اپنی ماں سے محبت کریں اور اپنے بچوں کی ماں سے پیار کریں کیونکہ آپ کی ماں آپ سے پیار کرتی ہے اور آپ کے بچوں کی ماں آپ کے بچوں سے محبت کرتی ہے۔ رشتے بھی عجیب خدا نے بنائے ہیں کوئی پیار دیتے ہیں کوئی پیار لیتے ہیں کوئی محبت مانگتے ہیں کوئی محبت بانٹتے ہیں۔
آپ کے بچوں کی ماں آپ کی دنیاوی زندگی کا حسن ہے اور آپ کی ماں آخرت والی جنت کی ضمانت اِس لئے ماں سے محبت کرو اور بچوں کے ساتھ ساتھ اُن کی ماں کو پیار دو اِس طرح زندگی میں لطافت، مزاج میں نفاست، روح میں طہارت، دل میں محبت، زمانہ میں عزت، ضمیر میں عظمت، نفس میں پاکیزگی، طبیعت میں ٹھہراؤ، ذہن میں آسودگی، ماحول میں چاشنی، روزمرہ میں مزہ اور آخرت میں کامیابی نصیب ہو گی۔
زندگی درگزر اور برداشت میں اچھی لگتی ہے، سچائی اور دیانت میں محفوظ رہتی ہے، مضبوط کردار اور بہترین رویے اور لہجے گھر میں اور گھر سے باہر آپ کی عزت میں اضافہ کا باعث ہیں
روح کا رزق مخلوق خدا سے محبت میں پوشیدہ ہے، فطرت کے نظاروں میں حقیقت کی بہاروں میں خود کو گم کر دو اگر خود کو پانے کی تمنا ہے۔ محبت اور پیار تقسیم کرو اور محبت و پیار سمیٹ لو نفرتوں سے نفرت کرو، حسد اور بغض سے دور رہو بڑوں کا احترام کرو چھوٹوں سے پیار کرو بُروں سے دور رہو اچھوں کے قریب رہو اگر زندگی میں اطمینان اور سکون چاہتے ہو … یہ ہے راز ہستی …!!!
٭٭٭