بعد حمد و نعت سیاحان قلزم نا پیدا کنار، عجائب روزگار و سیاحان منازل پر غرائب دشت وکہسار کو مژدۂ طرب افزا کہ اس زمان فرحت اقتران میں رشک آئینہ اسکندری کاشف حالات خشکی و تری عزیز مصر خوبی موسوم بہ تاریخ یوسفی مصنفۂ سیاح دیار و امصار صدق بیان و راست گفتار نثار پر جوش اَعنی یوسف خاں کمل پوش جس میں حضرت مصنف نے اپنے سفر یورپ کے کل حالات بعبارات رنگین فقرات نمکین درج فرمائے ہیں، ناظرین با تمکین کو کل مقامات کے فوٹو دکھائے ہیں؛ بار دوم مطبع نامی و گرامی منشی نو لکشور واقع لکھنؤ میں بعالی ہمتی جناب منشی پراگ نرائن صاحب دام اقبالہ مالک مطبع موصوف بماہ فروری ١٨٩٨ء مطابق ماہ رمضان المبارک ١٣١٥ھ حیلۂ طبع سے آراستہ و پیراستہ ہو کر زیب آغوش مشتاقان ہوئی۔