مِلااس قید سے آخر مُسلمانوں کوچُھٹکارا
اسی انداز سے بہنے لگی تبلیغ کی دھارا
روایت ہے کہ دسواں سال تھاعہد نبوت کا
کہ ٹوٹاآخری رشتہ بھی انسانی حمایت کا
ابُوطالب سدھارے جانبِ ملکِ عدم آخر
اٹھاسر سے چچا کا سایہ لطف وکرم آخر
وہ اُمّ المؤمنین ؓجو مادرِ گیتی کی عزّت ہے
وہ اُمّ المؤمنین ؓقدموں کے نیچے جس کے جنّت ہے
خدیجہؓ طاہرہ یعنی نبیؐ کی باوفابی بی
شریکِ راحت واندوہ پابندِرضابی بی
دیارِ جاودانی کی طرف راہی ہوئیں وہ بھی
گئیں دنیاسے آخر سائے فردوسِ ِ بریں وہ بھی
یہ بی بی تھیں وہ ہمدردِیتیمی تھے مُحمّدؐ کے
یہ دونو ں غمگسارانِ ِ قدیمی تھے مُحمّدؐ کے
مشیّت کومگرمدنظرتھی شانِ ِیکتائی
محمّدؐ کی یہ تنہائی ہی سامانِ یکتائی
قریش اس وقت تک نامِ ِ ابوطالب سے ڈرتے تھے
عرب کے لوگ ان کے مرتبے کا پاس کرتے تھے
ابوطالب کے اٹھ جانے سے ڈرجاتارہادل سے
یہ ہستی اک سِپرتھی ہٹ گئی مدِّ مقابل سے
غُلامانِ محمّدؐ تھے حبش کے ملک میں اکثر
یہاں مکّے میں چندافرادتھے یارانِ پیغمبرؐ
دکھائی اورسرگرمی پئے تبلیغ سرورؐنے
تو باطلِ آخری کوشش کے منصوبے لگاکرنے