محمد تغلق نے دہلی سے دولت آباد پایہ تخت کی منتقلی کا فیصلہ کیا تھا تو شاید اسے یہ اندازہ ہو گیا تھا کہ یہ خطۂ زمین مردم خیز بھی ہے اور علم و ادب کی آبیاری کے لئے موزوں بھی .... اس عہد سے لے کرآج تک اور رنگ آباد اردو کا گہوارہ رہا ہے اور یہاں کی خاک سے ایسی ایسی نامی گرامی ہستیاں اٹھیں جن پر اردو زبان کو ناز ہے۔ ایسی ہی ایک شخصیت مولوی شیخ چاند کی ہے۔ اورنگ آباد کے قریب ایک قصبہ ہے جس کا نام پٹن۔ یہیں کے ایک کاشتکار گھرانے میں شیخ چاند ۱۵ اپریل ۱۹۰۵ء کو پیدا ہوئے۔ چونکہ پٹن میں صرف مڈل تک تعلیم کا انتظام تھا۔ اس لئے مڈل کے بعد شیخ چاند مزید تعلیم کے لئے اورنگ آباد آ گئے اور۱۹۲۳ء میں انہوں نے میٹرک کامیاب کیا۔ اورنگ آباد میں بھی صرف میٹرک تک ہی سہولت تھی۔ چنانچہ حصول علم کی خواہش انہیں کشاں کشاں حیدر آباد لے آئی جہاں انہوں نے انٹرمیڈیٹ میں داخلہ لیا۔
یہ وہ زمانہ ہے جب حکومت آصفیہ تعلیم کو عام کرنے کے لئے نئے نئے کالج قائم کر رہی تھی۔ اورنگ آباد میں اسی سال انٹرمیڈیٹ کا کالج قائم کیا گیا تھا۔ شیخ چاند کو اس کا علم ہوا تو وہ حیدر آباد سے پھر اورنگ آباد منتقل ہو گئے اور ۱۹۲۵ء میں ایف اے (انٹرمیڈیٹ ) کامیاب کیا۔ لیکن بہرحال انہیں حیدر آباد آنا ہی تھا کیوں کہ اس کے آگے تعلیم کی سہولت صرف حیدر آباد میں تھی۔ ۱۹۲۸ء میں شیخ چاند نے عثمانیہ یونیورسٹی سے بی اے کرنے کے بعد ۱۹۳۰ء میں اردو سے ایم اے کیا۔ دیہی معاشرے میں سب سے اہم تعلیم وکالت کی مانی جاتی تھی اور وکیل کو بڑی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ شیخ چاند نے سوچا کہ وہ ایل ایل بی کا امتحان پاس کر لیں۔ ۱۹۳۲ء میں انہوں نے پریویس کامیاب کیا اور پھر مجلس تحقیقات علمیہ سے وابستہ ہوئے جہاں مولوی عبدالحق اردو تحقیق کے نئے باب وا کرنے میں ہمہ تن مصروف تھے۔
مولوی عبدالحق سے شیخ چاند کی ملاقات بہت پہلے ہو چکی تھی۔ اورنگ آباد میں انٹرمیڈیٹ کرنے کے دوران وہ مولوی صاحب سے قریب آ چکے تھے۔ حیدر آباد آئے تو مولوی صاحب سے اور بھی قربت بڑھی۔ چنانچہ رسالہ اردو میں شیخ چاند کے مضامین اور تبصرے شائع ہونے لگے۔ ان تبصروں نے ساری اردو دنیا کو اپنی طرف متوجہ کر لیا۔ اگر چہ ان کا انداز قدرے جارحانہ تھا لیکن خود مولوی صاحب ذاتی طور پر اس انداز تحریر کو پسندکرتے تھے اور اس بات کا امکان ہے کہ یہ انداز تحریر مولوی صاحب کی ایماء پر ہی اپنایا گیا تھا۔ مگر سخت تنقیدی طرز نگارش کے باوجود شیخ چاند کی نکتہ سنجیاور تحقیقی بصیرت کی وجہ سے ان کی تحریروں میں علمی وقار موجود تھا اور شیخ چاند کی عمیق نگاہی کی وجہ سے ہی مولوی صاحب انہیں بے حد عزیز رکھتے تھے۔
