پیمبرؐ دعوت اسلام دینے کو نکلتا تھا
نوید راحت و آرام دینے کو نکلتا تھا
نکلتے تھے قریش اس راہ میں کانٹے بچھانے کو
وجود پاک پر سو سو طرح کے ظلم ڈھانے کو
امیہ بو لہب بو جہل عقبہ سخت دشمن تھے
شقاوت پیشہ تھے بیداد گر تھے اور پر فن تھے
خدا کی بات سن کر مضحکرے میں ٹال دیتے تھے
نبیؐ کے جسم اطہر پر نجاست ڈال دیتے تھے
کوئی گالی سنتا تھا کوئی پتھر اٹھاتا تھا
کوئی قرآن پر ہنستا تھا کوئی منہ چڑاتا تھا
حرم کی سر زمیں پر آپ پڑھتے تھے نماز اکثر
ہمیشہ اس گھڑی کی تاک میں رہتے تھے بد گوہر
قریشی مرد اٹھ کر ارہ میں آوازے کستے تھے
یہ ناپاکی کے چھرے چار جانب سے برستے تھے
کوئی حضرتؐ کی گردن گھونٹتا تھا کس کے چادر میں
کوئی دیوانہ پتھر مارتا تھا آپ کے سر میں
قریشی عورتیں کانٹے بیابانوں سے لاتی تھیں
گذرگاہ گل گلزار وحدت میں بچھاتی تھیں
نجاست گھر کے دروازے پر لا کر پھینک جاتی تھیں
جھگڑتی بدزبانی کرتی تھیں فتنے اٹھاتی تھیں
کلام حق کو سن کر کوئی کہتا تھا یہ شاعر ہے
کوئی کہتا تھا کا ہن ہے کوئی کہتا تھا ساحر ہے
مگر وہ منبع حلم و صفا خاموش رہتا تھا
دعائے خیر کرتا تھا جفا وظلم سہتا تھا