انسانی زندگی سے اگرہنسی چھین لی جائے تو یہ دنیا شاید جہنم بن جائے۔ ویسے ہنسی کئی قسم کی ہو سکتی ہے ...... کھسیانی ہنسی، استہزائی ہنسی، طنزیہ ہنسی، مصنوعی ہنسی، دوسروں کو ذلیل کرنے والی ہنسی وغیرہ .....وغیرہ...... ! لیکن سب سے زیادہ منزہ ہنسی وہ ہے جس سے کسی دوسرے کے دل پر چوٹ نہ لگے ، جو بے پناہ مسرت و حظ کے اظہار کے طور پر دل کی گہرائیوں سے نکلنے اور اس ہنسی میں دوسرے لوگ بھی بلا کسی استکراہ کے یکساں طور پر شریک ہو سکیں۔ یہ ہنسی انسان کے لئے ایک انتہائی اہم اور ضروری چیز ہے کیونکہ یہ خوش دلی کی علامت ہے۔ یہ ہنسی زندگی ہے دشوار گزار اور خاردار صحراء کو رنگ و نکہت سے معمور گلستانوں میں تبدیل کر دیتی ہے۔ اور مزاج اسی بے پناہ مسرت کا سرچشمہ ہے جو انسان کی زندہ رہنے کا حوصلہ عطا کرتا ہے۔ مزاج کے ساتھ ساتھ ایک اور چیز اسی طرح پہلو بہ پہلو نظر آتی ہے جس طرح پھول کے ساتھ کانٹا موجود ہوتا ہے یہ چیز ہے طنز اور طنز...... طنز کی اعلیٰ ترین قسم وہ ہے جس میں خوش دلی کی کیفیت موجود ہو۔ بقول وزیر آغا طنز سماج کے رستے ہوئے زخموں کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ لیکن رستے ہوئے زخموں کی طرف متوجہ کرنے اور ان پر نشتر زنی کے لئے بے حد مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ یوسف ناظم کے ہاں مزاج اور طنز کے دونوں رخ بے حد متوازن انداز میں موجود ہیں۔ وہ اپنے اپنے طنز کے نشتروں کو کسی کے دل میں ترازو نہیں کرتے اور نہ ہی مزاج سے ان کے ہاں پھکڑ پن کی کیفیت پیدا ہوتی ہے۔ وہ سماج کے رستے ہوئے ناسوروں پر نہایت مہارت سے نشتر رکھتے ہیں اور ان پر مزاج کا مرہم لگا کر لطیف جذبات کو مہمیز کرتے ہیں۔ انھوں نے اپنی تحریروں میں ذاتیات کو کبھی نشانہ نہیں بنایا۔ وہ خود اپنی ذات کو ہدف ملامت بناتے ہیں اور نہ ہی اپنے ہم عصروں کی ذات پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اسی لئے آفاق حسین صدیقی نے لکھا تھا اور بالکل درست لکھا تھا کہ۔
’’ان کا (یوسف ناظم کا) طنز ان کی خود کی ذات کی الجھنوں اور ذاتی معاملات کی تلخیوں کا نتیجہ نہیں ہے اور نہ ہی انہوں نے اپنی تحریروں میں ذاتی معاملات یا نجی زندگی کی ناہمواریوں کو طنز کا نشانہ بنایا ہے اور نہ ہی ان کے طنز و مزاح کی اساس ذاتی اغراض و مقاصد پر ہے۔ بلکہ اپنی تحریروں میں انہوں نے اپنے عہد کے مختلف النوع معاملات اور گوناگوں ناہمواریوں اور عام زندگی کے بے ڈھنگے پن کو طنز و مزاح کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا معاشرہ ان کے طنز و مزاح کا موضوع ہے اور اسی عہد اور معاشرے سے ہی انھوں نے طنز و مزاح کا مواد حاصل کیا ہے۔‘‘
