف ساجد اسی شعور ی کوشش کے غیر شعوری مقلد کہے جا سکتے ہیں۔
یوسف ساجد نے ہائی اسکول ہی سے افسانہ لکھنے کی کوششیں شروع کر دی تھی۔ ان کا پہلا افسانہ ’’نہ خدا ہی ملا نہ وصال صنم‘‘ ۵۶ء میں ایک اسکول میگزین میں شائع ہوا تھا۔ یہ افسانہ ان کے مجموعے کا بھی پہلا افسانہ ہے۔ اور اگر یہ افسانہ جوں کا توں رکھا گیا ہے تو یہ اندازہ کرنا مشکل نہیں کہ نو عمری میں ہی یوسف ساجد کی تخلیقی صلاحیتوں نے رنگ دکھانا شروع کر دیا تھا۔ اس افسانے کا پلاٹ ایک ایسے شخص کے گرد گھومتا ہے جس کی لڑکی بیمار ہے لیکن اس کے پاس چونکہ ڈاکٹر کو دینے کے لئے فیس کے پیسے نہیں ہیں اس لئے اسے دھتکار دیا جاتا ہے۔ پھر وہ اپنی بچی کو بچانے کے لئے چوری کر بیٹھتا ہے لیکن جب ڈاکٹر آتا ہے تو لڑکی مر چکی ہوتی ہے۔ اس شخص نے لڑکی کو بچانے کے لئے اپنی شرافت کو تیاگ دیا تھا .....پھر بھی وہ اس کی جان نہیں بچا سکا اور اس طرح افسانے کے عنوان کوJustificationمل جاتا ہے۔ اس افسانے میں کچھ جھول بھی ہیں جیسے کہانی کا مرکزی کردار ڈاکٹر کے یہاں سے نکل کر چوری کرنے کے لئے ایک عالیشان عمارت کے کمپاؤنڈ میں داخل ہو جاتا ہے ......اور تھوڑی دیر بعد جب باہر نکلتا ہے تو اس کے ہاتھوں میں نوٹوں کی گڈی ہوتی ہے .....گویا اس مکان میں اس شخص کے لئے نوٹوں کی گڈی اس طرح تیار رکھ دی گئی تھی کہ وہ آئے اور اس گڈی کو اٹھا لے جائے۔ ریکارڈ کے حساب سے یوسف ساجد نے ۱۹۵۹ء میں میٹرک کیا تھا۔ اس اعتبارسے جب انھوں نے یہ افسانہ لکھا ہو گا تو وہ ساتویں یا آٹھویں میں پڑھ رہے ہوں گے۔ اس لئے اس طرح کا جھول کوئی ایسی بات نہیں کہ ان سے بازپرس کی جا سکے بلکہ اس بات کا اعتراف ضروری ہو جاتا ہے کہ اس نو عمری کے باوجود ان کی اس تخلیق میں موجودہ سماج سے بغاوت کی وہ لہریں نظر آتی ہیں جو ترقی پسند افسانے کی ایک اہم اور نمایاں خصوصیت تھی۔
اس کہانی کے مرکزی کردار کے اندرون میں جو کشمکش ہے اس کو یوسف ساجد نے مکالموں کی شکل دے دی ہے۔ کردار کے کانوں میں ڈاکٹر کے الفاظ گونجتے ہیں ’’چوری کرو ڈاکہ ڈالو......‘‘ اور اس کا ضمیر کہتا ہے ’’نہیں نہیں یہ پاپ ہے ‘‘ پھر اس کے اندر سے ایک دوسری آواز سوال کرتی ہے ’’یہ پاپ ہے ؟قوم کے بڑے بڑے سرمایہ دار جو غریبوں کا خون چوستے ہیں کیا وہ سب پاپی کہلائیں گے ..... ؟ نہیں ......وہ پاپی نہیں کہلاتے ، انہیں تو لوگ خدا سمجھتے ہیں .....انہیں اوتار کا درجہ دیتے ہیں سماج میں ان کی بڑی عزت ہے ......اونچا مقام ہے ..... پھر تم کیوں پاپی کہلاؤ گے۔ ؟‘‘
ان مکالموں میں سرمایہ داری کے خلاف جو گھن گرج ہے وہ کم عمر یوسف ساجد کے قلم سے یقیناً اچھی لگی ہو گی اور اسی وقت یوسف ساجد کو سننے اور پڑھنے والوں نے محسوس کر لیا ہو گا کہ ایک ہونہار افسانہ نگار کے پاؤں پالنے میں سے نظر آنے لگے ہیں۔ یوسف ساجد کے پہلے مجموعہ ’’ساتواں پھیرا‘‘ میں ۱۹ کہانیاں ہیں .... ۳۸ برس کے ادبی سفر میں ۱۹ کہانیوں کا مطلب یہ ہے کہ اوسطاً دوبرس میں یوسف ساجد نے ایک کہانی لکھی ہے ...... اس طرح تھم تھم کے لکھنے کی ایک وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ غم روزگار نے انہیں اپنے ترکش سے تیر نکالنے کا موقع نہ دیا ہو ......یا پھر یہ کہ وہ غالب کے اس مصرعے کے قائل ہوں کہ۔