’’مجلس تحقیقات علمیہ‘‘ عثمانیہ یونیورسٹی کا ہی ایک ادارہ تھاجس کا مقصد یہ تھا کہ موزوں اور لائق طلباء سے تحقیقی کام کروایا جائے ، طلباء کو ایم اے کے بعد یہاں تحقیقی کام پر معمور کیا جاتا تھا اور انہیں وظائف دیئے جاتے تھے۔ اس زمانے میں عثمانیہ یونیورسٹی میں اردو میں پی ایچ ڈی کی ڈگری نہیں دی جاتی تھی..... لیکن مجلس علمیہ کے تحت تحقیقی کام کرنے کا طریقہ کار وہی تھا جو پی ایچ ڈی کا ہو سکتا ہے۔ یہاں تک کہ کام کے محاسبہ کے لئے پی ایچ ڈی کی طرح ممتحن سے رائے طلب کی جاتی تھی۔ مولوی صاحب شیخ چاند کی صلاحیتوں سے واقف تھے اسی لئے انہیں وہاں وظیفہ دے کر تحقیقی کام پر مامور کیا۔ یہیں شیخ چاند نے اپنا اہم مقالہ ’’سودا‘‘ لکھا جو ان کی موت کے بعد ۱۹۳۷ء میں انجمن ترقی اردو اور نگ آباد سے شائع ہوا۔
’’سودا‘‘ شیخ چاند کا وہ معرکۃ الآرا تحقیقی مقالہ ہے جس کی وجہ سے ان کی شہرت میں اضافہ ہوا۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ یہ مقالہ ایم اے کے لئے لکھا گیا تھا جو درست نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ایم اے کے بعد شیخ چاند نے یہ مقالہ مجلس علمیہ کے تحت مولوی عبدالحق کی نگرانی میں تحریر کیا تھا۔ خود مولوی صاحب کو بھی اس مقالے پر ناز تھا اور اس مقالے کی وجہ سے شیخ چاند پر بھی انہیں ناز تھا۔ لیکن بہت کم لوگ اس بات سے واقف ہیں کہ جب یہ مقالہ لکھا جا رہا تھا اس وقت شیخ چاند سخت بیمار تھے اور جگر کے عارضے میں مبتلا ہونے کی وجہ سے فریش تھے۔ مقالے کے لئے اگر چہ سارا مواد اکٹھا کیا جا چکا تھا لیکن شیخ چاند اپنی صحت کی وجہ سے ترتیب دے کر تحریری صورت دینے سے قاصر تھے۔ مولوی صاحب کی پریشانی یہ تھی کہ حکومت نے وظیفہ دے کر شیخ چاند کو تحقیقی کام کے لئے مقرر کیا تھا۔ دوسال کی مدت گزری تھی اور اگر کام مکمل نہ ہوتا تو اس میں مولوی صاحب کی سبکی تھی۔ اسی لئے وہ شیخ چاند پر سختی کرتے رہے کہ مقالہ جلد از جلد مکمل ہو جائے۔ مجبوراً شیخ چاند کو اپنے ایک دوست غلام محمد طیب سے مدد لینی پڑی۔ اور اپنی شدید علالت کے باوجود شیخ چاند بستر پر لیٹے لیٹے غلام محمد طیب کو مقالہ تحریر کرواتے رہے اور اس طرح دو مہینے میں اس مقالے کی صورت گری ممکن ہو سکی۔ اس مقالے کیلئے مولوی صاحب نے شیخ چاند کا نام اسی وقت سوچ لیا تھا جب وہ ایم اے کے طالب علم تھے۔ شیخ چاند نے مولوی صاحب کی سفارشی رپورٹ سے چند سطریں ’’سودا‘‘ کے دیباچے میں درج کی ہیں۔
’’شیخ چاند صاحب کو میں نے (منتخب کر کے ) ان کے مقالے کے لئے سودا کا کلام تجویز کیا ہے۔ ایم اے میں جتنے طالب علم ہیں ان سب میں شیخ چاند صاحب اس کام کے لئے نہایت موزوں ہیں۔ سودا کے کلام کے متعلق اب تک کوئی مقالہ یا کتاب تحقیق و تنقید کے اعتبار سے نہیں لکھی گئی۔ یہ کام اگر دوسال میں پورا ہو گیا تو بہت قابل قدر ہو گا۔ شیخ چاند صاحب یہ کام میری نگرانی میں کریں گے۔ اور مجھے یقین ہے کہ وہ بہت جلد اور سلیقے سے انجام دیں گے۔ کیونکہ ادب سے ان کو خاص ذوق ہے اور تنقید کی اور تحقیق کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔‘‘