(مضمون ’’طنز و مزاح اور یوسف ناظم ۲۲ ماہنامہ شاعر جنوری، فروری ۸۰ء)
یوسف ناظم جس معاشرے کے فرد ہیں اس کی ناہمواریاں ان کے حساس دل کو مجبور کر دیتی ہیں کہ وہ اس پر لکھیں۔ بمبئی میں جگہ کی قلت سے کون واقف نہیں ...... یہاں جگہ کی قلت کا رونا تو ہر مصنف نے رویا ہے۔ یوسف ناظم بھی روتے ہیں بلکہ سسکیاں لے لے کر روتے ہیں ..... یہ اور بات ہے کہ یہ سسکیاں آسانی سے سنائی دینے والی نہیں ہیں وہ خود بھی روتے ہیں اور ہم سب کو رلاتے ہیں۔ لیکن انداز عجیب و غریب ہے۔ بنیان کی ضرورت بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں۔
’’بمبئی کا آدمی اس میں اپنا فونٹن پن لگاتا ہے بلکہ وہ بنیان پہنتا ہی اس لئے ہے کہ اگر نہ پہنے تو فونٹن پن کہاں رکھے ہم نے بہتوں کو تو کتابیں اور فائیلیں تک بنیان میں رکھے دیکھا ......بمبئی میں جگہ کی بڑی قلت ہے.......‘‘
(پردیسی کا سفرنامہ ہندوستان۔ مشمولہ البتہ ۱۰)
اور آگے پلیٹ فارم کا ذکر کرتے ہوئے تحریر فرماتے ہیں
’’ہر ریلوے پلیٹ فارم پر نیرے کا ایک اسٹال ضرور ہوتا ہے۔ جس پر بعد میں وہ جگ سوسکتے ہیں جنھیں بنچوں پر سونے کے لئے جگہ نہ ملی ہو۔ ریلوے پلیٹ فارم پر جتنے بھی بنچ ہوتے ہیں برسوں سے چند خاص لوگوں کی رہائش کے لئے ریزرو ہو چکے ہیں۔ خود پلیٹ فارم اور بالائی پلوں پر بھی قیام و طعام کی اجازت ہے۔ جو لوگ یہاں مستقل طور پر رہنا نہ چاہیں وہ چار چھ گھنٹے کے لئے اپنی دوکان لگا سکتے ہیں۔ بظاہر اس کا کوئی کرایہ نہیں ہے.......‘‘
اس ’’بظاہر ‘‘ کا لطف لیجئے اورسر دھنئے۔ یہ یوسف ناظم کا فن ہے کہ ایک آدھ لفظ کے استعمال سے یا ایک آدھ فقرے کے ذریعے طنز و مزاح کا ایک طوفان برپا کر دیتے ہیں۔ وہ کبھی ایک آدھ لفظ کے مفہوم کو مزید وسیع کر دیتے ہیں اور اس سے ایک کیفیت پیدا کرتے ہیں۔ آج کل اسکولوں میں جو کچھ ہوتا ہے وہ ہر ایک پر روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ اسکول جاتے ہوئے ننھے ننھے بچے ایک ایسا گدھا نظر آتے ہیں جس پر اس کی بساط سے کئی گناہ زیادہ بوجھ ڈال دیا گیا ہو۔ یوسف ناظم کے مشاہدے کا کیمرہ اس تصویر کو بھی اپنے اندر جذب کرتا ہے۔
دیکھئے وہ ایک بچے کی تصویر کھینچ رہے ہیں جو اسکول جا رہا ہے۔ لکھتے ہیں
