۱۸۹۳ء میں حالی نے اپنا دیوان شائع کیا تو اس پر ایک جامع مقدمہ بھی تحریر کیا۔ جس میں انہوں نے اردو شاعری کے معیار کو بلند کرنے کی طرف توجہ دلائی اور شعر کی اعلیٰ سطحوں کی نشاندہی کی۔ انھوں نے اس دور کی اردو شاعری پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ان غیر اخلاقی عناصر کی شدت سے مذمت کی۔ جن سے قدماء کی شاعری بھری پڑی تھی۔ انھوں نے اردو شاعری کو قومی اصلاح کے لئے ایک ذریعہ قرار دینے کی کوشش کی اور اس طرف دوسروں کو بھی راغب کیا کہ شعر اگرسچائی اور اخلاقی اقدار سے محروم ہو تو وہ معاشرے کے لئے سخت نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔ یہ مقدمہ جو بعد میں ’’مقدمہ شعر و شاعری ‘‘ کے نام سے مشہور ہوا اردو ادب میں اپنی نوعیت کی پہلی آواز تھی اور ساتھ ہی ساتھ اردو ادب میں با ضابطہ تنقید کا پہلا لائحہ عمل۔ حالی مغربی تنقید سے پوری طرح واقف تو نہ تھے اور انھوں نے مغربی تنقید کا راست مطالعہ بھی نہیں کیا تھا۔ لیکن مختلف ذرائع سے ان تک جو افکار پہنچے۔ ان پر حالی نے اردو شاعری کے پش منظر میں غور کیا اور ایسی راہیں متعین کیں جو اردو کے لئے بالکل نئی تھیں۔
مقدمہ شعر و شاعری میں حالی نے کہا ہے کہ شاعری کے لئے موزونیِ طبع ضروری ہے جو ایک خداداد بات ہے۔ شاعری زوال پذیر معاشرے کی دین ہوتی ہے اور شعر جس قدر جہل و تاریکی کے زمانے میں ظہور کرتا ہے اسی قدر زیادہ رونق پاتا ہے۔ انہوں نے اس بات زور دیا کہ شعرسے بہت سارے اسیسے کام لئے جا سکتے ہیں جو عام لوگوں کے بس کے نہیں ہوتے۔ غیرت انگیز اشعار قوموں کے مزاج کو بدل دیتے ہیں اور انھیں مفتوح سے فاتح بنا دیتے ہیں۔ حالی کہتے ہیں کہ شاعری سماج کے تابع ہوتی ہے اور جیسے جیسے خیالات سماجی عادتیں اور مذاق بدلتا ہے ویسے ویسے شاعری بھی بدلتی جاتی ہے ..... کبھی ہجو گوئی تو کبھی مدح اور کبھی مبالغہ، یہ چند چیزیں اردو شاعری میں بہت زیادہ مقبول رہی ہیں لیکن یہ ساری چیزیں سماج کو نقصان پہنچانے کا باعث بھی بنتی ہیں اس لئے کہ عوام جھوٹ مبالغہ اور بے سروپا باتوں سے مانوس ہو جاتے ہیں جس کے نتیجے میں سوسائٹی کے مذاق میں زہر گھلتا جاتا ہے اور حقائق سے دور ہونے کی وجہ سے قومی اخلاق کو گھن لگ جاتا ہے۔
شاعری کے لئے قوت متخیلہ کو اہمیت دیتے ہوئے حالی نے بتایا کہ یہ وہ طاقت ہے جو شاعر کو زمانے اور وقت کی قید سے آزاد کر دیتی ہے اور اس قوت کی بدولت وہ ایک لفظ سے مفہوم کا ایک بڑا خزانہ پیدا کر دیتا ہے۔ دوسری بات جو حالی نے شاعروں کے لئے ضروری قرار دی، وہ کائنات کا مطالعہ ہے۔ جو باتیں مشاہدے میں آئیں ان پر غور و فکر میں مشق و مہارت سے ایسی طاقت پیدا کرنا ضروری ہے جن سے صلاحیتوں میں اضافہ ہو۔ تیسری شرط انھوں نے تفحص الفاظ کی رکھی۔ یعنی ایسے الفاظ استعمال کئے جائیں جو موقع اور محل کے اعتبار سے اپنا صحیح مفہوم ادا کریں اور سمجھنے میں دشواری نہ ہو۔ شعر کی خوبیوں میں حالی نے سادگی، اصلیت اور جوش کو ضروری قرار دیا سادگی سے ان کی مراد یہ تھی کہ خیال بلند ہونے کے باوجود اظہار پیچیدہ نہ ہو۔ اور جو الفاظ استعمال کئے جائیں وہ روزمرہ کی بول چال سے قریب ہوں۔ اصلیت سے ان کا مفہوم یہ تھا کہ شعر میں راستی کی جھلک ہو، مبالغہ و مباہات سے کریز کیا جائے۔ جوش کا مطلب ان کے نزدیک یہ تھا کہ نرم و ملائم اور دھیمے الفاظ اور بے ساختہ پیرایہ اختیار کیا جائے۔ حالی نے شعر میں جذبہ کی اہمیت و افادیت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ شدت تاثر شاعر کے لئے ضروری ہے۔ اور وہ اس وقت ممکن نہیں جب تک حسن خیر اور صداقت کو صحیح انداز سے شاعری کا جزو نہ بنایا جائے۔ انہوں نے غزل کے عشقیہ مضامین سے انحراف تو نہیں کیا لیکن ان کا خیال ہے کہ ان مضامین کو اس طرح پیش کیا جائے کہ ان سے محبت، دوستی، اخلاص اور روحانی اقدار کی توسیع ہو سکے۔
