ہر شام ایک جشن ِ طرب ہونا چاہیے
جینے کا کچھ نہ کچھ تو سبب ہونا چاہیے
کچھ پھول ‘ کچھ شراب ‘ کوئی رنگ ‘ کوئی گیت
وہ ہو تو اس کے واسطے سب ہونا چاہیے
خود اپنے آپ سے بھی جو روٹھا ہوا ہو وہ
اس کے قریب اور بھی تب ہونا چاہیے
یہ ایک فیصلہ ہی تو دل سے نہیں ہوا
اُس انجمن میں کب نہیں کب ہونا چاہیے
ہر بات پر نہ اس کی شکایت کیا کرو
کچھ دوستی نبھانے کا ڈھب ہونا چاہیے
کب تک رہیں گے جبر کے ماحول پر خموش
لوگوں کو احتجاج بہ لب ہونا چاہیے
عہدِ ستم سے قطعِ تعلق کا فیصلہ
کل ہو نہیں سکا تھا تو اب ہونا چاہیے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