مولوی صاحب کی امیدوں کو شیخ چاند نے بھرپور انداز میں پورا کیا۔ اپنی شدید علالت کے باوجود انہوں نے اس مقالے میں داد تحقیق دی۔ اس کے بارے میں اس مقالے کے ممتحن مولوی حبیب الرحمن شیروانی کی رائے درج ذیل ہے۔
’’پورے مقالے کے مطالعے کے بعد میری یہ پختہ رائے ہے کہ شیخ چاند صاحب مقالہ نگار نے فراہمی مواد، مطالعہ، بحث ترتیب اور بیان مطالب میں پوری کاوش اور محنت کی ہے۔ اس طرح پوری تیاری کے بعد مقالہ لکھا ہے۔ اظہار رائے میں تحقیق و آزادی دونوں سے کام لیا ہے۔ ان کی رائے صاف ظاہر کرتی ہے کہ ان کا ذوق ادبی عمیق اور سلیم ہے۔ فہرست مطالب شاہد و عادل ہے کہ مقالہ نگار نے اپنے مضمون کے تمام پہلو بحث کے وقت پیش نظر رکھے ہیں۔ مقالے کے مطالعے نے برابر اس خیال کی تائید کی جو ابتدائی فہرست مطالب دیکھنے سے وسعت بحث کی بابت قائم ہوا تھا۔ یہ مقالہ اس قابل ہے کہ جامعہ عثمانیہ کو مبارکباد دی جائے کہ اس کی معارف پروری اور تربیت سے ایسا تحقیق پسند مقالہ نگار پیدا ہوا ہے۔ میں اپنی محدود واقفیت کے بنا پر یہ کہنے کی جرأت کر سکتا ہوں کہ پی ایچ ڈی کی ڈگری پانے والوں میں بھی کمتر ایسا مقالہ لکھنے پر قادر ہو سکے ہوں گے۔‘‘
مولوی حبیب الرحمن شیروانی کی اس رائے سے شاید ہی کو ئی اختلاف کر سکے۔ لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اس کا شہرا مولوی عبدالحق کے سر جاتا ہے جنہوں نے ایسے مقالے نگار کی تربیت کی اور اس سے کام لیا۔
شیخ چاند کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ پہلے طالب علم ہیں جنھوں نے مولوی عبدالحق کی نگرانی میں تحقیقی مقالہ لکھا۔ اور ساتھ ہی ساتھ یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ جامعہ عثمانیہ کے پہلے اردو ریسرچ اسکالر تھے۔ مقالے کی تکمیل کے چند ماہ بعد ہی مولوی سید سجاد کی جگہ عارضی طور پر پڑھانے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ جس کے بارے میں خود مولوی صاحب کا ارشاد ہے کہ یہ اپنے لکچر بڑی محنت اور تحقیق سے تیار کرتے تھے۔ مولوی صاحب کو یہ اندازہ تھا کہ معاشی فراغت تحقیقی کام کے لئے کتنی ضروری ہے۔ اسی لئے وہ شیخ چاند کی ملازمت کے لئے متفکر رہا کرتے تھے۔ نواب ذوالقدر جنگ کے نام ایک خط میں وہ شیخ چاند کی سفارش کرتے ہوئے تحریر فرماتے ہیں۔
’’عالی جناب نواب ذوالقدر جنگ بہادر معتمد عدالت و کوتوالی و تعلیمات و امور عامہ سرکارعالی میں جناب کی توجہ اپنے لائق شاگرد اور جامعہ عثمانیہ کے نہایت قابل و تعلیم یافتہ نوجوان شیخ چاند صاحب ایم اے ایل ایل بی سابق ریسرچ اسکالر عثمانیہ کی طرف مبذول کروانا چاہتا ہوں۔
