تنقید کے بارے میں ارسطو سے لے کر آج تک دنیا کے مختلف مفکرین نے مختلف النوع خیالات کا اظہار کیا ہے۔ اور اردو تنقید کا المیہ یہ ہے کہ یا تو اسے قابل اعتنا ہی نہیں سمجھا گیا اور معشوق کی موہوم کمر یا اقلیدس کا نقطۂ خیالی جیسے خطاب سے سرفراز کر کے اپنی انا کی تسکین کے سامان فراہم کئے گئے یا مغربی نظریات تنقید کو اردو تنقید کے سرپر لاد دیا گیا۔ مختلف تنقیدی افکار پر سرسری جائزہ ڈالنے سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ بہرحال تنقید کسی فن پارے کے احتسابی جائزہ کا نام ہے۔ اب کسی نے فن کو تاریخی سماجی اور معاشرتی تناظر میں دیکھنے پر روز دیا تو کسی نقاد نے نفسیاتی تحلیل کے طریقۂ کار کو اہمیت دی۔ کسی نے جمالیاتی نقطۂ نظر کو اہم قرار دیا تو کسی نے وجودی فلسفہ کو اپنے تنقیدی افکار کا محور بنایا۔
ادب احساس، مشاہدہ اور فکر کو اظہار کا پیکر عطا کرنے کا نام ہے اور اظہار کا سلیقہ عطیۂ خداوندی ہے۔ اظہار کے تفہیم اور فن کے اندر چھپی ہوئی بصیرت کی تلاش وہ اہم کام ہے جو تنقید انجام دیتی ہے۔ اس طرح نقاد قاری اور فن کار کے درمیان ایک رابطہ کا کام بھی کرتا ہے اور آنے والے ادب کے لئے راہیں متعین کرنے کا اہم فریضہ بھی انجام دیتا ہے لیکن حیرت ناک بات یہ ہے کہ یوروپی مفکرین کے عطا کردہ نسخہ ہائے کیمیاء یعنی تنقیدی نظریات نے کسی عظیم ادب پارے کی تخلیق میں کوئی معاونت نہیں کی.... اور ایسا ادب وجود میں نہیں آ سکا جس کے ذریعہ اعلیٰ انسانی اور اخلاقی اقدار کو فروغ مل سکے۔ اس طرح تنقید صرف نکتہ چینی اور تنقیص کا ذریعہ بنی اور تنقید کے اس اہم پہلو کو نظرانداز کر دیا گیا کہ نقاد کو تعمیری رخ اختیار کرتے ہوئے ادب کے لئے ایسی راہیں متعین کرنی چاہئیں جن سے انسانی سماج، سماجی اور معاشرتی اعتبار سے بہتری کی طرف قدم بڑھا سکے۔ بظاہر اس وقت معرض وجود میں آتی ہے جب فن کا ظہور ہو چکا ہوتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ تنقید مستقبل کی تخلیق کے لئے مشعل راہ ثابت ہوتی ہے۔ تنقید ادب کی را ہوں کو متعین کرتی ہے اور ایک اعلیٰ ادب کو تخلیق کرنے میں فن کار کی ممد و معاون ثابت ہوتی ہے۔ فنکار تنقید ہی سے روشنی حاصل کر کے اپنے فن کو سنوار تا اور نکھارتا ہے اور اس طرح یہ توقع پیدا ہوتی ہے کہ ایک مہتم بالشان ادب وجود میں آئے گا..... دراصل ہر فن کار میں ایک تنقیدی شعور کا ہونا لازمی امر ہے۔ اگر کوئی فنکار تنقیدی شعور سے عاری ہو تو پھر اس کا فن بھی کج مج بیانی اور خامیوں سے بھرپور ہو گا۔ لیکن اگر فن کا ر خود ایک تنقیدی ذہن کا حامل ہو تو تخلیق سرزد ہونے سے قبل یا تخلیق کے دوران غیر محسوس طریقہ پر تخلیق کی خوبیوں اور خامیوں کا محاسبہ وہ خود ہی کر لے گا۔ اب اگر فن کا ر اعلیٰ انسانی اقدار کو اہمیت دینے کی صلاحیت رکھتا ہے تو پھر اس کا فن بھی ان ہی اوصاف سے متصف ہو گا۔ اس طرح ادب اور زندگی کا رشتہ مضبوط تر ہوتا جائیگا۔ کیونکہ ادب، ماضی، حال اور مستقبل کے درمیان ایک ایسی کڑی ہے جو انسانی فکر کو صحیح راہ پر گامزن ہونے میں مدد دیتی ہے۔