’’دیکھو وہ لڑکا اسکو جا رہا ہے (کتنا غمگین ہے ) اس کی پیٹھ پر خاکی رنگ کا ایک بستہ ہے۔ اس بستے میں بیس عدد ایکسرسائز بک ہیں۔ ان بیاگوں کو اٹھائے اٹھائے پھرنے سے اچھی خاصی ورزش ہو جاتی ہے۔ جب ہی تو انہیں ایکسرسائز بک کہا جاتا ہے۔‘‘
اردو کی پہلی کتاب جدید کے چند سبق (دوسراسبق) مشمولہ ’’فی الحال ‘‘ ایکسرسائز بک کا یہ نیا مفہوم یوسف ناظم کے ذہن رسا کا کمال ہے ... اور واقعی جب ان نوٹ بکس کو ایکسرسائز بک کہا گیا ہو گا تو یہ ہرگز نہ سوچا ہو گا کہ ایکسرسائز بک کا یہ مصرف بھی ہو سکتا ہے۔ سبک خرامی یوسف ناظم کی تحریر کا ایک اہم وصف ہے۔ اگر آپ ان کی تحریر دریاؤں میں روانی کو محسوس کرنا چاہیں جیسے مشتاق احمد یوسفی کے ہاں نظر آتی ہے تو شاید آپ کو مایوسی ہو۔ کیونکہ یوسف ناظم رک رک کر لکھنے کے عادی ہیں۔ تھم تھم کر بہنے کے قائل ہیں۔ پچھلے پچاس برسوں میں انھوں نے صرف لفظوں کے پل نہیں باندھے اور نہ پہاڑی ندی کی طرح اچھل کود کی ہے۔ وہ زندگی کو برتتے ہیں اس کے مختلف پہلوؤں کا بڑی گہرائی کے ساتھ مطالعہ کرتے ہیں اور بے حد محتاط انداز میں اپنے قلم کو حرکت میں لاتے ہیں۔ اسی لئے پروفیسر سلیمان اطہر جاوید نے یوسف ناظم کے فن پر لکھا ہے کہ۔
’’ان کا فن اپنے پڑھنے والوں سے ایک خاص معیار کا مطالبہ کرتا ہے ایک اونچے نکھرے ستھرے علمی و ادبی ذوق کا ...اردو ادب کی روایات سے آگہی کا .... یوسف ناظم، لگتا ہے جتنا وقت لکھنے میں صرف کرتے ہیں اس سے زیادہ وقت ’’کیا لکھیں اور کیسے لکھیں ‘‘ پر غور کرنے میں صرف کرتے ہیں وہ ضبط و احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑتے.......‘‘
(مضمون’’یوسف ناظم ایک مطالعہ‘‘ مشمولہ ماہنامہ شاعر جنوری و فروری ۸۰ء)
ابھی میں نے عرض کیا تھا کہ یوسف ناظم روتے بھی ہیں اور رلاتے بھی ہیں۔ بلکہ مجھے یہ کہنے میں کوئی تامل نہیں کہ وہ رلانے کا فن بہت اچھی طرح جانتے ہیں شاید اسی لئے وہ رونے کے بائی پروڈکٹ یعنی آنسو کے ذائقے سے نہ صرف واقف ہیں بلکہ اس ذائقے سے دوسروں کو واقف کروانا بھی اپنا فرض اولین سمجھتے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ آنسو اگر اصلی ہوں گے تو نمکین ضرور ہوں گے .... وہ لکھتے ہیں۔
’’آدمی کے آنسو ذائقے میں نمکین ہوتے ہیں شرط یہ ہے کہ یہ آنسو اصلی ہوں .....مگر مچھ کے آنسو نہ ہوں ...... آنسوؤں کے نمکین ہونے کا فائدہ یہ ہے کہ آدمی جب بھی اپنے منھ کا مزہ بدلنا چاہتا ہے ، اپنے آنسو پی لیتا ہے (آدمی کتنا خود مکتفی ہے)
(مضمون ’’حق نمک کا‘‘ مشمولہ فی الحال.... ص ۱۵)