شیخ چاند صاحب اصلی اور ٹھیٹ ملکی اور قصبہ پٹن (ضلع اورنگ آباد) کے قدیم باشندے ہیں، انہوں نے انٹرمیڈیٹ تک اورنگ آباد میں تعلیم پائی۔ بی اے ، ایم اے اور ایل ایل بھی کے امتحانات میں جامعہ عثمانیہ سے کامیابی حاصل کی۔ چونکہ ایم اے میں خاص امتیاز کے ساتھ کامیاب ہوئے تھے اس لئے ان کا انتخاب ریسرچ میں ادبی تحقیق کا کام کیا۔ اس دوسال میں انھیں ۴۵ روپیہ ماہانہ سرکاری وظیفہ ملتا رہا۔ ان کا تحقیقی مقالہ ’’سودا‘‘ کی حیات اور کلام پر تھا۔ یہ مقالہ اظہار رائے کے لئے ریسرچ بورڈ کی جانب سے نواب صدر یار جنگ مولانا حبیب الرحمن شیروانی کی خدمت میں بھیجا گیا انہوں نے مطالعہ کے بعد اس کے متعلق اعلیٰ درجہ کی رائے ظاہر کی اور در حقیقت یہ مقالہ ادبی تحقیق کے لحاظ سے خاص حیثیت رکھتا ہے۔ اس میں مؤلف نے سودا کی زندگی اور ان کے کام کے متعلق بعض جدید تحقیقات کی ہیں اور بعض ایسی غلط فہمیوں کا ازالہ کیا ہے جو اب تک اردو ادب کی تاریخ میں ہوتی چلی آ رہی تھیں۔
میں با وثوق کہہ سکتا ہوں کہ جامعہ عثمانیہ کے جن طلباء اور پروفیسروں نے السنہ مشرقیہ میں یوروپ سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کیں اگر ان کے مقالوں کا اس سے مقابلہ کیا جائے تو اس مقابلے میں یہ کسی طرح کم نہ پایا جائے گا۔ بلکہ اکثر سے افضل نکلے گا۔ یہ مقالہ یونیورسٹی کی طرف سے زیر طبع ہے۔ اس کے علاوہ انھوں نے دو اور کتابیں بھی تالیف کی ہیں۔ ایک ملک عنبر پر جس میں اس کی حیات اور اس کے ملکی و مالی انتظامات و اصلاحات وغیرہ کے حالات بڑی محنت اور تحقیق سے لکھے ہیں۔ اس پر بعض اہل الرائے نے بڑی اچھی رائیں ظاہر کی ہیں۔ دوسری کتاب مرہٹی کے بہت مشہور شاعر ایک ناتھ پر ہے جو اردو میں بالکل نئی چیز ہے اور یہ متواتر پانچ سال سے میرے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ اور انگریزی اردو لغات جو زیر طبع ہے اور اردو زبان کی لغات جو زیر تر ریب ہے ان دونوں کی ترتیب میں انہوں نے بڑے شوق اور محنت سے کام کیا ہے۔ نیز انجمن ترقی اردو کی تالیفات میں مجھے ان سے بہت مدد ملی ہے۔ ان کا تجربہ کسی طرح ایک تجربہ کار پروفیسرسے کم نہیں۔ رسالہ اردو میں ان کے بعض محققانہ مضامین شائع ہوئے ہیں جو عام طور پر بہت پسند کئے گئے۔ ۱۹۳۰ء کی آل انڈیا اورینٹل کانفرنس میں جس کا انعقاد بڑودہ میں ہوا انہوں نے ایک تحقیقی مقالہ پڑھا جو کانفرنس کی رپورٹ میں شائع کیا گیا۔ طالب علمی کے زمانے سے ان میں ادبی ذوق پایا جاتا ہے۔ چنانچہ جب وہ ایم اے کے طالب علم تھے تو مجلہ عثمانیہ کی ایڈیٹری پر ان کا انتخاب کیا گیا۔ اس زمانے میں وہ منصرمانہ طور پر سید سجاد صاحب کی جگہ کام کر رہے ہیں۔ اور مجھے یہ معلوم کر کے بہت ہی خوشی ہوئی کہ وہ اپنے لکچر بڑی محنت اور تحقیق سے تیار کرتے ہیں۔
