شاعر اپنے عہد کا مؤرخ بھی ہے اور نقاد بھی۔ زمانے کے انقلاب کا پرتو شاعری ہر پڑنا ایک لازمی امر ہے کیونکہ ہر وہ چیز جو ذہن میں ارتعاش پیدا کرے فن کے پیکر میں ڈھل جاتی ہے۔ جناب امام الدین فدا کا بھی یہی معاملہ ہے۔ فدا صاحب کی زندگی مسلسل ہنگاموں سے عبارت ہے۔ انہوں نے ۷۰ گرم وسرد موسم جھیلے ہیں اور ان کی نگاہوں نے نہ صرف حیدر آباد کی سیاست کے بدلتے ہوئے روز شب دیکھے ہیں بلکہ سطح پر بھی رونما ہونے والے تغیرات سے وہ آشنا رہے ہیں۔
امام الدین فدا کے والد نظم جمعیت کے جمعدار تھے اور نانا تحصیل دار۔ اس لئے ان کا بچپن کافی آسائش میں گزرا۔ ان کی ابتدائی تعلیم ورنگل میں ہوئی اور پھر حیدر آباد منتقل ہو گئے اور جامعہ عثمانیہ میں تعلیم حاصل کی۔ جس دور میں امام الدین فدا کی ذہنی نشو ونما ہوئی وہ ۱۹۳۰ء سے لے کر ۱۹۴۵ء تک دور ہے۔ وہ دور ہے جب دوسری جنگ عظیم کے بھیانک اثرات ساری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لئے ہوئے تھے۔ اور ادھر ہندوستان میں سیاسی طور پر پختگی پیدا ہو چکی تھی، سیاسی جماعتیں طاقتور ہو رہی تھیں۔ مختلف تحریکیں اپنے عروج پر تھیں۔ لیکن حیدر آباد پر چونکہ شخصی حکومت تھی اس لئے یہاں ہندوستان بھرمیں موجود سیاسی بیداری کے اثرات پوری طرح پہنچ نہیں پائے۔ پھر بھی عثمانیہ یونیوسٹی کے فارغ التحصیل طلبا کی وجہ سے عوام میں بھی سوچنے کے ڈھنگ میں تبدیلی ہو رہی تھی۔ کیونکہ یہ نوجوان نی صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھرمیں ہونے والی تبدیلیوں سے بڑی حد تک آگاہ تھے ....... اور انھیں اس بات کا احساس تھا کہ بنیادی ضروریات کے اعتبارسے ریاست حیدر آباد کس قدر پس ماندہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ۱۹۳۰ء سے ۱۹۴۵ء تک تعلیم حاصل کرنے والا نوجوان ایک عجیب قسم کے تذبذب میں مبتلا تھا۔ اسے یہ سمجھ میں نہ آتا تھا کہ وہ پورے کے دائرے میں رہ کر مسائل پر غور کرے یا پھر اپنے آپ کو صرف حیدر آباد تک محدود کر لے۔ امام الدین فدا بھی شاید اسی طرح کے ایک نوجوان تھے۔ انھوں نے مسائل کو عوام تک پہنچانے کا ارادہ کیا اور سن ۱۹۴۶ء میں ماہنامہ ’’مضراب‘‘ جاری کیا۔ اسی سال انھوں نے بزم اقبال سجائی جس کے پہلے صدر نواب حسن یار جنگ تھے۔ وہ انجمن صحافت ریاست حیدر آباد سے بھی وابستہ رہے۔ اور ساتھ ہی حضرت علی اختر، مولانا ماہر القادری، عبد القیوم خان باقی، علامہ نجم آفندی اور شاہد صدیقی جیسے شعراء کے ساتھ بزم آرائیاں بھی ہوتی رہیں۔ ماہرالقادری سے فدا صاحب بہت قریب تھے چنانچہ ’’مضراب‘‘ کے لئے مولانا ماہر القادری نے یہ شعر عطا کیا تھا۔
لمس مضراب فقط خالق نغمہ ہی نہیں
لرزش تار سے ہوتا ہے شرر بھی پیدا
