عمر ؓبولے یہ قصہ ہی چکا دیتا ہوں میں جا کر
کہ دیتا ہوں تمھیں سر ہادی اسلام ؐ کا لا کر
بدی کے غلغلے اس محفل حق پوش میں اٹھے
عمرؓ نے کھینچ لی تلوار پورے جوش سے اٹھے
چلے اس زندگی نجش جہاں کے قتل کرنے کو
تمنائے مکان ولا مکاں کے قتل کرنے کو
نعیم ؓ اک مرد عاقل سے ہوئی مٹ بھیڑ رستے میں
وہ بولے آج کیا ہے تم نظر آتے ہو غصے میں
کہا میں قتل کرنے جا رہا ہوں اس پیمبرؐ کو
کہ جس نے ڈال رکھا ہے مصیبت میں عرب بھر کو
وہ بولے تم کو گھر کا حال بھی معلوم ہے بھائی
کہ ہے اسلام کی حامی تمھاری اپنی ماں جائی
تمھارے گھر میں بستا ہے خدا کا نام مدت سے
کہ بہنوئی تمھارا لا چکا اسلام مدت سے
یہ سن کر اور بھی غیظ و غضب طوفان پر آئے
عمر ؓتلوار کھینچے اپنے بہنوئی کے گھر آئے
غضب ٹوٹا عمر دہلیز پر جس وقت چڑھتے تھے
وہ دونوں حضرت خبابؓ سے قرآن پڑھتے تھے
عمر ؓداخل ہوئے جب گھر کے اندر سخت غصے میں
سنی آہٹ تو فوراَ چھپ گئے خباب ؓپردے میں
کہا کیا پڑھ رہے تھے تم وہ بولے تم سے کیا مطلب!
کہا دونوں مسلماں ہوچکے ہو جانتا ہوں سب !
بہن بہنوئی کو آخر عمر نے اس قدر مارا
کہ زخموں سے نکل کر خون کی بہنے لگی دھارا
بہن بولی عمر ! ہم کو اگر تو مار بھی ڈالے
شکنجوں میں کسے یا بوٹیاں کتوں سے نچوالے
مگر ہم اپنے دینِ ِ حق سے ہرگزپھر نہیں سکتے!
بلندی معرفت کی مل گئی ہے گِر نہیں سکتے!
دہن سے نامِ ِحق آنکھوں سے آنسو،منہ سے خوں جاری
عمر ؓکے دل پر اس نقشے سے عبرت ہوگئی طاری
کہااچھا دکھاؤمجھ کو وہ آیاتِ قرآنی
سمجھ رکھاہے جن کو تم نے ارشاداتِ ربانی
بھن بولی بغیرِ غسل اس کو چھو نہیں سکتے
یہ سن کر اور حیرت چھاگئی منہ رہ گئے تکتے
اُٹھے اور غسل کرکے لے لیا قرآن ہاتھوں میں
اسی کے ساتھ آئی دولتِ ایمان ہوتھوں میں