ان حالات سے ظاہر ہے کہ شیخ چاند کی حیثیت ایک نا تجربہ کار تعلیم یافتہ کی نہیں بلکہ وہ مسلسل چھ سال سے قابل قدر ادبی اور علمی کام کر رہے ہیں۔ میں انہیں اپنے سے کبھی جدا نہ کرتا لیکن کچھ ماہ بعد ان کی عمر تیس سال ہو جائے گی اور پھر ان کا سرکاری ملازمت میں داخل ہونا دشوار ہو جائیگا۔ اس لئے میری التماس ہے کہ عالی جانب از راہ قدردانی } میرا یہ عریضہ......{ جناب ناظم صاحب تعلیمات میں (جس کے لئے یہ خاص طور پر موزوں ہیں ) یاکسی ایسی خدمت پر کریں جس کا مشاہرہ کم سے کم دو سو روپیہ ہو۔ اگرچہ میری رائے میں بلحاظ اپنی قابلیت اس سے زیادہ کے مستحق ہیں۔
(عبدالحق)
اس طویل خط سے یہ محسوس کیا جا سکتا ہے کہ مولوی عبدالحق اپنے لائق شاگرد کے بڑے مداح اور ان کی ملازمت کے لئے متفکر تھے۔ ظاہر ہے اس کے پیچھے ایک ہی جذبہ تھا اور وہ تھا اردو ادب کی خدمت۔ اس لئے وہ یہ نہیں چاہتے تھے کہ شیخ چاند ان سے جدا ہوں لیکن اس کے لئے وہ شیخ چاند کے مستقبل کو برباد ہوتے نہیں دیکھ سکتے تھے۔ کیونکہ عمر کی وجہ سے ان کو سرکاری ملازمت ملنے کے امکانات موہوم ہو سکتے تھے۔ اسی لئے وہ چاہتے تھے کہ شیخ چاند پہلے معاشی فراغت پالیں تاکہ تن من سے اپنے تصنیفی و تالیفی مشاغل جاری رکھ سکیں۔ مولوی صاحب کا مندرجہ بالا خط خاصا طویل ہے لیکن جس تفصیل سے انھوں نے شیخ چاند اور ان کے علمی اکتسابات کے بارے میں تحریر کیا ہے اس سے مولوی صاحب کے تعلق خاطر کا اندازہ کیا جا سکتا ہے۔ پھر ان کا آخری جملہ کہ ’’مشاہرہ کم سے کم دوسوروپیہ ہو اگر چہ میری رائے میں وہ بلحاظ اپنی قابلیت کے اس سے زیادہ کے مستحق ہیں۔ اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ علمی اعتبار سے مولوی صاحب شیخ چاند کے بے حد قائل تھے۔ انھیں اندازہ تھا کہ اس خاکستر میں کیسی چنگاریاں ہیں اور اگر شیخ چاند کو معاشی فراغت نصیب ہو جائے تو وہ اور بھی بہت کچھ کر سکتے ہیں۔ دراصل شیخ چاند کا مزاج تحقیقی تھا اور مولوی صاحب ان میں کچھ اپنی ہی سی صفات پاتے تھے۔ اس لئے وہ یہ بھی چاہتے تھے کہ شیخ چاند کو ایسی جگی ملازمت مل جائے جس کی وجہ سے وہ مولوی صاحب کے قریب رہ سکیں۔ محکمہ تعلیمات کے ناظم کو سفارشی کلمات لکھنے کے لئے انہوں نے نواب ذوالقدر جنگ سے درخواست کی تھی جو تعلیمات کے علاوہ کئی اور محکموں کی باگ ڈور سنبھالے ہوئے تھے۔ جس سے ان کے اثرو رسوخ کا اندازہ ہو سکتا ہے۔ پھر بھی مولوی صاحب کی تشفی نہیں ہوئی۔ چند روز کے وقفہ سے انھوں نے پھر ایک خط ناظم تعلیمات خان فضل محمد کے نام لکھا۔ وہ تحریر فرماتے ہیں۔
جناب مخدوم بندہ تسلیم۔