پھر فدا صاحب نے سقوط حیدر آباد کا عبرت ناک منظر دیکھا اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیاسی، سماجی، تہذیبی اور علمی افراتفری کے عینی شاہد بنے۔ ان حالات نے فدا صاحب کی شاعری میں ایک نشتریت پیدا کر دی۔ لیکن اس تلخی اور تندی میں ایک ٹھہراؤ تھا.....ایک بالغ نظری تھی..... روایت اور ترقی پسندانہ فکر دور کے اہم رجحانات تھے۔ فدا صاحب کی شاعری کی جڑیں روایت میں پیوست رہیں۔ وہ نئے زمانے کے تقاضوں کو محسوس کر رہے تھے۔ لیکن کبھی اپنے اشہب قلم کو بے قابو ہونے نہ دیا۔ ۱۹۷۵ء میں مرکزی اردو محاذ کی بنا ڈالی گئی۔ فدا صاحب اس کے پہلے نائب صدر تھے۔ حیدر آباد کی علمی سرگرمیوں میں اس محاذ نے خاطرخواہ اپنا کردار ادا کیا۔ مشاعرے ، انجمنیں، صحافت ان تمام میں فدا صاحب یکساں طور پر حسب مقدور شریک تھے۔ اس کے باوجود ان میں قدرے کم آمیزی رہی۔ وہ گروہی سیاست سے دور رہنا چاہتے تھے جبکہ حیدر آباد کے ادبی حلقے گروہی سیاست کا شکار تھے۔ اسی لئے انھوں نے اپنے آپ کو کچھ حد تک سیاست سے الگ رکھا۔
فدا صاحب سے میری ملاقات مرکزی ادبی محاذ کے قیام کے ضمن میں ہوئی تھی۔ مجھے اس بات کا اعزاز حاصل ہے کہ میں بھی اس انجمن کا تاسیسی رکن تھا۔ اس زمانے میں وہ وقف بورڈ سے وابستہ ہو گئے تھے۔ اردو محاذ کی کسی نشست کے بعد انھوں نے اس خیال کا اظہار کیا تھا کہ مجموعہ کلام کو مرتب کر کے شائع کرنا چاہئے .......اس سلسلے میں انھوں نے مجھ سے بھی تعاون کی خواہش کی تھی۔ لیکن حالات نے انھیں اس بات کی اجازت نہ دی کہ وہ اپنا مجموعہ شائع کرتے۔ ایک عرصے بعد جب زندگی کی شام کے سائے طویل ہوئے تو انہوں نے پھر سے مجموعہ کی اشاعت کے بارے میں سوچا ...... مولوی مظفر علی صاحب نے کتابت و طباعت کی ذمہ داری اپنے سرلی....... اور یوں ’’مضراب‘‘ کی صورت گری ممکن ہو سکی۔ ’’مضراب ‘‘ وہ شئے ہے جس سے تار چھیڑے جاتے ہیں۔ اسی بات کو ذہن میں رکھ کر فدا صاحب نے اپنے ماہنامے کا نام ’’مضراب‘‘ رکھا تھا۔ اور اس بات کی کوشش کی تھی کہ ادب، تہذیب اور سیاست کے تار چھیڑ کر زندگی کو نئے اور حسین نغموں سے آشنا کریں۔ امتداد زمانہ نے اس مضراب کو تو ختم کر دیا لیکن فدا صاحب کی روح میں پوشیدہ مضراب نے وقتاً فوقتاً زندگی کے تاروں میں جو ارتعاش پیدا کیا وہی ان کی شاعری کا محور بنا۔
’’مضراب‘‘سے فدا صاحب کو بے حد محبت تھی اسی کی بنا پر انہوں نے اپنے مجموعہ کلام کا نام بھی ’’مضرات‘‘ رکھا۔ فدا صاحب نے زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اپنی شاعری میں جگہ دی ہے۔ ان کے ہاں زندگی کا کرب بولتا ہوا نظر آتا ہے۔ لیکن چونکہ شاعری کی نغمگی اور روایت کی اعلیٰ قدروں سے ان کی گہری وابستگی تھی اس لئے ان کے فن میں وہ کھردرا پن پیدا نہ ہو سکا جو بعد میں آنے والے فنکاروں کے کلام جزو بنا۔ وہ نئے عہد، نئی مزاج کو محسوس کر رہے تھے۔ کہتے ہیں۔