مقدمہ شعر و شاعری کے دو حصے ہیں۔ مقدمہ شعر و شاعری کے پہلے حصے میں حالی نے تنقیدی اصول پیش کئے اور دوسرحصے میں انھوں نے ان ہی اصولوں کی روشنی میں مثنوی، قصیدہ، مرثیہ اور دوسری اصناف کا جائزہ لیا۔ غزل کے بارے میں حالی کا خیال ہے کہ غزل صرف عشق اور ہوس آمیز جذبات کے لئے نہیں ہے۔ غیرمانوس الفاظ اور ثقیل تراکیب بھی خیالات کو عمدگی سے ادا کرنے میں مانع ہوتی ہیں۔ قصیدے کے لئے وہ کہتے ہیں کہ اس کی بنیادی تقلید ی مضامین کی بجائے سچے جوش اور ولولے پر ہونی چاہئے۔ مدح میں بھی یہ ضروری ہوتا ہے کہ ممدوح کی خوبیوں کو اس طرح پیش کیا جائے وہ آنے والی نسلوں کے لئے ایک مثال ثابت ہو سکے۔ مرثیہ کے بارے میں حالی کا کہنا یہ تھا کہ اسے بھی اخلاقی نقطۂ نظرسے دیکھنے کی ضرورت ہے ..... مرثیہ کا مقصد صرف رونے رلانے کی بجائے صبر، استقلال، شجاعت، ہمدردی، وفاداری، غیرت، حمیت وغیرہ کا اظہار ہونا چاہئے۔ مثنوی کے لئے وہ کہتے ہیں کہ مطلب صفائی سے ادا ہو۔ ہر بیت دوسری بیت سے اور ہر معرکہ دوسرے معرکے سے پیوست ہو ...... اس کی بنیاد ناممکن اور فوق العادت باتوں پر نہ ہو۔ مبالغہ سے گریز کیا جائے ، کلام کو مقتضائے حال کے مطابق رکھتی ہوں۔ اس بات کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے کہ ایک بیان کی دوسرے بیان سے تکذیب نہ ہو۔ اس کے علاوہ جن اہم اور ضروری باتوں پر قصے کی بنیاد رکھی گئی ہو ان کا وضاحت کے ساتھ بیان کرنا ضروری ہے۔ جبکہ ضمنی باتوں کو رمزو کنایہ میں کہا جا سکتا ہے۔ حالی نے مقدمہ شعر و شاعری میں اردو شاعری پر عملی تنقید کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ایک مکمل اور منظم نظریۂ تنقید پیش کیا۔ اس سے قبل اردو کی تنقید کی راہیں متعین نہ تھیں۔ تذکروں میں جو تنقید ملتی ہے اس کا انحصار شخصی پسند وناپسند پر ہے۔ تذکرہ نگار زبان و بیان کی نزاکتوں پر زور دیتے تھے۔ حالی نے تنقیدی نظریات پیش کرتے ہوئے شاعری کو انسانی زندگی کی بلند اقدار سے اہم آہنگ کرنے پر زور دیا۔
حالی نے جب ان خیالات کو پیش کیا تو اس کے پیچھے ملک اور قوم کے لئے دل سوزی کا جذبہ تھا جو یقیناً قابل تعریف ہے۔ حالی کے افکار نے اردو شاعروں پر بڑا اثر ڈالا...... اور لوگ یہ سمجھنے لگے کہ شعر کو مخرب اخلاق نہیں ہونا چاہئے اور شاعری کو با مقصد ہونا چاہئے۔ شاعری کے ذریعے قومی زندگی کی تعمیر ہونی چاہئے اور اخلاقی تربیت میں بھی اس کو اہم کردار کرنا چاہئے۔ لیکن اس کا نتیجہ یہ بھی ہوا کہ قدیم شعری کارناموں کے ایک بڑے حصے کو صرف فنی کمالات کا مظہر سمجھ کر انہیں رد کر دیا گیا۔ یہاں تک کہ ایک گروہ ایسا پیدا ہوا جس نے شاعری اور خصوصاً غزل کو نیم وحشی صنف سخن کا نام دیا۔ یہ بھی بھلا دیا گیا کہ قدیم ادب میں بھی شعور کی بالیدگی اور فکر کی نمو کیلئے کافی سامان موجود ہیں اور نئے ادبی تجربوں کی طرف قدم اٹھانے کے لئے یہ ضروری ہے کہ ہماری شعری روایات اور ان کی صداقتوں پر غور کیا جائے۔
---------------------٭٭---------------------