تیر کے مہینے میں آپ کے سر رشتہ میں بہت کچھ رد و بدل ہو گا۔ اس میں شیخ چاند کا ضرور خیال رکھئے گا۔ اگر کوئی صورت نکل آئے کہ ان کا تقرر بلدیہ حیدر آباد یا اورنگ آباد میں ہو سکے تو میں نہایت ممنون ہوں گا۔ کیونکہ ایسی حالت میں وہ میرا بھی تھوڑا بہت کام کرتے رہیں گے اور مجھے اپنے کام میں سہولت ہو جائے گی۔
نیاز مند
عبدالحق
۳۰ اپریل ۳۶ء
اور اس طرح شیخ چاند اورنگ آباد کے انٹرمیڈیٹ کالج میں مستقل طور پر ملازم ہو گئے۔ تیر یعنی مئی کے مہینے میں گرمی کی چھٹیاں ہوا کرتی تھیں۔ جون میں جب کالج کھلا تو شیخ چاند وہاں رجوع ہو گئے۔ لیکن قدرت کا کچھ اور ہی منظور تھا صرف چھ ماہ بعد چار جنوری ۳۷ء کو ۳۲ برس کی عمر میں جالنہ کے ایک مشن ہسپتال میں ان کا انتقال ہو گیا اس طرح دنیا ایک بالغ نظر محقق سے محروم ہو گئی۔
مولوی صاحب سے شیخ چاند کی قربت کی وجہ ان ک شوق مطالعہ اور انہماک تھا۔ ان کے قریبی دوست صدیق احمد مرحوم لکھتے ہیں کہ کم عمری کے باوجود شیخ چاند نے محض اپنے شوق مطالعہ کی وجہ سے مولوی صاحب سے قربت حاصل کی تھی۔ جوہرشناسی مولوی صاحب کا خاص وصف تھا اور انہوں نے شیخ چاند میں وہ گوہر آب دار تلاش کر لیا تھا۔ جو خال خال ہی پایا جاتا ہے صدیق احمد صاحب نے ایک دفعہ کا ذکر کیا ہے جب مولوی عبدالحق اور شیخ چاند گہرے انہماک کے عالم کسی کتاب کا مطالعہ کر رہے تھے وہ لکھتے ہیں :۔
’’خانہ باغ سے گزر کر میں برآمدے میں پہنچا تو ایک مسہری پر مولوی عبدالحق قبلہ لیٹے ہوئے تھے۔ سامنے ایک پرانی کتاب کھلی پڑی تھی۔ ایک ہاتھ میں پنسل کا ٹکڑا تھا اور دوسرے ہاتھ میں حقہ کی نالی تھی۔ ایک کونے پر شیخ چاند مرحوم بیٹھے ہوئے تھے سامنے میز پر چند کتابیں کھلی پڑی ہوئی تھیں۔ میں کوئی پندرہ منٹ کھڑا رہا مگر کسی نے بھی میری طرف نہ دیکھا۔ میں بھی باہر آ گیا۔ بڑی دیر تک انتظار کرتا رہا کہ شاید ان میں سے کوئی اپنی ضرورت سے باہر آئے مگر کامیابی نہیں ہوئی۔ پھر ہمت کر کے اندر گیا شیخ چاند مرحوم نے مجھے دیکھا، قریب بلایا اور ہم دونوں بازو کے کمرے میں چلے گئے.........‘‘
پرانی کتاب سے صدیق احمد مرحوم کی مراد قدیم مخطوطہ ہے۔ اور تحقیق کے بحر ذخار میں غواصی کرنے والے اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ جب کوئی مخطوطہ سامنے ہو تو محقق کے انہماک کا کیا عالم ہوتا ہے۔ شیخ چاند کا ایک اور اہم کارنامہ مولوی صاحب کے تحریر کردہ شخصی خاکوں کو جمع کرنا ہے۔ مولوی صاحب کی مشہور کتاب ’’چند ہم عصر‘‘ ہرگز وجود میں نہ آتی اگر شیخ چاند نے ان سارے مضامین کو اکٹھا کر کے کتابی صورت نہ دی ہوتی۔ انہوں نے ان کو ترتیب دے کر فہرست بھی تیار کر دی تھی۔ اور مولوی عبدالحق سے فرمائش کی تھی کہ کچھ اور مشاہیر پر مضامین لکھیں تاکہ اس کتاب میں شامل کیا جا سکے۔ لیکن مولوی صاحب کی مصروفیت نے انہیں فرصت نہ دی کہ مزید مضامین لکھے جا سکیں۔ یہاں تک کہ شیخ چاند چل بسے۔ مگر مولوی صاحب نے ان مضامین کو شائع کیا اور اپنے مرحوم شاگرد کی ترتیب کو بھی جوں کا توں رکھا۔ ذیل میں وہ دیباچہ درج ہے جس کا عنوان ’’التماس‘‘ ہے اور جس کے اسلوب سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ مولوی صاحب کی تحریر ہے حالانکہ نام منیجر کا دیا گیا ہے۔