خدا نئے ہیں، خدائی نئی، نئے جلوے
نئے حرم، نئے ایماں ، نئے صنم خانے
اور اس ’’نئے پن‘‘ کے نتیجے میں جو صورت حال پیدا ہوئی، اس کے بارے میں یوں اظہار خیال فرماتے ہیں۔
نہ مستیاں ہیں نہ کیف وسرور ہے ساقی
بھری بہار میں رسوا ہوئے ہیں میخانے
اور اسی غزل میں ایک شعر یہ بھی ہے۔
سفردراز ہے، زخموں سے چور چور حیات
غموں کی چھاؤں میں بیٹھے ہوئے ہیں سستانے
جمہوری نظام کا ایک تحفہ یہ بھی ہے کہ ہر شخص رہنما بننے کی سوچتا ہے۔ اور اس طرح گلی گلی میں قائدین کی ایک فوج تیار ہو جاتی ہے۔ اس صورت حال پر طنز کرتے ہوئے فدا صاحب کہتے ہیں۔
ہر گلی میں ہیں قیادت کے ابلتے چشمے
جس طرف دیکھئے جئے کار ہے کیا عرض کروں
خزاں بہار کا روپ دھارے چمن کو برباد کرنے کے درپے ہو جائے اور اس طرح عظمت وطن خطرے میں پڑ جائے تو دل شاعر کانپ اٹھتا ہے۔ فدا صاحب کہتے ہیں۔
چمن کی خیر نشیمن کی خیر ہویا رب
بہار شعلہ بداماں ہیں کیا کیا جائے
’’کیا کیا جائے ‘‘ کے پیچھے جو تڑپ ہے اسے صرف محسوس کیا جا سکتا ہے۔ لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ بھوک انسانی فکر کا محور آج سے نہیں بلکہ ابتدائے آفرینش سے ہے، بھوک علامت کے جدوجہد حیات کی۔ فدا صاحب نے بھوک کے عنوان پر ایک نظم تحریر کی ہے یہ نظم ماہنامہ سویرا کے ’’بھوک نمبر‘‘ میں بھی شامل ہے اس نظم کے دو شعر ملاحظہ ہوں۔
بھوک فطرت کی امانت، بھوک راز کائنات
بھوک آدم کی شریعت، بھوک انعام حیات
بھوک خوابوں کا اجالا، بھوک دنیا کا سہاگ
بھوک آزادی کا نغمہ، بھوک طوفان بھوک آگ
اس طرح فدا صاحب نے ذہن انسانی میں بھوک کی عظمت کے چراغ روشن کر دیئے ہیں۔ افلاطون نے اپنی خیالی ریاست سے شاعروں کو نکال باہر کیا تھا۔ کیونکہ اس کا خیال تھا کہ شاعر احساسات کو برانگیختہ کرتا ہے اور سماج میں ابتری کا سبب بنتا ہے۔ اسی لئے افلاطون کی ریاست میں ہر طرح کے فنکاروں کی گنجائش تھی، صرف شاعر کو خارج کر دیا گیا تھا۔ لیکن ارسطو نے اپنے استاد کے خیال سے اتفاق نہیں کیا اور شاعری کو ایک الوہی جذبہ بتایا جو انسانی فکر کی تطہیرCatharsis) اور سماج میں ابتری کا سبب بنتا ہے ) کرتا ہے۔ فدا صاحب ’’شاعر‘‘ نظم کے عنوان سے کہی گئی نظم میں شاعر کے بارے میں کہتے ہیں۔
پیکر اخلاص، عرفان وفا کا تاجدار
آشنائے لذتِ غم، درد کا سرمایہ دار
خلد زار آدمیت، جس کے ہیں سینے میں داغ
سوزناطن سے جلا جاتا ہے محبت کے چراغ
۱۹۵۶ء میں جڑچرلہ کے قریب ایک ندی میں سیلاب آیا جس کے نتیجے میں ریل کا ایک بھیانک حادثہ وقوع پذیر ہوا۔ اس حادثے میں سینکڑوں جانیں تلف ہوئیں ....... اس حادثے کی اطلاع جب حیدر آباد پہنچی تو ایک کہرام برپا ہو گیا۔ دل شاعر اس حادثے سے متاثر ہو کر یوں چلا اٹھتا ہے...