ٍٍآخری جملہ قوسین میں ہے۔ دیکھئے وہ اس جملے سے کیسی زبردست چوٹ کر گئے ہیں۔ اس طرح کے قوسینی جملے یوسف ناظم کی اہم خصوصیت ہیں۔ وہ اپنے ہر اہم نثر پارہ کے اختتام پر ایک چھوٹاساجملہ قوسین میں داغ دیتے ہیں ان کا کوئی مجموعہ اٹھا کر دیکھ لیجئے۔ ایسے قوسینی جملے جگہ جگہ نظر آئیں گے۔ استاذی پروفیسر مجاور حسین رضوی نے ایسے جملے کو نثر میں مستزاد کہا تھا۔ میں اسے قوسینی جملے اس لئے کہہ رہا ہوں کہ قوسین کی عدم موجودگی میں ایسے جملے کی قلب ماہیت ہو جانے کا خدشہ لگا رہتا ہے۔ یوسف ناظم میں قوسینی جملے لکھنے کی بڑی پرانی عادت ہے جس سے اردو کا ہر ادیب، شاعر، نقاد، قاری بلکہ میرا خیال ہے کہ وہ بنیا تک واقف ہے جو کبھی کبھی یوسف ناظم کے چھپے ہوئے مضامین میں نمک مرچ اور دھنیا باندھ دیا کرتا ہے۔ ان کے قوسینی ادب کے چرچے چار دانگ عالم میں پھیلے ہوئے ہیں۔ یہاں تک کہ حیدر آباد کے ایک مزاح نگار مسیح انجم نے انہیں ’’یوسف قوسین‘‘ کا خطاب دے رکھا ہے بلکہ اس عنوان کے تحت ان پر ایک خاکہ بھی لکھ مارا ہے۔ اس کے باوجود وہ قوسینی ادب سے سبک دوش نہیں ہوئے بلکہ اب تو قوسین کی تعداد میں اضافہ اور قوسینی جملوں کے درمیانی فاصلے میں کمی ہو رہی ہے۔ دراصل یوسف ناظم کو یہ اندازہ ہو گیا ہے کہ لوگ اب ان کے قوسینی جملوں پر زیادہ داد دیتے ہیں اس لئے وہ قوسین کی تعداد بڑھاتے جا رہے ہیں۔ خدشہ یہ ہے کہ یوسف ناظم کے آئندہ مضامین کا ہر جملہ قوسین میں نہ ہو......!!!
یوسف ناظم اپنے اطراف سے بے خبر نہیں رہتے وہ خوابوں کی دنیا کے ادیب نہیں .....وہ زندگی کی تلخ حقیقتوں کے درمیان جیتے ہیں اور انہیں تلخ حقیقتوں کو طنز و مزاح کا روپ دے کر ہمارے سامنے پیش کر دیتے ہیں۔ عرصہ گزرا جب مرار جی ڈیسائی وزیر خزانہ تھے تو انہوں نے گولڈ کنٹرول آرڈر نافذ کیا تھا اور سونے کے استعمال پر کچھ پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ ایک حساس فن کار اس قانون کے بطن سے اپنے مطلب کی باتیں کیسے ڈھونڈ نکالتا ہے اس کا نمونہ آپ کو یوسف ناظم کی اس تحریر میں نظر آئے گا۔ یہ بھی انداز ہ کیا جا سکتا ہے کہ وہ دو تین موضوعات کو ایک چھوٹے سے نثر کے ٹکڑے میں پیش کرنے پر کتنی قدرت رکھتے ہیں ....ایک طرف گولڈ کنٹرول آرڈر تھا تو دوسری طرف بھارت کی شہرۂ آفاق ہاکی ٹیم کا سورج رو بہ زوال تھا۔ وہ ٹیم جو اولمپک میں ہمیشہ گولڈ میڈل حاصل کرتی تھی اب چوتھے پانچویں نمبر پر آنے لگی تھی۔ یوسف ناظم کہتے ہیں۔