التماس
’’یہ مضامین مرحوم شیخ چاند ایم اے ایل ایل بی ریسرچ اسکالر جامعہ عثمانیہ نے مختلف رسالوں کتابوں اور تحریروں سے بڑی محنت اور تلاش کے بعد جمع کئے تھے۔ ان میں کچھ تحریریں تو ایسی ہیں جو بعض بزرگوں کی وفات پر لکھی گئی تھیں اور کچھ کتابوں کے تبصرے کے ضمن میں آ گئی تھیں۔ یہ سب مرحوم نے ایک جگہ جمع کر لی تھیں۔ مرحوم کی ایک اور فرمائش مولوی عبدالحق صاحب سے یہ تھی کہ سر سید احمد خاں نواب عمادالملک اور مولانا حالی پر بھی اس قسم کی تحریریں لکھ دیں۔ کیونکہ مولوی صاحب کے ان بزرگوں سے خاص تعلقات تھے۔ مولانا حالی پر تو ایک مضمون لکھ دیا۔ لیکن باقی دو مضمون لکھنے کی فرصت نہ ملی۔ اگر طبع ثانی کی نوبت آئی تو امید ہے کہ اس کی تکمیل ہو جائے گی۔ ایک خیال یہ بھی تھا کہ ہر تحریر کے ساتھ فوٹو بھی لگائے جائیں لیکن اس کا بھی موقع نہ مل سکا۔ اسے بھی آئندہ کے لئے اٹھا رکھا ہے۔ ان مضامین کی ترتیب بھی وہی رکھی گئی ہے جو مرحوم شیخ چاند نے رکھی تھی۔ افسوس وہ اسے اپنی زندگی میں طبع نہ کراسکے اور اس سے پہلے ہی چل بسے۔ اب جواں مرگ کی یاد میں یہ کتاب طبع کی جاتی ہے۔
منیجر
حیرت ناک بات یہ ہے کہ ’’چند ہم عصر‘‘ کے جو ایڈیشن بعد میں چھپے ان میں شیخ چاند کا تذکرہ تک نہیں ہے۔ اور نہ ہی مندرجہ بالا نوٹ ملتا ہے۔ جب کہ پہلے ایڈیشن کے سرورق پر شیخ چاند کا نام بحیثیت مرتب درج ہے۔ اس ضمن میں شیخ چاند کے ایک ہونہار شاگرد، ان کے مداح اور نامور محقق جناب اکبر الدین صدیقی نے راقم الحروف سے ایک مرتبہ بات چیت کے دوران بتایا کہ انجمن کے کارکنان میں کچھ ایسے بھی تھے جو شیخ چاند اور مولوی صاحب کی قربت سے حسد کرتے تھے۔ یہ ہو سکتا ہے کہ ان ہی لوگوں کی سازش کہ وجہ سے دیباچے کے اس صفحے کو اور سرورق سے شیخ چاند کے نام کو نکال دیا گیا ہو۔
جو کچھ بھی ہو ایک بات یقیناً یہ طے ہے کہ اگر شیخ چاند نے شخصی دلچسپی لے کر ان مضامین کو اکٹھا نہ کیا ہوتا اور ’’چند ہم عصر‘‘ کی صورت گری میں شیخ چاند کا خون جگر بھی شامل نہ ہوتا تو فن خاکہ نگاری کے ایک سنگ میل سے اردو دنیا واقف نہ ہوئی ہوتی۔
کتابیات:۔
۱۔ شیخ چاند حیات اور کارنامے۔ خسروجہاں (غیر مطبوعہ مقالہ برائے ایم فل)
۲۔ پنج سالہ تاریخ انجمن ترقی اردو۔ سید ہاشمی فرید آبادی
۳۔ سودا۔ شیخ چاند
۴۔ رسالہ اردو کے مختلف نمبر
۵۔ مجلہ عثمانیہ۔ جلد 1۔ شمارہ ۴
-------------------------٭٭-------------------------