دنیائے تنقید مختلف نظریات کو اپنا کر آگے بڑھنے کی کوشش کرتی رہی ہے لیکن نتیجہ یہ ہوا کہ نظریات کے رد و اختیار کے طولانی عمل نے ادب کی را ہوں کلو گنجلک بنا دیا ہے۔ اور بار بار یہ احساس ہوتا ہے کہ ہر وقت ایک قسم کا نظریاتی خلا موجود ہے۔ ایسے ہی لمحوں کے دوران وسیع کائنات کے تناظر میں انسان جب اپنے آپ کا جائزہ لینے کی کوشش کرتا ہے تو وہ محسوس کرتا ہے کہ اس کی روح پیاسی ہے۔ وہ یہ جاننا چاہتا ہے کہ تصورات کی شکست و ریخت کے درمیان اس کا اپنا مقصد وجود کیا ہے۔ اب اگر یہ فکر صحیح راستہ اختیار کر لے تو عرفان کی منزل تک جا پہنچتی ہے اور گمراہی کا شکار ہو جائے تو لایعنیت کے بھیانک غار میں گر کر غاعون کہلاتی ہے۔ حالی نے جب ادب کو اخلاق کا نائب منائب بتایا تو اس کا مفہوم یہ سمجھا گیا کہ ادب کو ثانوی حیثیت دے دی گئی ہے۔ لیکن حالی کا مقصد یہ تھا کہ ادب کو انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے ہونا چاہئے اور ایسی تحریر جو جذبات میں ہیجان برپا کرے اور راہ روی کو فروغ دے۔ وہ ادب نہیں کہلائی جا سکتی۔ یہی وجہ ہے کہ زمانہ جاہلیت میں دھوم مچا دینے والے قصیدوں کو جنھیں سبعہ معلقہ کے نام سے یاد کیا جا تا ہے۔ اسلام کی روشنی نے ماند کر دیا اور اپنے وقت کے یہ عظیم قصائد پس منظر میں چلے گئے۔ اس لئے کہ اسلام نے جذبات کی تہذیب کا سبق دیا۔ ہمدردی، خلوص اور اخلاقی اقدار کو اہمیت دی ....... اور بے راہ روی اور ہیجان انگیزی کو یکسرمسترد کر دیا۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ صحیح راستہ کیا ہے .......؟ اصل میں ادب ہنگامی ضرورتوں کے تحت پیدا نہیں ہوتا۔ دوسرے لفظوں میں ہنگامی ضرورتوں کے تحت تخلیق کیا جانے والا فن ادب کے معیارات پر پورا نہیں اترتا۔ کیونکہ ہنگامی ضرورتیں اور وقتی مصلحتیں کسی نہ کسی عمومی مقصد کے تحت ہوتی ہیں۔ اعلیٰ ادب تو وہی ہے جس میں بنیادی انسانی اقدار موجود ہوں۔ اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب ادیب اپنا رشتہ فکری اور روحانی طور پر اخوت، محبت اور خلوص سے استوار کرے۔ کیونکہ یہی وہ اقدار ہیں جو راہ نجات کی طرف رہنمائی کرتے ہیں اور اس طرح تنقید کا منصب یہ بھی ہو جاتا ہے کہ ادیب کے لئے وہ کھرے اور کھوٹے کی پہچان کے سلسلے میں کسوٹی پیش کرے۔ قاری کی کمزوری ہے کہ وہ صرف تخلیق کے سہارے آگے بڑھتا ہے اور اسی سے تاثر قبول کرتا ہے۔ جبکہ نقاد تخلیق کا ر کی انفرادیت تک پہنچ کر اس کے محسوسات کی نشاندہی کرتا ہے اور ان عوامل کی وضاحت کرتا ہے جہاں قاری کا ناپختہ ذہن نہیں پہنچ سکتا۔ یوں نقاد پر ایک بڑی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ حق اور باطل میں تفریق کے مسئلے کو قاری کے لئے آسان کر دے۔ قاری ہر خوبصورت نظر آنے والی شئے کے پیچھے بھاگنے کی جبلت کا شکار ہوتا ہے۔ نقاد کا فرض یہ ہے کہ وہ خوبصورت نظر آنے والی شئے کی اصلیت کو قاری پر واضح کر دے۔ اس وضاحت کی ضرورت اس لئے پیش آتی ہے کہ فنی اظہار میں لفظوں کی پیکر تراشی سے ایسی سحر کارانہ کیفیت پیدا کی جا سکتی ہے جو ذہن کو مسحور کر لے اور پھر فن کارانہ اظہار میں جو تباہ کن مقصد چھپا ہوا ہے اس چشم سے پوشی کر لی جائے اور وہ تباہ کن مقصد غیر محسوس طریقہ پر قارئین کی ایک جماعت کو متاثر کرے۔ مثال کے طور پر ناگن خوبصورت دکھائی دیتی ہے۔ لیکن یہ ممکن نہیں ہے کہ ہم خوبصورتی کی ستائش کرتے ہوئے ناگن کو آستین میں رکھ لیں۔ ظاہر ہے کہ خوبصورت نظر آنے والی ناگن کا ایک عیب یہ بھی ہے کہ وہ ڈس لیا کرتی ہے۔ نقاد کا کام یہ ہے کہ خوبصورتی میں پوشیدہ زہر کو عیاں کرے تاکہ کمزور ذہن متاثر نہ ہونے پائے۔ بظاہر چمکدار نظر آنے والے ہیجان انگیز اظہار اور دنیا میں پھیلنے والی بے راہ روی کے مضر اثرات سے بچانے کے لئے یہ ضروری ہو جاتا ہے کہ نقاد بے باکی اور جرأت سے کام لیں اور ادب کو ایسی راہ پر گامزن کرنے کے لئے آگے بڑھیں جو فلاح کی راہ ہے۔
****