’’ہندوستان میں جب سے گولڈ کنٹرول آرڈر نافذ ہوا ہے ہماری ہاکی ٹیم نے اولمپک میں گولڈ میڈل حاصل کرنا ترک کر دیا ہے۔ کون قانون شکنی کرے اور اپنے آپ کو مصیبت میں ڈالے۔ اب طالب علم بھی اس قانون کی پابندی کرنے لگے ہیں......‘‘
(ادبی نوشاہ مشمولہ شگوفہ اپریل ۷۷ء ص ۴۶)
آخری جملے میں یوسف ناظم نے طالب علموں کو بھی گھسیٹ لیا جن کا تعلیمی معیار روز بروز گھٹتا جا رہا ہے۔ اکیسویں صدی کی آمد کا غلغلہ ایک عرصے سے ہے۔ ہرکس وناکس اکیسویں صدی کا انتظار کر رہا ہے اور ہر ایک کا انداز مختلف ہے۔ سربراہان مملکت نے اکیسویں صدی کی آمد کو اپنے لئے ایک نشانہTargetبنا لیا ہے۔ کوئی کہتا ہے کہ اکیسویں صدی میں کوئی جاہل نہ رہنے پائے۔ کسی ملک کا سربراہ چاہتا ہے کہ کوئی زندہ ہی نہ رہنے پائے .... کوئی سائنسی ترقیوں کی باتیں کرتا ہے کوئی قحط اور بھوک کے خاتمے پر زور دے رہا ہے ....غرض جتنے منھ اتنی باتیں بلکہ جتنے ذہن اتنے ہی ہتھکنڈے ......! لیکن ایک درد مند فنکار آنے والی صدی کے بارے میں کیا رائے رکھتا ہے ؟ اسے آنے والی صدی کے خدوخال کیسے نظر آتے ہیں .......؟ یوسف ناظم کی یہ تحریر اس بات کا جواب ہے وہ لکھتے ہیں .........
’’آنے والی صدی بھی شکل و صورت اور ہیئت کے اعتبار سے ویسی ہی صدی ہو گی جیسی کہ اب تک ہوتی آئی ہیں۔ لیکن صدی بہرحال صدی ہوتی ہے۔ اس لئے سوچا جا رہا ہے کہ اس کا استقبال کس طرح کیا جائے۔ ہینڈ بجا کر یا بغلیں بجا کر.....فضا میں فاختائیں اڑائی جائیں یا زمین پر ایک آدھ خوبصورت بم چھوڑا جائے۔ ویسے چھوٹے موٹے پیمانے پر کیمیکل اشیاء بنانے والے کارخانوں سے گیس کا اخراج بھی عمل میں لایا جاتا ہے کیوں کہ اس گیس کو بھی مفاد عامہ کے لئے استعمال کئے جانے کا رواج مقبول ہو رہا ہے اور لوگ ہنسی خوشی اس پر دل و جان سے فدا ہو رہے ہیں۔ (سرکاری اعداد پر بھی بھروسہ کیا جائے تو تعداد اچھی خاصی معلوم ہوتی ہے)
(مضمون ’’وہ آ رہی ہے ‘‘ مشمولہ شگوفہ جنوری ۸۶ء)
اکیسویں صدی پر بات کرتے کرتے یوسف ناظم کے ذہن پر بھوپال گیس اوراس کے بعد مختلف سانحات چھا جاتے ہیں اور ان کے مزاج میں کرب جھلکنے لگتا ہے۔ اسی لئے تومیں نے کہا تھا کہ یوسف ناظم رونے اور رلانے کے فن سے اچھی طرح واقف ہیں ......خدا کرے کہ ان کے فن میں ان کے اسلوم میں ان کے انداز تحریر میں اسی طرح سورج اگتے رہیں ........روشنی اور تمازت سے بھرپور سورج..........!!!
-------------------------٭٭-------------------------