رکتی ہے مری طبع تو ہوتی ہے رواں اور
ایسی صورت میں نالوں کے چڑھ جانے کی توقع ضرور کی جا سکتی تھی۔ یوسف ساجد کے فن کے بارے میں ڈاکٹر یوسف سرمست لکھتے ہیں کہ ’’ان کی کہانی کے موضوعات عام زندگی ہے تجربات ہیں ‘‘اور یہ بات بڑی حد تک درست ہے ....... جہاں محض تخیل کار فرما ہے ان مقامات سے درگزر کیا جائے تو یوسف ساجد کے افسانوں میں سرمایہ داری کے خلاف جدوجہد، محبت، نفرت، پیار، قربانی اور ایثار کے جذبات کے ساتھ فسادات، رویت ہلال جیسے موضوعات موجود ہیں۔ ان سب میں اہم کہانی ’’ساتواں پھیرا‘‘ ہے جس میں ایک انوکھی کیفیت انگریزی کے مشہور استاد اور شاعر پروفیسر شیو کے کمار کی ایک نظم میں موجود بھی ہے ..... اس بات سے قطع نظر کہ یوسف ساجد کے افسانے کا اختتام کیسے ہوتا ہے۔ ہر پھیرے کے دوران کئے جانے والے عہد کے ساتھ ساتھ ماضی کے اوراق الٹنے سے افسانے میں ایک ندرت پیدا ہو گئی ہے۔ دولہن کی نفسیاتی کیفیت اور اس کا رد عمل ایک جھٹکا یا شاک ساپیدا کرتے ہیں ...... اسی طرح کا ایک اور افسانہ ’’نیا تماشہ‘‘ ہے .... جس میں لڑکی اپنی ماں سے بغاوت کرنے پر اتر آتی ہے ...... اس لڑکی کی منگنی پہلے ایک کم تعلیم یافتہ نوجوان کے ساتھ کی گئی تھی......لیکن جب زیادہ تعلیم یافتہ یعنی گریجویٹ نوجوان کا رشتہ آیا تو سابق منگنی کو توڑ کر نئی منگنی کی تیاریاں ہونے لگیں تھیں ایسی صورت حال میں لڑکی مقابلہ کی ٹھان لیتی ہے اور کھل کر انکار کر دیتی ہے۔ اس طرح یوسف ساجد نے آزادی نسواں یا پھر یوں کہئے کہ خواتین کے ساتھ بھیڑ، بکریوں کی طرح سلوک کرنے کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔
اس مجموعہ میں ایک اور اچھا افسانہ ’’ہوتا ہے شب و روز تماشہ مرے آگے ‘‘ کے عنوان سے ملتا ہے ......جس میں فسادات کو موضوع بنایا گیا ہے۔ اس کہانی کا مرکزی کردار فسادات کی خبریں پڑھ پڑھ کر انسانیت کا ماتم کر رہا ہے۔ دریں اثنا ریڈیو سے خون کے عطیہ کی اپیل نشر کی جاتی ہے ..... اور یہ کردار جب خون کا عطیہ دینے کے لئے ہسپتال کی طرف جانے لگتا ہے تو راستے ہی میں فسادیوں کا نشانہ بن جاتا ہے۔ یوسف ساجد نے افسانہ اس لئے نہیں لکھا کہ اردو کے بڑے افسانہ نگاروں کی صف میں شامل ہونا تھا ......انھوں نے افسانہ اس لئے لکھا کہ انھیں اپنے احساسات کو اپنے تجربات کو اظہار کا روپ دینے کے لئے افسانے سے بہتر وسیلہ نہ مل سکا۔ یوسف ساجد کی افسانہ نگاری کی خصوصیت یہ ہے کہ انھوں نے مقصدیت کو سامنے رکھتے ہوئے زندگی کی تلخ حقیقتوں کو موضوع بنایا ہے ....... ان کے پلاٹ کہیں گٹھے ہوئے ہیں اور کہیں بکھرے بکھرے .....لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ دیکھنا یہ چاہئے کہ افسانہ نگار کیا کہنا چاہتا ہے ..... اور اس کے پیش نظر جو مقصد ہے اس میں کتنی آفاقیت ہے ...... اس اعتبار سے اگر یہ کہا جائے کہ یوسف ساجد ایک کامیاب افسانہ نگار ہیں تو بے جا نہ ہو گا۔
-------------------------٭٭-------------------------