بیکسی، بے چارگی، چیخیں، کراہیں ، اضطراب
آ گیا چشم تصور میں قیامت کا سماں
کتنی آنکھوں کا اجالا، کتنی امیدوں کا نور
چھین کر تو لے گئی ہے آہ مرگ ناگہاں
دام صیاد اجل نے راستے میں رکھ دیئے
اور نظم ونسق پر طاری ہے ایک خواب گراں
حیدر آباد اپنی مخصوص تہذیبی قدروں کے لئے شہرت رکھتا ہے۔ لیکن نئی ہوا نے اس تہذیب کے پرخچے اڑا دیئے تھے۔ تہذیبی اقدار کی شکست و ریخت پر برانگیختہ ہو کر فدا صاحب کہہ اٹھتے ہیں۔
تہذیب کے دعویداروں نے بنیاد کے پتھر توڑ دیئے
تعمیر کے نقشے بدلے ہیں ، معمار بدلنے والے ہیں
اور یہ مطلع بھی دیکھئے
ہر جنبش نظر ہے خطا کیا بیاں کریں
ہرسانس بن گئی ہے سزا کیا بیاں کریں
زمانۂ حال کی تہذیبی گراوٹوں کو دیکھ کر دل شاعر کانپ اٹھتا ہے اسے یاد آتا ہے کہ اس نے زندگی کو امید کے چراغوں سے روشن کر رکھا تھا اور آج کی نسل تو تبسم کے نام سے بھی ناآشنا ہے۔
فدا صاحب کہتے ہیں۔
ہم نے ماضی میں جلائے تھے امیدوں کے چراغ
عصر حاضر میں تبسم کی بھی سوغات نہیں
اس دور کی ایک دین یہ بھی ہے کہ علم و ہنر کے خزانوں پر قزاقوں نے قبضہ کر لیا ہے۔ آج نہ علم سربلند ہے اور نہ عالم۔ اور اگر کوئی عالم سربلندی حاصل کرتا ہے تو اپنے علم کی بدولت نہیں بلکہ اس لئے سربلند ہوتا ہے کہ اس کی سرپرستی ایسے لوگ کرتے ہیں جن کے خمیر میں صرف جہل ہوتا ہے۔
فدا صاحب کہتے ہیں۔
متاع علم و ہنر رہزنوں کے لمس میں ہے
خرد کا جہل سے رشتہ مرے گماں میں نہ تھا
حیات کا سفر کبھی یکساں نہیں ہوتا۔ یہ سفر کبھی روشن وادیوں کی سیر کراتا ہے اور کبھی ظلمتوں کے نہاں خانوں سے ہمکنار کرتا ہے۔ اسی نشیب و فراز کا نام زندگی ہے جس سے فراز ممکن نہیں۔ حیدر آباد کی خواب ناک فضاؤں سے نکل کر فدا صاحب نے عروس البحر جدہ میں اپنا آشیانہ بنایا۔ جہاں زاغ و زغن بھی شاہین و ہما کے ہم سرنظرآتے ہیں۔ فدا صاحب اس کرب کو جھیل رہے ہیں۔ اور یہ کرب جب لفظوں میں ڈھلتا ہے تو یہ رباعی تخلیق ہوتی ہے۔
غم ناک فضاؤں میں جی رہا ہوں لوگو
ماحول کا زہر پی رہا ہوں لوگو
صد شکر جہالت کے اندھیروں میں فدا
پیراہن حیات سی رہا ہوں لوگو
اور یوں فدا صاحب جہالت کے اندھیروں میں زندہ رہنے اور آگہی کے چراغوں کو جلا کر ان کی روشنی میں حیات کے بوسیدہ ہوتے ہوئے پیراہن سینے کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ خدا کر کے کہ یہ عمل ہمیشہ جاری رہے ......’’مضراب‘‘ زندگی کے تار کو چھیڑتا رہے ....... نغمے ابلتے رہیں، تلخ و تند نغمے ، ملائم و شیریں نغمے ، حیات آفریں نغمے، خیال آگیں نغمے.........!!!
-------------------------٭٭-------------------------